Tag Archives: ملکیت

جیویلن کھلاڑی ارشد ندیم کی ملکیت میں بڑا اضافہ



میاں چنوں(خلیج نیوز)پاکستان کو بین الاقوامی کھیل کے مقابلوں، پیرن اولمپکس 2024 میں 40 برسوں بعد گولڈ میڈل جتوانے والے جیویلن کھلاڑی ارشد ندیم کی ملکیت میں بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ارشد ندیم سے متعلق جہاں پاکستانی پرجوش دکھائی دے رہے ہیں اپنے قومی ہیرو سے متعلق ہر چھوٹی بڑی معلومات جاننا چاہتے ہیں وہیں بھارت بھی ارشد ندیم اور اپنے جیویلن کھلاڑی، چاندی کا میڈل جیتنے والے نیرج چوپڑا کے درمیان موازنہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ناصرف پاکستانی میڈیا سائٹس بلکہ بھارت میں بھی ارشد ندیم اور نیرج چوپڑا کی کْل مالیت میں اضافے پر بات کی جا رہی ہے۔ان دونوں کھلاڑیوں کو ملنے والے تحائف اور 9 اگست کے بعد ان کی مالیت میں ہونے والے بڑے اضافے کا موازنہ کیا جا رہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دنیا کے سرفہرست دو جیولن پھینکنے والوں کا تعلق جنوبی ایشیا سے ہے۔’جی کیو انڈیا’ کی ایک رپورٹ کے مطابق نیرج چوپڑا کی کْل مالیت 4.5 ملین ڈالر (تقریباً 37 کروڑ روپے) ہے۔دوسری جانب پیرس اولمپکس 2024ء میں گولڈ میڈل جیتنے کے بعد ارشد ندیم کی دولت میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔گولڈ میڈل جیتنے سے قبل ارشد ندیم کے پاس گاؤں اور شہر میں ایک گھر تھا جس کی مالیت متعدد میڈیا رپورٹس کی جانب سے کروڑوں میں بتائی جاتی ہے۔

چند میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ارشد ندیم 9 گست سے قبل دو گھر اور ایک گاڑی کے مالک تھے۔حال ہی میں ارشد ندیم کو گولڈ میڈل جیتنے کے بعد بھاری بھرکم تحائف و رقوم سے نوازا گیا ہے جس کے بعد قومی کھلاڑی کی نیٹ ورتھ 47 کروڑ کیش، 7 اپارٹمنٹس اور 9 لگڑری گاڑیوں پر مبنی ہے۔ واضح رہے کہ گولڈ میڈل جیتنے کے بعد، ارشد کی مجموعی مالیت میں ہوشربا اضافہ ضرور ہوا ہے مگر تاحال اْن کی نیٹ ورتھ سے متعلق کوئی ٹھوس اعداد و شمار موجود نہیں ہیں۔پاکستان کے ایک نجی اخبار کے مطابق اولمپکس 2024ئ کے بعد ارشد ندیم کو 153 ملین پاکستانی روپے نقد انعامات میں ملے ہیں۔