Tag Archives: روشن

دشمن جتنی شمعیں بجھائیں گے ہم اتنی روشن کریں گے،بیرسٹرسیف



پشاور(خلیج نیوز)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف اور معاون خصوصی برائے انڈسٹریز عبدالکریم تورڈھیر نے سوات باغ ڈھیرئی میں ایک نجی آئی وائی آئی لگژری ہوٹل کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں مقامی ایم پی اے محمد نعیم،ایم این اے سہیل سلطان نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ ہوٹل انتظامیہ نے بریفنگ میں کہا کہ مذکورہ ہوٹل ٹینٹس اور کنکریٹ پر مشتمل ہے جس کی ٹوٹل لاگت 70 کروڑ روپے ہے۔ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف کا اس موقع پر کہنا تھا کہ اس طرح تعمیر و ترقی کا ہر ایک قدم ہمارا قومی اور دینی فریضہ ہے ،میں انویسٹرز اور بورڈ آف انویسٹر ٹریڈ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے ان مشکل حالات میں سوات میں آئی وائی آئی جیسا منفرد ہوٹل تعمیر کیا، متین خان جیسے انویسٹرز ہمارے ہیرو ہیں کیونکہ پاکستان سے برین ڈرین اور مال و دولت کی ترسیل ہو رہی ہے تو انویسٹرز کا اپنے ملک کے مستقبل پر پورا یقین ہے جس کی مثال کروڑوں روپے کی آئی وائی آئی انویسٹمنٹ ہے جس سے یہ پیغام جاتا ہے کہ دشمن جتنی شمعیں بجھائیں گے ہم اتنی شعمیں روشن کریں گے، ہماری سرزمین پر وزیرستان سے لے کر سوات تک مشکل وقت آیا لیکن اللہ نے ہمارے لوگوں کو اندھیروں سے نکالنے کا ہنر سکھایا، میں یقین دلاتا ہوں کہ حکومت کی سپورٹ سوات کے عوام کے ساتھ ہے ،ہم پاکستان اور دنیا بھر کے سیاح یہاں لائینگے۔

معاون خصوصی برائے انڈسٹریز عبدالکریم تورڈھیر نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہوٹل انڈسٹری میں تقریبا 70 کروڑ روپے کی یہ سرمایہ کاری خیبر پختونخوا بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کی کوششوں سے ممکن ہوئی۔سوات میں سیاحت کے فروغ،اور پر فضا مقام پر تمام تر آسائشوں سے لیس اس منصوبے کی تکمیل کے تمام مراحل میں سرمایہ کار گروپ کو بورڈ آف انوسٹمنٹ کا بھرپور تعاون فراہم رہا،سوات میں یہ سیاحوں اور مہمانوں کی آمد اور قیام کیلئے جدید اور اعلیٰ معیار کی سہولیات سے لیس منصوبہ ہوگا،یہ منصوبہ سوات کے حسین علاقے میں ہوٹل انڈسٹری اور سیاحت کے فروغ کیلئے ایک بڑی کامیابی ہے،کروڑوں روپے کی اس سرمایہ کاری کو سوات لانے پر بورڈ آف انوسٹمنٹ داد کی مستحق ہے، ہم انوسٹرز کو یہاں پر سرمایہ کاری کرنے کیلئے خوش آمدید کہتے ہیں۔معاون خصوصی نے مزید کہا کہ سرمایہ کاروں کو صوبے میں سرمایہ کاری کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جارہا ہے،بورڈ آف انوسٹمنٹ کے ذریعے سرمایہ کاروں کو تمام مراحل میں معاونت دے رہے ہیں،صوبائی حکومت کا ویژن ہے کہ معاشی ترقی کیلئے اپنے وسائل کو فروغ دیا جائے۔ صوبے کے اہم اقتصادی شعبوں کی ترقی پر توجہ دے رہے ہیں،سیاحت اور ہوٹل انڈسٹری ہمارے صوبے کے بڑے معاشی ذرائع ہیں،اس اہم شعبے کی ترقی اور استحکام پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔