لاہور ( خلیج نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما، سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ 75سالوں سے غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹے جا رہے ہیں، جمہوری ،آئینی سوچ رکھنے والا غدار نہیں ہوسکتا،ایک دوسرے کو غدار، غدار کہنا بند ہونا چاہیے،کسی کو برا لگے یا اچھا لگے پی ٹی آئی کے بانی عمران خان ایک سیاسی حقیقت ہیں اور سابق وزیر اعظم کی سیاسی حقیقت کو تسلیم کیے بغیر ملک میں سیاسی استحکام نہیں آسکتا۔انہوں نے کوٹ لکھپت جیل لاہور میں 9مئی کے پرتشدد واقعات سے متعلق اپنے خلاف درج مقدمات میں ضمانت کی درخواست پر سماعت کے دوران صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 40سال سے سیاست کر رہا ہوں، میرے خلاف 39سال تک کوئی مقدمہ درج نہیں ہوا لیکن اب ایک سال میں درجنوں مقدمات ہو گئے۔
انہوں نے کہا کہ کسی کو برا لگے یا اچھا لگے پی ٹی آئی کے بانی عمران خان ایک سیاسی حقیقت ہیں، سابق وزیر اعظم کی سیاسی حقیقت کو تسلیم کیے بغیر سیاسی استحکام نہیں آسکتا۔ان کا کہنا تھا کہ نواب اکبر بگٹی کے ساتھ جو ہوا، ظلم تھا، اکبر بگٹی اینٹی پاکستان نہیں تھا، ایک دوسرے کو غدار، غدار کہنا بند ہونا چاہیے، 75 سالوں سے غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹے جا رہے ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ محمود اچکزئی جمہوری سوچ رکھنے والے شخص ہیں، جمہوری اور آئینی سوچ رکھنے والا غدار نہیں ہوسکتا۔بلوچستان میں امن کا راستہ مذاکرات سے ہو کر گزرتا ہے۔سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر ارشد ندیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔