لاہور ( خلیج نیوز) پاکستان ریلوے کی آمدن ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، 9ماہ میں 66 ارب روپے کما لیے۔رواں مالی سال کے اختتام تک پاکستان ریلوے کی آمدن 80ارب روپے سے زیادہ ہونے کے امکانات ہیں جب کہ محکمے کے پاس 10روز کا ڈیزل اسٹاک بھی موجود ہے۔ اس کے علاوہ عیدالفطر کے موقع پر ٹرینوں کے بلاتعطل آپریشن کے لیے 15 لاکھ لیٹر ڈیزل بھی خرید لیا گیا ہے۔سی ای او عامر علی بلوچ کے مطابق اسپیشل ٹرینوں کی 100فیصد بکنگ مکمل ہو چکی ہے۔ ریلوے پر اعتماد کرنے پر مسافروں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ریلوے انتظامیہ نے عید کی اسپیشل ٹرینوں میں اضافی کوچز لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ مسافروں کی ڈیمانڈ کے پیشِ نظر کیا گیا۔ریلوے نے ملازمین کی 10اپریل کو واجب الادا تنخواہ بھی 5روز قبل ہی بینکوں میں بھجوا دی ہے جب کہ اس سے قبل تنخواہیں تین تین ہفتے تاخیر کا شکار تھیں۔