Tag Archives: خواجہ آصف

اسٹیبلشمنٹ نے نہیں کہا، پی ٹی آئی نے ناکامی کے ڈر سے جلسہ منسوخ کیا، خواجہ آصف



سیالکوٹ(خلیج نیوز)وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ نے پی ٹی آئی کو جلسہ منسوخ کرنے کا نہیں کہا بلکہ انہوں نے ناکامی کے ڈر سے جلسہ منسوخ کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ جلسے کی منسوخی کے بعد عمران خان، بشریٰ بی بی، رؤف حسن، علیمہ بی بی کی گفتگو سب کے سامنے ہے، پی ٹی آئی میں اختلافات واضح ہو رہے ہیں، جلسہ کامیاب ہونا ہوتا تو کبھی منسوخ نہ کرتے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کہہ رہے ہیں کہ 9 مئی ہم نے نہیں کیا، مجھے بتائیں کیا چہرے کرائے کے تھے؟ ان کے تو ویڈیو میں چہرے تھے، 9 مئی واقعات ہزاروں نہیں کروڑوں لوگوں نے دیکھے، 9 مئی واقعات میں ملوث عناصر کی شکلیں ویڈیوز میں واضح دیکھی جاسکتی ہیں۔

عمران خان کی اڈیالہ جیل میں اعظم سواتی سے ملاقات کے حوالے سے خواجہ آصف نے کہاکہ جیلوں میں گفتگو راز میں نہیں رہتی، آپ کی ہر نقل و حرکت ریکارڈ ہوتی ہے، میں جیل کے جس سیل میں تھا وہاں 16 کیمرے لگے تھے۔ خواجہ آصف نے کہاکہ علی امین گنڈا پور بزدار 2 ہیں بلکہ علی امین ان سے بھی بڑھ کر ہیں، بزدار بولتا نہیں تھا یہ بڑھکیں مارتے ہیں، علی امین اپنی کابینہ کے لوگوں کے متعلق کیاکہہ رہے ہیں اورکابینہ والیان کو چور کہہ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی ایجنڈے پر کام ہو رہا ہے، اس کا بھرپور مقابلہ کریں گے، پاکستان کی وحدت کا بھرپور دفاع کیا جائے گا۔وزیر دفاع نے کہا کہ امریکا میں ڈیمورکریٹس آئیں یا ری پبلکنز کوئی فرق نہیں پڑتا، ہماری قسمت امریکا نے نہیں بلکہ ہم نے خود بدلنی ہے۔

عمران دور میں فوجی عدالتوں میں مقدمے چل سکتے ہیں تو اب کیوں نہیں؟ خواجہ آصف



اسلام آباد (خلیج نیوز)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اگر بانی پی ٹی آئی کے دور میں فوجی عدالتوں میں مقدمے چل سکتے ہیں تو اب کیوں نہیں ؟، مشروط معافی کی پیشکش پر بھی اسٹیبلشمنٹ کیساتھ عمران خان کے تعلقات میں بہتری کا امکان نہیں۔نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان 9مئی کی بغاوت کے سرغنہ تھے، پلان ان کا ہی بنایا ہوا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے اپنے دور میں لوگوں پر فوجی عدالتوں میں مقدمے چلے ، سزائیں ہوئیں تو ان پر فوجی عدالتوں میں مقدمہ کیوں نہیں چل سکتا ؟۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی مشروط معافی کی پیشکش پر بھی اسٹیبلشمنٹ کیساتھ ان کے تعلقات میں بہتری کا امکان نہیں، بانی پی ٹی آئی کو سمجھنا چاہئے کہ 9 مئی کا واقعہ ریاست کے خلاف بغاوت تھی۔ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ وقت بتائے گا حکومت کا 9 مئی کا بیانیہ پٹا نہیں۔

بانی پی ٹی آئی کو کوئی بتائے کے مکافات عمل بے رحم ہوتا ہے، خواجہ آصف



اسلام آباد(خلیج نیوز)وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیشی عوام نے فیصلہ دیا کہ غدار کون ہے اور کون تھا، مجیب الرحمان کے مجسموں کے ساتھ کیا ہوا، تاریخ نے اپنا فیصلہ سنا دیا، بانی پی ٹی آئی عمران خان کو کوئی بتائے کے مکافات عمل بے رحم ہوتا ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ 9 مئی کے کیسز کے فیصلے جیسے ہونے چاہئیں تھے نہیں ہو رہے، اقتدار سے بے دخل ہونے والے ایک شخص نے افواج پاکستان کے اتحاد کے خلاف بغاوت کرائی، جب تک 9 مئی کا معاملہ حل نہیں ہوتا قطعاً مذاکرات نہیں ہوسکتے، 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کو آج بھی قانون کا سہارا مل رہا ہے، عدالتوں کو جس طرح فیصلے کرنے چاہئے تھے نہیں ہورہے۔خواجہ آصف نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی لیڈر شپ ہر مسئلے پر ہمارے ساتھ ہے اور حکومت کہیں نہیں جارہی، نیئر بخاری نے جو بیان دیا وہ ان کی ذاتی رائے ہے، موجودہ حالات نئے انتخابات کا تقاضا نہیں کرتے، اگر کبھی قبل ازوقت انتخابات کا فیصلہ ہوا تو وہ بھی حکومت ہی کرے گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ بنگلہ دیشی عوام نے فیصلہ دیا کہ غدار کون ہے اور کون تھا، مجیب الرحمان کے مجسموں کے ساتھ کیا ہوا، تاریخ نے اپنا فیصلہ سنا دیا، بانی پی ٹی آئی عمران خان کو کوئی بتائے کے مکافات عمل بے رحم ہوتا ہے۔