پیرس (خلیج نیوز)پیرس اولمپکس میں پاکستان کے لیے تاریخ رقم کرنے والے ایتھلیٹ ارشد ندیم نے میڈل کو قوم کیلئے آزادی کا تحفہ قرار دیدیا۔تفصیلات کے مطابق پیرس اولمپکس کے جیولین تھرو کے مقابلے میں ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیت کر پاکستان کا نام پوری دنیا میں بلند کر دیا۔ارشد ندیم پاکستان کی جانب سے اولمپکس کے انفرادی مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتنے والے پہلے ایتھلیٹ ہیں، ارشد ندیم سے قبل آخری بار پاکستان نے 1992 کے اولمپکس میں ہاکی میں سونے کا تمغہ جیتا تھا۔ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیتنے کے بعد سوشل میڈیا پر جاری بیان میں لکھا کہ سب سے پہلے تو میں اس بڑی کامیابی پر اللہ کا شکر گزار ہوں، اس کے بعد میرے والدین اور پوری قوم کی دعائیں میرے ساتھ رہیں، بالخصوص میرے کوچ سلمان اقبال بٹ کی انتھک محنت اور ڈاکٹر علی شیر باجوہ کی حمایت سے میں یہ سنگ میل عبور کرنے میں کامیاب رہا، سب کا بہت شکریہ۔ارشد ندیم نے کہا کہ یہ گولڈ میڈل میری طرف سے پوری قوم کو یوم آزادی کا تحفہ ہے۔