Tag Archives: تربیلا

ملک کے تین بڑے آبی ذخائر تربیلا، منگلا اور چشمہ میں مجموعی طور پر11.5ملین ایکڑ فٹ پانی دستیاب



لاہور ( خلیج نیوز) ملک کے تین بڑے آبی ذخائر تربیلا، منگلا اورچشمہ میں پانی کا مجموعی ذخیرہ11.506ملین ایکڑفٹ ہے، جو گذشتہ 5برس میں آج کے دن کی اوسط دستیابی یعنی 11.267ملین ایکڑ فٹ کے مقابلے میں 2فی صد زیادہ ہے۔تربیلا ڈیم19اگست کو اپنی پوری صلاحیت1550فٹ تک بھرچکا ہے۔تربیلا کے آبی ذخیرہ میں پانی کا یہ لیول تاحال برقرار ہے، اسی طرح چشمہ کے آبی ذخیرے میں بھی پانی کی سطح648.50فٹ ہے، جواپنی انتہائی صلاحیت یعنی649فٹ کے نزدیک ہے، جبکہ منگلا ڈیم میں پانی کی موجودہ سطح1217.90فٹ ہے۔ جو گزشتہ 5برس کی اوسط1217.45کی نسبت تھوڑی زیادہ ہے۔منگلا ڈیم میں 5.455ملین ایکڑ فٹ پانی موجود ہے، جبکہ گزشتہ 5برس میں آج ہی کے دن پانی کی اوسط دستیابی 5.423ملین ایکڑ فٹ ریکارڈ کی گئی۔

منگلاڈیم میں پانی کی موجودہ صورتحال دریائے جہلم میں رواں موسم کے دوران پانی کے بہائوکی عکاس ہے۔ملک کے جنوبی علاقوں میں بارشوں کی پیش گوئی کے ساتھ سا تھ دریائے سندھ اور کابل کے بہا میں بہتری کے باعث آبپاشی کے لیے پانی کی کم طلب ہونے پر منگلا ڈیم کی سطح میں مزید بہتری کی توقع ہے۔ اگر دریائے جہلم میں پانی کی آمد کا موجودہ رجحان اور ارسا کی جانب سے منگلا ڈیم سے پانی کا اخراج 10ستمبر تک جاری رہتا ہے تو منگلا جھیل میں پانی کی سطح1222فٹ تک پہنچنے کا امکان ہے۔اگر دریائے چناب میں پانی کی آمد میں بہتری رہے اور منگلا ڈیم کے کیچ منٹ ایریا میں بارشیں ہوں تو منگلا کے آبی ذخیرہ میں پانی کی دستیابی مزید بہتر ہو سکتی ہے۔