اسلام آباد (خلیج نیوز)موٹروے ایم ٹو بھیرہ کے قریب کار سے ملنے والی 3 خواتین اور ایک بچے کی لاش کے معاملے میں پیش رفت سامنے آئی ہے پولیس کے مطابق موٹر وے پر کار میں ہونے والی ہلاکتیں ایکسپائرڈ جوس پینے سے ہوئیں۔پولیس نے بتایا کہ کار میں ڈرائیور نیم بے ہوشی میں پایا گیا تھا جسے اسپتال منتقل کیا گیا تھا، کار ڈرائیور کا اسپتال میں ہوش آنے کے بعد بیان ریکارڈ کر لیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق ڈرائیور کے بیان کے بعد واقعیکی مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، کار میں سوار 5 افراد نے خانکا ڈوگراں کے قریب جوس پیا تھا، جوس کی ڈیٹ ایکسپائر تھی جسے پینے کے بعد اِنہیں فوڈ پوازئنگ ہو گئی۔پولیس کے مطابق فورنزک ٹیموں نے شواہد اکھٹے کر کے لاہور لیبارٹری کو بھجوائے تھے، کار میں جاں بحق ہونے والوں کی لاشوں کا پوسٹ مارٹم بھی کرایا گیا تھا،فورنزک ٹیم اور پوسٹ مارٹم کی رپورٹ آنے کے بعد حقائق سامنے آجائیں گے۔یاد رہے کہ گزشتہ شب بھیرہ موٹروے ایم ٹو کے قریب 3 خواتین اور ایک بچے کی لاش ملی تھی، کار میں سوار خاندان لاہور سے اسلام آباد جا رہا تھا۔چاروں افراد کو لاہور میں رات گئے سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔