اسلام آباد(خلیج نیوز)وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر رانا ثناء اللہ نے کہاہے کہ جت تک پی ٹی آئی 9مئی سے علیحدہ نہیں ہوتی جلسے کی اجازت نہیں ملے گی،فیض حمید معاملے پر عمران خان ملوث ہواتوملٹری ٹرائل کیلئے کسی کی اجازت کی ضرورت نہیں ۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کو 8ستمبر کے جلسے کی اجازت بھی نہیں ملے گی۔انہوںنے کہاکہ جب تک پی ٹی آئی خود کو 9مئی سے علیحدہ نہیں کرتی تب تک انہیں نہیں لگتا کہ انتظامیہ اسے جلسے کی اجازت دے گی۔ایک سوال پر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اگر فیض حمید کے معاملے میں عمران خان کا ملوث ہونا ثابت ہوتا ہے تو عمران خان کے ملٹری ٹرائل کیلئے پنجاب یا وفاقی حکومت، کسی کی اجازت کی ضرورت نہیں ہے۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ آرمی ایکٹ کے تحت انکوائری بورڈ کو اس کی پہلے سے قانونی اجازت ہے۔
Tag Archives: پی ٹی آئی
فیصلہ سازوں کو ملک کی فکر نہیں، خفیہ اداروں کو پی ٹی آئی ختم کرنے پر لگا دیا گیا، عمران خان
راولپنڈی(خلیج نیوز)سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصا ف کے بانی عمران خان نے کہا ہے کہ فیصلہ سازوں کو ملک کی فکر نہیں، خفیہ اداروں کو ہماری جماعت ختم کرنے پر لگا دیا گیا ہے۔اڈیالہ جیل میں اپنے اور اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت کے بعد صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں صوبائیت کا بہت بڑا خطرہ ہے، بلوچستان دہشت گردی پر پنجاب میں احتجاج کروایا گیا۔انہوںنے کہاکہ سیاسی جماعتیں عوام کو اکٹھا کر سکتی ہیں، فوج نہیں، اگر ایسا ہوتا تو مشرقی پاکستان نہ ٹوٹتا، پی ٹی آئی ملک کی واحد جماعت ہے جو چاروں صوبوں میں موجود ہے، ہم عوام کو متحد کر سکتے ہیں، فیڈرل پارٹی صرف پاکستان تحریک انصاف ہے، باقی ریجنل پارٹیاں ہیں، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی اگر بوٹ کو عزت نہ دیں تو ختم ہو جائیں۔
عمران خان نے کہا کہ جو یہ فیصلے کر رہے ہیں انہیں ملک کی فکر نہیں، مجھے ملک کے لیے جو سب سے بڑا چیلنج نظر ارہا ہے وہ معیشت ہے، پہلے سنا تھا 50 سال میں سب سے کم سرمایہ کاری ملک میں آئی، اب پتا چلا ہے کہ اس سال تاریخ کی سب سے کم سرمایہ کاری ملک میں آئی۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ حکمران پہلے ہم پر ڈال رہے تھے کہ دہشت گردی ہمارے سیٹلمنٹ پلان کی وجہ سے ہو رہی ہے، اب کہہ رہے کہ سرحد پار سے دہشت گردی ہو رہی ہے، کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) دہشت، کچے کی دہشت گردی، بلوچستان میں دہشت گردی اور بڑھتے جرائم میں کون ملک میں سرمایہ کاری کرے گا۔عمران خان نے کہا کہ ملکی امدن نہیں ہے قرض بڑھ رہے ہیں ملک تباہی کی جانب جا رہا ہے، دوسری جانب دہشت گردی بڑھ رہی ہے، بلوچستان کے جو اس وقت حالات ہیں ہماری کوشش ہونی چاہیے بلوچوں کو ساتھ لے کر چلیں۔
بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ فراڈ الیکشن کی وجہ سے ہم سیاسی عدم استحکام کا شکار ہیں، خفیہ اداروں کو پی ٹی ائی ختم کرنے پر لگا دیا گیا ہے، جو یہ فیصلے کر رہے ہیں، انہیں ملک کی فکر نہیں۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد جلسہ ملتوی کرنے پر کارکنان میں غصہ ہے، برا بھلا کہہ رہے ہیں، ملک کی واحد فیڈرل پارٹی کو کمزور کیا جا رہا ہے، باقی جماعتیں جلسے کر رہی ہیں ہمیں ایک بھی جلسہ نہیں کرنے دیا جا رہا، دینی جماعتوں کے احتجاج اور کرکٹ میچ کی وجہ سے جلسہ ملتوی کیا، ملک میں انتشار نہ پھیلے یہ سوچ کر جلسہ ملتوی کیا۔بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ پارٹی میں لڑائی ختم نہیں ہو رہی ہے، برے وقت میں جو پارٹی چھوڑ کر گئے، ان کے لیے پی ٹی آئی میں کوئی جگہ نہیں ہے۔
انہوںنے کہاکہ مجھے پتا ہے برے وقت میں کون سے لوگ چھوڑ کر گئے، بہت کم ایسے لوگ ہیں جنہوں نے بہت مشکل وقت میں پارٹی کو مجبوری میں چھوڑا، جو اچھے وقت میں فل ٹائم چارلز تھے، برے وقت میں پارٹی چھوڑ گئے، ان کے لیے ہمارے پاس کوئی جگہ نہیں۔عمران خان نے کہا کہ میں کسی کا نام نہیں لیتا جو سیدھا سادا پارٹی کو چھوڑ کر گئے ہیں ان کو واپس نہیں لوں گا، جنہوں نے مشکل وقت گزارا اور پارٹی کے ساتھ کھڑے رہے، وہ تسلی رکھیں، وہ تمام لوگ جو سخت حالات میں انڈر گراؤنڈ چلے گئے سختیاں اور تشدد برداشت کیا ان کیلئے بہتر فیصلہ ہو گا۔میڈیا ٹاک کے دوران صحافیوں کے سوال کر نے پر ڈپٹی سپرٹینڈنٹ جیل نے میڈیا نمائندوں کو سوال کرنے سے روکا، بانی پی ٹی آئی کے ڈپٹی سپرٹینڈنٹ کو منع کرنے کے باوجود جیل انتظامیہ نے صحافیوں کو سوالات کی اجازت نہ دی، ڈپٹی سپرٹینڈنٹ نے بانی پی ٹی آئی کو جواب دیا کہ عدالتی حکم ہے کہ آپ پریس کانفرنس اور میڈیا سوال نہیں کر سکتے، جس پر عمران خان نے کہا کہ فیئر ٹرائل میرا حق ہے اور یہاں فیئر ٹرائل کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جتنے حالات خراب ہو رہے ہیں، اتنی سختیاں بڑھائی جارہی ہیں، پارٹی لیڈرز اور وکلا سے ملنے نہیں دیا جاتا، تیسرا ہفتہ ہے بچوں سے بھی فون پر بات نہیں کروائی جارہی۔
پی ٹی آئی کا پارلیمنٹ کے اندر اور باہر احتجاج کا فیصلہ
اسلام آباد (خلیج نیوز)پی ٹی آئی نے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر احتجاج کرنے کا فیصلہ کرلیا۔اسلام آباد میں پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس چیئرمین بیرسٹر گوہر کی زیر صدارت ہوا جس میں پارلیمانی لیڈر زرتاج گل وزیر اور اپوزیشن لیڈر عمر ایوب شریک ہوئے، اس موقع پر ملکی مجموعی سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی ٹی آئی پارلیمنٹ کے اندر اور باہر احتجاج کرے گی۔
اسٹیبلشمنٹ نے نہیں کہا، پی ٹی آئی نے ناکامی کے ڈر سے جلسہ منسوخ کیا، خواجہ آصف
سیالکوٹ(خلیج نیوز)وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ نے پی ٹی آئی کو جلسہ منسوخ کرنے کا نہیں کہا بلکہ انہوں نے ناکامی کے ڈر سے جلسہ منسوخ کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ جلسے کی منسوخی کے بعد عمران خان، بشریٰ بی بی، رؤف حسن، علیمہ بی بی کی گفتگو سب کے سامنے ہے، پی ٹی آئی میں اختلافات واضح ہو رہے ہیں، جلسہ کامیاب ہونا ہوتا تو کبھی منسوخ نہ کرتے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کہہ رہے ہیں کہ 9 مئی ہم نے نہیں کیا، مجھے بتائیں کیا چہرے کرائے کے تھے؟ ان کے تو ویڈیو میں چہرے تھے، 9 مئی واقعات ہزاروں نہیں کروڑوں لوگوں نے دیکھے، 9 مئی واقعات میں ملوث عناصر کی شکلیں ویڈیوز میں واضح دیکھی جاسکتی ہیں۔
عمران خان کی اڈیالہ جیل میں اعظم سواتی سے ملاقات کے حوالے سے خواجہ آصف نے کہاکہ جیلوں میں گفتگو راز میں نہیں رہتی، آپ کی ہر نقل و حرکت ریکارڈ ہوتی ہے، میں جیل کے جس سیل میں تھا وہاں 16 کیمرے لگے تھے۔ خواجہ آصف نے کہاکہ علی امین گنڈا پور بزدار 2 ہیں بلکہ علی امین ان سے بھی بڑھ کر ہیں، بزدار بولتا نہیں تھا یہ بڑھکیں مارتے ہیں، علی امین اپنی کابینہ کے لوگوں کے متعلق کیاکہہ رہے ہیں اورکابینہ والیان کو چور کہہ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی ایجنڈے پر کام ہو رہا ہے، اس کا بھرپور مقابلہ کریں گے، پاکستان کی وحدت کا بھرپور دفاع کیا جائے گا۔وزیر دفاع نے کہا کہ امریکا میں ڈیمورکریٹس آئیں یا ری پبلکنز کوئی فرق نہیں پڑتا، ہماری قسمت امریکا نے نہیں بلکہ ہم نے خود بدلنی ہے۔
مولانا فضل الرحمن کا پی ٹی آئی کیساتھ 2 کمیٹیاں بنانے پر اتفاق، اندرونی کہانی سامنے آگئی
پشاور (خلیج نیوز)جمعیت علمائے اسلام (ف) اور پاکستان تحریکِ انصاف کے درمیان ہونے والے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں عدلیہ سے متعلق قانون سازی اور پارلیمنٹ میں مشترکہ کوششوں پر بات کی گئی۔اجلاس کے دوران اسد قیصر نے 22 اگست کے جلسے کی منسوخی سے متعلق جے یو آئی ف کے وفد کو آگاہ کیا، اسد قیصر نے کہا کہ پارٹی ورکرز اور رہنماؤں کے دباؤ کے باوجود ملکی مفاد میں جلسہ منسوخ کیا۔ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں سینیٹر کامران مرتضی ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے تھے۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں کسی بھی ممکنہ قانون سازی کے لیے 2 کمیٹیاں بنانے پر اتفاق کیا گیا۔پی ٹی آئی کی طرف سے بیرسٹر گوہر اور شبلی فراز جبکہ جے یو آئی ف کی جانب سے کامران مرتضیٰ اور مولانا غفور حیدری کمیٹیوں میں شامل ہوں گے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ سینیٹ اور قومی اسمبلی میں قانون سازی یا اجلاس سے قبل دونوں کمیٹیاں مشاورت کریں گی، دونوں کمیٹیوں کا ایک دو روز میں ملاقات کرنے اور قانون سازی پر متفقہ لائحہ عمل پر اتفاق کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ اس ملاقات کو تعارفی نشست کہا جائے، ٹی او آر سے متعلق اگلی نشست میں معاملات آگے بڑھائیں جائیں گے۔
51پی ٹی آئی کارکنوں کی بازیابی کیلئے لاہورہائیکورٹ میں درخواست دائر
لاہور (خلیج نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے 51کارکنوں کی بازیابی کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔درخواست تحریک انصاف کے رہنما یوسف وائیں کی جانب سے دائر کی گئی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ پولیس نے اسلام آباد جاتے ہوئے تمام کارکنوں کو حراست میں لیا،گرفتار افراد کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں ہیں۔درخواست گزار کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے تمام کارکنان پولیس کو کسی مقدمہ میں مطلوب بھی نہیں ہیں، تمام کارکنان کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیا جائے، استدعا ہے کہ تمام گرفتار کارکنان کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا جائے۔
پی ٹی آئی کی سیاسی اور کور کمیٹی جلسہ منسوخی کے فیصلے سے لاعلم نکلی
اسلام آباد(خلیج نیوز)پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی اور کور کمیٹی جلسہ منسوخی کے فیصلے سے لاعلم نکلی۔پارٹی ذرائع کے مطابق کور کمیٹی ممبران نے جلسہ منسوخی کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کیا اور سیاسی کمیٹی کے ارکان نے بھی جلسہ منسوخی کے اعلان اور فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا۔اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کی جماعتوں سے بھی کوئی مشاورت نہ ہوئی، اپوزیشن اتحاد کی جماعتوں اور قیادت کو میڈیا کے ذریعے جلسہ منسوخی کی اطلاع ملی۔تحریک تحفظ آئین پاکستان کی قیادت اور جماعتیں جلسے میں شرکت کیلئے تیار تھیں،اپوزیشن الائنس کی جماعتوں کو آگاہ کیے گئے بغیر جلسہ منسوخی کا اعلان کیا گیا۔اپوزیشن ذرائع کے مطابق جلسے کی وجہ سے ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ علامہ ناصر عباس ملک سے باہر نہ جا سکے۔تحریک تحفظ آئین پاکستان کی جماعتوں نے جلسہ منسوخی پر پی ٹی آئی سے سخت مؤقف رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی ٹی آئی کی موجودہ لیڈرشپ عمران خان کو جیل سے نکالنا نہیں چاہتی،علیمہ خان
اسلام آباد(خلیج نیوز)بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ پارٹی کی موجودہ لیڈرشپ عمران خان کو جیل سے نکالنا نہیں چاہتی، فیصلے خود کرتے ہیں نام عمران خان کا لگا دیتے ہیں۔پی ٹی آئی کا ترنول جلسہ منسوخ ہونے کے معاملے پر علیمہ خان نے سخت ردعمل کااظہارکرتے ہوئے سوال کیا کہ اعظم سواتی کس کے کہنے پر صبح صبح بانی پی ٹی آئی سے ملنے چلا گیا ؟۔علیمہ خان نے کہا کہ اعظم سواتی نے کس کے کہنے پر بانی پی ٹی آئی کو جلسہ ملتوی کرنے کا پیغام پہنچایا ؟ صبح 7:30 بجے اڈیالہ میں عمران خان سے ملاقات کیسے ممکن ہو سکتی ہے ؟ انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کے کہنے پر ان لوگوں نے بانی پی ٹی آئی سے جلسہ ملتوی کروایا ہے۔عمران خان کی بہن نے کہاکہ کارکنوں کا سامنا کرنے کی ہمت نہیں تھی تو بانی پی ٹی آئی سے فیصلہ کروا دیا، موجودہ لیڈر شپ کا ارادہ ہی نہیں ہے بانی پی ٹی آئی کو باہر نکالنے کا۔انہوںنے کہاکہ پارٹی کا چیئرمین باہر بیٹھا ہے اس نے فیصلہ کیوں نہیں کیا ؟ یہ فیصلے خود کرتے ہیں اور نام عمران خان کا لگا دیتے ہیں۔
اسلام آباد انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو 8 ستمبر کو جلسہ کرنے کی اجازت دے دی
اسلام آباد(خلیج نیوز)اسلام آباد انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو 8 ستمبر کو جلسہ کرنے کی اجازت دے دی جس کا ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔انتظامیہ کی جانب سے 40 ہدایات کے ساتھ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد انتظامیہ نے پی ٹی ا?ئی کا 22 اگست کا این او سی مذہبی جماعتوں کی احتجاج کی وجہ سے منسوخ کیا۔ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد نے کہا کہ 8 ستمبر کو انتظامیہ جلسے کو سیکیورٹی فراہم کرے گی، جلسہ کرنے والے افراد کسی بھی شہری کے بنیادی حقوق کو متاثر نہیں کریں گے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ لوگ شام 4 بجے اکٹھے ہوں گے اور 7 بجے جلسہ ختم کرنا ہو گا۔نوٹیفکیشن کے مطابق جلسہ انتظامیہ کی ڈیوٹی ہوگی کہ جلسہ ختم کرنے کے بعد کارکنوں کو منتشر کیا جائے، 8 ستمبر کو کارکنوں کو جلسہ گاہ میں بیٹھنے کی اجازت نہیں ہو گی۔واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان تحریکِ انصاف نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج ہونے والا جلسہ ملتوی کر دیا تھا۔