Tag Archives: پاکستان

سعودیہ کا پاکستان کیلئے بین الاقوامی روٹس پر50فیصد رعایت کا اعلان



کراچی (خلیج نیوز) سعودی عرب کی قومی فضائی کمپنی سعودیہ نے جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹر نیشنل ایئر پورٹ اور ریاض کے کنگ خالد انٹر نیشنل ایئر پورٹ سے پاکستان سمیت دیگر ممالک کے مسافروں کے لیے بین الاقوامی پروازوں پر 50فیصد تک کی غیر معمولی پروموشنل پیشکش کا اعلان کیا ہے۔یہ اقدام سعودیہ کی جانے سے اپنے مسافروں کو سال بھر خصوصی ڈیل اور مسابقتی نرخوں کی فراہمی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔یہ پیشکش پاکستانی مسافروں کو ”Your Ticket Your Visa” سروس کے ذریعے مملکت سے بھی جوڑے گی،اور زائرین کو مملکت میں 96گھنٹے تک قیام،مختلف علاقوں کے سفر اور یہاں تک کہ عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کی سہولت بھی حاصل ہوگی۔

پاکستانی مسافر اس پروموشنل پیشکش سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں،اوریکم ستمبر سے 30نومبر 2024کے دوران سفر کیلئے اپنے ٹکٹ 18سے31اگست2024تک بک کراسکتے ہیں۔یہ پیشکش محض پاکستان سے سفر کرنے والے بزنس اور گیسٹ کلاس کے مسافروں کیلئے ہے،اور اس پیشکش کے ذریعے بزنس اور گیسٹ کلاس کے مسافر سعودیہ کے چار بر اعظموں پر مشتمل کسی بھی بین الاقوامی روٹ پر سفر کرسکتے ہیں۔سعودیہ کی ویب سائٹ اور ڈیجیٹل چینلز پر ٹرپ پلاننگ سے لے کر چیک ان اور پوسٹ فلائٹ سپورٹ تک خدمات سے متعلق معلومات موجود ہیں۔ہوائی اڈوں پر موثر گراؤنڈ سروسز،ہموار آپریشنز اور غیر معمولی دوران پرواز خدمات،اعلیٰ و معیاری کیٹرنگ،دوران پرواز تفریح اور دیگر سہولیات کے ذریعے مسافروں کے سفری تجربات کو مثالی و یادگار بنایا جاسکتا ہے۔

جو پاکستان کی ڈیفالٹ کا بیانیہ بنا رہے تھے، وہ آج کہاں ہیں؟،آرمی چیف



ر اولپنڈی(خلیج نیوز) پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ جو پاکستان کی ڈیفالٹ کا بیانیہ بنا رہے تھے، وہ آج کہاں ہیں؟،ریاست کی یہ ذمہ داری ہے کہ عوام کو سوشل میڈیا سے پیدا شدہ ہیجان اور فتنے کے مضمرات سے دور رکھے،پاکستان کا سب سے بڑا اور قیمتی سرمایہ ہمارے نوجوان ہیں، ہم کسی صورت اسے ضائع نہیں ہونے دیں گے،خیبر پختونخوا کے عوام 22 سال سے پاک فوج کے ساتھ مل کر دہشتگردی کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑے رہے ، پاڑہ چنار کے قبائل قبائل مل بیٹھ کر زمینی اور فروعی تنازعات ختم کرنے میں مدد دیں۔بدھ کوچیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے نوجوانان پاکستان سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آپ کی آنکھوں کی چمک دیکھ کر یہ یقین ہو جاتا ہے کہ پاکستان کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے ۔ انہوںنے کہاکہ آزاد ریاست کی اہمیت جاننی ہے تو لیبیا، شام، کشمیر، اور غزہ کے عوام سے پوچھو۔

نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے چیف آف آرمی سٹاف نے کہا کہ علم انسان کو دوسروں سے ممتاز کرتا ہے ،ریاست کی یہ ذمہ داری ہے کہ عوام کو سوشل میڈیا سے پیدا شدہ ہیجان اور فتنے کے مضمرات سے دور رکھے ۔ انہوںنے کہاکہ عوام، حکومت اور فوج کے درمیان مضبوط رشتہ ہی پاکستان کے تحفظ اور ترقی کا ضامن ہے ۔ آرمی چیف نے سوال کیاکہ جو پاکستان کی ڈیفالٹ کا بیانیہ بنا رہے تھے، وہ آج کہاں ہیں؟ ۔ انہوںنے کہاکہ بحیثیت مسلمان ہمیں نا امیدی سے منع کیا گیا ہے ،چیف آف آرمی سٹاف نے نوجوانوں سے کہا کہ زندگی امتحان کا نام ہے، اور قرآن کی آیت پڑھیں ”کیا لوگ یہ سمجھے بیٹھے ہیں کہ صرف یہ کہنے پر چھوڑ دیے جائیں گے کہ ہم ایمان لائو، اور ان کی آزمائش نہ ہو گی؟۔ آرمی چیف نے کہاکہ پاکستان کا سب سے بڑا اور قیمتی سرمایہ ہمارے نوجوان ہیں، ہم کسی صورت اسے ضائع نہیں ہونے دیں گے ۔ خطاب کے اختتام میں آرمی چیف نے نوجوانوں کو علامہ اقبال کا یہ شعر سنایا،افراد کے ہاتھوں میں ہے اقوام کی تقدیر،ہر فرد ہے ملت کے مقدر کا ستارہ۔خطاب کے بعد وقفہ سوالات کے دوران نوجوانوں کے سوالات کے جواب میں چیف آف آرمی سٹاف نے پاک فوج کا مؤقف بیان کیا۔پاڑہ چنار میں فسادات پر سوال کے جواب میں آرمی چیف نے کہا قبائل مل بیٹھ کر زمینی اور فروعی تنازعات ختم کرنے میں مدد دیں۔ انہوںنے کہاکہ خیبر پختونخوا کے عوام 22 سال سے پاک فوج کے ساتھ مل کر دہشتگردی کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑے رہے ۔ انہوںنے کہاکہ میرا یہ ایمان ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ ہمیں دہشتگردی کے خلاف فتح مبین عطا کرے گا ۔

بی وائی ڈی کمپنی نے پاکستان میں 3 نئی گاڑیاں متعارف کروا دیں



کراچی(خلیج نیوز)آخر کار طویل انتظار کے بعد معروف کمپنی بی وائی ڈی (BYD) نے اپنی 3 گاڑیاں پاکستان میں فروخت کیلئے پیش کر دی ہیں ۔کمپنی کی جانب سے لانچ کی گئی گاڑیوں میں بی وائے ڈی ایٹو 3(BYD Atto 3) : یہ گاڑی مکمل طور پر الیکٹرک سیگمنٹ کراس اوور،بی وائے دی سیل (BYD Seal): یہ گاڑی مکمل طور پر درمیانے حجم کی سیڈان اوربی وائے ڈی سی لائن 6 (BYD Sealion 6): پلگ اِن ہائبرڈ الیکٹرک وہیکل (PHEV) مڈسائز کراس اوور شامل ہے ۔کمپنی کی جانب سے تینوں گاڑیوں کے فیچرز اور خصوصیات کے بارے میں کوئی تفصیل جاری نہیں کی ہے ، تاہم دیگر ممالک میں کمپنی کی جانب سے ان گاڑیوں دیئے گئے فیچرز آپ کو پیش کرنے جارہے ہیں ۔کمپنی کی جانب سے لانچ کیئے گئے تینوں ماڈلز آسٹریلیا، برازیل، بیلجیئم اور سویڈن میں بہت پسند کیئے جارہے ہیں تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آیا کمپنی انہی فیچرز کے ساتھ پاکستان میں گاڑیاں فروخت کرے گی یا پھر اس میں کچھ تبدیلیاں کی جائیں گی ۔

بی وائے ڈی ایٹو 3(BYD Atto 3) ایک چارج میں 330 کلومیٹر تک سفر کی سہولت دیتی ہے جبکہ اس میں 201 ہارس پاور ، 315 نیوٹن میٹر ٹارک اور لیتھیم آئن کی بیٹریاں دی گئیں ہیں ،یہ گاڑی محض 37 منٹ میں چارج ہونے کی صلاحیت کی حامل ہے ۔ بی وائے دی سیل (BYD Seal) ایک چارج میں 425 کلومیٹر تک سفر کی سہولت فراہم کرتی ہے ،اس میں 215 ہارس پاور، 330 نیوٹن میٹر ٹارک اور لیتھیم آئن کی بیٹریاں دی گئیں ہیں ، یہ گاڑی محض 45 منٹ میں چارج ہونے کی صلاحیت کی حامل ہے ۔بی وائے ڈی سی لائن 6 (BYD Sealion 6) میں کمپنی کی جانب سے 1500 سی سی ٹربو چارج انجن دیا گیاہے جو کہ 319 ہارس پاور اور 550 نیوٹن میٹر ٹارک پیدا کرنے کی صلاحیت کا حامل ہے ، یہ گاڑی صفر سے 100 تک محض 5.9 سکینڈ میں جاتی ہے، یہ گاڑی صارفین کو ایک لیٹر میں 17.24 کلومیٹر کی ایوریج دیتی ہے ، گاڑی کا وزن 2100 کلو ہے ۔

حق دو پاکستان کو تحریک کا آغاز یکم ستمبر سے ہو گا، 28اگست کو ملک گیر ہڑتال ہو گی’حافظ نعیم الرحمن



لاہور (خلیج نیوز)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ حق دو پاکستان کو تحریک کا آغاز یکم ستمبر سے ہو گا، 28اگست کو بجلی کی قیمتوں، ٹیکسز اور حکمرانوں کی مراعات میں کمی کے مطالبات کے ساتھ ملک گیر ہڑتال ہو گی، بلوچستان میں لاپتا افراد کا مسئلہ حل کیا جائے، حکمران احتجاج روک سکتے ہیں، سوچ پر پابندی نہیں لگا سکتے، عوام کے مسائل حل نہیں ہوں گے تو ریاست کے خلاف نفرتیں بڑھیں گی، صوبہ کی گیس، معدنیات پر بلوچستان کے عوام کا ترجیحی حق ہے، کچھی کینال منصوبہ مکمل کیا جائے، میکرو اور مائیکرو لیول پر سولر پینل منصوبوں کا آغاز ہو، ایران پاکستان گیس پائپ لائن مکمل ہو جائے تو ملک کی 30فیصد توانائی کی ضروریات پوری ہو سکتی ہیں، سی پیک کے مخالف نہیں، اس سے مقامی افراد کو فائدہ ہونا چاہیے،

سمندر میں ٹرالر مافیا پروان چڑھے گا تو مقامی مچھیرے کا کیا بنے گا، صرف فشری کی صنعت کو پروموٹ کر کے ہی قومی معیشت بہتر ہو سکتی ہے، بارڈر تجارت کو ریگولیٹ کیا جائے، غیر قانونی کاموں میں کوئی فوجی یا غیر فوجی ملوث ہے تو کارروائی ہونی چاہیے، چمن بارڈر مسئلہ حل کیا جائے، مغربی سرحد پر موجود ممالک سے بارٹر بنیادوں پر تجارت ہو سکتی ہے، نواز شریف نے 30سالہ سیاست کے تجربہ کے باوجود بیٹی کو ساتھ بٹھا کر لوکل پولیٹکس کی، بجلی کی اصل لاگت کے مطابق قیمت کا تعین کر کے پورے پاکستان کو ریلیف دیا جائے، حکومت کو پرامن دھرنا کے بعد معاہدہ پر مجبور کیا، کسی صورت عوامی پریشر کم نہیں ہونے دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ پریس کلب میں میٹ دی پریس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر پریس کلب کوئٹہ عبدالخالق رند، سیکرٹری بنارس خاں، امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی، ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ، ڈائریکٹر ڈیجیٹل و سوشل میڈیا جماعت اسلامی سلمان شیخ و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

امیر جماعت نے کہا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں بدامنی بڑا قومی مسئلہ ہے، سندھ میں کچے اور پکے کے ڈاکوں کا راج ہے، اب سندھ والے بلوچستان میں آ گئے ہیں، فکر ہے کہ حالات کیسے بہتر ہوں گے، پنجاب میں بھی مہنگائی اور بدامنی کی وجہ سے عوام تنگ ہیں، جماعت اسلامی نے عوامی مسائل پر احتجاج کا آغاز کیا اور پرامن دھرنا دیا، حیران ہوں وزیراعظم خود تسلیم کرتے ہیں کہ عوام میں بجلی بلوں کی ادائیگی کی سکت نہیں، ان سے پوچھا جائے کہ آپ بجلی کے بل کم کیوں نہیں کرتے تو جواب نہیں دیتے۔ انھوں نے کہا کہ آئی پی پیز ایک طرف تو کیپسٹی چارجز کی مد میں عوام کے خون پسینے کی کمائی نچوڑ رہے ہیں، دوسری جانب پتا چلا ہے کہ ان پرائیویٹ بجلی پیدا کرنے والے کارخانوں کو ٹیکس کی مد میں 1200ارب کی چھوٹ دی گئی، ملک پر مسلط چند افراد، جاگیرداروں، وڈیروں، بیوروکریسی کی شکل میں بدترین لوٹ مار اور عوام کے استحصال میں ملوث ہیں، ان سے جان چھڑانے اور عوام کو حق دلانے کے لیے پرامن قومی مزاحمتی تحریک کا آغاز کر رہے ہیں۔ حق دو بلوچستان کو تحریک بھی حق دو پاکستان کو تحریک کا حصہ ہے، یکم ستمبر سے ہی قومی سطح پر ممبرسازی مہم کا آغاز ہو گا، خصوصی طور پر نوجوانوں کو فوکس کریں گے، خواتین کو بھی ممبر بنائیں گے، آئین کی بالادستی اور جمہوری آزادیاں ہماری تحریک کا سرفہرست ایجنڈا ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جمہوریت کا آغاز سیاسی پارٹیوں میں جمہوریت اور مقامی حکومتوں کا موثر نظام قائم کرنے اور انھیں اختیارات دینے سے ہو گا، جمہوریت کی بات کرنے والے پہلے خود جمہوری بن کر دکھائیں، آمریت سے مدد لے کر سیاست کرنے والے کبھی جمہوریت مضبوط نہیں کر سکتے۔ امیر جماعت نے کہا کہ حکمران طبقہ کو لاپتا افراد کے وارثین کے دکھ کا اندازہ اسی صورت میں ہو سکتا ہے، اگر ان کا کوئی اپنا لاپتا ہو جائے، اگر وزیراعظم، وزیراعلی یا آرمی چیف چاہتے ہیں کہ لوگ آئین پر عمل درآمد کریں تو سب سے پہلی ذمہ داری ان کی ہے کہ وہ خود قانون کی پاسداری کر کے دکھائیں، کوئی جتنی اہم پوزیشن پر ہو گا، اس کی اتنی ہی ذمہ داری ہے۔ عوام کو پرامن احتجاج کا حق بھی نہ دیا جانا، کون سا انصاف ہے؟ جماعت اسلامی نے کراچی میں دھرنا دیا تو شہر کو سیل کر دیا گیا، اسلام آباد گئے تو پورے شہر کو کنٹینروں سے بند کر دیا گیا، ہم ہرگز نہیں چاہتے کہ پاکستان میں غیر ملکی مداخلت ہو، لوگ ایجنسیوں کے ہتھے چڑھیں، لیکن اس سے بچنے کے لیے عوام کو حقوق دینا ہوں گے، ان کے مسائل حل کرنا ہوں گے، لاپتا افراد کے مسئلہ پر احتجاج کرنے والی بہنوں، بیٹیوں کو گھسیٹنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔

امیر جماعت نے کہا کہ حکمران عوام کو آئی پی پیز کی پنلٹی سے ڈراتے ہیں، پاک ایران گیس پائپ لائن پر 18ارب ڈالر کی پنلٹی کا ذکر نہیں کرتے، وجہ امریکا کا خوف ہے، حکمران امریکا کے غلام ہیں، یہ اپنی مراعات کم کرنے اور عیاشیاں ختم کرنے کو تیار نہیں، سودی معیشت کا بتدریج خاتمہ کر کے قومی خزانہ کو اربوں روپے کا فائدہ ہو سکتا ہے، جاگیرداروں پر ٹیکس لگایا جائے، آئی پی پیز کے کیپسٹی چارجز ختم کرکے براہ راست فائدہ عوام کو دیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی حکومت سے معاہدہ پر ہر صورت میں عمل درآمد کرائے گی، آئی پی پیز کے عذاب سے قوم کی جان چھڑائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ بجلی پیدا کرنے والی کمپنیوں کے ساتھ ساتھ حکومت نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو بھی کیپسٹی چارجز ادا کرنا شروع کر دیے تھے، مٹیاری، لاہور ٹرانسمیشن لائن کی ذمہ دار کمپنی کو اربوں دیے گئے، اب یہ سلسلہ نہیں چلے گا۔ مختلف سوالوں کا جواب دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کسی سے انتخابی اتحاد نہیں کرے گی، مشترکات پر سیاسی جماعتوں سے بات چیت چلتی رہے گی۔ انھوں نے کہا کہ طوفان الاقصی کے بعد کوئی مسلمان ملک اسرائیل کو تسلیم کرنے کی جرات نہیں کر سکتا، اسلامی ممالک کے حکمرانوں کی خاموشی کی وجہ سے اسرائیلی مظالم کو شہ مل رہی ہے۔ جماعت اسلامی فلسطین پر پوری قوت سے آواز اٹھاتی رہے گی۔

پاکستان کا زمین سے زمین تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل شاہین ٹو کا کامیاب تجربہ



راولپنڈی (خلیج نیوز)پاکستان نے زمین سے زمین تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل شاہین ٹو کا کامیاب تجربہ کرلیا۔پاک فوج کے شعبہ ابلاغ عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا کہ تربیتی لانچ کا مقصد ٹروپس کی تربیت، مختلف تکنیکی پیرامیٹرز کی توثیق کا جائزہ لینا تھا، اس کا مقصد بہتر درستگی اور بہتر بقا کے لیے شامل مختلف ذیلی نظاموں کی کارکردگی کا جائزہ لینا بھی تھا، سائنسدانوں نے اس تاریخی کامیابی میں اپنا حصہ ڈالا۔آئی ایس پی آرنے کہا کہ تربیتی لانچ کا مشاہدہ اسٹریٹجک پلانز ڈویڑن، آرمی اسٹریٹجک فورسز کمانڈ، سائنسدانوں اور اسٹریٹجک تنظیموں کے انجینئرز کے سینئر افسران نے کیا، ڈائریکٹر جنرل اسٹریٹجک پلانز ڈویڑن نے سائنسدانوں کی تکنیکی صلاحیت، لگن اور عزم کو سراہا۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ صدر مملکت آصف زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے سائنسدانوں اور انجینئرز کو اس کامیابی پر مبارکباد دی، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے کامیاب تجربے پر مبارکباد پیش کی۔

پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں پنجاب سر فہرست



اسلام آبادر(خلیج نیوز)پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں پنجاب سرفہرست پر آگیا۔سال2021 سے لے کر 2023 تک انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی رپورٹ جاری کردی گئی، رپورٹ انسانی حقوق کی وزارت نے جاری کی، اس مدت میں خواتین سے زیادتی، تشدد، قتل کے 13 ہزار 904 کیسز رجسٹرڈ ہوئے۔وزارت انسانی حقوق کی جاری رپورٹ کے مطابق پنجاب میں خواتین پر تشدد، زیادتی اور قتل کے 4 ہزار 376 کیسز رپورٹ ہوئے، گھریلو تشدد کے 121، زیادتی کے 999 اور قتل کے 3 ہزار 256 کیسز رپورٹ ہوئے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ خیبر پختونخوا ہ میں زیادتی کے 59، گھریلو تشدد کے 43 کیسز رپورٹ ہوئے، خیبرپختونخوا ہ میں قتل کے 3 ہزار 906 کیسز ریکارڈ ہوئے، سندھ میں گھریلو تشدد کے 219، زیادتی کے 266 اور قتل کے 3 ہزار 296 کیسز ریکارڈ ہوئے۔وزارت انسانی حقوق نے رپورٹ میں بتایا کہ بلوچستان میں زیادتی کے 107، گھریلو تشدد کے 521 اور قتل کے 1 ہزار 21 کیسز ریکارڈ ہوئے، اسلام آباد میں گھریلو تشدد کے 32، قتل 48 اور زیادتی کے 10 کیسز سامنے آئے۔

پاکستان میں 2040 تک پانی کی سطح شدید کم ہونے کا خدشہ،ایشیائی ترقیاتی بینک



اسلام آباد(خلیج نیوز)ایشیائی ترقیاتی بینک نے بڑھتی آبادی، درجہ حرارت، کم واٹر اسٹوریج کے باعث پاکستان میں 2040 تک پانی کی سطح شدید کم ہونے کا خدشہ ظاہرکرتے ہوئے کہاہے کہ ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی اور شجرکاری کے مسائل مسلسل بڑھنے لگے ہیں۔ایشیائی ترقیاتی بینک کی جاری رپورٹ کے مطابق پاکستان کے شہری علاقوں میں آبادی بڑھنے کی شرح 3.65 فیصد تک پہنچ گئی ہے ،شہری علاقوں میں آبادی بڑھنے کی شرح دیہی علاقوں کی نسبت دوگنی جبکہ 250 تک پاکستان کی آبادی 40 کروڑ تک تجاوز کر جائے گی۔اے ڈی بی کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ آبادی میں تیزی سے اضافہ کے باعث شہروں میں بنیادی سہولت کا فقدان بڑھے گا جبکہ بڑھتی ہوئی آبادی کے باعث لوگوں کا رہن سہن غیرمعیاری ہو رہا ہے،شہروں میں منصوبہ بندی کے بغیر غیرقانونی اور بلڈنگ کوڈز کی خلاف ورزی ہو رہی ہے غیرقانونی اور بلڈنگ کوڈز کی خلاف ورزی سے شہروں میں ماحول اور نظام میں خرابی ہو رہی جبکہ زرعی زمینوں پر بڑھتی ہوئی انکروچمنٹ کے باعث مستقبل میں غذائی قلت کا خدشہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کو بڑھتی ہوئی آبادی کے باعث نئے شہر اور مستقل پالیسی بنانے کی ضرورت ہے اکنامک پاور ہاؤس، تعلیم، رہن سہن کیلئے بہتر مواقع فراہم کرنے کیلئے پالیسی بنانا ہو گی،گزشتہ سال کے دوران پاکستان کو زدمبادلہ ذخائر میں کمی اور تاریخی مہنگائی کا سامنا تھاجبکہ 2018میں کراچی کا جی ڈی پی میں کنٹریبیوشن 15 فیصد اور ٹیکسز میں 55 فیصد تھا،رپورٹ میں پاکستان کے 10 بڑے شہر وفاقی ٹیکسز میں 95 فیصد کنٹریبیوشن کر رہے ہیں۔ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق اٹھارویں ترمیم کے بعد صوبے اور لوکل گورنمنٹ شہروں میں سروسز اور مینجمنٹ کو بہتر نہیں بنا سکی 2022اور 2010 کے سیلاب کے باعث پاکستان کی معیشت کو 40 ارب ڈالر کا نقصان ہوا جس کے باعث 3700 افراد کی اموات ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق 2015 کے دوران کراچی میں ہیٹ ویو کے باعث 1200 افراد کی اموات ہوئی،کلائمیٹ چینج کے باعث پاکستان کو ساؤتھ ایشیا ریجن میں سب سے زیادہ معاشی نقصان ہوا۔اے ڈی بی کے مطابق بڑھتی ہوئی آبادی کے باعث پاکستان کو سالانہ3 لاکھ 50 ہزار نئے گھروں کی ضرورت ہے،آبادی کی سیٹلمنٹ کیلئے مجموعی طور پر1 کروڑ نئے گھروں کی ضرورت ہے،جبکہ2040 تک پانی کی کمی کا سامنا کرنے والے ممالک میں پاکستان 23 ویں نمبر پر آ سکتا ہے،شہری علاقوں میں 43 فیصد آبادی کو تاحال بہترین پانی کی نہ فراہمی جیسے مسائل کا سامنا ہے اور شہری علاقوں میں تقریباً 18 فیصد آبادی بنیادی حفظان صحت کے اقدامات سے محروم ہے جبکہ شہری علاقوں میں آبادی کو پینے کیلئے طلب سے نصف مقدار میں پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کا 2050 تک پاکستان کی آبادی 40 کروڑ تک پہنچنے کا تخمینہ



اسلام آباد (خلیج نیوز)ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے کہا ہے کہ 2050 تک پاکستان کی آبادی 40 کروڑ تک پہنچنے کا تخمینہ ہے اور ملک کا شمار ان 8 ممالک میں ہوگا جو دنیا کی آبادی کے نصف ہوں گے۔ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان میں شہری آبادی میں اضافے سے متعلق رپورٹ جاری کردی۔رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان میں شہری آبادی میں سالانہ 3.65 فیصد کی شرح سے اضافہ ہو رہا ہے، پاکستان کی شہری آبادی کا کم تخمینہ لگانے پر شدید تحفظات پائے جاتے ہیں، شہری آبادی میں اضافے کے باعث سیاسی اور انتظامی دباو بڑھتا جا رہا ہے۔اے ڈی بی کے مطابق 2050 تک پاکستان کی آبادی 40 کروڑ تک پہنچنے کا تخمینہ ہے، پاکستان کا شمار ان 8 ممالک میں ہوگا جو دنیا کی آبادی کے نصف ہوں گے۔

اے ڈی بی کہ جانب سے جاری کی گئی رپورٹ میں کہا گیا کہ 2030 تک پاکستان کی شہری آبادی 99.4 ملین ہوجائے گی, 2023 کی مردم شماری کے مطابق پاکستان کی سالانہ شرح آبادی 2.55 فیصد رہی۔رپورٹ کے مطابق 2023 کی آبادی کے مطابق پاکستان کی شہری آبادی 93.8 ملین تھی، 1981 کے بعد پاکستان کی شہری آبادی 4 گنا بڑھ چکی ہے، مردم شماری میں پاکستان کی شہری آبادی کا کم تخمینہ لگانے پر شدید تحفظات پائے جاتے ہیں۔اس میں کہا گیا کہ پاکستان میں انتظامی حدود پر شہری اور دیہی آبادی کا تعین کیا گیا ہے، نواحی علاقوں میں بڑھتی ہوئی آبادی شہری حدود میں شمار نہیں کی گئی، کراچی اور لاہور میں شہری آبادی کا دباؤ بڑھتا جا رہا ہے۔اے ڈی بی کے مطابق شہری آبادی میں اضافے کے باعث سیاسی اور انتظامی دباو بڑھتا جا رہا ہے، شہری آبادی بڑھنے سے بڑے شہروں کے انفراسٹرکچر اور سروسز پر دباو بڑھ رہا ہے۔

پاکستان میں رواں سال منکی پاکس کے 3 کیسز سامنے آگئے



اسلام آباد (خلیج نیوز)پاکستان میں رواں سال منکی پاکس کیسز کی تعداد 3ہوگئی۔ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ ارشاد روغانی نے خیبر پختونخوا میں منکی پاکس کے 3 مصدقہ کیسز کی تصدیق کردی۔ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ نے بتایا ہے کہ خیبرپختونخوا میں منکی پاکس کے 3کنفرم کیسز سامنے آچکے ہیں جس میں سے ایک کیس اس ہفتے کنفرم ہوا ہے جبکہ دو پہلے کے ہیں۔ارشاد روغانی نے بتایا کہ منکی پاکس کے مریضوں کیلئے آئسولیشن وارڈز بنائے جارہے ہیں جبکہ ائیرپورٹ سمیت بین الاقوامی بارڈز پر ہیلتھ کی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں اور کوویڈ کی ٹیموں کو ان مقامات پر فعال کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی ممالک سے آنیوالے تمام مشتبہ مسافروں کی تشخیص کی جارہی ہے جس سے یہ واضح ہوا ہے کہ ہمارا اپنا کوئی کیس نہیں، سارے کیسز خلیج ممالک سے آرہے ہیں۔ ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ نے بتایا کہ عالمی ادارہ صحت نے ایمرجنسی بھی ڈکلئیر کی ہوئی ہے جبکہ ہم پہلے ہی عوام اور طبی عملے کیلئے ایڈوائزری جاری کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت ایم پاکس وبا کے سد باب کیلئے اس کی سرویلنس اور انسدادی اقدامات پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔