Tag Archives: پنجاب

پنجاب بھر میں نابالغ بچوں کی شادی اور نکاح فارم کالم پُر نہ کرنے کا انکشاف



لاہور( خلیج نیوز)صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب بھر میں نابالغ بچوں کی شادی اور نکاح فارم کالم پُر نہ کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔سیکرٹری بلدیات پنجاب کو 100 سے زائد کم عمر شادی اور نکاح فارم کے کیسز پر درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ذرائع کے مطابق نکاح رجسٹرار اور سیکرٹری یونین کونسلز کو نکاح فارم کے کالم پُر نہ کرنے کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے، چائلڈ میرج ایکٹ 1929 اور مسلم فیملی لا ء آرڈیننس 1961 پرعملدرآمد میں کوتاہی کے مرتکب افراد کو جیل بھیجنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ذرائع نے بتایا ہے کہ چائلڈ میرج روکنے اور 1929 کے ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد کے لیے ایڈوائزری جاری کردی گئی ہے۔

ایڈوائزری کے مطابق مسلم فیملی لا آرڈیننس کے تحت نکاح نامے کے تمام کالم پُر کرنا لازم ہے، مسلم فیملی لا ء آرڈیننس پر عملدرآمد نہ کرنے والے نکاح رجسٹرار کا لائسنس کینسل کیا جائے گا، نکاح رجسٹرار پر آرڈیننس کی خلاف ورزی پر فوری پیڈا ایکٹ لاگو کیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نکاح کے وقت کوائف کا اندراج یقینی بنانا رجسٹرار کی ذمہ داری ہے، رجسٹرار خصوصاً عمر کا خانہ لازمی پر کرنے کا پابند ہو گا، زبانی کلامی عمر سن کر نکاح پڑھانے والے نکاح رجسٹرار کو جیل بھیجا جائے گا۔سیکریٹری بلدیات پنجاب شکیل احمد میاں کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ دوران نکاح دلہا اور دلہن کے شناختی کارڈ، بے فارم یا سکول سرٹیفکیٹ کی چیکنگ کو یقینی بنایا جائے، میونسپل کمیٹیاں اور یونین کونسلز احکامات پر عملدرآمد یقینی بنائیں، کم عمری کی شادیوں کو روکنے میں رجسٹرار اور سیکرٹریز کردار ادا کریں۔

پنجاب میں مزید مون سون بارشوں کا الرٹ جاری کردیا گیا



لاہور( خلیج نیوز) پروونشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے پنجاب میں مزید مون سون بارشوں کا الرٹ جاری کردیا۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق موسمی صورتحال کے بارے میں متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ترجمان نے بتایا کہ مون سون بارشوں کا نیا اسپیل آج جمعہ سے شروع ہوگا۔جمعہ سے 12 اگست تک پنجاب میں مون سون بارشوں کا امکان ہے جس کے پیش نظر متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ترجمان نے مزید بتایا کہ 10 اور 11 اگست کے دوران جنوبی پنجاب کے متعدد اضلاع میں بارش متوقع ہے۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آئندہ 2روز میں مون سون بارشوں کے امکانات



لاہور (خلیج نیوز)پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آئندہ 2روز میں مون سون بارشوں کے امکانات ہیں۔ مری، راولپنڈی، اٹک، منڈی بہائوالدین، سیالکوٹ، گجرات، گوجرانوالہ، لاہور، اوکاڑہ، قصور، ساہیوال، خوشاب، فیصل آباد ، سر گو دھا، نورپورتھل اور دیگر اضلاع میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ گزشتہ 24گھنٹوں میں راولپنڈی 43ملی میٹر سیالکوٹ 21، چکوال 17، گجرات 16، مری 13اور خانپور میں 11ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ مون سون بارشوں کے باعث دریاں، ڈیمز اور ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہو رہا ہے۔ 7سے 13اگست تک دریائے چناب اور راوی سے منسلک ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

دریائے سندھ میں چشمہ اور تونسہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب جبکہ تربیلا اور کالا باغ کے مقام پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ ممکنہ سیلابی خطرے کے پیش نظر تمام تر انتظامات مکمل ہیں۔ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے مطابق انتظامیہ اور متعلقہ محکمے الرٹ ہیں۔ شہری احتیاطی تدابیر اپنائیں اور حکومتی ہدایات پر عمل کریں۔ رواں سال مون سون سیزن میں 55 شہری جانبحق اور 145 زخمی ہوئے۔ اموات آسمانی بجلی اور بوسیدہ عمارتوں کے گرنے کے باعث ہوئیں۔ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے مطابق جانبحق افراد کے لواحقین کی مالی امداد کی جا رہی ہے۔ احتیاطی تدابیر اختیار کر کے قیمتی جانی نقصان سے بچا جا سکتا ہے۔ کمزور و بوسیدہ عمارتوں میں ہرگز رہائش پذیر نہ ہوں۔ ایمرجنسی کی صوتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائین 1129 پر رابطہ کریں۔

خیبرپختونخوا، پنجاب میں عید کے دوران مختلف حادثات میں 59 افراد جاں بحق



پشاور /لاہور(خلیج نیوز)خیبرپختونخوا اور پنجاب میں عید کے دوران مختلف حادثات میں 59 افراد جاں بحق ہوگئے۔ترجمان ریسکیو 1122 بلال احمد فیضی کے مطابق خیبر پختونخوا میں ریسکیو سروسز نے عید کے تین دنوں میں 2,560 ایمرجنسی خدمات فراہم کیں۔انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں 488 ٹریفک حادثات رونما ہوئے، جبکہ 11 ڈوبنے کے واقعات ہوئے۔انہوں نے کہا کہ مختلف واقعات میں 2,805 افراد کو طبی امداد فراہم کی گئی۔

ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں تین دن کے دوران 6 ہزار 294 حادثات رپورٹ ہوئے۔ترجمان ریسکیو سروسز کے مطابق لاہور میں عیدکے دوران ٹریفک حادثات میں 32 افراد جاں بحق ہوئے۔تفصیلات بتاتے ہوئے انہوںنے کہا کہ موٹر سائیکل کے 6031، رکشے کے 304 اورگاڑیوں کے 704 حادثات ہوئے۔ان حادثات میں کل 5،609 مرد اور 1،735 خواتین متاثر جبکہ سب سے زیادہ، 1،082 واقعات لاہور میں ہوئے۔

پنجاب کے کسانوں نے گندم کی امدادی قیمت کم مقرر ہونے پراحتجاج کا اعلان کر دیا



لاہور(خلیج نیوز)چیئرمین کسان اتحاد چوہدری خالد حسین باٹھ نے کہا ہے کہ گندم کی امدادی قیمت کم مقرر کرنے پر عید کے بعد پنجاب کے کسان بھرپور احتجاج کریں گے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے گندم کی امدادی قیمت 3900 روپے فی من مقرر کی جو کہ بہت کم ہے، گزشتہ سال کی امدادی قیمت 4000 روپے تھی اب تو پیداواری لاگت بھی بڑھ چکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کھا دیں، یوریا، ڈی اے پی، بجلی اور ڈیزل سمیت تمام لوازمات پر کسان سے بلیک میں دگنی قیمتیں وصول کی گئی ہیں، زرعی مداخل دگنا سے بھی تجاوز کر چکے ہیں، مہنگائی کے تناسب سے ریٹ مقرر کرنے کی بجائے حکومت نے گزشتہ سال سے بھی کم ریٹ لگا دیا ۔

خالد حسین باٹھ نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے دعوے کئے تھے میں خدمت کروں گی، لیکن افسوس وہ اپنے پہلے ہی دعوے میں ناکام ہو چکی ہیں، کسان دشمن اور ظالمانہ پالیسی بنائی گئی ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت کم از کم 5000 روپے فی من قیمت کا اعلان کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت نے 4600 روپے گندم کی امدادی قیمت مقرر کی ہے لیکن پنجاب کے کسانوں کیلئے ظلم کیوں کیا جارہا ہے، عید الفطر کے بعد پورے پنجاب کے کسان بھرپور احتجاج کریں گے۔

پنجاب میں 40لاکھ ایکڑ پر کپاس کاشت کرنے کا ہدف مقرر



لاہور(خلیج نیوز)رواں سال پنجاب میں 40لاکھ ایکڑ پر کپاس کاشت کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اور اب تک تین لاکھ 80ہزار ایکڑ پر کپاس کی اگیتی کاشت کی جا چکی ہے۔ محکمہ زراعت کے حکام نے چیف سیکرٹری کو بریفنگ میں بتایا کہ بہاولپور ڈویژن میں سب سے زیادہ 18لاکھ69ہزار ایکڑ پر کپاس کاشت کی جائیگی،ملتان ڈویژن میں نو لاکھ 45ہزار،ڈی جی خان سات لاکھ 53ہزار،ساہیوال ایک لاکھ 18ہزار، فیصل آباد ایک لاکھ 15ہزار اور سر گودھا ڈویژن میں ایک لاکھ 97ہزار ایکڑ پر کپاس کاشت کی جائے گی ۔صوبہ میں کپاس کی کاشت کے اہداف کا جائزہ لینے کیلئے سول سیکرٹریٹ میں منعقد اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے کہا کہ کپاس کی فصل کیلئے سرٹیفائیڈ بیج، کھادوں اور نہری پانی کی فراہمی کویقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ کپاس کی بوائی کے سلسلے میں کسانوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کیجائے اورمحکمہ زراعت کاشتکاروں کو مکمل تعاون اور رہنمائی فراہم کرے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ زراعت کا شعبہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، کپاس کی فصل کا پیداواری ہدف حاصل کر کے کثیر زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے بہاولپور، ملتان اور ڈی جی خان ڈویژن کے کمشنرز کو کپا س کی کاشت اور فصل کی مکمل مانیٹرنگ کرنے سے متعلق ہدایات بھی جاری کیں۔ سیکرٹری زراعت نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ کپاس کی کاشت کے سلسلے میں ملتان سے باقاعدہ مہم شروع کر دی گئی ہے اوراگیتی کاشت کا ہدف سات لاکھ ایکڑ مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کہ اگیتی کاشت کے ذریعے کپاس کی بہتر پیداوار حاصل کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کپاس کی کاشت اور پیداوار کے اہداف کے حصول کیلئے صوبے، ڈویژ نزاور اضلاع کی سطح پر کمیٹیاں قائم کر دی گئی ہیں،محکمہ زراعت لینڈ انفارمیشن اور منیجمنٹ سسٹم (LIMS)کی مدد سے کپاس کی کاشت کے اضلاع میں ایڈوائزری فراہم کرے گا۔ اجلاس میں آبپاشی اور خزانہ کے محکموں سے سیکرٹریز اور محکمہ زراعت کے افسران نے شرکت کی جبکہ بہاولپور، ملتان، ڈی جی خان، ساہیوال، فیصل آباد، سرگودھا کے ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔