Tag Archives: شبلی فراز

شبلی فراز کا پی ٹی آئی دور میں سینیٹ سے غلط قانون سازی کا اعتراف



اسلام آباد(خلیج نیوز)سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر شبلی فراز نے تحریک انصاف کے میں ہونے والی قانون سازی پر غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ہمارے دور حکومت میں ایسی قانون سازی ہوئی تو نہیں ہونی چاہیے تھی،امید ہے موجودہ چیئرمین ایسا نہیں کریں گے۔تفصیلات کے مطابق سینیٹ اجلاس میں اسلام آباد لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل 2024 ایوان میں پیش کیا گیا جس کی اپوزیشن نے کھل کر مخالفت کی اور بل منظور نہ کرنے کے حق میں ووٹ دیا۔اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے اجلاس سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں یہ نہ کہا جائے کہ قومی اسمبلی سے منظور ہوگیا ہے تو ہم بھی کردیں، یہاں بیٹھے قانون ساز لوگ کوئی بھیڑ بکریاں نہیں ہیں، اسلام آباد لوکل گورنمنٹ قانون میں ترمیم بدنیتی پر مبنی ہے، گزارش ہے کہ اقدامات سے اس مقدس ایوان کا مذاق نہ بنوایا جائے۔

انہوں نے کہاکہ سینیٹ کے ممبران کا حق ہے وہ بل کا جائزہ لیں اور اس بل کو قائمہ کمیٹی بھجوائے بغیر منظور نہ کیا جائے، ہمارے دور میں اگر ایسا ہوا ہے تو نہیں ہونا چاہیے تھا اس وقت کے چیئرمین آن بورڈ ہونگے، امید ہے آپ بطور چئیرمین ایسا نہیں کرینگے۔شبلی فراز نے کہاکہ ہمیں ربڑ اسٹیمپ مت بنائیں اور اس بل کو قائمہ کمیٹی کے سپرد کیا جائے، اگر بل اچھا ہوا تو سپورٹ کرینگے۔اپوزیشن کی مخالفت کے باوجود وفاقی دارالحکومت اسلام آباد لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل 2024 ایوان سے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔ بل ایوان میں وفاقی وزیر داخلہ کی جانب سے وزیر قانون نے پیش کیا۔سینیٹ میں اپوزیشن نے حکومتی بل کی ایوان میں مخالفت کی تھی۔ حکومت کی جانب سے پیش کیا گیا ترمیمی بل گزشتہ رز قومی اسمبلی سے منظور ہوا تھا۔

لوگوں کی امید ختم ہورہی ہے، یہ لوگ ملک کو تباہی کی طرف لے جارہے ہیں، شبلی فراز



راولپنڈی (خلیج نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے کہا ہے کہ نئے ضابطے اور نئے لوگ سیاسی ماحول کو خراب کررہے ہیں اور یہ لوگ ملک کو تباہی کی طرف لے جارہے ہیں۔پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل عمر ایوب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ ہم عوام کے منتخب نمائندے ہیں، اگر ایسی صورتحال ہے تو پھر ہمیں پارلیمنٹ میں بھی سیاسی گفتگو نہ کرنے دی جائے بلکہ ہم روز موسم کی صورتحال اور ایک دوسروں کے لباس پر گفتگو کرنا شروع کردیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ بہت مضحکہ خیز بات ہے کہ نئے ضابطے اور نئے لوگ سیاسی ماحول کو خراب کررہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ملک آج تباہی کی جانب گامزن ہے، آپ لاکھ تقریریں کریں، لاکھ امیدیں دلائیں لیکن حقیقت میں پاکستان کے عوام اور ان کی سب سے بڑی نمائندہ جماعت پاکستان تحریک انصاف اور عمران خان کے ساتھ جو ہورہا ہے، ایسے یہ ملک ترقی نہیں کرسکتا۔

انہوںنے کہاکہ یہ سیاسی عدم استحکام نہیں ختم ہوسکتا، یہ معیشت نہیں ٹھیک ہوسکتی، عوام مہنگائی کے بوجھ تلے دب گئے ہیں، آپ ان کے لیے امید بھی ختم کررہے ہیں، آج جو ہمارے ساتھ ہوا ہے، اس سے اس بات کی تصدیق ہوئی ہے کہ جو بھی اہل اقتدار ہیں وہ نہیں چاہتے ہیں عوام اور اس ملک کا ایک روشن مستقبل ہو، وہ زور زبردستی سے ملک کو تباہی کی طرف لے جارہے ہیں،شبلی فراز نے کہا کہ ہم نے آئین اور قانون کے اندر رہتے ہوئے اپنی سیاست کی ہے، آج کی طے شدہ ملاقات میں یہ شرط عائد کرنا کہ آپ لوگ عمران خان کے ساتھ سیاسی گفتگو نہیں کرسکتے، یہ ناقابل قبول ہے ہم اس معاملے کو اسمبلی میں اٹھائیں گے اور عدالتوں میں بھی جائیں گے۔