لاہور(خلیج نیوز)وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر بجلی کے بلوں میں 14روپے فی یونٹ ریلیف ملنا شروع ہوگیا، لیسکو نے مریم نواز کی ہدایت پر عملدرآمد شروع کر دیا۔لیسکو کے پہلے 4بیجز میں صارفین کو 14روپے فی یونٹ ریلیف دے دیا گیا، پہلے چار بیجز کو بل جاری ہونے کے بعد دوبارہ اپ ڈیٹ کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق لیسکو کی جانب سے ٹیکسز اور بجلی کی قیمت جمع کرنے کے بعد 14روپے فی یونٹ رقم بلوں سے نکالی گئی ہے۔وزیراعلی پنجاب کی جانب سے بقیہ رقم ادا کر دی گئی کی تحریر بھی بلوں پر درج کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق بل ڈسٹری بیوٹرز بلوں کے ساتھ پنجاب حکومت کی جانب سے جاری پمفلٹ بھی تقسیم کر رہے ہیں، تمام افسران کو صارف کو بل کے ساتھ پمفلٹ دے کر تصویر بھی لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
Tag Archives: بجلی
بجلی میں ریلیف صرف پنجاب نہیں پورے ملک کے عوام کو ملنا چاہیئے ،حافظ نعیم الرحمن
کراچی(خلیج نیوز)امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے ہفتہ کو کراچی آمد کے موقع پر ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کے بلوں میں ریلیف اور قیمتوں میں فی یونٹ 14روپے کمی کا اعلان صرف پنجاب میں اور صرف 2ماہ کے لیے نہیں بلکہ پورے ملک میں اور پورے سال کے لیے ہونا چاہیئے ، ریلیف پورے پاکستان کو ملنا چاہئے۔ اٹھارہویں ترمیم کے بعد سندھ حکومت کو اس کے بجٹ کا62فیصد وفاق سے ملتے ہیں جو عوام کے ٹیکسوں کا ہی حصہ ہوتا ہے۔ اس کے باوجود سندھ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے تیار نہیں ہے۔ صدر آصف علی زرداری وفاق کی علامت ہیں وہ بتائیں سندھ اور ملک کے دیگر حصوںمیں بجلی کی قیمتیں کم کیوں نہیں ہوسکتی؟پنجاب میں بجلی کی قیمتیں کم ہوسکتی ہیں تو سندھ میں کم کیوں نہیں ہوسکتی۔ کراچی ٹیکس دیتا ہے تو وفاق کا پورا نظام چلتا ہے۔
ملک کی معیشت چلانے والے شہریوں کے لیے بجلی کی قیمتوں میں کمی کیوں نہیں کی جاتی۔مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم عوام کے خلاف ”پارٹنرز ان کرائمز ”ہیں اور پاکستان میں کرائسس کی ذمہ دار تمام حکمران پارٹیاں ہیں۔ مہنگی بجلی سے نجات ، بجلی کے بلوں میں عوام کو ریلیف دلانے اور تاجروں و عوام پر ظالمانہ ٹیکسوں کے خاتمے کے لیے بدھ 28اگست کو ملک گیر شٹر ڈائون ہڑتال کی جائے گی ، تاجر برادری بھی 28اگست کو ہڑتال کر ے گی ، تاجروں نے ہماری اور ہم نے ان کی ہڑتال کی حمایت کی ہے، جماعت اسلامی کی حق دو عوام تحریک جاری ہے ، عوامی رابطہ مہم تیز اور ممبر شپ مہم بھی شروع کی جائے گی ، کے الیکٹرک مافیا بن چکی ہے اس کا لائنس ختم کرکے فارنزک آڈٹ کیا جائے اور کراچی کے شہریوں کو وفاق سے براہ راست بجلی فراہم کی جائے ،حکومت کے ساتھ معاہدے کی مدت کے 35 دن رہ گئے ہیں ، ہم مسلسل مزاحمت جاری رکھیں گے ، پورے معاہدے پر عمل در آمد کرائیں گے اور عمل درآمد نہ کیا گیا تو پورے ملک سے لانگ مارچ کرتے ہوئے اسلام آباد ڈی چوک جائیں گے پھر کوئی روک نہیں سکے گا۔
پریس کانفرنس میں امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان ، نائب امیر کراچی و اپوزیشن لیڈر سٹی کونسل سیف الدین ایڈوکیٹ ،سکریٹری کراچی توفیق الدین صدیقی ،ڈپٹی سکریٹریز کراچی ابن الحسن ہاشمی ،قاضی صدر الدین ،سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ، سکریٹری پبلک ایڈ کمیٹی نجیب ایوبی ، نائب صدر و کے الیکٹرک کمپلنٹ سیل کے چیئرمین عمران شاہد ،فیڈرل بی ایریا ٹریڈ اینڈ انڈسٹری ایسوسی ایشن کے رہنما بابر خان ودیگر بھی موجود تھے۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہاکہ جماعت اسلامی کے دھرنے اور دبائو کے نتیجے میں حکمران مجبور ہوئے اور گزشتہ روز نواز شریف اور مریم نواز نے پریس کانفرنس میں 2 ماہ کے لیے بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا ہے۔
آئی پی پیز کے کیپی سٹی چارجز، تنخواہ دار طبقے پر ظالمانہ ٹیکس عوام کو کسی صورت قبول نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں کے الیکٹرک شہریوں کے لیے عذاب بنی ہوئی ہے اس کے بغیر بھی کراچی کو بجلی فراہم کی جاسکتی ہے ،کے الیکٹرک اوور بلنگ کررہی ہے اور حکومت اسے اربوں روپے کی سبسڈی بھی دے رہی ہے۔ کے الیکٹرک کو سپورٹ فراہم کرنے میں مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم سمیت تمام حکمران پارٹیاں شامل ہیں، سندھ میں سسٹم کے نام پر کرپشن کا بازار عرصہ دراز سے گرم ہے ، یہ سسٹم پہلے کراچی اور سندھ میں کام کرتا تھا اب تو اسلام آباد پہنچ گیا ہے اور حب میں بھی زمینوں پر قبضے ہو رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے معاشی حالات سب کے سامنے ہیں جس میں غریبوں کا چولہا بند کیا جا رہا ہے۔ گیس کی قیمتوں میں بھی ہوشربا اضافہ کیاگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کے افراد انتہائی محنت کرتے ہیں انہیں اس کے مطابق ان کے حقوق دینا چاہیے۔ اربوں روپے کے اشتہارات تو چل رہے ہوتے ہیں لیکن میڈیا سے وابستہ افراد کی تنخواہوں میں اضافہ نہیںکیا جاتا۔ جماعت اسلامی کی تحریک آگے بڑھے گی اور عوام کو ریلیف ضرور ملے گا۔ پاکستان میں بے شمار وسائل موجود ہیں اور نوجوان ٹیلنٹ بھی ہے ، پاکستان آج بھی پوری دنیا کو لیڈ کرسکتا ہے۔
کراچی؛ مقامی سطح پر تیار بجلی سے چلنے والی گاڑیاں متعارف
کراچی(خلیج نیوز)کارساز کمپنی ماسٹر چنگان موٹرز لمیٹڈ نے مقامی سطح پر تیار بجلی سے چلنے والی گاڑیاں متعارف کرا دی اور اگلے دو سال میں مزید 3 سے 4 ماڈلز متعارف کروانے اعلان کردیا۔کراچی کے شاپنگ مال میں الیکٹرک فرسٹ برانڈ دیپال کی نقاب کشائی کی، دیپال نامی الیکٹرک وہیکل کے دو ماڈلز ایل سیون اسپورٹس الیکٹرک سیڈان اور ایس سیون الیکٹرک پریمیم وہیکل شامل ہیں اور صارفین آزمائشی ڈرائیو بھی کرسکیں گے۔چنگان موٹرز لمیٹڈ کے سی ای او دانیال ملک کے مطابق کمپنی آئندہ 2 سال میں 3 سے 4 نئے مقامی طور پر اسمبل شدہ الیکٹرک وہیکلز ماڈلز متعارف کرائے گی۔صارفین 25 اگست تک فرسٹ ہینڈ تجربہ اور ٹیسٹ ڈرائیو کاریں حاصل کر سکتے ہیں، دونوں کاریں سنسنی خیز ایچ پی250 اور این ایم 320 فوری ٹارک پیش کرتی ہیں، جو صرف 5.9 سیکنڈ میں 0-100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلتی ہیں۔
کیٹل کی ٹرنری لیتھیم بیٹری 66.8 kWh کی صلاحیت رکھتی ہے اور ایل 07میں 540 کلومیٹر اور ایس 07 میں 485 کلومیٹر تک کی غیر معمولی حد فراہم کرتی ہے۔ان کاروں کو اٹلی میں چنگن کے آر اینڈ ڈی سنٹر میں ڈیزائن کیا گیا ہے اور اس نے 2023 میں جرمن ریڈ ڈاٹ ڈیزائن ایوارڈ جیتا تھا۔دانیال ملک نے کمپنی کے منصوبے بتاتے ہوئے کہا ہے کہ آٹوموٹو اسپیس میں ایک مستقل خلل ڈالنے والے کے طور پر، ماسٹر چنگان نے پرانے جنریشن کے پٹرول اور ہائبرڈ ماڈلز کے مقابلے دیپال کو متعارف کروا کر پہلا چیلنج حل کیا۔انہوں نے کہا کہ کمپنی کی متعارف کردہ الیکٹرک گاڑیوں کے ساتھ تیز رفتار چارجر بھی فراہم کیا جائے گا، جس کے ذریعے گاڑیوں کو 5 سے 8 گھنٹوں میں چارج کیا جاسکے گا۔الیکڑک وہیکل تین عالمی کمپنیوں چنگان، ہواوئے اور کیٹل کے اشتراک سے تیار کی گئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کے موجودہ قومی چارجنگ نیٹ ورک کو 23 نئے چارجنگ پوائنٹس کے ساتھ 5 شہروں سے 17 شہروں تک پھیلا کر چوتھے اور سب سے بڑے چیلنج کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔
پاکستان میں بجلی بلوں نے گھروں کے کرایوں کو پیچھے چھوڑ دیا، بلوم برگ
نیویارک (خلیج نیوز) بلومبرگ نے انکشاف کیا ہے بجلی بلوں نے پاکستان میں گھروں کے کرایوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق عالمی مالیاتی امور پر نظر رکھنے والے ادارے بلومبرگ نے انکشاف کیا ہے کہ بجلی بلوں نے پاکستان میں گھروں کے کرایوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں 2021ء سے بجلی قیمتوں میں 155فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں جہاں تقریبا نصف آبادی کی یومیہ آمدنی 4 ڈالر سے بھی کم ہے اور افراط زر تقریبا 12فیصد کو چھو رہی ہے وہیں بجلی، پٹرول اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے نے شہریوں کی قوت خرید مزید کم کردی ہے ۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے گزشتہ ماہ جولائی میں رہائشی صارفین کیلئے بجلی کی اوسط فی یونٹ قیمت میں 18فیصد اضافہ کردیا،حکومت نے آئی ایم ایف سے قرضے حاصل کرنے کیلئے ٹیکسوں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کرنا شروع کردیا ہے ۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف نے بیل آئوٹ پروگرام کے تحت توانائی کے شعبے میں لاگت میں کمی ،سرکاری بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری پر اتفاق کیا ہے، پاور ریگولیٹر کے مطابق پاکستان اپنی پیدا کردہ بجلی کا تقریبا 16فیصد چوری سمیت ترسیل اور تقسیم کی خرابی میں ضائع ہوجاتا ہے جس سے گردشی قرضہ بڑھ جاتا ہے۔
مفت بجلی دینا شروع کر رہے ہیں، وزیر توانائی سندھ کا اعلان
کراچی (خلیج نیوز)وزیر توانائی سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ ہم 100 یونٹ مفت بجلی دینا شروع کر رہے ہیں۔صوبائی وزیر توانائی ناصر شاہ کا کہنا تھا کہ بجلی کے بل زیادہ آرہے ہیں، شہری پریشان ہیں، ہمارا انتخابی منشور بنا تو اس میں 300 یونٹ بجلی فری دینے کا وعدہ کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں 300 یونٹ تک مفت بجلی کے لیے کافی حد تک کام کیا ہے، ہم 100 یونٹ مفت بجلی دینا شروع کررہے ہیں، دوسرے مرحلے میں 200 پھر 300 یونٹ تک مفت بجلی دیں گے۔وزیر توانائی نے کہا کہ سندھ حکومت کے سولرائزیشن کے دو پروگرام ہیں، 5 لاکھ تک سولر پینل دینے کا منصوبہ ہے، کوشش ہے کہ اگست میں ہی 50 ہزار سولر پینل کی تقسیم کریں، ہم سندھ میں دو لاکھ تک سولر پینل فراہم کریں گے۔ناصر شاہ نے کہا کہ سولر پارک بنانے جارہے ہیں جس سے بجلی این ٹی ڈی سی کو دیں گے، سندھ کے سروے میں 26 لاکھ کے قریب آف گریڈ گھرانے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت بجٹ میں صوبوں کے لیے پی ایس ڈی پی بناتی ہے، سندھ کی سڑکیں بھی این ایچ اے کی ذمہ داری ہے۔وزیر توانائی نے کہا کہ بلاول بھٹو آئندہ وزیراعظم ہوں گے پھر پورا ملک ترقی کرے گا، بہت سے لوگ سوشل میڈیا پر کہتے ہیں پی پی نے سندھ تباہ کردیا لیکن عوام سندھ حکومت اور پیپلزپارٹی پر اعتماد کرتی ہے۔
وفاقی حکومت نے بجلی 2روپے 56پیسے فی یونٹ مہنگی کردی
اسلام آباد(خلیج نیوز)تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے مہنگائی کے مارے عوام پر ایک اور بجلی بم گراتے ہوئے بجلی 2روپے 56پیسے فی یونٹ مزید مہنگی کردی گئی ، نیپرا نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی قیمت میں اضافہ جون کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے، لائف لائن صارفین اور کے الیکڑک صارفین پر اضافے کا اطلاق نہیں ہوگا۔نوٹیفکیشن کے مطابق اگست کے بجلی کے بلوں میں صارفین کو اضافی ادائیگیاں کرنا ہوں گی،سی پی پی اے نے نیپرا سے 2روپے 63پیسے فی یونٹ کا اضافہ مانگا تھا۔
بلوں کی عدم ادائیگی پر متعدد سرکاری محکموں کی بجلی منقطع کردی گئی
پشاور (خلیج نیوز) پیسکو حکام نے بلوں کی عدم ادائیگی پر متعدد سرکاری محکموں کی بجلی منقطع کردی ۔ تفصیلات کے مطابق پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی پیسکو ٹیم اور ایف آئی اے نے سرکاری نادہندگان کے خلاف مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے محکمہ ایکسائز، اینٹی کرپشن اور افغان کمشنریٹ کی بجلی کے بلوں کی عدم ادائیگی پر بجلی منقطع کردی۔اس کے علاوہ ورکنگ ویمن اسپتال، سوشل ویلفیئراور چیف انجینئر پبلک ہیلتھ کی بجلی بھی منقطع کی گئی۔پیسکو حکام کے مطابق مذکورہ محکموں کے ذمے 30 لاکھ سے زائد کے بقایاجات واجب الادا تھے۔پیسکو کو ان محکموں کی جانب سے عرصہ دراز سے کوئی واجبات ادا نہیں کئے گئے تھے جس پر کارروائی عمل میں لائی گئی ہے ۔