Tag Archives: دہشت گردی

دہشت گردی کیخلاف جنگ میں خیبرپختونخوا نے فرنٹ لائن کردار ادا کیا ہے، علی امین گنڈا پور



پشاور(خلیج نیوز)دہشت گردی سے متاثرہ افراد کی یاد کے عالمی دن پر وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے اپنے پیغام میں کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام اور سیکیورٹی فورسز گزشتہ کئی دہائیوں سے دہشت گردی کے خلاف برسر پیکار ہیں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا نے فرنٹ لائن کردار ادا کیا ہے ،وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانیں قربان کرنے والے شہدائ، غازیوں اور خاندانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ، انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام اور سیکیورٹی فورسز گزشتہ کئی دہائیوں سے دہشت گردی کے خلاف برسر پیکار ہیںدہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا نے فرنٹ لائن کردار ادا کیا ہے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہماری ترجیحات میں سر فہرست ہے۔

دہشت گردی کے خلاف جنگ کا ڈھونگ بند کردو، مولانا فضل الرحمن



لکی مروت(خلیج نیوز)جمعیت علمائے اسلام(ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ میں پوری سنجیدگی کے ساتھ اپنی اسٹیبلشمنٹ کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کرنے کا ڈھونگ اب ختم کردو، تم امریکا کی پیروی میں پاکستان اور قبائل کے اندر جنگ کی کیفیت اس لیے پیدا کرنا چاہتے ہو تاکہ ہمارے مالی اور معدنی وسائل پر قبضہ کر سکو،چین اور سعودی عرب ہم پراعتبار نہیں کررہا، معیشت کیساتھ ملک بھی تباہ کردیا گیا، دینی مدارس نے ایسا کون سے گناہ کیا ہے کہ روزانہ مدارس پر چڑھائی کر دیتے ہیں،مدارس کی رجسٹریشن بند کی ہوئی کہتے ہو کہ مدارس رجسٹریشن نہیں کرا رہے، جھوٹ کیوں بولتے ہو۔

اتوارکولکی مروت میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ اس طرح معاملات نہیں چلیں گے کہ صوبہ بلوچستان، خیبر پختونخوا اور ہمارے قبائل بارود کے ڈھیر پر بیٹھے ہوں، ان کے بچے اور خاندان محفوظ نہ ہوں، اپنے اور اسٹیبلشمنٹ بتائے کہ اس سرزمین پر امن کیسے آ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے تو آپ کا ساتھ دیا، اس خطے اور پاکستان کیلئے امن کی بھیک مانگی تھی اور یہ مشن لے کر الیکشن سے پہلے افغانستان چلا گیا تھا،وہاں کی قیادت سے بات کی اور کامیاب ہو کر واپس آیا لیکن آج اس کامیابی کو ناکامی میں کس نے بدل دیا۔جمعیت علمائے اسلام(ف)کے سربراہ نے کہا کہ کہ تم نے الیکشن کرائے لیکن ہمیں یہ الیکشن اور اس کے نتائج قبول نہیں ہیں،ہم دھاندلی کی بنیاد پر منتخب لوگوں کو عوام کا نمائندہ تصور نہیں کر سکتے، تم نے عوام ووٹ کے حق سے محروم رکھا لیکن ایسا نہیں چل سکتا۔

انہوں نے کہاکہ میں پوری سنجیدگی کے ساتھ اپنی اسٹیبلشمنٹ کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کرنے کا ڈھونگ اب ختم کردو، تم دہشت گردی کی بنیاد پر صرف امریکا کی تقلید کررہے ہو،امریکا دہشت گردی کے خلاف کوئی جنگ نہیں لڑ رہا بلکہ وہ دہشت گردی کا خالق ہے، اس نے پوری دنیا میں جنگ چھیڑی ہوئی ہے تاکہ اپنی فوجیں وہاں بھیجنے کا جواز پیدا کر سکے اور تم امریکا کی پیروی میں پاکستان اور قبائل کے اندر جنگ کی کیفیت اس لیے پیدا کرنا چاہتے ہو تاکہ مالی اور معدنی وسائل تک تمہاری رسائی ممکن ہو سکے اور میرے وسائل پر تم قبضہ کر سکو۔انہوں نے کہاکہ میں جانتا ہوں کہ اس سرزمین پر پشتون کا کیا حق ہے، میں جانتا ہوں کہ ہمارے مجبور اور محکوم علاقوں پر قبضہ کس کا ہے لیکن ہم اپنے وسائل پر قبضہ نہیں ہونے دیں، یہ حق ہماری نسلوں اور آنے والے بچوں کا ہے۔

انہوںنے کہاکہ تمام قوم پرست جماعتیں اس بات پر متفق ہیں کہ ہمارے حقوق پر کسی کو قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔انہوں نے کہا کہ آج عالمی قوتیں میرے ملک کی مذہبی شناخت کو بھی ختم کرنا چاہتی ہیں، وہ اپنی معاشی جنگ پاکستان کی سرزمین پر لڑنا چاہتی ہیں اور جب میرے صوبے اور بلوچستان سے سی پیک جیسی عالمی تجارتی شاہراہ گزر رہی ہے تو آپ کس عالمی قوت کے اشارے پر چین کی اتنی بڑی سرمایہ کاری کو ضائع کر رہے ہیں۔جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ نے کہا کہ آپ نے اپنے دوستوں کو گنوایا، آج چین ہم پر اعتماد کرنے کیلئے تیار نہیں، سعودی عرب جیسا دوست اور متحدہ عرب امارات ہم پر اعتماد کرنے کو تیار نہیں، کوئی ہمیں پیسہ دینا نہیں چاہتا تو پاکستان کی اقتصاد کس کے ہاتھ میں ہے، یہ بداعتمادی کیوں پیدا ہوئی، ہم نے دنیا کو اپنے سے کیوں دور رکھا ہے اور عالمی برداری کی تائید و حمایت کیوں حاصل نہیں کر سکے۔

انہوںنے کہاکہ بھارت کو برا بلا کہیں گے لیکن یہ نہیں دیکھیں گے کہ بھارت کیوں ترقی کررہا ہے اور ہم کیوں پیچھے رہ گئے ہیں، صرف بھارت ہی نہیں بلکہ افغانستان جو 3سال ہوئے آزاد ہوا، وہاں امارات اسلامیہ کی حکومت ہے، ان کا ڈالر مستحکم ہے لیکن ہمارا پیسہ نیچے کی طرف جارہا ہے۔ ایران بھی ترقی کررہا ہے لیکن صرف پاکستان تباہ ہورہا ہے اور آج ہم ملک بچانے نکلے ہیں، پہلے بھی ہم نے پاکستان کو بچانے کے لیے کردار ادا کیا اور آج بھی تیار ہیں لیکن یہ لوگ تو سنجیدہ ہوں، ان کی کرسی پر قبضہ ہے، ان کی اتھارٹی پر قبضہ ہے، ملک ویران ہے، بیرونی سرمایہ کاری آج ملک میں نہیں ہے، یہ لوگ کس کو دھوکے میں رکھ رہے ہیں۔مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ یہ لوگ امریکا کو بولتے ہیں کہ مطمئن رہیں، علاقے میں بدامنی ہے چین یہاں سرمایہ کاری نہیں کرے گا لیکن چین کو بول رہے ہیں پیسے اور ڈالر دیں تاکہ ہم آپ کے راستے کی چوکیداری کریں، ایک کو بھی جھوٹ بول رہے ہیں اور دوسرے کو بھی، انہوں نے معیشت بھی تباہ کردی اور میرا مذہب بھی تباہ کررہے ہیں۔

انہوں نے سوال کیا کہ دینی مدارس نے ایسا کون سے گناہ کیا ہے کہ آپ روزانہ مدارس پر چڑھائی کر دیتے ہیں، مدارس کے طلبہ قرآن اور حدیث پڑھتے ہیں، تم ان کو قتل کی دھمکیاں دیتے ہو، تم نے مدارس کی رجسٹریشن بند کی ہوئی ہے اور کہتے ہو کہ مدارس رجسٹریشن نہیں کرا رہے، جھوٹ کیوں بولتے ہو۔انہوںنے کہاکہ آج یہودی صہیونیوں نے ہمارے بیت المقدس پر قبضہ کیا اور اکتوبر سے آج تک 40ہزار سے زائد بے گناہ فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جس میں اکثریت بچوں اور ماں بہنوں کی ہے، 40ہزار تو وہ ہیں جن کو فلسطینی اپنے ہاتھ سے دفنا چکے ہیں، 10ہزار سے زائد شہداء آج بھی ملبے کے نیچے دبے ہوئے ہیں۔ سربراہ جمعیت علمائے اسلام نے کہا کہ ہم اپنے غزہ کے بہن بھائیوں کے لیے کچھ نہیں کر سکتے، ان کے شانہ بشانہ نہیں لڑ سکتے لیکن یہاں سے ان کی حمایت میں آواز تو بلند کر سکتے ہیں اور ان کی مالی مدد کر سکتے ہیں، ہماری سیاسی اور اخلاقی حمایت ان کے ساتھ ہے۔