Tag Archives: وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے میڈل جیتنے پر 50 لاکھ انعام کا اعلان کیا، پیسے ابھی تک نہ ملے، محمد یاسر



لاہور (خلیج نیوز)پاکستان نمبر دو جیولین تھرور محمد یاسر سلطان نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے 2023ء میں ایشین برانز میڈل جیتنے پر 50 لاکھ روپے کا اعلان گھر پر کیا، مجھے انعام اب تک نہیں ملا۔ اپنے والد کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے یاسر سلطان نے کہا کہ میرے والد روزانہ پوچھتے ہیں، میں کال کرتا ہوں مجھے جواب نہیں ملتا، میں ایشیا کا برانز اور سِلور میڈلسٹ ہوں۔یاسر سلطان نے کہا کہ میں چکر لگا لگا کر تھک چکا ہوں، گھر جا کر جیسے ارشد ندیم کو انعام دیا گیا ایسے ہی مجھے ملنا چاہیے، آج ہمارے لیے دْگنی خوشیوں کا دن ہے، ارشد ندیم نے ملک کا نام روشن کیا ہے، میرا مقصد بھی یہی ہے میں ارشد ندیم کا جونیئر ہوں۔انہوں نے کہا کہ ہم سے یکساں برتاؤ نہیں کیا جاتا، مجھے باہر جا کر کھیلنے کی آفرز ہیں، دبئی اور کئی ممالک سے آفرز ہیں، ٹریننگ کے لیے مجھے باہر جانے کا موقع نہیں دیا گیا، ہمیں عزت دی جائے ہم گھر چلانے کے پیسے نہیں مانگتے۔

یاسر سلطان نے کہا کہ جو انعام کا اعلان کیا وہ دیا جائے، سہولیات دی جائیں، میری درخواست ہے یکساں سلوک کریں اور سپورٹ کریں، ان حالات کے باوجود اگلے اولمپکس میں میں نظر آؤں گا۔یاسر سلطان نے کہا کہ فیڈریشن کو بھی اس حوالے سے کہا ہے انہوں نے بھی مجھ سے درخواست مانگی لیکن کچھ نہیں کیا گیا۔اس موقع پر یاسر سلطان نے والد محمد سلطان نے کہا کہ سال سے زیادہ ہوگیا اب تک ایک پیسہ حوصلہ افزائی کے لیے نہیں دیا گیا، وزیراعظم سے درخواست ہی کرسکتے ہیں، میں ڈرائیور ہوں، گاؤں تک پہنچنا مشکل ہے، راستہ بنانے کی اپیل کی تھی لیکن راستہ تک نہیں بنا۔انہوں نے کہا کہ چھوٹی نوکری میں سب اپنی اولاد کے لیے کیا ہے، نوکری کا بھی کہا تھا لیکن نہ چیک ملا نہ نوکری، وہ بڑے لوگ ہیں اور ان کی بڑی باتیں ہیں۔انہوںنے کہاکہ ہمارا علاقہ وزیراعظم کے حلقے میں آتا ہے، یہ شاید ہمیں کیڑے مکوڑے سمجھتے ہیں، میری 30 ہزار تنخواہ ہے جو کر سکتا تھا کیا ہے۔

مون سون کے دوران ملک بھر میں دس کروڑ پودے لگائے جائیں گے،وزیراعظم شہباز شریف



اسلام آباد (خلیج نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ مون سون سیزن کے دوران ملک بھر میں دس کروڑ سیزیادہ پودے لگائے جائیں گے، درختوں سے آب و ہوا صاف، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات میں کمی اور قدرتی حسن میں اضافہ ہو گا، قدرت نے پاکستان کو بے پناہ نعمتوں سے نوازا ہے، ہمیں دن رات محنت سے قدرت کی عطا کردہ نعمتوں سے استفادہ کرنا ہے۔ وزیراعظم نے بدھ کو یہاں وزیراعظم ہائوس کے سبزہ زار میں پودا لگا کرشجرکاری مہم کا آغاز کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کو شجرکاری مہم کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ جون 2024 میں دو ارب 20 کروڑ پودے لگائے جا چکے ہیں۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج ہم مون سون شجرکاری مہم کا آغاز کر رہے ہیں، اس شجرکاری کے دوران ملک بھر میں دس کروڑ پودے لگائے جائیں گے، اس سے نہ صرف پاکستان خوبصورت ہو گا بلکہ موسمیاتی تبدیلی جس نے پاکستان کو 2022 میں بری طرح نشانہ بنایا تھا اس کو بھی کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی، فضائی آلودگی میں کمی واقع ہو گی اور قدرتی حسن میں اضافہ ہو گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ مون سون کا یہ موسم دلوں کو خوش کرنے والا موسم ہے جس میں ہر طرف مسکراہٹیں بکھرتی ہیں، برسات سے گرمی کی شدت میں کمی واقع ہوتی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے پناہ نعمتوں سے نوازا ہے، یہ ہمارے اوپر ہے کہ ہم شبانہ روز محنت کر کے ان نعمتوں سے فائدہ اٹھائیں اور اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ شکر ادا کریں، ہم اللہ تعالیٰ کا جتنا شکر ادا کریں کم ہو گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ مون سون کے موسم میں شجرکاری مہم کے آغاز کے موقع پر میں متعلقہ حکام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر پورے پاکستان میں وفاقی حکومت اور ذمہ داران مل کر اس عظیم کام میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے اور پاکستان کو آلودگی سے بچانے کے لئے اور اس ملک کو خوبصورت بنانے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہاں ہمارے بچے بھی موجود ہیں جو پاکستان کے تابناک مستقبل کی ضمانت ہیں، یہ بڑے ہو کر زیور تعلیم سے آراستہ ہو کر پاکستان کے عظیم معمار بنیں گے، بچوں کو تعلیم کے ساتھ ہنرمند بنائیں گے تاکہ وہ ملک کی بہتر انداز میں خدمت کر سکیں۔

وزیراعظم کی سعودی ولی عہدکی دعوت افطار میں شرکت، تجارتی اور سرمایہ کاری امورپرگفتگو



مکہ مکرمہ(خلیج نیوز)عمرہ کی ادائیگی کیلئے مکہ مکرمہ میں موجود وزیراعظم شہباز شریف کو سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے افطار کی خصوصی دعوت دی۔وزیراعظم شہباز شریف اور وفدکا سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے استقبال کیا۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم شہباز شریف کے اعزاز میں افطار ڈنر دیا۔دونوں رہنمائوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور باہمی امور پر تبادلہ خیال بھی ہوا۔ پاک سعودی تجارتی اور سرمایہ کاری کے امور پر بھی گفتگو کی گئی۔مکہ مکرمہ کے الصفا پیلس میں سعودی ولی عہد کی جانب سے دی گئی دعوت افطار میں وزیراعظم شہباز شریف کے علاوہ بحرین کے ولی عہد بھی شریک ہوئے۔