Tag Archives: جلسہ

بانی پی ٹی آئی کا پیغام ہے جو بھی صورتحال ہو جلسہ 8 ستمبر کو ہی ہو گا،شیرافضل مروت



راولپنڈی(خلیج نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شیر افضل مروت نے کہاہے کہ بانی پی ٹی آئی کا پیغام ہے کہ جو بھی صورتحال ہو جلسہ 8 ستمبر کو ہی ہو گا،اگرجلسہ منسوخی کامیراپیغام آئے توبھی یقین نہ کرنا۔شیر افضل مروت نے اڈیالا جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے پیغام دیا ہے کہ پاکستان کی حقیقی آزادی کی جنگ متحد ہو کر لڑنی ہے۔اْنہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے 8 ستمبر کی ذمے داری علی امین گنڈا پور کو دی ہے کہ وہ ہر صورت یہ جلسہ کروائیں اور کہا ہے کہ اگر 8 ستمبر کو میرا بھی یہ پیغام آئے کہ جلسہ منسوخ ہو گیا ہے تو آپ نے یقین نہیں کرنا۔پی ٹی آئی کے سینئر رہنما نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے مجھے کیا ذمے داریاں دی ہیں اس کا اعلان 8 ستمبر کے جلسے میں کروں گا۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا پیغام ہے کہ قوم ستمبر کے جلسے کیلئے تیاری رکھے۔شیر افضل مروت نے کہاکہ محسن نقوی کا کرکٹ سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ اْنہوں نے کہاکہ بناوٹی اور نان پروفیشنل لوگوں کو ذمہ داریاں سونپنے سے پاکستان کو شکست پر شکست ہو رہی ہے، میرٹ کی مسلسل پامالی ہو رہی ہے۔

عمران خان کا پیغام ہے 8 ستمبر کا جلسہ ہر صورت ہوگا،علیمہ خان



راولپنڈی(خلیج نیوز)سابق وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا لیڈر شپ کو پیغام ہے 8 ستمبر کا جلسہ ہر صورت ہوگا۔اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے جلسہ انتشار کے خدشے کے باعث مؤخر کیا،بانی پی ٹی آئی نے کہا مجھے بتایا گیا مذہبی جماعتیں اسلام آباد میں اکٹھی ہو رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی نے اعظم سواتی اور بیرسٹر گوہر کو کہا ہے کہ 8 ستمبر والا جلسہ ملتوی نہیں ہوگا، 8 ستمبر کا جلسہ ہر صورت ہو گا، ورکرز کو ہدایات دی گئی ہیں کہ اگر اب جلسہ منسوخ کرنے کی اطلاع آئے تو آپ نے نہیں ماننا، عوام چوری شدہ مینڈیٹ کی واپسی کیلئے ضرور گھروں سے نکلیں۔علیمہ خان نے کہاکہ کسی کو سمجھ نہیں آ رہی 7 بجے ملاقات کیسے ہوئی ہوگی، جیل میں اسٹیبلشمنٹ کے بغیر کچھ ممکن نہیں، صبح 7 بجے جیل میں ملاقات ہونا ہمارے لئے بھی عجیب بات تھی، عمران خان کو اعظم سواتی نے مذہبی جماعتوں کے احتجاج کا بتایا یا ان کو پہلے پتہ تھا دونوں چیزیں ممکن ہیں، آڈیو میری تھی، ہم سب حیران تھے اچانک کیسے جلسہ ملتوی ہو گیا۔

گزشتہ روز جلسہ کرتے تو دوبارہ 9 مئی کے گلے پڑنے کا خدشہ تھا، عمران خان



راولپنڈی(خلیج نیوز)بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) و سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اگر گزشتہ روز جلسہ کرتے تو دوبارہ 9 مئی کے گلے پڑنے کا خدشہ تھا’اعظم سواتی نے معلومات دی کہ ختم نبوت حساس معاملہ ہے جس پر دینی جماعت اسلام آباد میں احتجاج کر رہی ہیں، ہمیں انتشار کا خدشہ تھا اسی لیے اسلام آباد میں اپنا جلسہ ملتوی کیا’8ستمبر کا جلسہ کسی صوررت ملتوی نہ ہوگا،پارٹی کو ہدایت ہے کہ 8 ستمبر سے قبل میٹنگ کریں اور فیصلہ کریں کہ سپریم کورٹ کے فیصلہ پر عمل درآمد نہ ہونے پر احتجاج کب کریں گے”اگر حمود الرحمن رپورٹ پر عمل ہوتا تو آج ملک میں جمہوریت ہوتی۔

اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران عمران خان سے سوال کیا گیا کہ خیریت ہے آپ پسینے سے شرابور ہیں اور آپ کی ساری شرٹ پسینے سے بھیگی ہوئی ہے، مزید پوچھا گیا کہ گزشتہ روز تک اعظم سواتی کو آپ سے ملاقات کا شرف حاصل نہیں ہو تا تھا لیکن کل اچانک 7 بجے ہی آپ نے ملاقات کے لیے بلا لیا؟اس پر عمران خان نے جواب دیا کہ یہ شرٹ موٹی اور گرم ہے، رنگ بھی ایسا ہے، اس لیے پسینہ آگیا ہے، مزید بتایا کہ اعظم سواتی نے معلومات دی کہ ختم نبوت حساس معاملہ ہے جس پر دینی جماعت اسلام آباد میں احتجاج کر رہی ہیں، ہمیں انتشار کا خدشہ تھا اسی لیے اسلام آباد میں اپنا جلسہ ملتوی کیا، اگر گزشتہ روز جلسہ کرتے تو دوبارہ 9 مئی کے گلے پڑنے کا خدشہ تھا۔اپنی بات جاری رکھتے ہوئے سابق وزیر اعظم نے بتایا کہ ابھی تک پہلے والے 9 مئی کی جوڈیشل انکوائری بھی نہیں کروائی گئی، اب اگر آپ نے اجازت دی ہے اور کل جلسہ روکنے کی کوشش کی تو سب کی ذمہ داری حکومت کی ہوگی ، اب عدالت کی ساکھ کا سوال ہے، عدالت ہمیں اجازت دیتی ہے لیکن انتظامیہ کینسل کر دیتی ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پارٹی کو کہہ رہا ہوں، 8 ستمبر کو کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہ کریں، میں نے اسلام آباد کا جلسہ آخری مرتبہ ملتوی کیا ہے، پارٹی کو ہدایت ہے کہ 8 ستمبر سے قبل میٹنگ کریں اور فیصلہ کریں کہ سپریم کورٹ کے فیصلہ پر عمل درآمد نہ ہونے پر احتجاج کب کریں گے، پارٹی قیادت کو کہتا ہوں کہ اس دفعہ اگر کسی نے روکا تو آپ نے رکنا نہیں ہے۔اس موقع پر صحافی نے دریافت کیا کہ جنرل فیض کے ٹرائل پر دوسری جانب سے جواب آیا ہے کہ عمران خان جنرل فیض کے اوپن ٹرائل کا مطالبہ کرنے والے کون ہوتے ہیں؟ وہ تسلی رکھیں ان کا ٹرائل ہوا تو اوپن ہوگا، اس پر عمران خان نے جواب دیا کہ میں ملک کی سب سے بڑی پارٹی کا سربراہ ہوتا ہوں جو اوپن ٹرائل کی بات کر رہا ہوں، ا?پ اتنا بڑا الزام لگا رہے ہیں کہ میں نے فیض سے مل کر 9 مئی کی سازش کی، میں نے زیرو سے پارٹی شروع کی اور 28 سال سے آئین کے اندر رہ کر جدوجہد کر رہا ہوں، اگر 9 مئی میں فیض ملوث تھا تو آپ اوپن ٹرائل کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ملٹری کا مسئلہ ہے نہ ہی سیکرٹ انٹرنیشنل ایشو ہے، اگر حمود الرحمن رپورٹ پر عمل ہوتا تو آج ملک میں جمہوریت ہوتی، اوپن ٹرائل سے ملک کا وہی فائدہ ہوگا جو حمود الرحمن رپورٹ پر عمل درآمد کرنے سے ہوتا، حمود الرحمن رپورٹ پر عمل درآمد ہوتا تو ملک میں 3 مارشل لا نہ لگتے اور نہ ہی آج غیر اعلانیہ مارشل لا نافذ ہوتا، 9 مئی جمہوریت کے اوپر حملہ ہے، کمیشن کا مطالبہ اس لیے کر رہا ہوں کہ آئندہ کوئی ایسی غلطی نہ دہرائے۔ایک صحافی نے مزید استفسار کیا کہ رات کے پچھلے پہر آپ نے اعظم سواتی کو پیغام کس کے ذریعے بھجوایا؟ پیغام رساں کون تھا؟ فون کی سہولت کیسے ملی؟ اس پر عمران خان نے مسکراتے ہوئے کہا کہ اس کا جواب رہنے دیں۔

بعد ازاں ایک اور صحافی نے دریافت کیا کہ کل آپ کی ہمشیرہ کی آڈیو سامنے آئی ہے جس میں ان کا مؤقف ہے کہ عمران خان نے جلسہ ملتوی کرنے کا نہیں کہا، یہ پارٹی لیڈرز ان کا نام لے کر جلسہ ملتوی کرنے کا کہہ رہے ہیں، آپ کا کیا موقف ہے؟ اس پر عمران خان نے بتایا کہ ساری پارٹی کو جلسہ ملتوی ہونے کا رنج اور غصہ ہے، میں بھی سمجھتا ہوں کہ جلسہ ملتوی نہیں کرنا چاہیے تھا، یہ جلسہ ہونا چاہیے تھا لیکن صرف انتشار سے بچنے کے لیے ملتوی کیا مگراب جو مرضی ہو جائے ہر ضلع میں جلسہ کریں گے۔صحافی نے مزید پوچھا کہ اس معاملے کو کلیئر کریں کہ جیل میں آپ کو وفاقی حکومت نے پیغام دیا یا کسی اور نیکہ باہر حالات خراب ہو جائیں گے؟ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ میں نے کسی فارم 47 کی حکومت سے کوئی بات چیت نہیں کی، جب بھی ان کو خدشہ ہوتا ہے کہ پی ٹی آئی کی اسٹیبلشمنٹ سے کوئی بات ہوئی ہے تو ان کو فوری طور پر 9 میں یاد آجاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا بیک پیک لندن کے لیے تیار ہے صرف ضروری سامان اٹھانا ہے، یہ سب چیف جسٹس فائز عیسٰی کی ایکسٹینشن کے لیے ہو رہا ہے، دو گیمز جاری ہیں اگر یہ فائز عیسی کو ایکسٹینشن نہ دے سکے تو پھر سینیارٹی پر اثر انداز ہو کر اندر سے اپنا بندہ لائیں گے، ہمیں یہ دونوں صورتیں قابل قبول نہیں ہیں اگر انہوں نے ایسا کیا تو ملک بھر میں بھرپور احتجاج کریں گے۔ایک اور صحافی نے دریافت کیا کہ کہا جا رہا ہے کہ کل رات آپ سے فرشتوں نے ملاقات کی، ایسا کیا ہوا کہ آپ کو ایک ہی رات میں اندر کی خبریں ملنی شروع ہو گئیں؟ جس پر عمران خان کا کہنا تھا کہ جب بھی مسلم لیگ (ن) میں کھلبلی دیکھیں تو سمجھ جائیں کہ ان کو خدشہ ہو گیا ہے پی ٹی آئی کی اسٹیبلشمنٹ سے بات ہوئی ہے، میں نے کسی حکومت سے جلسے کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی، اعظم سواتی نے بتایا کہ ملک میں انتشار ہو سکتا ہے جس پر جلسہ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا، پی ٹی آئی ملک کی واحد جماعت ہے جسے اسلام آباد میں جلسے کی اجازت نہیں مل رہی۔

عمران خان کے حکم پر جلسہ ملتوی کیاہے، علی امین گنڈاپور



پشاور(خلیج نیوز)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ ہم نے ترنول کے مقام پر تاریخی جلسہ منعقد کرنے کی بھر پور تیاری کر رکھی تھی مگر عمران خان کے حکم پر جلسہ ملتوی کیاہے،ہم سب اپنے لیڈر عمران خان کے حکم کے پابندہیں ،عمران خان کے حکم پر ہم آگے جانے اور پیچھے ہٹنے کیلئے بھی تیار ہیں ،8 ستمبر کو ہم اسلام آباد میں بھر پور عوامی طاقت کا مظاہرہ کریںگے، ہمارے جلسے کی این او سی بار بار منسوخ کی جارہی ہے ، اگلی دفعہ اگر این او سی نہ بھی ملی تو بھی ہم جلسہ کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوںنے جمعرات کے روز دورہ صوابی کے موقع پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ وفاق میں بیٹھی جعلی اور مینڈیٹ چور حکومت تحریک انصاف کے خلاف ایک منصوبہ بندی کے تحت فسطائیت کر رہی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ عمران خان نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ وہ قانون اور آئین کے پاسداری کرتے ہیں اور وہ جو بھی کرتے ہیں ملک اور قوم کے مفاد کیلئے ہی کرتے ہیں۔

اُنہوںنے کہاکہ عمران خان نے تصادم کے خدشے کے پیش نظر 22 اگست کا جلسہ ملتوی کرنے کا حکم دیا تھا کیونکہ وہ تصادم اور انتشار نہیں چاہتے ۔ عمران خان ذات کا نہیں بلکہ صرف اور صرف ملک اور قوم کا سوچتے ہیں۔ میں حکومت اور اداروں کو واضح پیغام دیتا ہوں کہ عدالتوں کا احترام اور قانون کی پاسداری ان پر فرض ہے اور وہ اپنا فرض پورا کریں ۔ علی امین گنڈا پور نے واضح کیاکہ جعلی حکومت بار بار فسطائیت کرکے ہمارے ظرف اور صبر کا امتحان نہ لے ۔ مینڈیٹ چور حکومت کو پیغام دیتا ہوں کہ ہوش کے ناخن لے اور ہمیں اس حد تک جانے پر مجبور نہ کرے جو وہ برداشت نہ کر سکے ۔ عمران خان کے حکم پر ہم سروں پر کفن باندھ کر نکلتے ہیں ، ہم آپ کا وہ حال کریں گے کہ آپ کی نسلیں بھی یاد کر یں گی ۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہاکہ ختم نبوت ہمارے ایمان کا حصہ ہے ، ہم اس پر کبھی بھی سمجھوتہ نہیں کریں گے، ہم عاشق رسول ہیں ، ختم نبوت کے تحفظ کیلئے ہم اپنا سب کچھ قربان کردیں گے ۔

پی ٹی آئی کی سیاسی اور کور کمیٹی جلسہ منسوخی کے فیصلے سے لاعلم نکلی



اسلام آباد(خلیج نیوز)پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی اور کور کمیٹی جلسہ منسوخی کے فیصلے سے لاعلم نکلی۔پارٹی ذرائع کے مطابق کور کمیٹی ممبران نے جلسہ منسوخی کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کیا اور سیاسی کمیٹی کے ارکان نے بھی جلسہ منسوخی کے اعلان اور فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا۔اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کی جماعتوں سے بھی کوئی مشاورت نہ ہوئی، اپوزیشن اتحاد کی جماعتوں اور قیادت کو میڈیا کے ذریعے جلسہ منسوخی کی اطلاع ملی۔تحریک تحفظ آئین پاکستان کی قیادت اور جماعتیں جلسے میں شرکت کیلئے تیار تھیں،اپوزیشن الائنس کی جماعتوں کو آگاہ کیے گئے بغیر جلسہ منسوخی کا اعلان کیا گیا۔اپوزیشن ذرائع کے مطابق جلسے کی وجہ سے ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ علامہ ناصر عباس ملک سے باہر نہ جا سکے۔تحریک تحفظ آئین پاکستان کی جماعتوں نے جلسہ منسوخی پر پی ٹی آئی سے سخت مؤقف رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسلام آباد انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو 8 ستمبر کو جلسہ کرنے کی اجازت دے دی



اسلام آباد(خلیج نیوز)اسلام آباد انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو 8 ستمبر کو جلسہ کرنے کی اجازت دے دی جس کا ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔انتظامیہ کی جانب سے 40 ہدایات کے ساتھ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد انتظامیہ نے پی ٹی ا?ئی کا 22 اگست کا این او سی مذہبی جماعتوں کی احتجاج کی وجہ سے منسوخ کیا۔ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد نے کہا کہ 8 ستمبر کو انتظامیہ جلسے کو سیکیورٹی فراہم کرے گی، جلسہ کرنے والے افراد کسی بھی شہری کے بنیادی حقوق کو متاثر نہیں کریں گے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ لوگ شام 4 بجے اکٹھے ہوں گے اور 7 بجے جلسہ ختم کرنا ہو گا۔نوٹیفکیشن کے مطابق جلسہ انتظامیہ کی ڈیوٹی ہوگی کہ جلسہ ختم کرنے کے بعد کارکنوں کو منتشر کیا جائے، 8 ستمبر کو کارکنوں کو جلسہ گاہ میں بیٹھنے کی اجازت نہیں ہو گی۔واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان تحریکِ انصاف نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج ہونے والا جلسہ ملتوی کر دیا تھا۔

پاکستان تحریک انصاف کا اسلام آباد میں ہونے والا جلسہ ملتوی



اسلام آباد(خلیج نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اسلام آباد میں ہونے والا جلسہ ملتوی کر دیا۔پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی نے بیرسٹر گوہر کی موجودگی میں جلسہ ملتوی کرنے کا اعلان کیا، جلسہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر ملتوی کیا گیا، عمران خان کی ہدایت پر آج ہونے والا جلسہ اب 8 ستمبر کو ہوگا۔اعظم سواتی نے اڈیالہ جیل میں بانی تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی، اعظم سواتی نے مذہبی جماعت کے احتجاج سے متعلق آگاہ کیا۔اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ کسی بھی انتشار سے بچنے کیلئے جلسہ ملتوی کر دیا جائے۔چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا جلسہ 8 ستمبر کو ہوگا، 8 ستمبر کے جلسے سے متعلق پہلے ہی نوٹیفائی ہو چکا ہے۔واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اجازت نہ ملنے کے باوجود آج ترنول میں ہر صورت جلسہ کرنے کا اعلان کر رکھا تھا جبکہ مقامی انتظامیہ کی جانب سے بھی پی ٹی آئی کا جلسہ روکنے کیلئے جگہ جگہ کنٹینر لگا کر راستے بلاک کر دیئے گئے تھے۔دوسری جانب اسلام آباد انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کو 8 ستمبر کو جلسے کی اجازت دے دی۔

پی ٹی آئی کا27 اگست کو صوابی جلسے سے بڑا جلسہ لاہور میں کرنے کا اعلان



لاہور (خلیج نیوز) اپوزیشن اتحاد نے 27 اگست کو لاہور میں جلسہ کرنے کا اعلان کر دیا۔تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان اخونزادہ حسین یوسفزئی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 27 اگست کو صوابی جلسے سے بڑا جلسہ لاہور میں کرنے جا رہے ہیں۔ اس تاریخی جلسے سے اڈیالہ کے دروازے کھلنے کا قوی امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور میں جلسہ تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہو گا۔ 16 اگست کو انتظامیہ کے ساتھ مل کر جگہ فائنل کریں گے۔اخونزادہ حسین یوسفزئی نے کہا کہ تحریک انصاف سب سے بڑی جماعت ہے اس لیے مینار پاکستان جلسہ کرنے کی درخواست دی۔انہوں نے کہا کہ رکن اسمبلی چودھری امتیاز کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے جائیں۔ ایئرپورٹ پر چودھری امتیاز کو گرفتار کرنے کا بھونڈا مذاق کیا گیا۔ پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی کو پارلیمان میں لایا جائے۔