Tag Archives: بنگلہ دیش

بنگلہ دیش کے ہاتھوں پاکستان کی شکست،سوشل میڈیا پر میمز، تبصروں کا طوفان



اسلام آباد (خلیج نیوز)بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان پہلے ٹیسٹ میں قومی کرکٹ ٹیم کی عبرتناک شکست نے جہاں بنگلہ دیشی ٹیم کے لیے تاریخ رقم کردی ہے، وہیں اب پاکستانی سوشل میڈیا صارفین نے اپنے جذبات کا اظہار سوشل میڈیا میمز سمیت تبصرے کئے ۔تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کے خلاف راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے مہمان ٹیم کو جیت کے لیے صرف 30 رنز کا ہدف دیا جو اس نے بغیر کسی نقصان کے حاصل کرلیا۔راولپنڈی ٹیسٹ کے پانچویں روز بنگلہ دیش کے پہلی اننگز کے 565 رنز کے جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم صرف 146 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔اس پر سوشل میڈیا صارف سلمان نے لکھا کہ تاریخ بن گئی ہے، بنگلہ دیش نے پاکستان کو ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی مرتبہ شکست دے دی ہے، یہ پاکستانی کرکٹ کے لیے بدترین لمحہ ہے۔ایک اور ایکس صارف نے ٹیسٹ فارمٹ کے کپتان شان مسعود کی مسکراتے ہوئے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھنا تھا کہ شان مسعود مسکرا رہے تھے، انہیں کوئی شرم نہیں ہے۔

احتشام ریاض نامی صارف نے لکھا کہ پہلی اننگز ڈکلیئر کرنے کا آئیڈیا کس کا تھا؟حنا زینب نامی صارفہ نے لکھا کہ پاکستانی کی تاریخ کے لیے کیا شرمناک دن ہے، جبکہ صارفہ نے محسن نقوی پر کرکٹ تباہ کرنے کا الزام بھی عائد کردیا۔ایکس صارف شاہد بشیر نے تبصرہ کیا اور اس عبرتناک شکست پر لکھا کہ حد ہے یار۔غلام عباس نامی صارف نے سال 2021 میں سب سے زیادہ کیچز چھوڑنے کے اعداد شمار شیئر کیے، اور کہا کہ بابر اعظم نے 28 کیچز چھوڑے، امام الحق نے 12، فخر زمان نے 10، محمد رضوان نے 9، شاہین شاہ آفریدی نے 7 کیچز چھوڑے۔صارف وارث نے لکھا کہ بنگلہ دیش نے پاکستان کو ہرا کر تاریخ رقم کردی ہے، اور وہ بھی پاکستان میں، ایک اور صارف نے لکھا کہ بنگلہ دیش نے پاکستان کو ہوم گراؤنڈ پر 10 وکٹوں سے شکست دی ہے، یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے جب ہوم گراؤنڈ پر پاکستان کو ٹیسٹ میچ میں شکست ہوئی ہو۔فرخ شہزاد نامی صارف نے لکھا کہ کوئی ادارہ رہ گیا ہے جس کو برباد نہ کیا ہو؟

کب ہماری جان چھوڑو گے اس ملک کو برباد کرنے والو۔جبکہ ایک اور صارف نے معین اختر اور انور مقصود کے پروگرام کے کلپ کا منظر شیئر کیا، جس میں معین اختر بنگلہ دیشی کھلاڑی کی اداکاری کر رہے تھے، اور ساتھ ہی معین اختر کہہ رہے تھے ‘ہمارا ٹارگٹ ہے، ہم جیتے گا’، صارف نے لکھا کہ بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کی اس وقت حالت یہی ہے۔حسن عباسیان نامی صارف نے لکھا کہ اس شکست کے ذمہ دار شان مسعود، منیجمنٹ اور باؤلرز ہیں، ایسے شرمناک مناظر ٹیسٹ کرکٹ میں پہلے کبھی نہیں دیکھے، ایک اور پوسٹ میں صارف نے لکھا کہ ‘سر آپ کا ویڑن ہے’، ساتھ ہی میم بھی شیئر کی، جس میں شان مسعود اوور شاہین شاہ آفریدی ہاتھ ملاتے دکھائی دیے، واضح رہے حقیقت میں یہ وزیر اعظم شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا مشہود کی ویڈیو تھی، جس میں وہ ارشد ندیم کے گولڈ میڈل جیتنے پر شہباز شریف کو مبارکباد دیتے ہوئے کہہ رہے تھے ‘سر آپ کا ویژن ہے۔

ابھیجیت نامی صارف نے لکھا کہ ٹیسٹ سیریز سے قبل نجم الحسن شانتو سے سوال کیا گیا کہ ‘بنگلہ دیش نے ٹیسٹ میں کبھی بھی پاکستان کو شکست نہیں دی ہے جس پر کھلاڑی نے کہا کہ ریکارڈ تو بنائے کی توڑنے کے لیے جاتے ہیں، اور آج ان کی سالگرہ کے موقع پر ان کی ٹیم نے انہیں بہترین تحفہ دیا ہے۔ایک اور صارف گوروو سکرور نے کہا کہ آسٹریلیا پرتھ وکٹ پر نیتھون لیون کو کھلاتا ہے، مگر پاکستان نے اسپن ٹریک پر ابرار احمد کو ڈراپ کر کے فاسٹ باؤلر کو کھلایا، کیا ہی ویژن تھا جبکہ شیکھر سی بسواس نے تبصرہ کیا کہ بنگلہ دیش نے آج انہی کی زمین پر تاریخی کامیابی حاصل کی ہے، پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میچ میں پہلی کامیابی بنگلہ دیشی ٹائیگرز اور ان کے مداحوں کے لیے اہمیت رکھتی ہے۔راوی سونی نے بھارتی اسپورٹس صحافی وکرانت گپتا کا تجزیہ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان کرکٹ بد سے بدتر صورتحال کا شکار ہوئی ہے، ہوم پچ پر چار پیسرز کو کھلانا جہاں ان کے اپنے بلے باز بنگلہ دیشی اسپنرز کے آگے ڈھیر ہوگئے، ایک بے وقوفانہ انتخاب تھا۔

بنگلہ دیش ، سقوط ڈھاکا کی یاد گار پر حملہ کر کے اسے توڑ دیا گیا



ڈھاکہ(خلیج نیوز)بنگلہ دیش کے علاقے کھلنا میں سقوط ڈھاکا کی یاد گار پر حملہ کر کے اسے توڑ دیا گیا ۔غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مجیب نگر نامی علاقے میں 1971کے شہید میموریل کمپلیکس میں موجود یاد گار جس میں پاکستانی فوج کی طرف سے ہندوستانی افواج اور بنگلہ دیش کی مکتی باہنی کو ایک دستاویز پر دستخط کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا کو توڑ دیا گیا ہے۔بنگلہ دیش میں سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کی حکومت کے خلاف احتجاج کرنے والوں نے پرتشدد کارروائیوں میں بنگلہ دیش میں مقیم بھارتی ہندو شہریوں کیساتھ ساتھ مقامی ہندووں کو بھی نشانہ بنایا ہے جس کی وجہ سے سینکڑوں ہندو بھارت جانے کیلئے بنگلہ دیش کے بھارت سے ملحق سرحدی علاقوں میں جمع ہیں جبکہ بھارت نے ان لوگوں کو ملک میں داخل ہونے سے روکنے کیلئے اپنی سرحدوں کی نگرانی سخت کر دی ہے۔رپورٹ کے مطابق بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنما ششی تھروڑنے سقوط ڈھاکہ کی یادگارتوڑنے اور ہندووں کے خلاف حملوں کو بھارت مخالف قرار دیتے ہے اس پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ بھارت اس مشکل وقت میں بنگلہ دیش کے لوگوں کے ساتھ کھڑا ہے، لیکن اس طرح کی زیادتی کو کبھی معاف نہیں کیا جا سکتا ۔

عرب امارات کی اپنے شہریوں سے جلد از جلد بنگلہ دیش چھوڑ دینے کی ہدایت



ابوظہبی (خلیج نیوز)بنگلہ دیش میں جاری مظاہروں کی وجہ سے متحدہ عرب امارات نے اپنے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ فورا ملک چھوڑ دیں اور جلد از جلدواپس آ جائیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سفارت خانے نے ایک بیان میں کہاکہ عوامی جمہوریہ بنگلہ دیش میں رونما ہونے والے موجودہ واقعات کی روشنی میں ڈھاکہ میں متحدہ عرب امارات کا سفارت خانہ ملک میں موجود اپنے تمام شہریوں سے جلد از جلد متحدہ عرب امارات واپس آنے کی اپیل کرتا ہے۔وزارتِ خارجہ نے بھی متحدہ عرب امارات کے شہریوں کو خبردار کیا کہ وہ فسادات اور مظاہروں والے علاقوں میں مت جائیں اور پرہجوم جگہوں سے گریز کریں۔بنگلہ دیش اس وقت سے مظاہروں اور تشدد کی لپیٹ میں ہے جب جولائی میں سرکاری ملازمتوں میں مخصوص کوٹے کے خلاف طلبا کے پرامن احتجاجی مظاہروں نے ایک کشیدہ اور پرتشدد صورت اختیار کر لی اور ملک کی وزیرِ اعظم شیخ حسینہ کی معزولی کی وجہ بن گئے۔

بنگلہ دیش سے بھارتی خفیہ ایجنسی را کے 30 اہلکار گرفتار



ڈھاکہ(خلیج نیوز)بنگلہ دیش کے وزیرِ خارجہ حسین محمود اور وزیرِ ٹیلی مواصلات جنید احمد کو بھارت فرار ہوتے ہوئے گرفتار کرلیا گیا۔ ساتھ ہی ساتھ بنگلہ دیش کے متعدد علاقوں سے فوج کی وردی میں ملبوس بھارتی خفیہ ادارے را کے 30 ایجنٹ بھی گرفتار کرلیے گئے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق بھارت کے مرکزی خفیہ ادارے کے ایجنٹس کا گرفتار کیا جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ بنگلہ دیش کے حالات خراب کرنے میں بھارت کا کلیدی کردار رہا ہے۔ دو دن سے بھارتی میڈیا آئوٹ لیٹس کی پروپیگنڈا مشینری یہ راگ الاپ رہی ہے کہ پاکستان نے چین کی مدد سے شیخ حسینہ واجد کی حکومت کا تختہ الٹا ہے۔را کے 30 ایجنٹس کی گرفتاری سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوگیا ہے۔

بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے 17 رکنی پاکستان اسکواڈ کا اعلان



لاہور ( خلیج نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ کی قومی سلیکشن کمیٹی نے بنگلہ دیش کے خلاف آئی سی سی ٹیسٹ چمپئن شپ کی سیریز کے لیے 17رکنی پاکستان اسکواڈ کا اعلان کردیا ۔سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 21سے 25اگست تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔سیریز کا دوسرا ٹیسٹ کراچی میں 30اگست سے 3ستمبر تک ہوگا۔پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ کا ٹریننگ کیمپ 11اگست سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہوگا۔ ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی اور اسسٹنٹ کوچ اظہرمحمود کیمپ کی نگرانی کریں گے۔جیسن گلیسپی کی پاکستان کے ریڈ بال ہیڈ کوچ کی حیثیت سے یہ پہلی ٹیسٹ سیریز ہے۔بنگلہ دیش کی ٹیسٹ ٹیم 17اگست کی صبح اسلام آباد پہنچے گی اور توقع ہے کہ وہ اسی روز دوپہر کو ٹریننگ کرے گی۔ ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستانی اسکواڈ مییں شان مسعود (کپتان)، سعود شکیل(نائب کپتان)، عامر جمال (فٹنس سے مشروط)، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، بابر اعظم، کامران غلام، خرم شہزاد، میر حمزہ، محمد علی، محمد ہریرہ، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، نسیم شاہ، صائم ایوب، سلمان علی آغا، سرفراز احمد (وکٹ کیپر) اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں ۔

17رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کی قیادت شان مسعود کریں گے جبکہ سعود شکیل کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ سعود شکیل کو شاہین شاہ آفریدی کی جگہ نائب کپتان بنایا گیا ہے جو آسٹریلیا کے دورے پر نائب کپتان تھے۔ یہ فیصلہ انتہائی مصروف سیزن میں شاہین آفریدی کے ورک لوڈ کو سنبھالنے کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ پاکستان ٹیم کو 21اگست2024سے 5اپریل 2025تک 9ٹیسٹ 14ٹی ٹونٹی اور کم ازکم 17 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلنے ہیں۔ٹیسٹ اسکواڈ کے اعلان کردہ 17میں سے 13کھلاڑی پاکستان ٹیم کے گزشتہ دور آسٹریلیا میں شامل تھے۔ محمد ہریرہ ،کامران غلام اور محمد علی کو ڈومیسٹک کرکٹ اور پاکستان شاہینز کی طرف سے عمدہ کارکردگی کی بنیاد پر ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے جبکہ فاسٹ بولر نسیم شاہ کی تیرہ ماہ ریڈ بال کرکٹ میں واپسی ہورہی ہے۔کامران غلام نے پچھلے سیزن میں 11فرسٹ کلاس میچوں میں 1025رنز بنائے تھے جبکہ ڈارون میں انہوں نے بنگلہ دیش اے کے خلاف چار روزہ میچ میں بھی سنچری اسکور کی۔ وہ 2023میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں اسکواڈ کا حصہ تھے لیکن نہیں کھیل پائے تھے۔

فاسٹ بولر محمد علی نے انگلینڈ کے خلاف 2022کی سیریز کے دو ٹیسٹ کھیلے تھے۔انہوں نے گزشتہ سیزن میں 47فرسٹ کلاس وکٹیں حاصل کیں جبکہ ڈارون میں انہوں نے بنگلہ دیش اے کے خلاف چار روزہ میچ کی دوسری اننگز میں چھ وکٹیں حاصل کیں۔ محمد ہریرہ بھی پچھلے چند سیزن سے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے آرہے ہیں۔ پچھلے سیزن میں ان کے رنز کی تعداد 961تھی۔ اس کے علاوہ انہوں نے بنگلہ دیش اے کے خلاف پہلے چار روزہ میچ میں ڈبل سنچری بھی اسکور کی ہے۔ وہ گزشتہ سال سری لنکا کے دورے میں اسکواڈ میں شامل تھے تاہم کسی ٹیسٹ میں وہ نہیں کھیل سکے تھے۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے آسٹریلیا کے دورے میں شامل امام الحق، فہیم اشرف، حسن علی (انجرڈ )،محمد نواز، محمد وسیم جونیئر (انجرڈ )، نعمان علی اور ساجد خان اسکواڈ میں جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب نہیں ہوسکے ہیں۔قومی سلیکشن کمیٹی نے بنگلہ دیش اے کے ِخلاف پہلے چار روزہ میچ کے لیے بھی پاکستان شاہینز کے اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے جس میں سعود شکیل (کپتان)، کامران غلام ، مہران ممتاز، میر حمزہ، محمد علی، محمد رمیز جونیئر، محمد ہریرہ، نسیم شاہ، سعد بیگ (وکٹ کیپر)، سعد خان، صائم ایوب، ثمین گل، سرفراز احمد (وکٹ کیپر ) اور عمر امین شامل ہیں ۔

پلیئر سپورٹ اسٹاف میں عمر گل (ہیڈ کوچ /منیجر)، غلام علی (بیٹنگ کوچ)، فہد مسعود (فیلڈنگ کوچ)، ڈاکٹر امتیاز خان (فزیو تھراپسٹ)، فیصل رائے (انالسٹ ) ، یاسر ملک (ٹرینر)، شفقت شبیر (میڈیا اینڈ ڈیجیٹل مینیجر)اور ملنگ علی (میسیور) شامل ہیں ۔ سعود شکیل کو پہلے میچ میں قیادت کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ ان کے علاوہ اس اسکواڈ میں ٹیسٹ اسکواڈ کے کھلاڑی کامران غلام، میرحمزہ، محمد علی، محمد ہریرہ ،نسیم شاہ، صائم ایوب اور سرفراز احمد بھی شامل ہیں۔ پہلے چار روزہ میچ کی تیاری کے لیے پاکستان شاہینز بدھ کے روز سے اسلام آباد کلب میں ہیڈ کوچ عمر گل کی نگرانی میں ٹریننگ سیشن کا آغاز کرے گی۔ جیسن گلیسپی اور اظہر محمود 11اگست کو قومی کیمپ میں شامل ہونے تک اس کیمپ میں عمرگل کی معاونت کریں گے۔ چار روزہ میچ کے بعد آٹھ ٹیسٹ ممکنہ کھلاڑی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل ہوجائیں گے جبکہ سلیکٹرز بنگلہ دیش اے کے خلاف بقیہ میچوں کے لیے پاکستان شاہینز اسکواڈ کا اعلان کریں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ اسوقت بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ سے رابطے میں ہے اور توقع ہے کہ پاکستان شاہینز اور بنگلہ دیش اے کی سیریز کے نظرثانی شیڈول کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔

بنگلہ دیش کی شیر پور جیل سے 500 سے زائد قیدی فرار



ڈھاکا/نئی دہلی (خلیج نیوز )وزیراعظم شیخ حسینہ کے استعفی کے بعد افراتفری پر مبنی رونما ہونے والے سیاسی صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بنگلہ دیش کی شیر پور جیل سے 500 سے زائد قیدی فرار ہوگئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق جیل توڑ کر فرار ہونے والے متعدد قیدی مسلح ہیں جبکہ بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف)نے کسی بھی ممکنہ پھیلا کو روکنے کے لیے سرحد پر اپنی تعیناتی بڑھا دی ہے۔ حکام نے فرار ہونے والوں میں سے 20 کی ممکنہ دہشت گردی سے وابستگی کے طور پر شناخت کی ہے۔شیرپور ضلع میں لاٹھیوں سے لیس ایک بھیڑ نے ضلع جیل میں گھس کر 500 سے زائد قیدیوں کو چھڑا لیا۔دوسری طرف شورش پسندوں نے کم از کم 6 پولیس اسٹیشنوں میں توڑ پھوڑ کر آگ لگا دی ہے۔ ان پولیس اسٹیشنوں سے اسلحے، گولیاں اور دیگر سامان لوٹے جانے کی خبریں بھی سامنے آ رہی ہیں۔ ڈھاکہ ٹریبیون کی ایک رپورٹ میں بتایا جا رہا ہے کہ عوامی لیگ کے لیڈران و کارکنان کے گھروں و افسران کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔

بنگلہ دیش میں حکومت گرنے کے بعد امریکا،برطانیہ اور یورپی یونین کا ردعمل سامنے آگیا



ڈھاکا/لندن/نیویارک(خلیج نیوز)بنگلہ دیش میں حکومت گرنے کے بعد امریکا،برطانیہ اور یورپی یونین کا رد عمل سامنے آگیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر کا کہنا تھا کہ امریکا بنگلا دیش کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔تمام پارٹیوں پر زور دیتے ہیں کہ مزید تشدد سے گریز کریں۔ میتھیو ملر نے کہا چندہفتوں کے اندربہت ساری جانیں گئیں۔عبوری حکومت کے قیام کا اعلان خوش آئند ہے،امید کرتے ہیں اقتدارکی منتقلی بنگلادیشی قوانین کے مطابق ہوگی۔وائٹ ہائوس کے قومی سلامتی کے مشیر جان کربی نے کہا کہ عبوری حکومت جمہوری اور کثیر الجماعتی ہونی چاہیے،برطانوی وزیراعظم نے کہاکہ بنگلہ دیش میں جمہوریت کے تحفظ کے لیے جلد اقدامات ضروری ہیں،یورپی یونین نے اقتدارکی پرامن اور جمہوری اندازمیں منتقلی پر زور دیا۔