Tag Archives: اسلام آباد

اسلام آباد ،موٹروے کے قریب گاڑی سے 5 افراد نیم بے ہوش حالت میں برآمد، دوران علاج 4 جاں بحق



اسلام آباد (خلیج نیوز)اسلام آباد موٹروے پر بھیرا کے قریب کھڑی گاڑی سے 5 افراد نیم بے ہوش حالت میں بر آمد ہوئے ہیں تاہم ان میں سے 4 افراد دوران علاج جاں بحق ہوگئے۔ ترجمان موٹر وے پولیس نے بتایا کہ تمام افراد کو طبی امداد فراہم کرنے کے لیے فل فور تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال بھیرا پہنچا دیا گیا جہاں دوران علاج 4 افراد جاں بحق ہوگئے اور ایک تاحال مریض بے ہوش ہے۔ترجمان کے مطابق دوران پیٹرولنگ موٹروے پولیس کو اطلاع ملی کہ ایک گاڑی سڑک کے کنارے کھڑی ہے، موٹروے پولیس جب گاڑی کے قریب پہنچی تو گاڑی میں 5 افراد نیم بے ہوشی کی حالت میں موجود تھے۔

ترجمان پولیس نے بتایا کہ تمام افراد کو طبی امداد فراہم کرنے کے لیے فل فور تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال بھیرا پہنچا دیا گیا، تاہم ہسپتال میں دوران علاج 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔ترجمان پولیس نے کہا کہ تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے جو کہ لاہور کے رہائشی ہیں، یہ افراد لاہور سے اسلام آباد کی جانب سفر کر رہے تھے، ڈاکٹروں کے مطابق اموات کی وجہ فوڈ پوائزننگ ہو سکتی ہے۔موٹروے پولیس کے مطابق پولیس اسٹیشن پھلروان کا عملہ بھی ہسپتال پہنچ گیا اور تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق موٹروے ایم 2 پر بھیرہ کے قریب کھڑی گاڑی میں فیملی کی تین خواتین سمیت چار افراد جاں بحق ہوئے جبکہ درائیور بے ہوش ہے، بد قسمت فیملی کے جاں بحق افراد کی شناخت 25 سالہ ثمر ، 55 سالہ رومیلہ ، 30 سالہ مہر اور 3 سالہ بچہ عون علی کے نام سے ہوئی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کا اسلام آباد میں ہونے والا جلسہ ملتوی



اسلام آباد(خلیج نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اسلام آباد میں ہونے والا جلسہ ملتوی کر دیا۔پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی نے بیرسٹر گوہر کی موجودگی میں جلسہ ملتوی کرنے کا اعلان کیا، جلسہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر ملتوی کیا گیا، عمران خان کی ہدایت پر آج ہونے والا جلسہ اب 8 ستمبر کو ہوگا۔اعظم سواتی نے اڈیالہ جیل میں بانی تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی، اعظم سواتی نے مذہبی جماعت کے احتجاج سے متعلق آگاہ کیا۔اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ کسی بھی انتشار سے بچنے کیلئے جلسہ ملتوی کر دیا جائے۔چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا جلسہ 8 ستمبر کو ہوگا، 8 ستمبر کے جلسے سے متعلق پہلے ہی نوٹیفائی ہو چکا ہے۔واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اجازت نہ ملنے کے باوجود آج ترنول میں ہر صورت جلسہ کرنے کا اعلان کر رکھا تھا جبکہ مقامی انتظامیہ کی جانب سے بھی پی ٹی آئی کا جلسہ روکنے کیلئے جگہ جگہ کنٹینر لگا کر راستے بلاک کر دیئے گئے تھے۔دوسری جانب اسلام آباد انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کو 8 ستمبر کو جلسے کی اجازت دے دی۔

گارنٹی دیتے ہیں اسلام آباد میں جلسے سے امن خراب نہیں ہوگا: بیرسٹر سیف



اسلام آباد(خلیج نیوز) مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ گارنٹی دیتے ہیں اسلام آباد میں جلسے سے امن خراب نہیں ہوگا۔ مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ خدشہ ہے اسلام آباد میں انتظامیہ پی ٹی آئی کا جلسہ کرنے میں خلل پیدا کرسکتی ہے، ہم جب بھی جلسہ کرتے ہیں انتظامیہ سے اجازت لیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم گارنٹی دیتے ہیں جلسے کی وجہ سے امن وامان کا ماحول خراب نہیں ہو گا،کوشش کریں گے ہماری طرف سے قانون کی پامالی نہ ہواور تمام معاملات پرامن طریفے سے مکمل ہو جائیں۔بیرسٹر سیف کا خیبر پختونخوا میں پارٹی اختلافات کے حوالے سے اپنے ردعمل میں کہنا تھا کہ شکایات کی گئیں کہ پختونخوا کے کچھ محکموں میں کرپشن ہورہی ہے ، کچھ لوگوں نے جیل میں بانی پی ٹی آئی سے مل کر کرپشن کی شکایات کیں، بانی پی ٹی آئی کو پریس کانفرنس کے ذریعے پیغام دینے کا کہا، عاطف خان ، اسد قیصر سمیت دو لوگ ہی تھے جو بانی پی ٹی آئی سے ملے، عمران خان نے کہا ہے کہ میری طرف سے کرپشن کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے شکیل خان کو برطرفی کی سمری گورنر کو بھیجی، تحقیقاتی کمیٹی نے شکیل خان کو موردالزام ٹھہرایا، کمیٹی بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر بنائی گئی ، کمیٹی نے دو ہفتوں کے دوران متعدد افراد کے بیانات لیے، کمیٹی کی سفارشات پر ہی کارروائی آگے بڑھائی گئی، کمیٹی نے کہا شکیل خان کے خلاف جو شکایات تھیں،وہ اس میں ملوث پائے گئے۔مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر ایسا تاثر دیا گیا کہ پی ٹی آئی میں اختلافات ہیں ، برطرفی سے قبل ہی شکیل خان نے استعفیٰ دیا، شکیل خان نے اسی تناطر میں پریس کانفرنس کی اور تحفظات کا اظہار کیا۔بیرسٹر سیف کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا اپنے ہی لوگ پارٹی فیصلوں پر میڈیا میں جارہے ہیں، بانی پی ٹی آئی نے کہامصدق عباسی سے کہیں دلیری سے کھڑے رہیں۔

اسلام آباد پہلی بار آیا ہوں، یہاں سہولتیں اچھی ہیں، بنگلادیش کے کرکٹر مشفیق الرحیم



اسلام آباد (خلیج نیوز)بنگلادیش کے کرکٹر مشفیق الرحیم نے کہا ہے کہ اسلام آباد پہلی بار آیا ہوں، خوبصورت ہے اور یہاں سہولتیں بھی اچھی ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشفیق الرحیم نے کہا کہ پاکستان شاہینز بہت اچھا کھیلی، خصوصاً عمر امین کی بیٹنگ بہت اچھی رہی، نسیم شاہ اور محمد علی کی کارکردگی بھی اچھی رہی۔انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم میں نوجوان کھلاڑی ہیں جنہیں یقینا سیکھنے کا موقع ملا ہو گا، ہمارے دو ٹیسٹ میچز ہیں اس اسکواڈ کے کھلاڑیوں کو بہت فائدہ ہو گا۔مشفیق الرحیم نے کہا کہ بارش کے باعث ہمیں پہلیدو روز پریکٹس کا موقع نہیں ملا، نیٹ سیشن ہوا تھا، انگلی کی تکلیف کے سبب دوسری اننگز میں بیٹنگ نہیں کر سکا لیکن پہلا ٹیسٹ کھیلوں گا۔

اسلام آباد ، بلدیاتی الیکشن کیلئے پولنگ 29، این اے 171میں 12ستمبرکوہوگی،الیکشن کمیشن



اسلام آباد(خلیج نیوز)الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن اور قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 171کا شیڈول جاری کر دیا۔الیکشن کمیشن کے مطابق اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن کیلئے پولنگ 29ستمبر کو ہوگی۔دوسری جانب الیکشن کمیشن نے حلقہ این اے 171کا انتخابی شیڈول بھی جاری کر دیا۔قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 171میں 12ستمبر کو پولنگ ہوگی،کاغذات نامزدگیاں 15سے 17اگست تک جمع کرائی جا سکیں گی،امیدواروں کی لسٹ 17اگست کو آویزاں کی جائے گی۔کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 21اگست تک مکمل ہوگی،امیدواروں کی حتمی لسٹ 28اگست کو شائع کی جائے گی۔30اگست تک انتخابی نشان الاٹ کیے جائیں گے،رحیم یار خان کی نشست پی ٹی آئی ایم این اے ممتاز مصطفی کی وفات کے بعد خالی ہوئی تھی۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس (کل)اسلام آباد میں ہوگا



لاہور(خلیج نیوز)مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس کل (منگل )9اپریل کو بمقام دفتروزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی حکومت پاکستان کوہسار کمپلیکس پاک سیکرٹریٹ اسلام آباد میں منعقد ہوگا ۔ جس کی صدارت چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد کریں گے۔ اجلاس میں مرکزی و زونل ریت ہلال کمیٹی اسلام آباد کے ممبران،وزارت مذہبی امور، محکمہ سپارکو، محکمہ موسمیات اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے تعلق رکھنے والے نمائندگان بھی شریک ہوں گے۔پورے ملک میں زونل کمیٹیو ں کے اجلاس ان کے متعلقہ ہیڈکوارٹرز لاہور، کراچی،کوئٹہ،پشاورمیں منعقد کیے جائیں گے جس میں ماہ شوال المکرم 1445ھ کے چاند کی ریت کا فیصلہ کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں اسٹریٹ کرائم کی روک تھام کیلئے پولیس کو نئی ہدایات جاری



اسلام آباد(خلیج نیوز)وفاقی دارالحکومت میں اسٹریٹ کرائم کی روک تھام کیلئے پولیس کو نئی ہدایات جاری کردی گئیں۔ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز سید شہزاد ندیم بخاری نے ہدایت کی کہ کسی بھی واردات کی کال پر ایس ایچ او بروقت ریسپانس کرے گا اور ایس ایچ او خود متاثرہ شخص سے مل کر اپنی تصویر ڈی آئی جی آپریشنز کو بھجوائے گا۔ترجمان کے مطابق تمام ایس پیز، ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز خود اپنے اپنے علاقوں میں رہیں۔ اسٹریٹ کرائم کی روک تھام کیلئے موثر حکمت عملی اپنائیں۔ اس سلسلہ میں تمام افسران سیف سٹی کیمروں کی بھی مدد حاصل کریں۔ترجمان نے کہاکہ ڈی آئی جی آپریشنز خود مختلف علاقوں میں دورہ کریں گے۔ اگر کسی علاقہ میں افسران و اہلکار سست پائے گئے تو ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔