Tag Archives: پی ٹی آئی

پی ٹی آئی کو مولانا، پیر پگارا، حافظ نعیم کی ضرورت ہے،فواد چوہدری



اسلام آباد (خلیج نیوز)سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف کو مولانا فضل الرحمٰن، پیرپگارا اور حافظ نعیم الرحمٰن کی ضرورت ہے۔ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو گرفتار ہوئے ایک سال ہو گیا، ان کی سیاست کو کیا فرق پڑنا ہے، انہیں تباہ کرنے کے چکر میں ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی سیاست تباہ ہو چکی ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان کو معمول پر لے کر آئیں تب ہی ان دونوں سیاسی جماعتوں کو بھی فائدہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلے کہتے تھے کہ تحریک انصاف کو پاشا، پھر ظہیر الاسلام چلا رہے ہیں اور اب فیض کا کہہ رہے ہیں، تحریک انصاف تو چلی جا رہی ہے، بالکل دوڑی جا رہی ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ الگ الگ تحریک چلانے سے اپوزیشن کو نقصان ہو رہا ہے۔

پی ٹی آئی کو دبانے کیلئے ملک کو تباہ کیا جا رہا ہے، عمران خان



اسلام آباد (خلیج نیوز)سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو دبانے کیلئے ملک کو تباہ کیا جا رہا ہے، اسٹیبلشمنٹ کو کہتا ہوں آپ جو کر رہے ہیں اس سے ملک اور ادارے تباہ ہو رہے ہیں، فراڈ لوگوں کو اوپر بٹھا کر ادارے تباہ کیے جا رہے ہیں۔سابق وزیراعظم عمران خان نے اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے ہم پر الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ سارا معاشی نظام پی ٹی آئی نے خراب کیا۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے الزامات پر صرف یہ کہنا چاہتا ہوں وہ اکنامک سروے آف پاکستان پڑھ لیں، (ن) لیگ والے ساڑھے 19ارب ڈالر کا خسارہ چھوڑ کر گئے، اس لیے ہمیں ائی ایم ایف کے پاس جانا پڑا۔

عمران خان نے کہا کہ عاطف اور جنید خان کو پیغام ہے کہ وہ اینٹی کرپشن معاملے پر کمیٹی سے ملیں، اس معاملہ کو بلاوجہ عوام میں نہ لے کر جائیں، پہلے یہ دیکھیں کہ اینٹی کرپشن کمیٹی نے قدم کیوں اٹھایا۔انہوںنے کہاکہ کمیٹی میں بریگیڈیئر (ر) مصدق، سینئر وکیل قاضی انور اور شاہ فرمان شامل ہیں، تینوں کمیٹی ممبران غیر جانبدار ہیں اور بہتر فیصلہ کریں گے۔عمران خان نے کہا کہ کہا جا رہا ہے کہ فیض حمید نے 9 مئی کی سازش کی، ایسا نہیں ہے، سازش پی ٹی آئی کے خلاف ہوئی ہے، پہلی سازش یہ تھی کہ جنرل ریٹائرڈ باجوہ نے نواز شریف کے کہنے پر جنرل (ر) فیض حمید کو ہٹایا۔انہوں نے کہا کہ دوسری سازش یہ تھی کہ ہمارے حکومت میں جنرل (ر) باجوہ نے حسین حقانی کو 35 ہزار ڈالر میں لابنگ کے لیے ہائر کیا، حسین حقانی کے بعد ڈونلڈ لو کا معاملہ آیا اور ہماری حکومت گرا دی گئی۔انہوںنے کہاکہ تیسری سازش یہ تھی کہ چیف جسٹس کو انکوائری کا کہا لیکن بجائے انکوائری کے ہم مظلوموں پر سائفر کا کیس کر دیا گیا، ہمارے خلاف 9 مئی کی ساز بھی کی گئی۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ یہ کیس ایک گھنٹے میں ختم ہو سکتا ہے، صر ف یہ پتہ کروائیں کہ میری گرفتاری کا حکم کس نے دیا اور سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے لے آئیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ 9 مئی کی جوڈیشل انکوائری کو لیکن اسٹیبلشمنٹ نہیں کرنے دے رہی۔انہوں نے کہا کہ چوتھی سازش 8 فروری کا الیکشن تھا، جس میں ہمارا مینڈیٹ چوری کیا گیا، ہم الیکشن چوری کی تحقیقات کا مطالبہ کر رہے ہیں، یہ چیف جسٹس، سلطان سکندر کی تعریفیں کر رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ ملک میں سب کچھ یک طرفہ چل رہا ہے، یہ سب کچھ چیف جسٹس کی مدت ملازمت میں توسیع اور 2 تہائی اکثریت کے لیے کیا جا رہا ہے، قاضی فائز عیسیٰ نے ہماری مزید 3 وکٹیں گرا دی ہیں۔عمران خان نے کہا کہ بشریٰ بی بی گھر سے ہی نہیں نکلتی ان کو 9مئی کے مقدمات میں ملزم بنا دیا گیا ہے، اسٹیبلشمنٹ کو پیغام دے رہا ہوں کہ آپ ملک کو تباہی کی طرف لے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو دبانے کے کئے ملک کو تباہ کیا جا رہا ہے، میڈیا، سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ پر پابندی سے ملک کو 5 سو ملین ڈالر کا نقصان پہنچایا گیا، جب کہ بھارت کی صرف آئی ٹی ایکسپورٹ کی مالیت 160ارب ڈالر ہے۔

انہوںنے کہاکہ عدالت جب آئین کے مطابق فیصلہ کرے تو حکومت نہیں مانتی، پھر سرمایہ کاری کیسے آئے گی، قرض لینے سے مہنگائی بڑھے گی اور ملک ڈوبے گا۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کو کہتا ہوں آپ جو کر رہے ہیں اس سے ملک اور ادارے تباہ ہو رہے ہیں، فراڈ لوگوں کو اوپر بٹھا کر ادارے تباہ کئے جا رہے ہیں، نیب، پولیس اور ایف ائی اے سے غلط کام کروائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپیل کرتا ہوں کہ آپ ملک کو نقصان پہنچا رہے ہیں، ہمیں نہیں نقصان ہو رہا، سوشل میڈیا عوام کی آواز ہے، دھاندلی کرکے جمہوریت کا گلا دبایا گیا۔انہوںنے کہاکہ جنرل فیض کی گرفتاری سے ڈرا نہیں ہوں، اگر ڈرتا تو اس معاملہ پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ نہیں کرتا، میں آج بھی وکلا کے ذریعے آرٹیکل باہر بجھوا سکتا ہوں، اس کے لیے کسی جیل افسر کہ ضرورت نہیں ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ زلفی بخاری کو پیغام دینے کے لیے موبائل کی ضرورت نہیں، وکلا اور پارٹی لیڈرز کے ذریعے بجھوا سکتا ہوں، جیل میں موبائل جیمرز نصب ہیں، موبائل فون نہیں چلتا۔عمران خان نے کہا کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈرز کو مجھ سے ملاقات نہیں کرنے دی گئی، انھیں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات میں آپ سیاست پر بات نہیں کریں گے، میں ان سے سیاست پر نہیں تو موسم پر بات کروں گا یہ سب سے بڑا مذاق ہے، جب کہ شیر افضل مروت کو ملنے کو تیار ہوں۔انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس کے 190ملین پونڈ ریفرنس سے متلعق ریمارکس سے واضح کہ انھوں نے جج کو واضح پیغام دیا، ہمارے خلاف یہ ریفرنس چیف جسٹس کے 23 نومبر کو دیے گئے آرڈر کے باعث بنا، یہاں ریفرنس چل رہا ہے اور چیف جسٹس اس پر ریمارکس کیسے دے سکتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ زلفی بخاری کو کہا ہے کہ وہ بتا دے میں آکسفورڈ یونیورسٹی کے وائس چانسلر کا الیکشن لڑنے کو تیار ہوں۔

قائمہ کمیٹی اجلاس، پی ٹی آئی کے اقبال آفریدی نے خاتون کے لباس پر اعتراض اٹھادیا



اسلام آباد (خلیج نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی محمد اقبال آفریدی نے خاتون کے لباس پر اعتراض اٹھادیا۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں اقبال آفریدی نے خاتون کے لباس پر اعتراض اتھایا تو چیئرمین کمیٹی محمد ادریس نے رکن قومی اسمبلی کے رویے پر خاتون سے معذرت کی۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی میں خاتون بریفنگ کے بعد کمیٹی روم سے باہر نکلیں تو اجلاس میں شریک تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی نے چیئرمین کمیٹی کو مخاطب کرکے کہا کہ خاتون کا لباس قابل اعتراض ہے، اجلاس میں شرکت کیلیے لباس سے متعلق ایس او پیز ہونے چاہئیں۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے اراکین نے محمد اقبال آفریدی کے رویے پر سخت تنقید کی اور اس پر افسوس کا اظہار کیا۔اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اقبال آفریدی نے کہا کہ اگر ایک مہذب معاشرے میں اسی طرح کے لوگ آئیں گے تو بچے کیا کہیں گے؟ یہاں ایک خاتون رکن اسمبلی بھی بیٹھی تھیں، آپ نے ان کا لباس بھی دیکھا، یہاں ایسے ڈراموں کے سین نہیں ہوتے جسے معاشرہ دیکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ جو خاتون آئی تھیں، اس سے سسٹم، معاشرہ یانظام خراب ہونے کا اندیشہ ہے، میں کسی کے بارے میں بات تو نہیں کرتا لیکن لباس ٹھیک نہیں تھا۔

جنرل فیض کی گرفتاری فوج کا اندرونی معاملہ، پی ٹی آئی کا کوئی تعلق نہیں، عمران خان



راولپنڈی(خلیج نیوز)بانی پی ٹی آئی عمران خان نے جنرل فیض کی گرفتاری کو فوج کا اندرونی معاملہ قرار دے دیا۔اڈیالہ جیل راولپنڈی میں وکلاء رہنماؤں نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی، جس کے بعد بانی پی ٹی آئی کے وکیل انتظار پنجوتھہ نے دیگر وکلاء کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی سے وکلاء ٹیم کی تفصیلی ملاقات ہوئی، بانی پی ٹی آئی نے آج رات پرامن طریقے سے نکلنے کی کال دی ہے اور کہا ہے عوام آزادی کی خاطر آج گھروں سے نکلیں، یہ وقت ہے ملک کی خاطر نکلنا ہے۔

انتظار پنجوتھہ کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے کہا سپریم کورٹ پر دباؤ ڈالا جارہا ہے، نوجوانوں کی امید ختم ہورہی ہے، بنگلہ دیش سے برے حالات پاکستان میں ہیں، ارباب اختیار ہوش کے ناخن لیں، قاضی فائز عیسیٰ کو اب پیچھے ہٹ جانا چاہیے، ہماری تین نشستیں کل چھینی گئی ہیں۔انتظار پنجوتھہ کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ جنرل فیض کی گرفتاری فوج کا اندرونی معاملہ ہے، پی ٹی آئی کا جنرل فیض کی گرفتاری سے کوئی تعلق نہیں، یہ بات بالکل واضح ہے جنرل فیض سے ان کا کوئی سیاسی تعلق نہیں تھا، جنرل باجوہ نے نواز شریف سے ڈیل کرکے جنرل فیض کو تبدیل کیا تھا۔انتظار پنجوتھہ کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ اگر جنرل فیض کی گرفتاری کا تعلق نو مئی سے ہے اور ان کا نو مئی میں کوئی کردار ہے تو یہ بہت اچھا موقع ہے اس کے لئے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے اور نو مئی کی سی سی ٹی وی فوٹیجز سامنے لائی جائیں۔

پی ٹی آئی کو 27 اگست کو جلسے کی اجازت مل گئی، لطیف کھوسہ



لاہور(خلیج نیوز)پی ٹی اّئی کو 27 اگست کو جلسے کی اجازت مل گئی ، پی ٹی اّئی کے وکیل لطیف کھوسہ کہتے ہیں کہ 16 اگست کو جلسے کی جگہ کا تعین ہوگا۔لطیف کھوسہ نے کہا کہ آج علامہ اقبال، قائد اعظم اورذولفقارعلی بھٹو کی روح تڑپ رہی ہوگی، اگر ملک فوج، اسٹبلشمنٹ یا ایگزیکٹو نے چلانا ہے تو کیا عوام بھیڑبھکریاں ہیں، پھر آئین کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دو، اللہ کے حکم کے مطابق حق حکمرانی عوام کا ہے۔انھوں نے کہا کہ آئین کہتا ہے کہ عوام کے منتخب کردہ نمائندے ہی ریاست ہیں، ان کوعوام کے خون پسینے کے ٹیکسوں سے تنخواہ ملتی ہے، آئین ہی حدود و قیود متعین کرتا ہے۔ آئین کے تحفظ کی ذمہ داری محمود خان اچکزئی کے سپرد کی ہے۔جلسے کی اجازت ملنے کے بعد سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ اس دفعہ 14اگست کو حقیقی آزادی کے نام پرمنائیں گے جلسے اورجلوس نکالیں گے۔ جبکہ چاروں صوبوں میں حقیقی آزادی کیلئے سیمنار کریں گے۔

اسد قیصر نے حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مریم نوازایک ناجائز حکومت میں بیٹھ کرخود مارشل لائ ایڈمنسٹریٹرکا تاثر دیتی ہیں، پاکستان کو آگے لیجانے کیلئے آئین پر عملدرآمد کروانا ہوگا۔ ووٹ کو عزت دینیکا نعرہ مارنے والے اپنے مخالفین کوجلسیکرنیکی اجازت دینے کوتیار نہیں، عوام جانتے ہیں کہ مسلم لیگ نے 8 فروری کے انتخابات میں پنجاب سے کتنی سیٹیں جیتیں ہیں،اگر نواز شریف میں اخلاقی جرات ہوتی تو الیکشن ہارنے کو قبول کرلیتے۔انھو ں نے کہا کہ پنجاب میں گندم کا اسکینڈل ایا،گندم کیمعاملے پرڈاکہ ڈالا گیا، بجلی کی قیمتوں پرعوام کی زندگی مشکل بنادیا گیا، فیصل آباد کی چالیس فیصد صعنتین بند ہو چکی ہیں، سپریم کورٹ کے فل کورٹ نے مخصوص نشستوں پر فیصلہ کیاگیا ہے سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف قانون سازی کی گئی یہ بنیادی طور پر ایک ناجائز حکومت ہے۔

پی ٹی آئی کا27 اگست کو صوابی جلسے سے بڑا جلسہ لاہور میں کرنے کا اعلان



لاہور (خلیج نیوز) اپوزیشن اتحاد نے 27 اگست کو لاہور میں جلسہ کرنے کا اعلان کر دیا۔تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان اخونزادہ حسین یوسفزئی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 27 اگست کو صوابی جلسے سے بڑا جلسہ لاہور میں کرنے جا رہے ہیں۔ اس تاریخی جلسے سے اڈیالہ کے دروازے کھلنے کا قوی امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور میں جلسہ تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہو گا۔ 16 اگست کو انتظامیہ کے ساتھ مل کر جگہ فائنل کریں گے۔اخونزادہ حسین یوسفزئی نے کہا کہ تحریک انصاف سب سے بڑی جماعت ہے اس لیے مینار پاکستان جلسہ کرنے کی درخواست دی۔انہوں نے کہا کہ رکن اسمبلی چودھری امتیاز کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے جائیں۔ ایئرپورٹ پر چودھری امتیاز کو گرفتار کرنے کا بھونڈا مذاق کیا گیا۔ پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی کو پارلیمان میں لایا جائے۔

9 مئی واقعات پی ٹی آئی کو ٹریپ کرنے کی سازش تھے، عمر ایوب



اسلام آباد(خلیج نیوز)پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے کہا ہے کہ 9مئی اور 18مارچ کے واقعات پی ٹی آئی کو ٹریپ کرنے کی سازش تھے۔ غیرملکی میڈیاکوکو انٹرویو دیتے ہوئے عمر ایوب نے کہاکہ 9مئی واقعات کی ویڈیوز سامنے لائی جائیں تو لوگ بے نقاب ہو جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ معافی اور 9 مئی واقعات کی تحقیقات کا بانی پی ٹی آئی کا مطالبہ نیا نہیں ہے، جب ان واقعات کی سی سی ٹی وی ویڈیوز سامنے آئیں گی تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوگا۔عمر ایوب نے کہا کہ تحقیقات میں پی ٹی آئی سے منسلک افراد ثابت ہونے پر بانی پی ٹی آئی نے انہیں پارٹی سے نکالنے کا کہا ہے، ہم اور ہماری پارٹی کے لوگ پر امن ہیں۔انھوں نے کہا کہ حکمراں جماعتوں سے مذاکرات کا مینڈیٹ محمود خان اچکزئی کو دیا گیا ہے۔

حکومت کا پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کیساتھ رویہ الگ الگ ہے’لاہور ہائی کورٹ



لاہور ( خلیج نیوز) لاہور ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ حکومت کا پی ٹی آئی کے ساتھ رویہ مختلف ہے اور جماعت اسلامی کے ساتھ مختلف ہے۔پی ٹی آئی کی لاہور میں جلسے کی اجازت نہ ملنے کے خلاف دائر درخواست پر لاہور ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔جسٹس علی باقر نجفی نے کہا کہ پہلے دن سے پوچھ رہا ہوں کہ یوم آزادی پر سیاسی سرگرمی کے حوالے سے حکومت کی پالیسی کیا ہے؟ آپ کا پی ٹی آئی کے حوالے سے مختلف رویہ ہے، جماعت اسلامی کے حوالے سے مختلف، جماعت اسلامی کا دھرنا چل رہا ہے۔وکیل پنجاب حکومت نے کہا کہ پی ٹی آئی کے علاوہ دو اور سیاسی جماعتوں کے جلسے کی درخواستیں خارج کی گئیں، جماعت اسلامی بغیر اجازت کے یہ سب کچھ کر رہی ہے، اگر ایسا ہے تو آپ نے ان کے خلاف کیا ایکشن لیا؟

وکیل پنجاب حکومت نے کہا کہ مجھے اس کی معلومات نہیں، ہوسکتا ہے کہ راولپنڈی ڈویژن نے کچھ کیا ہوں، جلسے کی درخواست پر سیاسی جماعت کا رویہ بھی دیکھنا ہوتا ہے۔جسٹس باقر نے کہا کہ اگر آپ کو ایسا خطرہ ہے تو سیاسی جماعت بیان حلفی دے سکتی ہے، اگر بیان حلفی کے بعد بھی آپ اجازت نہیں دیتے تو قانون اس صورتحال کو دیکھے گا۔سرکاری وکیل نے کہا کہ اگر یہ جگہ اور وقت کی تبدیلی کی بات کرتے ہیں تو میں کل اس حوالے سے آگاہ کردوں گا، جب سیاسی سرگرمی ہوتی ہیں، تو دہشت گری کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔جسٹس علی باقر نجفی نے کہا کہ آپ کو کس بات کا خطرہ ہے؟ حکومت آپ کی ہے، مضبوط حکومت ہے، مجھے سمجھ نہیں آتی کہ اگر آپ کہیں کہ لاہور شہر میں کوئی 2 یا 5 مرلے کی جگہ نہیں جہاں جلسے ہوسکے؟سرکاری وکیل نے کہا کہ دو مرلے کی جگہ پر تو نہیں ہوسکتا، یہ بات تو آپ بھی تسلیم کریں گے۔عدالت نے سرکاری وکیل کو ہدایت لے کر پیش ہونے کی مہلت دیتے ہوئے سماعت آج ( جمعہ )تک ملتوی کردی۔

شیر افضل مروت کی پی ٹی آئی میں واپسی کی راہ ہموار ہونے لگی



اسلام آباد(خلیج نیوز)رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) میں واپسی کی راہ ہموار ہونے لگی۔بانی پی ٹی آئی نے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کی برطرفی کے نوٹیفکیشن پر نظرثانی کیلئے آمادگی ظاہر کر دی، ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل میں سینئر رہنماؤں نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات میں شیرافضل مروت کا معاملہ اٹھایا، جس پر بانی پی ٹی آئی نے ایک ہفتے میں فیصلہ کرنے کا کہہ دیا۔ذرائع کے مطابق بانی تحریک انصاف نے یقین دہانی کرائی کہ شیر افضل کی برطرفی کے معاملے کا خود جائزہ لوں گا، بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ اگر مطمئن ہوا تو شیر افضل مروت کی برطرفی کا نوٹیفکیشن واپس لے لوں گا۔یاد رہے کہ گزشتہ دنوں پی ٹی آئی کی جانب سے شیر افضل مروت کی رکنیت معطل کرتے ہوئے انہیں پارٹی سے فارغ کر دیا گیا تاہم شیر افضل مروت نے اس حوالے سے جاری نوٹیفکیشن کو جعلی قرار دیا تھا۔