Tag Archives: حکومت

حکومت نے ملک کو درپیش چیلنجز میں فضل الرحمان سے مدد و حمایت طلب کر لی



اسلام آباد(خلیج نیوز)حکومت نے ملک کو درپیش چیلنجز میں جے یوآئی کے سربراہ مولانافضل الرحمان سے مدد اور حمایت طلب کرلی۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن جماعت جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔وفاقی حکومت کی مولانا فضل الرحمان کو انگیج کرنے کی کوششیں جاری ہیں اور ایک ہفتے میں مولانا فضل الرحمان سے دو بڑی ملاقاتیں ہوئی ہیں۔صدر آصف علی زرداری کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی۔ صدر زرداری نے گزشتہ ہفتے کے روز جبکہ وزیراعظم نے جمعہ کو مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی۔ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے ملک کو درپیش چیلنجز میں مولانا فضل الرحمان سے مدد اور حمایت طلب کر لی۔

ذرائع کے مطابق ملاقاتوں کا مقصد مولانا فضل الرحمان کی ناراضی دور کرنا اور انہیں منانا ہے، صدر اور وزیراعظم نے یقین دلایا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے تحفظات دور کیے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کہاکہ مولانا فضل الرحمان ایک جمہوری سوچ رکھنے والے زیرک سیاستدان ہیں۔ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان سے درخواست کی گئی کہ وہ ہمیشہ کی طرح جمہوری سیاسی سوچ کے ساتھ آگے چلیں۔وزیراعظم نے کہا کہ انہیں یقین ہے مولانا فضل الرحمان انتشاری ٹولے کی سیاست کو مسترد کریں گے۔ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت پوری کوشش کرے گی مولانا فضل الرحمان کے تحفظات دور ہوں۔

کے لیکٹرک کی نجکاری سے حکومت،صارفین کو 900ارب کی بچت ہوئی



اسلام آباد(خلیج نیوز)پاکستان میں بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری پر غیر سرکاری تنظیم نے اعداد و شمار پر مبنی رپورٹ جاری کردی ۔رپورٹ کے مطابق کے الیکٹرک ملک کی واحد نجی شعبے کی بجلی تقسیم کار کمپنی ہے،عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف نے حکومتی ملکیتی ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی نجکاری کی شرط عائد کی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیاکہ ریاستی ملکیت کی تقسیم کار کمپنیاں ترسیل اور تقسیم کے نقصانات کم کرنے میں زیادہ پیشرفت نہیں کرسکیں۔رپورٹ کے مطابق نجکاری کے بعد کے الیکٹرک کے ترسیل اور تقسیم کے نقصانات میں 52فیصد بہتری آئی، نجکاری کے بعد کے الیکٹرک کے صارفین کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔

رپورٹ میں بتایاگیاکہ عالمی بینک کے مطابق کے الیکٹرک کی نجکاری سے حکومت اور صارفین کو 900ارب روپے سے زائد کی بچت ہوئی ہے۔اعداد و شمار کے مطابق انرجی سیکٹر کا گردشی قرضہ 2اعشاریہ 9ہزار ارب روپے ہوگیا ہے جس میں کے الیکٹرک کا حصہ صفر ہے۔رپورٹ کے مطابق نجکاری کے بعد سے کے الیکٹرک کو حکومت نے کوئی آپریشنل سبسڈی نہیں دی، سرکاری ملکیت کی بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے نقصانات کی وجہ سے گردشی قرضہ بڑھ رہا ہے۔اعداد و شمار کے مطابق ملک میں بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے حوالے سے کے الیکٹرک واحد مثال ہے، کے الیکٹرک کی نجکاری کے بعد بجلی ترسیل اور تقسیم کے نیٹ ورک اور بجلی فروخت میں بھی اضافہ ہوا۔

9 مئی واقعات، خیبر پختون خوا حکومت کا انکوائری کمیشن قائم کرنے کا فیصلہ



پشاور (خلیج نیوز)صوبائی وزیرِ قانون آفتاب عالم نے کہا ہے کہ خیبر پختون خوا حکومت نے 9 مئی کے واقعات کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیشن قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے آفتاب عالم نے کہا کہ فیصلے کی حتمی منظوری وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور سے لی جائے گی۔آفتاب عالم نے کہا کہ انکوائری ججز سے کرانے کے پابند نہیں، عدلیہ انکوائری نہیں کرنا چاہتی تو خود انکوائری کمیشن قائم کریں گے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ انکوائری ایکٹ میں انکوائری کرنے والے کو سول جج کے اختیارات حاصل ہیں، ججز سے اس لیے انکوائری کرانا چاہتے تھے کہ عدلیہ پر اعتماد زیادہ ہے۔ایڈووکیٹ جنرل کے پی شاہ فیصل اتمان خیل نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کو دوبارہ ہائی کورٹ کو خط لکھنے کا مشورہ دیا تھا۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کو خط لکھ کر تمام تفصیلات سے آگاہ کیا ہے، ہائی کورٹ سے جوڈیشل انکوائری کے لیے ججز مانگے تھے۔ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ ہائی کورٹ نے ہمارے خط پر اعتراض لگا کر واپس کر دیا تھا۔

حکومت نے عوام کو ریلیف نہ دیا تو ہڑتالوں کاسلسلہ نہیں رکے گا’حافظ نعیم الرحمن



لاہور(خلیج نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ملک گیرشٹرڈائون کی کامیابی پرعوام کو مبارکباد،حکمرانوں کو واضح پیغام مل گیا بجلی سستی، ٹیکسز کم اور اپنی مراعات اور عیاشیاں ختم کرو،یہ پہلی کال تھی، حکومت نے عوام کو ریلیف نہ دیا تو ہڑتالوں کاسلسلہ نہیں رکے گا، تاجروں، سیاسی و سماجی تنظیموں سے مشاورت کے بعد اگلی کال دیں گے،کسی کو کاروبار بند کرنے کا شوق نہیں، معیشت اور کاروبار حکومت نے تباہ کیے، حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد کے علاوہ اورکوئی راستہ نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ شٹرڈایون ہڑتال جماعت اسلامی یا تاجروں کی نہیں بلکہ پوری قوم کی ہڑتال تھی۔

انہوں نے عوام، تاجروں، علما، سوشل میڈیا پر سرگرم رہنے والی خواتین، نوجوانوں، طلبا اور ہڑتال کی حمایت کرنے پر تمام طبقہ ہائے فکر کے افراد کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے خصوصی طور پر تاجر تنظیموں کے رہنماں، ورکرز اور جماعت اسلامی کے کارکنان کو مبارک باد دی۔ انہوں نے واضح کیا کہ آج کی ہڑتال کے بعد بھی حکومت پر عوام کو ریلیف دینے کے لیے دبا کا سلسلہ نہیں رکے گا۔انہوں نے پولیس کی جانب سے مختلف شہروں میں مارکیٹوں کو زبردستی کھلوانے کے عمل کی مذمت کی اور تاجر تنظیموں کی تحسین کی کہ انہوں نے ایسے ہتھکنڈوں کو ناکام بنا دیا۔

انہوں نے کراچی چیمبر آف کامرس کا ہڑتال کی حمایت پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔امیر جماعت نے کہا کہ جماعت اسلامی مختلف سیاسی پارٹیوں کے رہنماں اور ورکرز کی جانب سے ہڑتال کی حمایت کے اعلان کو بھی خوش آئند گردانتی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کو ہر حال میں عوا م کو ریلیف دینا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ ملک کو ایسے حکمرانوں سے نجات دلانی ہو گی جو اپنی مراعات اور عیاشیاں اور آئی پی پیز کا دھندہ بند کرنے کو تیار نہیں اور 25کروڑ لوگوں کا خون نچوڑنے پر بضد ہیں۔انہوں نے کہا کہ 20دن گزر گئے، حکمرانوں کے پاس معاہدہ پر عمل درآمد کے لیے 25دن رہ گئے، عمل درآمد نہ ہوا تو لانگ مارچ، دھرنوں اور ہڑتالوں کے آپشنز موجود ہیں۔ملک کی تاریخ میں پہلی دفعہ ہو رہا ہے کہ چیمبرز نے ہڑتال کی حمایت کی، تاجروں میں تقسیم کی حکومتی سازشیں ناکام ہو گئیں، اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں قوم متحد ہے۔جماعت اسلامی کی حق دو عوام کو تحریک مزید آگے بڑھے گی۔

سیکرٹری جنرل امیر العظیم، نائب امیر ڈاکٹر اسامہ رضی، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، امیر پنجاب وسطی جاوید قصوری، امیر لاہور ضیا الدین انصاری ایڈووکیٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔امیر جماعت نے کہا کہ پنجاب میں دو ماہ کے لیے نہیں، اصل لاگت کا تعین کر کے پورے ملک کے لیے بجلی کے یکساں ٹیرف کا اعلان کیا جائے۔ عوام آئی پی پیز کے کیپسٹی چارجز بھی ادا کریں اور حکومت انھیں اربوں کی انکم ٹیکس چھوٹ بھی دے، یہ ظلم اب برداشت نہیں کیا جائے گا، صرف حکمران خاندانوں کی آئی پی پیز کے کیپسٹی چارجز ختم ہو جائیں تو پورے ملک کے عوام کے لیے بجلی سستی ہو سکتی ہے۔ سود کو بتدریج کم کیا جائے، وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے پر عمل درآمد کے لیے سپریم کورٹ جائیں گے۔ حکومت جاگیرداروں پر ٹیکس لگائے اور تاجروں پر ناجائز ٹیکسز کا خاتمہ کرے، ٹیکس کا نظام سہل کیا جائے۔۔ انھوں نے کہا کہ فارم 47سے مسلط حکمرانوں کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کریں گے، جماعت اسلامی نے پرامن ہڑتال کی کال دی تھی، کراچی سے چترال تک ہر مارکیٹ کی دکانیں بند رہیں۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے اخلاقی اپیل کی اور سب نے یکجہتی کا ثبوت دیا، ہم نے ایم کیو ایم کی طرح زبردستی دکانیں بند نہیں کرائیں، نہ کسی کو مجبور کیا گیا۔مختلف سوالوں کے جواب میں انھوں نے کہا کہ حکومت کی کوئی کریڈیبلٹی اور حیثیت نہیں، البتہ اب یہ ہم پر مسلط ہیں تو بات تو انہی سے کرنا پڑے گی۔ انھوں نے کہا کہ تمام سیاسی پارٹیاں مفادات کی سیاست میں مصروف ہیں، جماعت اسلامی کے علاوہ کوئی عوام کی بات نہیں کر رہا، پی ٹی آئی فارم 45کے حوالے سے موقف سے پیچھے ہٹ گئی، ہمارا آج بھی یہی موقف ہے کہ فارم 45کی بنیاد پر حکومت بنے۔ انھوں نے کہا کہ بعض پارٹیوں کو شکایت ہے کہ انھیں فارم 47سے حصہ نہیں ملا، سب جوڑ توڑ اور رابطوں میں بحالی میں مصروف ہیں۔

ہمارا ان سے کوئی لینا دینا نہیں، ہم عوام سے رابطے کررہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ چیف جسٹس کی مدت ملازمت کا اصول وضح ہے، ایکسٹینشن سے عدلیہ میں ہی معاملات خراب ہوں گے، عوام کو پہلے ہی انصاف نہیں مل رہا، عدالتی نظام کو مزید خراب نہ کیا جائے، ایکسٹینشن معاملات میں الجھنے کی بجائے عوام کوانصاف کی فراہمی پر توجہ مرکوز کی جائے۔ انھوں نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کو موخر کرنے کے حکومت اقدام کی مذمت کی اور کہا کہ نام نہاد جمہوری حکومتوں کا یہ وطیرہ ہے کہ بلدیاتی نظام کو موثر اور مضبوط نہیں ہونے دینا۔جماعت اسلامی کی حق دو تحریک بلدیاتی نظام کو موثر بنانے کا ایجنڈا بھی شامل ہے۔

حکومت کا سپریم کورٹ کے ججز کی تعداد بڑھا کر23کرنے کا فیصلہ



اسلام آباد(خلیج نیوز)حکومت نے سپریم کورٹ کے ججز کی تعداد بڑھانے پر غور شروع کردیا۔نجی ٹی وی کے مطابق حکومتی رکن بیرسٹر دانیال چودھری نے کہاہے کہ معلوم ہواہے کہ سپریم کورٹ کے ججز کی تعداد 23کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔انہوںنے کہاکہ عدالت عظمیٰ میں ججز کی تعداد میں اضافے کابل آئندہ ہفتے ایوان میں پیش ہو گا۔

حکومت نے لاہور میں پانچ نئی تحصیلیں بنانے نوٹیفکیشن جاری کر دیا



لاہور(خلیج نیوز) لاہور میں پانچ نئی تحصیلیں بنانے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔صدر ،واہگہ، شالیمار، راوی اور لاہور سٹی نئی تحصیلیں ہوں گی ۔ گورنر پنجاب کی منظوری کے بعدبورڈ آف ریونیو نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ۔

عمر ایوب کا حکومت نے فوری نئے چیف جسٹس کے نام کا اعلان کرنے کا مطالبہ



اسلام (خلیج نیوز)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے حکومت نے فوری نئے چیف جسٹس کے نام کا اعلان کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اس حوالے سے کوئی قانون سازی کی گئی تو شدید احتجاج کریں گے،کچے میں دہشت گرد کارروائیاں قابل مذمت ہیں، آئی جی پولیس پنجاب کو بر طرف کیا جائے ۔قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ حکومت کو موجودہ صورت حال میں فوری طور پر نئے چیف جسٹس کے نام کا اعلان کرنا چاہیے، اگر اس حوالے سے کوئی قانون سازی کی گئی تو شدید احتجاج کریں گے۔

اپوزیشن لیڈر نے چیف جسٹس کی تقرری پر وزیر قانون سے صورتحال واضح کرنے کا مطالبہ کیا تو وفاقی وزیر قانون اعظم نذیرتارڑ نے بتایا کہ موجودہ آئین و قانون کے مطابق ہائی کورٹس میں موجود سینئر ججز میں سے کسی کو جوڈیشل کمیشن اور پارلیمانی کمیٹی چیف جسٹس مقرر کرسکتی ہے، لاہور ہائی کورٹ کی جج صاحبہ پانچویں نمبر پر تھیں انہیں جوڈیشل کمیشن نے چیف جسٹس بنادیا۔وزیر قانون نے کہا کہ اٹھارہویں آئینی کے تحت چیف جسٹس سپریم کورٹ کے تقرری سینئر موسٹ کو چیف جسٹس بنایا جاتا ہے، سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کے معاملے پر آئین کے مطابق ہی چلا جاسکتا ہے۔

اپوزیشن لیڈر نے حاجی امتیاز چوہدری کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے اور انہیں اجلاس میں طلب کرنے پر سپیکر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہت اچھی روایت ہے جس پر میں ایاز صادق کی تعریف کرنا چاہتا ہوں۔عمر ایوب نے پنجاب کے کچے کے علاقے میں ہونے والی دہشت گرد کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ آئی جی پولیس پنجاب کو بر طرف کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی 8ستمبر کو ہر صورت دھوم دھام سے جلسہ کرے گی۔

حکومت نے غیرذمہ داری دکھائی، ایک اور 9 مئی ہو سکتا تھا’علی محمد خان



اسلام آباد(خلیج نیوز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ حکومت نے این اوسی منسوخ کر کے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جس کے نتیجے میں ایک اور 9 مئی ہو سکتا تھا۔بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کر کے آنے والے علی محمد خان نے نجی تی سی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اگر بانی پی ٹی آئی کو 9 مئی کو نہ اٹھایا جاتا اور ان کا پارٹی سے رابطہ بحال رہتا تو وہ تب بھی اپنا کردار ادا کرتے۔علی محمد خان نے کہا کہ علیمہ خان نے جب بانی پی ٹی آئی سے بات کی تب تک بہت سی چیزیں کلیئر نہیں تھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے بھاری دل کے ساتھ جلسہ موخر کیا، اب انہوں نے کہہ دیا ہے کہ 8 ستمبر کو جلسہ لازمی ہوگا۔علی محمد خان کا کہنا تھا کہ اب حکومت، ریاستی اداروں اور مقتدرہ کی ذمہ داری ہے کہ 8 ستمبر کو ہمیں پر امن جلسہ کرنے دیں۔

حکومت کا آئی ایم ایف سے 2023 میں بلند ترین شرح سود پر قرضہ لینے کا انکشاف



اسلام آباد (خلیج نیوز)سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے اقتصادی امور کے اجلاس میں انکشاف کیا گیا کہ حکومت نے 2023 میں عالمی مالیاتی فنڈز سے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے تحت 5.09 فیصد کی بلند شرح سود پر قرض لیا ہے۔یہ بات وزارت خزانہ اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے حکام نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اقتصادی امور کے اجلاس کے دوران بتائی۔ کمیٹی کا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر سیف اللہ ابڑو کی زیر صدارت پارلیمنٹ لاجز میں منعقد ہوا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومت نے سال 2023 میں آئی ایم ایف سے 5.09 فیصد کی بلند شرح سود پر قرضہ لیا ہے، پاکستان کو سال 2023 میں آئی ایم ایف سے 3 ارب ڈالر کا قرض ملا تھا۔آئی ایم ایف سے قرض لے کر 90 ارب روپے سیاسی اسکیموں پر کیوں خرچ کیے گئے؟ کمیٹی کے چیئرمین نے استفسار کیا۔ کمیٹی نے آئی ایم ایف سے لیے گئے قرض کے استعمال کی تفصیلات طلب کرلیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ آئی ایم ایف اب تک پاکستان کو 2126 ملین ایس ڈی آرز فراہم کر چکا ہے اور اس فنڈ کو آئندہ تین سے پانچ برس میں 6.36 بلین ڈالر سے زائد ایس ڈی آرز کی ادائیگی کرنی ہے۔سٹیٹ بینک کے حکام کے مطابق کہ ہر بار ادائیگیوں کے توازن کے مسائل نے ملک کو آئی ایم ایف کے پاس جانے پر مجبور کیا۔