Tag Archives: بینظیر انکم سپورٹ

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں اربوں روپے کی مالی بیضابطگیوں کا انکشاف



اسلام آباد (خلیج نیوز)بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں اربوں روپے کی مالی بیضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ آڈٹ رپورٹ 23ـ2022 میں 11 ارب 56 کروڑ کے اعتراضات سامنے آگئے۔ آڈٹ رپورٹ کے مطابق مستحقین کیلئے برانچ لیس بینکنگ اکاؤنٹ کھولنے میں بھی بے قاعدگیاں کی گئی ہیں۔ بلوچستان اور سندھ میں برانچ لیس بینکنگ اکاؤنٹس سے 35 کروڑ 56 لاکھ روپے غائب ہیں،برانچ لیس بینکنگ اکاؤنٹس میں غیر متعلقہ افراد کے موبائل نمبر استعمال ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق غیر مجاز طلبا کو ٹیوشن فیس و اسکالر شپ کی مد میں 11 کروڑ 45 لاکھ روپے کی ادائیگی کی گئی۔ مستحقین کے اکاؤنٹ سے 8 کروڑ 39 لاکھ روپے ہیرا پھیری سے نکلوائے گئے۔ رقم غیر مستند طریقے سے دیگر اضلاع کی اے ٹی ایمز سے نکلوائی گئی، 19 اے ٹی ایم پر 80 ہزار ٹرانزیکشنز کا ریکارڈ حاصل کیا گیا۔ آڈٹ رپورٹ کے مطابق حاملہ خواتین کی مشکوک رجسٹریشن کی مد میں 42 کروڑ 49 لاکھ کی ادائیگی ہوئی۔ خواتین میں رقوم تقسیم اور بعد میں بچوں کی رجسٹریشن نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ سیلاب کے دوران فنڈز میں 1 ارب 70 کروڑ کی خرد برد اور ریکوری نہیں کی جا سکی ہے۔ آڈٹ رپورٹ کے مطابق بی آئی ایس پی فنڈز سے ملازمین کو 22 کروڑ 43 لاکھ اعزازیہ دیا گیا، سرکاری ملازمین کے اہل خانہ اور پینشنرز کو 8 کروڑ 98 لاکھ روپے کی خلاف ضابطہ ادائیگی ہوئی، بجٹ سے دیگر محکموں کے ملازمین کو اعزازیہ دیا گیا۔

اسٹیٹ بینک کا بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقوم منتقلی سے متعلق اہم فیصلہ



کراچی (خلیج نیوز)اسٹیٹ بینک نے بینظیرانکم سپورٹ پروگرام رقوم کی بینک اکائونٹس میں براہ راست منتقلی کا فریم ورک جاری کر دیا۔اسٹیٹ بینک کے مطابق 93 لاکھ افراد اپنے علاقے کے بینکوں میں بی آئی ایس پی سہولت اکائونٹ کھول سکیں گے۔بی آئی ایس پی سہولت اکائونٹس بینکوں سمیت مائیکروفنانس بینکوں میں بھی کھولاجاسکے گا۔مرکزی بینک کے مطابق یہ فریم ورک بی آئی ایس پی اور بینکوں کی مشاورت سے تیار کیا گیا ہے، ابتدائی طور پر پہلا پائلٹ پراجیکٹ کراچی اور لاہور میں شروع کیا جائے گا۔پائلٹ پراجیکٹ میں بی آئی ایس پی کے 30 ہزار استفادہ کنندگان کے اکائونٹس کھولے جائیں گے۔