Tag Archives: پیشگوئی

پنجاب میں 31 اگست تک مون سون بارشوں کی پیشگوئی



لاہور (خلیج نیوز)پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبے بھر میں شدید مون سون بارشوں کا الرٹ جاری کیا۔ مون سون بارشوں کا نیا سپیل شروع ہو گیا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں اٹک میں 51ملی میٹر، جہلم 46، چکوال 42، راولپنڈی 32، سیالکوٹ 31، بھکر 27، شورکوٹ 24 جبکہ مری میں 10ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ 31 اگست تک پنجاب میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی ہے۔ راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، جہلم، گوجرانوالہ، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب، چنیوٹ، فیصل آباد، قصور، خوشاب، سرگودھا اور میانوالی میں بارشیں متوقع ہیں۔ بھکر، لیہ، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، ملتان، خانیوال، لودھراں، مظفر گڑھ، کوٹ ادو، بہاولپور، بہاولنگر، خانپور اور رحیم یار خان میں بھی موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ ڈیرہ غازی خان، ملتان اور بہاولپور ڈویژنز میں بارشوں کے باعث فلیش فلڈنگ کا خطرہ ہے۔کوہ سلیمان رینج میں شدید بارشوں کے باعث رودکوہیوں میں سیلابی ریلوں کا خدشہ ہے۔ پی ڈی ایم اے نے کمشنرز، ڈی سیز ،واسا، محکمہ آبپاشی، ریسکیو، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ موسمی صورتحال کے بارے صوبے بھر کی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں 24 گھنٹے صورتحال کی مانیٹرنگ ہو رہی ہے۔ عوام الناس سے التماس ہے کہ حکومتی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ سیاح، مسافر اور کسان حضرات موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے معاملات ترتیب دیں۔ خراب موسم کی صورتحال میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ پرانی عمارتوں کھمبوں اور آسمانی بجلی کی گرج چمک سے بچا کیلئے محفوظ مقامات پر رہیں۔ ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں۔

جنوبی پنجاب کے اضلاع میں 24اگست سے 30 اگست تک بارشوں کی پیشگوئی



لاہور(خلیج نیوز)پنجاب کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے جنوبی پنجاب کے اضلاع میں آج ( ہفتہ) 24اگست سے 30 اگست تک بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے فلیش فلڈنگ کا الرٹ جاری کر دیا۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 24 سے 30 اگست کے دوران جنوبی پنجاب کے بیشتر اضلاع میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔کوہ سلیمان و کیرتھر رینج میں شدید بارشوں کے باعث سیلابی ریلوں اور بیشتر اضلاع میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ ہے۔کمشنر ڈیرہ غازی کے ساتھ ساتھ ڈپٹی کمشنرز راجن پور و ڈی جی خان کو بھی صورتحال کے بارے میں الرٹ جاری کردیا ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام محکمے الرٹ رہیں اور نشینی علاقوں سے پانی کی نکاسی کو جلد از جلد ممکن بنائیں۔

اگلے 3 روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی



اسلام آباد’لاہور(خلیج نیوز)محکمہ موسمیات نے اگلے 3 روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کر دی، این ڈی ایم اے نے سیلابی صورتحال کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کردیا۔محکمہ موسمیات کی جانب سے 21 تا 24 اگست کے دوران خیبرپختونخوا اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے، اس حوالے سے این ڈی ایم اے نے موسلا دھاربارشوں کے باعث مقامی ندی نالوں میں پانی کا بہاؤ بڑھنے کے ساتھ دریائے کابل کے بہاؤ میں بھی اضافے کا امکان ظاہر کیا ہے۔این ڈی ایم اے کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع ایبٹ آباد، پاراچنار، چارباغ، چارسدہ، چترال، دیر، ہری پور، ہزارہ، میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے،اس کے علاوہ مالاکنڈ، مانسہرہ، مردان، پشاور اور صوابی میں سیلابی صورتحال متوقع ہے۔این ڈی ایم اے کی جانب سے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات کی گئی ہیں اور کہا کہ ممکنہ ہنگامی صورتحال پر فوری رسپانس کو یقینی بنایا جائے۔

مسافراور سیاحوں کو لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر پہاڑی علاقوں کے سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔دوسری جانب پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سندھ میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے، دریائے چناب راوی جہلم اور ستلج میں پانی کا بہاؤ نارمل لیول پر ہے، رود کوہیوں میں سیلابی صورتحال کے پیش نظرنتظامیہ الرٹ ہیں۔پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ روز پتوک اور سوری شمالی سے درمیانے درجے کا سیلابی ریلہ گزرا، گزشتہ روز زنگی کے مقام سے اونچے درجے کا سیلابی ریلہ گزرا، راجن پور اور ڈیرہ غازی خان رودکوہیوں میں نارمل صورتحال ہے۔عرفان کاٹھیا کا کہنا ہے کہ منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 71 فیصد، تربیلا ڈیم میں 100 فیصد ہے، بھارتی ڈیمز میں پانی کی سطح بھی کم لیول پر ہے، بھاکڑا ڈیم 54 فیصد، پونگ 53 اور تھین ڈیم میں پانی کی سطح 26 فیصد ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نارووال نالہ بسنتر میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے، شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

آئندہ دو روز میں ملک بھر میں موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی، اربن فلڈنگ کا خدشہ



لاہور( خلیج نیوز)نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی نے آئندہ دو روز میں ملک بھر میں موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کردیا۔این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ اگلے 24 سے 48 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں طوفانی اور موسلادھار بارشیں متوقع ہیں جس کے باعث تمام بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وقفے وقفے کے ساتھ مزید موسلادھار بارشوں کا امکان ہے، اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، شیخوپورہ، قصور میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، نوشہرہ اور پشاور کے نشیبی علاقوں میں بھی اربن فلڈنگ کا امکان ہے، تمام متعلقہ محکمے چوکس رہیں اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں۔دوسری جانب کوہ سلیمان ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں مسلسل بارش کے باعث رود کوہیوں میں طغیانی کی صورتحال ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں میں ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔ راجن پور میں گزشتہ 3 روز سے جاری بارش کے سبب رود کوہیوں میں سیلابی صورتحال ہے۔

کاہا سے انتہائی اونچے درجے کا 90 ہزار کیوسک پانی کا ریلہ گزر رہا ہے۔ چھاچھر اونچے درجے کا41ہزار کیوسک پانی کا ریلہ گزر رہا ہے۔ کالا بھگا سے انتہائی اونچے درجے کا 27 ہزار کیوسک سیلابی ریلہ گزر رہا ہے۔ زنگی سے انتہائی اونچے درجے کا 19 ہزار کیوسک پانی کا ریلہ گزر رہا ہے۔ پتوک سے درمیانے درجے کا 8 ہزار کیوسک پانی کا ریلہ گزر رہا ہے۔ ڈیرہ غازی خان سخی سرور اور وڈور سے اونچے درجے کے سیلابی ریلے گزر رہے ہیں۔ سخی سرور سے 30 ہزار کیوسک پانی کا سیلابی ریلا گزر رہا ہے۔ وڈور سے 73 ہزار کیوسک پانی کا ریلہ گزر رہا ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر پی ڈی ایم اے و مقامی انتظامیہ الرٹ ہے۔ رود کوہیوں کا پانی اپنی قدرتی گذرگاہوں سے گزر رہا ہے۔ سیلابی ریلوں کے راستوں میں مقیم شہریوں کو پیشگی محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ عوام الناس سے التماس ہے کہ سیلابی صورتحال میں انتظامیہ سے تعاون کریں۔پی ڈی ایم اے کی جانب سے آئندہ 36 گھنٹوں کے دوران جنوبی پنجاب کے اضلاع میں فلیش فلڈنگ کا الرٹ جاری کیا گیا۔

ڈیرہ غازی خان ملتان اور بہاولپور ڈویژنز میں شدید بارشیں متوقع ہیں۔ موسلا دھار بارشوں کے باعث بیشتر اضلاع میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ کمشنر ڈیرہ غازی خان ملتان اور بہاولپور کو الرٹ جاری کردیا گیا۔ ڈپٹی کمشنرز راجن پور کوٹ ادو لیہ مظفرگڑھ خانیوال لودھراں وہاڑی رحیم یار خان اور بہاولنگر کو بھی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ڈیرہ غازی خان رودکوہیوں میں شدید بارشوں کے باعث فلیش فلڈنگ کا خطرہ ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام محکمے الرٹ رہیں۔ انتظامیہ فلیش فلڈنگ کے خدشے کے پیش نظر ہائی الرٹ رہے۔ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی مانیٹرنگ 24/7 جاری ہے۔

1122 سمیت دیگر ریسکیو ادارے مشینری سمیت عملے کو الرٹ رکھیں۔ نشینی علاقوں سے پانی کی نکاسی کو جلد از جلد ممکن بنائیں۔ مون سون بارشوں کا سلسلہ 20 اگست تک جاری رہنے کی پیشگوئی ہے۔ شہری احتیاط کریں بجلی کے کھمبوں اور لٹکتی تاروں سے دور رہیں۔ عوام الناس کچے مکانات اور بوسیدہ عمارتوں سے دور رہیں۔ خراب موسم کی صورتحال میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ بچوں کا خاص خیال رکھیں انہیں نشیبی علاقوں میں جمع پانی کے قریب ہرگز نہ جانے دیں۔ ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کر یں ہیں۔

جیل سے پیشگوئی کر رہا ہوں، حکومت کے پاس صرف 2 مہینے کا وقت ہے،عمران خان



راولپنڈی(خلیج نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ یہ تاثر غلط ہے کہ میں نے غیر مشروط معافی مانگی ہے، 9 مئی کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں پی ٹی آئی والے سامنے لائے جائیں تو معافی مانگوں گا۔اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ 9 مئی پر صرف انصاف چاہتے ہیں، میں صرف اور صرف پاکستان کے لیے بات کرنے کا کہہ رہا ہوں۔عمران خان نے کہا کہ 9 مئی کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں پی ٹی آئی والے سامنے لائے جائیں تو معافی مانگوں گا، جتنے مقدمات بنانے ہیں بنا لیں کوئی ڈیل نہیں کروں گا، ڈیل وہ کرتا ہے جس نے کوئی جرم کیا ہو۔بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ حکومت میں موجود ریلو کٹے فوج کو ورغلاتے ہیں کہ پی ٹی آئی کو ختم کردیں، القادر ٹرسٹ کیس میں گواہ پیش کروں گا،شناخت نہیں بتاسکتا ورنہ ڈالا پہنچ جائے گا۔عمران خان نے کہا کہ اگر موجودہ حکومت کی زیر نگرانی دوبارہ الیکشن ہوئے تو ہم نہیں مانیں گے۔بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ مجھ سے مذاکرات کیلئے کسی نے رابطہ نہیں کیا، جیل سے پیش گوئی کررہا ہوں کہ حکومت کے پاس صرف 2 مہینے کا وقت ہے، حکومت دلدل میں پھنستی جارہی ہے، یہ بیوقوف ہیں انہیں سمجھ نہیں آرہی، میرے پاس بہت وقت ہے ، ان کے پاس وقت ختم ہو رہا ہے۔

بلوم برگ کی پاکستان کی شرح نمو میں دوگنا اضافے کی پیشگوئی



کراچی(خلیج نیوز)پاکستان کی معاشی بہتری کے آثار نمایاں ہونے شروع ہوگئے، ورلڈ بینک اور بلوم برگ نے اپنی رپورٹس میں معاشی استحکام کے آثار نمایاں ہونے کی تصدیق کی ہے۔ورلڈ بینک اور معتبر عالمی مالیاتی خبر رساں ادارے بلوم برگ کی رپورٹس میں پیشگوئی کی گئی ہے کہ شرح نمو میں اضافے اور معیشت نے ترقی دکھانا شروع کر دی ہے، رواں مالی سال کی نسبت آئندہ مالی سال میں شرح نمو میں دوگنا اضافے اور بتدریج بڑھوتری ہوگی۔ورلڈ بینک کی رپورٹ پر بلوم برگ نے تجزیاتی رپورٹ پیش کی ہے جس میں اگلے مالی سال میں مہنگائی کی شرح میں 11 فیصد کمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

آئی ایم ایف کے نئے بیل آٹ پروگرام سے معاشی شرح نمو میں مزید تیزی اور استحکام آئے گا۔بلوم برگ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 22 ماہ میں مہنگائی کی شرح پہلی بار سب سے کم 20.7 فیصد کی شرح پر آگئی ہے، دو سال کے بعد مہنگائی کی شرح میں کمی کا رجحان دیکھنے میں آرہا ہے، جولائی سے شروع ہونے والے مالی سال کے دوران پاکستان کو 24 ارب ڈالر کی بیرونی مالی مدد درکار ہوگی۔

عالمی بینک کی آئندہ مالی سال ملک میں مہنگائی کی شرح میں کمی کی پیشگوئی



کراچی(خلیج نیوز) عالمی بینک نے پاکستان کی جی ڈی پی کم رہنے کی پیش گوئی کردی جبکہ رواں مالی سال شرح نمو 1.8 فیصد رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق عالمی بینک نے پاکستان ڈیولپمنٹ آئوٹ لک رپورٹ جاری کردی جس میں پاکستان کی جی ڈی پی اگلے 3 سال میں 3 فیصد سے کم رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔پاکستان میکرو اکنامک آئوٹ لک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مالی سال 2025 میں پاکستان کی شرح نمو 2.3 فیصد جبکہ مالی سال 2026 میں 2.7 فیصد رہے گی جبکہ رواں مالی سال پاکستان کی شرح نمو 1.8 فیصد رہنے کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ عالمی بینک نے آئندہ سال مہنگائی میں کمی کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ رواں مالی سال مہنگائی کی شرح 26 فیصد رہنے کا امکان ہے جبکہ مالی سال 2025 میں مہنگائی 15فیصد تک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔مالی سال 2026 میں مہنگائی کی شرح 11.5 فیصد تک اور رواں مالی سال صنعتی ترقی کی نمو 1.8فیصد رہنے کا امکان ہے، 2025میں صنعتی ترقی 2.2 فیصد ، 2026 میں 2.4 فیصد رہنے کا امکان ہے۔

رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال 24-2023 کے دوران شعبہ زراعت کی ترقی 3 فیصد تک رہ سکتی ہے، مالی سال 2025 میں زرعی شرح نمو کم ہوکر 2.2 فیصد رہنے کا امکان ہے جبکہ عالمی بینک نے مالی سال 2026 میں زراعت کی ترقی بڑھ کر 2.7 فیصد رہنے کی پیش گوئی ہے۔عالمی بینک کے مطابق رواں مالی سال مالیاتی خسارہ جی ڈی پی کے 8 فیصد تک، مالی سال 2025میں مالیاتی خسارہ جی ڈی پی کے 7.4 فیصد رہنے اور مالی سال 2026 میں مالیاتی خسارہ جی ڈی پی کے 6.6 فیصد رہنے کا امکان ہے۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان کو صورتحال میں مزید بہتری لانے کیلئے امپورٹ مینجمنٹ پر سنجیدہ کوششیں اور قرضوں کی مینجمنٹ پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔