Tag Archives: گولڈ میڈل

گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کا گورنر ہائوس سندھ میں جیولن تھرو کا مظاہرہ



کراچی(خلیج نیوز)گورنر ہائوس سندھ میں اولمپکس 2024 میں گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کے اعزاز میں شاندار تقریب منعقد کی گئی جس میں ارشد ندیم نے گورنر ہائوس کے لان میں جیولن تھرو کا مظاہرہ کیا۔گورنر سندھ نے اعلان کیا کہ گورنر ہاس کی جانب سے پاکستان کی انڈر 15 فٹبال ٹیم کو دس لاکھ روپے اور ٹیم کے کوچ رشید احمد کو پانچ لاکھ روپے انعام کے طور پر دیے جائیں گے، ڈاکٹر ریحان چاولہ کی جانب سے ہر بچے کو ایک لاکھ روپے اور ایک موٹرسائیکل دی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق گورنر ہائوس سندھ میں اولمپکس 2024 میں گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کے اعزاز میں شاندار تقریب منعقد کی گئی،جس میں پاکستامن کی انڈر 15 فٹبال ٹیم اور دنیا بھر کے مختلف ممالک کے قونصل جنرلز نے شرکت کی۔تقریب کے دوران منتظمین نے بتایا کہ ناروے کپ کے مقابلے میں 136 ممالک کی ٹیمیں شامل تھیں اور پاکستان کی انڈر 15 ٹیم نے دس میچز کھیل کر فائنل میں جگہ بنائی۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ارشد ندیم کی کامیابیوں کو سراہا اور پاکستان کی انڈر 15 فٹبال ٹیم کو مبارکباد پیش کی، انہوں نے کہا کہ گورنر ہاس ہمیشہ ان کھلاڑیوں کے لیے کھلا رہے گا جنہوں نے پاکستان کا نام روشن کیا۔ڈاکٹر ریحان چائولہ نے ارشد ندیم کے لیے ایک پلاٹ کا بھی اعلان کیا، گورنر سندھ نے اسپورٹس کو بھی گورنر ہاس انیشیٹیو میں شامل کرنے کا عزم ظاہر کیا اور اعلان کیا کہ جنوری میں کراچی میراتھن کا انعقاد کیا جائے گا جس میں ہر شخص کو شرکت کا موقع ملے گا۔40 برس کے بعد پاکستان کواولمپک گولڈ میڈل دلوانے والے 27 سالہ ارشد ندیم کو پیرس گیمز کے بعد دوسری مرتبہ کراچی آمد پر دوسرے دن بھی انعامات سے نوازا گیا، گاڑیاں تیار کرنے والے ادارے کی جانب سے منعقدہ تقریب میں ارشد ندیم کو بیش قیمت کار بطور انعام دی گئی،ارشد ندیم نے سی ای او علی اصغر جمالی سے کار کی چابی وصول کی اس کے علاوہ ارشد ندیم کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔

ایک اور پاکستانی ایتھلیٹ نے عالمی مقابلے میں گولڈ میڈل جیت لیا



وینزویلا (خلیج نیوز)پاکستان کے باصلاحیت ایتھلیٹ معید بلوچ نے ورلڈ ملٹری گیمز میں 400 میٹر کی دوڑ جیت کر گولڈ میڈل اپنے نام کرلیا۔وینزویلا میں جاری ورلڈ ملٹری گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے پاکستان ائیر فورس (پی اے ایف) کیانٹرنیشنل ایتھلیٹ 23 سالہ معید بلوچ نے 400 میٹرز کی دوڑ میں اول پوزیشن حاصل کی۔کراچی کے علاقے شانتی نگر کے رہائشی معید بلوچ پہلے ہی 200 میٹرز اور 400 میٹرز کے قومی چیمپئین ہیں۔ایشین جونئیر ایتھلیٹکس چیمپئین شپ 2018 میں سو میٹرز کی دوڑ جیت کر تیز ترین ایتھلیٹ قرار پانے والے معید بلوچ متعدد انٹرنیشنل ایونٹس میں پاکستان کے لیے فتوحات حاصل کر چکے ہیں۔یاد رہے کہ پیرس میں ہونے والی المپکس میں پاکستان کے مایہ ناز ایتھلیٹ ارشد ندیم نے جیولین تھرو میں نہ صرف ورلڈ ریکارڈ قائم کیا جبکہ پاکستان کو 40 سالوں کے بعد گولڈ میڈل بھی جیت کر دیا۔ ان کی شاندار کامیابی پر پاکستان بھر سے انہیں تحفے اور تحائف ملنے کا سلسلہ جاری ہے۔

شوہر کی کامیابی کے لیے قرآن پڑھتی رہی، گولڈ میڈل کا سن کر رو پڑی، اہلیہ ارشد ندیم



اسلام آباد (خلیج نیوز)اولمپیئن ارشد ندیم کی اہلیہ نے بتایا ہے کہ شوہر کے اولمپکس جانے کے بعد ہی انہون نے خدا سے دعائیں مانگنا شروع کردی تھیں اور فائنل کے دن بھی وہ قرآن پڑھ کر شوہر کی کامیابی کی دعائیں کرتی رہیں۔ارشد ندیم اور ان کی اہلیہ نے وسیم بادامی کو انٹرویو دیاجس میں دونوں نے اپنی ازدواجی زندگی سمیت ایک دوسرے سے تعلق اور ارشد ندیم کے کیریئر پر بھی بات کی۔دوران پروگرام ایک سوال کے جواب میں اہلیہ ارشد ندیم نے بتایا کہ دونوں نے پسند کی شادی کی اور اس دوران وہ شرما گئیں۔

ارشد ندیم نے بتایا کہ ان کی شادی 2016 میں ہوئی، انہوں نے اپنی بھابھی کی بہن سے شادی کی اور سسر نے گولڈ میڈل جیتنے کے بعد انہیں بھینس کا تحفہ دیا ہے جب کہ ان کی خواہش تھی کہ سسر انہیں پانچ مرلہ زمین دیتے۔انہوں نے بتایا کہ عام طور پر وہ غصہ نہیں کرتے لیکن جب بھی انہیں غصہ آجائے تو اہلیہ ہی انہیں مناتی ہیں۔ایک سوال کے جواب میں ارشد ندیم نے بتایا کہ جیسے ہی وہ اولمپکس کے لیے روانہ ہوئے تو والدہ نے ان کے لیے دعائیں کرنا شروع کردیں اور انہوں نے اہلیہ سے بھی دعائوں کا کہا۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے اولمپکس جانے کے بعد ان کی اہلیہ نے نیند کرنا چھوڑ دی، ہر وقت وہ ان کی کامیابی کی دعائیں مانگتی رہتی تھیں، یہاں تک کہ وہ نیند بھی نہیں کرتی تھیں۔اہلیہ ارشد ندیم نے بتایا کہ انہوں نے شوہر کے اولمپکس جانے سے قبل ہی انہیں بتایا تھا کہ اس بار وہ گولڈ میڈل جیتیں گے، وہ ان کی کامیابی کی دعائیں کریں گی اور انہوں نے راتوں کو جاگ جاگ کر ان کی کامیابی کی دعائیں کیں۔اہلیہ نے کہا کہ انہوں نے کھانا پینا اور اولمپکس کھیل دیکھنا بند کردیے تھے، وہ ہر وقت خدا سے ارشد کی کامیابی کی دعائیں مانگتی رہتی تھیں،یہاں تک کہ فائنل کے وقت بھی وہ قرآن پاک پڑھ کر شوہر کی کامیابی کی دعائیں مانگتی رہیں۔انہوں نے بتایا کہ فائنل ختم ہونے کے بعد ارشد ندیم کے چھوٹے بھائی فون کرتے رہے لیکن انہوں نے کافی دیر تک فون نہیں اٹھایا لیکن جب کال اٹینڈ کی تو مبارک باد کا لفظ سنتے ہی رو پڑیں۔

ارشد ندیم اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے کے بعد پھوٹ پھوٹ کر رو پڑے ، ویڈیو وائرل



پیرس (خلیج نیوز)پیرس اولمپکس 2024 میں جیولین تھرو فائنل میں تاریخی جیت کے بعد پاکستان کے ایتھلیٹ ارشد ندیم زار و قطار رو پڑے۔27 سالہ ارشد 92.97 میٹر کی تھرو کرکے پاکستان کی تاریخ میں طلائی تمغہ جیتنے والے پہلے انفرادی ایتھلیٹ بن گئے اور گولڈ میڈل جیتنے کے لیے پر امید ارشد نے نا صرف یہ کارنامہ انجام دیا بلکہ اولمپک کا نیا ریکارڈ بھی قائم کیا۔جیولین تھرو ایونٹ میں ارشد کی جیت کے بعد ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں کھلاڑی کو خوشی کے آنسو بہاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ارشد ندیم گولڈ میڈل جیتنے کے بعد سابق چیئرمین ایتھلیٹکس فیڈریشن اکرم ساہی سے مل کر رو پڑے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔خیال رہے کہ پیرس اولمپکس میں مینز جیولین تھرو ایونٹ کے فائنل میں ارشد ندیم نے92.97 میٹر کی تھرو کرکے نیا اولمپک ریکارڈ بناتے ہوئے پاکستان کو گولڈ میڈل جتوادیا۔پاکستان نے آخری مرتبہ 8 اگست 1992 کو اولمپکس میڈل پوڈیم پر قدم رکھا تھا جب قومی ہاکی ٹیم نے بارسلونا اولمپکس میں نیدرلینڈز کو تین کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر کانسی کا تمغہ جیتا تھا جبکہ پاکستان نے آخری مرتبہ 1984 میں اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتا تھا جوکہ ہاکی ٹیم نے ہی دلوایا تھا۔