Tag Archives: انعام

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کے لیے اپنی جیب سے 50 لاکھ روپے انعام کا اعلان کردیا



پشاور(خلیج نیوز) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کے لیے اپنی جیب سے 50 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ ارشد ندیم ہمارا فخر اور ہماری شان ہے، اس نے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے، ہم عوامی خزانے کے امین ہیں عوام کا پیسہ صرف عوام پر خرچ کریں گے، اس لیے میں ارشد ندیم کے لیے اپنی جیب سے نقد انعام کا اعلان کرتا ہوں۔ انہوں نے ارشد ندیم سے کہا کہ وہ تین دن کے لیے ہمارے مہمان بنیں اور خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کو بھی جیولین تھرو میں تربیت دیں۔ وزیر اعلیٰ نے ضم اضلاع انٹر اکیڈمیز گیمز کے فاتح اور رنر آپ کھلاڑیوں کے لیے بھی مجموعی طور پر 30 لاکھ روپے انعامات کا اعلان کیا اور واضح کیا کہ یہ انعامی رقم محکمہ کھیل کی جانب سے دی جانے والی انعامی رقم کے علاوہ ہے۔

یہ اعلان انہوں نے بدھ کے روز حیات آباد سپورٹس کمپلیکس پشاور میں ضم اضلاع انٹر اکیڈمیز گیمز 2024 کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نوجوانوں کو کھیلوں کی تمام سہولیات اور مواقع فراہم کرے گی، ہمارا ٹارگٹ نوجوانوں پر سرمایہ کاری ہے، اور امید ہے نوجوان دنیا میں ملک اور صوبے کا نام روشن کریں گے۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے ، اسے ضائع نہیں ہونے دیں گے، کھیلوں کے مقابلوں میں نمایاں کار کردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو مقابلوں کے لیے بیرون ملک بھیجیں گے۔ انہوں نے خیبرپختونخوا میں ہر گیم میں اچھے کوچ لانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو خصوصی تربیت دلوائیں گے۔

علی امین گنڈاپور نے نوجوانوں سے کہا کہ انہوں نے سفیر بن کر نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنا ہے، نوجوانوں کو نشے کی لت سے دور رکھنا ہے۔ کھیلوں کے ذریعے ہی ایک صحت مند معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے، کھیل انسان کو مقابلے کے لیے تیار کرتا ہے، عمران خان ایک کھلاڑی ہیں، وہ مقابلے کے لیے تیار رہتے ہیں۔ علی امین گنڈاپور نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ٹیلنٹ کے ساتھ آگے بڑھیں، محنت کریں اور کھیلوں سمیت ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں۔ کھیلوں میں ہار جیت ہوتی ہے مگر آپ نے ہمت نہیں ہارنی، ہمت اور حوصلے کے ساتھ جدو جہد جاری رکھنی ہے، کامیابی آپ کا مقدر بنے گی۔واضح رہے کہ ضم اضلاع انٹر اکیڈمیز گیمز 2024 کے افتتاحی مقابلے حیات آباد سپورٹس کمپلیکس پشاور میں منعقد ہورہے ہیں جبکہ ایونٹ کے تحت اسلامیہ کالج اور پشاور کے دیگر سپورٹس کمپلیکس/ گراؤنڈز میں بھی مقالوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ ایونٹ کے تحت 7 ضم اضلاع اور 6 سب ڈویڑنز سے کل 455 کھلاڑی مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں جو مختلف کھیلوں بشمول کرکٹ، بیڈ منٹن اور فٹ بال وغیرہ میں مد مقابل ہوں گے۔ کھیلوں کے مقابلے 14 تا 18 اگست جاری رہیں گے۔ فاتح اور رنر آپ کھلاڑیوں میں انعامات اور اسناد تقسیم کی جائیں گی۔ صوبائی وزراء پختون یار خان،مینا خان آفریدی، سید قاسم علی شاہ ، وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان سید فخر جہاں، کمشنر پشاور ریاض محسود اور دیگر متعلقہ حکام بھی تقریب میں موجود تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے میڈل جیتنے پر 50 لاکھ انعام کا اعلان کیا، پیسے ابھی تک نہ ملے، محمد یاسر



لاہور (خلیج نیوز)پاکستان نمبر دو جیولین تھرور محمد یاسر سلطان نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے 2023ء میں ایشین برانز میڈل جیتنے پر 50 لاکھ روپے کا اعلان گھر پر کیا، مجھے انعام اب تک نہیں ملا۔ اپنے والد کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے یاسر سلطان نے کہا کہ میرے والد روزانہ پوچھتے ہیں، میں کال کرتا ہوں مجھے جواب نہیں ملتا، میں ایشیا کا برانز اور سِلور میڈلسٹ ہوں۔یاسر سلطان نے کہا کہ میں چکر لگا لگا کر تھک چکا ہوں، گھر جا کر جیسے ارشد ندیم کو انعام دیا گیا ایسے ہی مجھے ملنا چاہیے، آج ہمارے لیے دْگنی خوشیوں کا دن ہے، ارشد ندیم نے ملک کا نام روشن کیا ہے، میرا مقصد بھی یہی ہے میں ارشد ندیم کا جونیئر ہوں۔انہوں نے کہا کہ ہم سے یکساں برتاؤ نہیں کیا جاتا، مجھے باہر جا کر کھیلنے کی آفرز ہیں، دبئی اور کئی ممالک سے آفرز ہیں، ٹریننگ کے لیے مجھے باہر جانے کا موقع نہیں دیا گیا، ہمیں عزت دی جائے ہم گھر چلانے کے پیسے نہیں مانگتے۔

یاسر سلطان نے کہا کہ جو انعام کا اعلان کیا وہ دیا جائے، سہولیات دی جائیں، میری درخواست ہے یکساں سلوک کریں اور سپورٹ کریں، ان حالات کے باوجود اگلے اولمپکس میں میں نظر آؤں گا۔یاسر سلطان نے کہا کہ فیڈریشن کو بھی اس حوالے سے کہا ہے انہوں نے بھی مجھ سے درخواست مانگی لیکن کچھ نہیں کیا گیا۔اس موقع پر یاسر سلطان نے والد محمد سلطان نے کہا کہ سال سے زیادہ ہوگیا اب تک ایک پیسہ حوصلہ افزائی کے لیے نہیں دیا گیا، وزیراعظم سے درخواست ہی کرسکتے ہیں، میں ڈرائیور ہوں، گاؤں تک پہنچنا مشکل ہے، راستہ بنانے کی اپیل کی تھی لیکن راستہ تک نہیں بنا۔انہوں نے کہا کہ چھوٹی نوکری میں سب اپنی اولاد کے لیے کیا ہے، نوکری کا بھی کہا تھا لیکن نہ چیک ملا نہ نوکری، وہ بڑے لوگ ہیں اور ان کی بڑی باتیں ہیں۔انہوںنے کہاکہ ہمارا علاقہ وزیراعظم کے حلقے میں آتا ہے، یہ شاید ہمیں کیڑے مکوڑے سمجھتے ہیں، میری 30 ہزار تنخواہ ہے جو کر سکتا تھا کیا ہے۔

وزیر اعظم کا ارشد ندیم کیلئے 15کروڑ ،کوچ کیلئے ایک کروڑروپے انعام کااعلان



اسلام آباد(خلیج نیوز)وزیر اعظم شہباز شریف نے پیرس اولمپک میں گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کے لیے حکومت پاکستان کی جانب سے 15 کروڑ روپے نقد انعام کا اعلان کرتے ہوئے ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لیے خصوصی کمیٹی کے قیام کا اعلان کیا۔منگل کوشہباز شریف نے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کے اعزاز میں وزیراعظم ہاس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ارشد ندیم ہمارے دلوں کی دھڑکن ہیں جنہوں نے پاکستان کو 40سال بعد اپنی شبانہ روز محنت اور والدین کی دعائوں کے نتیجے میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتا جس کے لیے پوری قوم آپ کی شکر گزار ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ نے یوم آزادی کے اس موقع پر ہماری خوشیوں کو دوبالا کردیا ہے اور آپ صرف 40سال بعد میڈل نہیں لے کر آئے بلکہ آپ نے جیولین کے مقابلے میں اولمپک کا ریکارڈ بھی قائم کردیا ہے، آج ہر پاکستانی کا دل باغ باغ ہے، پوری قوم کا مورال آسمانوں کو چھو رہا ہے اور آپ کی اس عظیم کامیابی نے یہ بات روز روشن کی طرح عیاں کردی ہے کہ مشکلات سے گھبرانا نہیں چاہیے بلکہ مسائل کا ہمت اور استقامت کے ساتھ مقابلہ کرنا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ پیرس اولمپکس میں جو آپ نے مثال قائم کی ہے اس سے پوری قوم کو حوصلہ ملا ہے، ہمالیہ نما چیلنجز کو آپ ہی کے راستے پر چلتے ہوئے شبانہ روز محنت کرتے ہوئے اتحاد و اتفاق کے ساتھ ان مسائل اور چیلنجز کو ہم ضرور عبور کریں گے اور پاکستان کو عظیم طاقت بنائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ آئندہ آنے والے وقت میں آپ کے یہ کامیابی کے ریکارڈ اور بڑھیں گے اور وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے منتظمین کا یہ فرض بنتا ہے کہ وہ اپنے اختلافات کو ایک طرف کریں اور یکسوئی کے ساتھ کھیل کے میدان میں ہاکی، کرکٹ اور اسکوائش بحال کریں۔انہوں نے تقریب میں موجود سابق ہاکی اولمپیئن اصلاح الدین، شہباز سینئر اور دیگر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ آگے بڑھیں اور اپنی تجاویز دیں تاکہ ہم کھیلوں کے میدانوں میں وہ دور واپس لائیں جب پاکستان کا طوطی بوتا تھا، ہمیں اس کے لیے کمر کسنی چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ میں اور میری حکومت صوبوں ک یساتھ مل کر بھرپور تعاون کے لیے تیار ہے، آپ ہمیں راستہ بتائیں، سفارشات پیش کریں اور میں ایک کمیٹی بھی قائم کرنے کا اعلان کرتا ہوں جو اس بات کا تعین کرے گی کہ کھیلوں کے حوالے سے حکومت وقت کیا کردار ادا کر سکتی ہے۔

شہباز شریف نے جیتنے پر ارشد ندیم کو سلام پیش کرنے کے ساتھ ساتھ پیرس اولمپکس میں حصہ لینے والی خاتون شوٹر کشمالہ طلعت کو بھی سراہا۔انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم نے قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے تو میں حکومت پاکستان اور عوام کی طرف سے ان کے لیے 15 کروڑ روپے نقد انعام کا اعلان کرتا ہے اور اس رقم پر ٹیکس کی کٹوتی نہیں ہو گی۔وزیر اعظم نے ٹیکس حکام کو ازراہ مذاق ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکس لینے والے یہاں پیچھے بیٹھے ہیں، ان کو پتا ہے میں کس کی بات کررہا ہوں، یہ ٹیکس لینے والوں سے لیتے نہیں اور دینے والوں سے اور لیتے ہیں۔

انہوں نے اسلام آباد کے علاقے ایف نائن اور ایف 10 کے درمیان کی سڑک کا نام ہمیشہ کے لیے ارشد ندیم روڈ رکھنے کا اعلان کیا جبکہ جناح اسٹیڈیم اسلام آباد میں ارشد ندیم ہائی پرفارمنس اکیڈمی بنائی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ جس دن ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیتا، اسی وقت میں نے اپنے سیکریٹری کو گزارش کی کہ وہ فی الفور صدر پاکستان کو خط لکھا جائے کہ 14 اگست کو ارشد ندیم کو ہلال امتیاز دیا جائے گا۔شہباز شریف نے کہا کہ ہم 77واں یوم آزادی منانے جا رہے ہیں اور ارشد ندیم کی آج پوری قوم عزت و توقیر کررہی ہے تو میں آج ایک ارب روپے کے پاکستان اسپورٹس انڈومنٹ فنڈ کا اعلان کررہا ہوں، یہ فنڈ کھلاڑیوں کی ضروریات پوری کرنے، بہترین تربیت کے مواقع فراہم کرنے اور ریٹائر ہونے والے کھلاڑیوں کی جائز ضروریات پوری کرنے کے بھی کام آئے گا۔وزیر اعظم نے ارشد ندیم کے کوچ کے لیے بھی ایک کروڑ روپے کے انعام کا اعلان کیا۔

مولانا طارق جمیل کا ارشد ندیم کے اعزاز میں عشائیہ، انعام بھی دیا



تلمبہ(خلیج نیوزی)پاکستان کے معروف اسلامک اسکالر مولانا طارق جمیل نے پیرس اولمپکس 2024ء میں پاکستان کو 40 سال بعد گولڈ میڈل جتوانے والے جیولین کھلاڑی ارشد ندیم کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام کیاجس میں ارشد ندیم کو انعام بھی دیا گیا تاہم مولانا طارق جمیل نے اسے شیئر نہیں کی۔مولانا طارق جمیل کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹاگرام پر ارشد ندیم کے ہمراہ خوشگوار موڈ میں تصویریں شیئر کی گئی ہیں۔تصویروں میں دونوں معروف شخصیات کے چہروں پر خوشی اور خوشگوار مسکراہٹ کو دیکھا جا سکتا ہے۔

تصاویر میں مولانا طارق جمیل کے بیٹے بھی موجود ہیں۔اس اہم ترین ملاقات کے لیے دونوں شخصیات نے سفید رنگ کے کپڑے زیب تن کیے ہوئے ہیں۔پوسٹ کے کیپشن میں بتایا گیا ہے کہ ‘ارشد ندیم بھائی کو آج مولانا صاحب کے گھر پر عشائیے کی دعوت دی گئی، مولانا صاحب نے ارشد ندیم بھائی کو انعام سے بھی نوازا۔اس سے قبل مولانا طارق جمیل کے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے ارشد ندیم کے لیے گولڈ میڈل جیتنے پر تہنیتی پیغام بھی شیئر کیا گیا تھا۔یاد رہے کہ گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کے لیے متعدد معروف شخصیات کی جانب سے بھاری بھرکم انعامات کا اعلان کیا گیا ہے۔مولانا طارق جمیل نے قوم کے ہیرو کو کتنی رقم سے نوازا ہے، اس سے متعلق معلومات شیئر نہیں کی گئی ہیں۔