Tag Archives: سعودی عرب

پاکستانی بھکاریوں نے سعودی عرب کے بعد ایران اور عراق کا رخ کرلیا



اسلام آباد(خلیج نیوز)پاکستان کے بھکاریوں نے سعودی عرب کے بعد اب ایران اور عراق کا رخ کرلیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق عراقی حکام کی جانب سے پاکستانی حکومت کو ایک خط لکھا گیا جس میں پاکستانی بھکاریوں کے اس مسئلے میں ایف آئی اے سٹاف کے ملوث ہونے پر ناراضی کا اظہار کیا گیا ہے۔خط میں عراقی حکام کی طرف سے مطالبہ کیا گیا کہ پاکستانی حکومت زائرین اور ٹورآپریٹرز سے گارٹنی لے کہ وہ زیارتوں کا سفر مکمل ہونے کے بعد پاکستان واپس آئیں گے۔

عراقی حکام نے بتایا کہ ایران کے راستے عراق پہنچنے والے پاکستانی زائرین بھیک مانگنے کے علاوہ منشیات اور انسانی سمگلنگ میں بھی ملوث ہیں۔پاکستان کی 18سے 25سال کی لڑکیاں عراق میں بھیک مانگ رہی ہیں۔ عراقی حکام کے مطابق اس وقت 60ہزار سے زائد پاکستانی غیرقانونی طور پر عراق میں مقیم ہیں، جو زائرین بن کر گئے اور واپس پاکستان نہیں آئے۔دوسری جانب ایف آئی اے نے کہاکہ خاندانوں کے سربراہ اکثر خواتین اور بچوں کو عراق چھوڑ کر پاکستان واپس چلے جاتے ہیں۔ایف آئی اے کے مطابق ان میں سے بہت سے پاکستانیوں کا تعلق حافظ آباد، وزیر آباد، منڈی بہاالدین، گوجرانوالہ اور گجرات جیسے علاقوں سے ہے۔ایف آئی اے نے بتایا کہ بغداد میں بھیک مانگنے میں ملوث ہونے پر 66خواتین اور ان کے بچوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔

سعودی عرب میں 17 ہزار غیرقانونی تارکین گرفتار



ریاض(خلیج نیوز )سعودی عرب میں ایک ہفتے کے دوران اقامہ، لیبر اور سرحدی خلاف ورزی پر مزید 17 ہزار 616 غیر قانونی تارکین کو حراست میں لیا گیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق سعودی سکیورٹی فورسز نے گزشتہ ایک ہفتے 15 سے 21 اگست 2024 کے دوران 11 ہزار 22 افراد کو اقامہ قانون، 4 ہزار 216 کو سرحدی امن قانون اور 4 ہزار216 تارکین کو قانون محنت کی خلاف ورزی پر پکڑا گیا ہے۔گرفتار افراد میں سے 883 افراد کو بھی حراست میں لیا گیا، ان میں سے 41 فیصد یمنی، 58 فیصد ایتھوپین اور ایک فیصد دیگر ملکوں سے تعلق رکھتے ہیں۔علاوہ ازیں 68 ایسے افراد کو بھی پکڑا گیا ہے جو سرحد پار کرکے مملکت سے نکلنے کی کوشش کررہے تھے۔

اقامہ، ملازمت اور سرحدی امن قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سفر، رہائش، روزگار اور پناہ دینے کی کوششوں میں ملوث 15 افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ 14 ہزار 524 غیر قانونی تارکین کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔ ان میں سے 13 ہزار 471 مرد اور ایک ہزار71 خواتین ہیں۔2 ہزار70 افراد کے پاس سفری دستاویزات نہیں تھیں۔انہیں دستاویزات حاصل کرنے کے لیے سفارت خانوں سے رجوع کرنے کا موقع دیا گیا ہے جبکہ 5 ہزار926 افراد کے سفر کی کارروائی مکمل کی جا رہی ہے۔ 13 ہزار 952 کو مملکت سے بے دخل کیا گیا۔واضح رہے کہ سعودی عرب میں غیرقانونی تارکین وطن کو سفری، رہائشی یا ملازمت کی سہولت فراہم کرنا قانونا جرم ہے اور اس کے لیے مختلف سخت سزائیں مقرر ہیں۔

سعودی عرب کی معدنی دولت 9 ٹریلین ریال تک پہنچ گئی



ریاض(خلیج نیوز)سعودی عرب کی معدنی دولت 9 ٹریلین ریال تک پہنچ گئی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی وزیر صنعت و معدنی وسائل بندر الخریف نے نجران یونیورسٹی میں طلبہ سے ملاقات کے دوران طلبہ کے تربیتی پروگرام، صنعت اور کان کنی کی ترقی کے لیے قومی حکمت عملی اور مملکت کے وژن 2030 کے ایجنڈے کے حصے کے طور پر معیشت کے تنوع پر تبادلہ خیال کیا ۔انہوں نے ترقیاتی حکمت عملی کے حصے کے طور پر انسانی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے حوالے سے وزارت کی کوششوں کا بھی ذکر کیا۔انہوں نے بتایا مملکت کو اپنی قدرتی اور معدنی دولت کی وجہ سے بہت سے فوائد حاصل ہوئے ہیں۔ مملکت کی معدنی دولت تقریبا 9 ٹریلین ریال تک پہنچ گئی ہے۔انہوں نے نجران کے حوالے سے کہا کہ یہاں سونے، چاندی اور گرینائٹ سمیت معدنی وسائل موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزارت نجی شعبے کیلیے تربیتی پروگرام کے حوالے سے یونیورسٹی کے ساتھ تعاون کررہی ہے جس سے تعلیمی شعبیاور صنعت کے درمیان فرق ختم کرنے میں مدد ملے گی۔

سعودی عرب ،مقابلہ حسن قرآت کے فاتحین کو 4 ملین ریال کے انعامات دئیے جائیں گے



ریاض(خلیج نیوز)مکہ مکرمہ ریجن کے نائب گورنرآج (بدھ کو)مسجد الحرام میں خصوصی تقریب کے دوران کنگ عبدالعزیز بین الاقوامی مقابلہ حسن قرات و تحفیظ اور تفیسرقرآن 44 ویں ایڈیشن کے فاتحین کو اعزاز سے نوازیں گے۔سعودی میڈیا کے مطابقاس مقابلے کے نگراں وزیر اسلامی امور عبداللطیف بن عبدالعزیز آل شیخ نے کہا کہ مقابلے میں 123 ملکوں کے 173 شرکا نے حصہ لیا۔1978 میں اس مقابلے کے آغاز کے بعد اس سال اب تک سب سے زیادہ شرکا سامنے آئے ہیں۔ وزیر اسلامی امور کا کہنا تھاکہ یہ مقابلہ مملکت کی جانب سے قرآن پاک اور اسے حفظ کرنے والوں کی دیکھ بھال کو اجاگر کرتا ہے۔انہوں نے مکہ کے گورنر شہزادہ خالد الفیصل اور نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز کا شکریہ اداکیا جنہوں نے مقابلے کو کامیاب بنانے میں تعاون کیا۔مقابلے کے فاتحین کو مجموعی طور پر 40 لاکھ ریال کے انعامات دیے جائیں گے۔

مقامات مقدسہ کی بے حرمتی کسی صورت برداشت نہیں کی جاسکتی،سعودی عرب



ریاض(خلیج نیوز)سعودی وزارت خارجہ نے اسرائیلی وزیر کی مسجد اقصی پر دھاوا بولنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے کہاہے کہ اسرائیلی وزیر نے مسجد اقصی پر دھاوا بول کر مقدس مقامات کی بیحرمتی کی کوشش کی۔ وزارت خارجہ نے کہا کہ مقامات مقدسہ کے تقدس کا احترام اور تحفظ سعودی عرب سمیت کروڑوں مسلمانوں کی اولین ترجیح ہے۔ سعودی وزارت خارجہ کے مطابق مقامات مقدسہ کی بیحرمتی کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جاسکتی۔

چاہتے ہیں سعودی عرب امتِ مسلمہ کی رہنمائی کرے،مولانا فضل الرحمن



اسلام آباد (خلیج نیوز)جمعیت علمائے اسلام ( ف )کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ سعودی عرب کو اسلامی دنیا کی سربراہی کا حق دیتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ سعودی عرب امتِ مسلمہ کی رہنمائی کرے۔سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمن نے قومی اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان اور سعودی عرب مل کر مسلمانوں کے مسائل اٹھائیں۔انہوںنے کہاکہ سعودی سفیر، سفیرِ خادم حرمین شرفین کو خوش آمدید کہتے ہیں، ہماری کچھ روایات ہیں، معزز مہمان اس پارلیمنٹ میں ہیں، بے نظیر دور میں یاسر عرفات آئے تھے اور انہوں نے یہاں خطاب کیا تھا۔مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے ہمیں اپنے داخلی معاملات سامنے نہیں رکھنے چاہئیں، معزز مہمان کا یہاں آنا دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دے گا۔انہوں نے کہا کہ اپنے داخلی اور سیاسی معاملات پر بات نہیں کروں گا، اس ایوان میں جو اس وقت ماحول پیدا ہوا، اس پر اپنے مہمان سے معذرت کرتا ہوں۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ہماری کچھ روایات ہیں، مہمان ایوان میں موجود ہیں، روایات کو برقرار رکھتے ہوئے اندرونی سیاست پر بات نہیں کرنی چاہیے۔سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ ہمیں دونوں ملکوں کے تعلقات اور بقائے باہمی پر بات کرنی چاہیے، ہم بین الاقوامی برادری میں سعودی عرب کو سب سے پہلا دوست سمجھتے ہیں۔

سعودی عرب میں ماہ شوال کا چاند نظر نہیں آیا، عید الفطر 10اپریل کو ہوگی



ریاض(خلیج نیوز) سعودی عرب میں ماہ شوال 1445 ہجری کا چاند نظر نہ آنے کا اعلان کردیا گیا ہے جس کے تحت عید الفطر 10 اپریل کو منائی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں عید کا چاند دیکھنے کے لئے رویت ہلال کمیٹی کا مرکزی اجلاس سدیر رسد گاہ میں ہوا جہاں رویت ہلال کمیٹی کے اراکین اور مایر فلکیات موجود تھے۔اس کے علاوہ دیگر علاقوں تمیر، طائف،جازان،مکہ مکرمہ کی رسد گاہوں میں بھی عید کا چاند دیکھنے کے لئے انتظامات کیے گئے۔ سپریم کورٹ کی ہدایت پر شہریوں نے بھی ماہ شوال کا چاند دیکھا۔بعد ازاں رویت ہلال کمیٹی نے ملک بھر میں چاند نظر نہ آنے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ عید الفطر بروز بدھ 10 اپریل کو منائی جائے گی۔

سعودی عرب اور دبئی کے درمیان طویل فاصلے کو ہائپر لوپ نے صرف 60 منٹ میں سکیڑ دیا



ریاض(خلیج نیوز)ہائیپر لوپ کے ذریعے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے کئی بڑے شہروں کے درمیان تیز رفتار رابطے آسان تر ہو گئے اور فاصلے سمٹ کر رہ جانے کی امید پیدا ہو گئی۔ طویل تر سمجھے جانے والے فاصلے بھی محض ایک گھنٹے کے اندر تک طے کرنا ممکن ہو گیا۔ یہ بات دنیا کے سب سے بڑے ٹرانسپورٹ سسٹم کے سربراہ اینڈریس ڈی لیون نے عرب ٹی وی سے گفتگوکے دوران بتائی،ہائیپر لوپ اگلی نسل کے لیے متعارف کرائی گئی ٹیکنالوجی ہے۔ اس کا ہدف بڑے شہروں کو ریکارڈ کم وقت میں باہم جوڑ دینا ہے، ایسی ٹرانسپورٹ کے ساتھ جو ایک گھنٹے میں ایک ہزار کلومیٹر کی رفتار سے فاصلوں کو طے کرتے ہوئے آگے بڑھتی ہے۔ہائیپر لوپ کے سربراہ وہ کہانی سناتے ہیں جو خلیجی ملکوں کے درمیان رو بعمل ہونے جا رہی ہے۔ فاصلوں کو پاٹ دینے کا یہ سلسلہ سعودی عرب اور امارات کے شہروں کے درمیان بھی ممکن بنایا جا رہا ہے۔

سعودی عرب کی یوکرین کو خوراک کی مد میں 10 ملین ڈالر کی امداد



ریاض(خلیج نیوز)سعودی عرب کی طرف سے یوکرینی عوام کی خوراک میں معاونت کے لیے ایک کروڑ ڈالرکی امداد کا اعلان کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق شاہ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کے جنرل سپروائزر ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے ورلڈ فوڈ پروگرام کے ساتھ ایک مشترکہ تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے تاکہ یوکرین میں متاثرہ افراد کو خوراک کی امداد فراہم کی جا سکے۔ خوراک کی امداد یوکرین میں یتیم خانوں، ہسپتالوں اور نقل مکانی کے مراکز میں کھانے کی تقسیم کے ذریعے فراہم کی جائے گی۔

اس معاہدے میں سب سے زیادہ کمزور گروہوں اور یوکرین میں انسانی بحران سے متاثر ہونے والے ایک لاکھ 41 ہزار افراد کو فائدہ پہنچے گا۔معاہدے کی کل مالیت 10 ملین امریکی ڈالر ہے۔اس کے علاوہ، سعودی عرب نے یوکرین میں خوراک سے لدے تقریبا 17 امدادی طیارے بھیجے جو کنگ سلمان سینٹر فار ریلیف اینڈ ہیومینٹیرین ایڈ کے زیر انتظام پولینڈ کی سرحد سے یوکرین کو بھیجے گئے۔ امدادی سامان میں جنریٹرز، ۔ برقی آلات اور دیگر سامان شامل ہے۔ ایک طیارے میں تقریبا 60 ٹن سامان فراہم کیا گیا۔پچھلے سال، سعودی عرب نے یوکرین کو 400 ملین ڈالر کی اضافی انسانی امدادی پیکج فراہم کرنے کے لیے ایک معاہدے اور مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے تھے۔ اس کے علاوہ یوکرین سے پڑوسی ممالک بالخصوص پولینڈ جانے والے پناہ گزینوں کو 10 ملین ڈالر کی فوری طبی اور پناہ گاہ کی امداد فراہم کی گئی تھی۔