Tag Archives: بانی پی ٹی آئی

انٹرنیٹ کا گلا گھونٹ دیا تاکہ بانی پی ٹی آئی کا نام نہ چلے،عمر ایوب



اسلام آباد (خلیج نیوز)قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف عمر ایوب نے کہا ہے کہ انٹرنیٹ کا گلا گھونٹ دیا تاکہ بانی پی ٹی آئی کا نام نہ چلے۔قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اظہارِ خیال کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ سست انٹرنیٹ پر جواب دیا گیا کہ 28 اگست تک انٹرنیٹ اسپیڈ ٹھیک ہو جائے گی، آئی ٹی کمیٹی میں غلط بیانی کی گئی، اب بتایا جارہا ہے کہ انٹرنیٹ ویب سسٹم انسٹال کیا جا رہا ہے۔عمر ایوب نے بلوچستان کے حالات پر اظہارِ تشویش کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے بارے میں آپ کہتے ہیں کوئی مسئلہ نہیں ہے، کوئٹہ پریس کلب میں پابندی کیوں لگائی گئی ہے، بلوچستان میں مایوسی پھیل رہی ہے جو کہ خوفناک بات ہے۔

عمر ایوب نے کہا کہ قائمہ کمیٹی انفارمیشن ٹیکنالوجی میں کئی افسران نہیں آئے، افسران نے کہا کہ ہماری میٹنگ ہے، کیا یہ بہانے کریں گے، قومی اسمبلی کی رِٹ کو قائم کریں۔بعد ازاں پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب نے کہا کہ ہم نے فلور پر یوٹیلیٹی اسٹورز ملازمین کے حق میں آواز بلند کی، بانی پی ٹی آئی کے جیل میں حقوق کا مسئلہ اٹھایا، آئی ٹی کے مسئلے پر بات کی۔انہوں نے کہا کہ ہمارے دو ایکٹیوسٹس کو اٹھایا گیا، ان کے بارے میں بات کی، کے پی کے میں جو سیلاب آیا ہوا ہے اس پر بات کی، احسن اقبال نے ضروری مسائل پر بات نہیں کی، جب یہ لوگ جیل میں تھے وہاں بونے لگتے تھے، ڈی جی اینٹی نارکوٹکس نے رانا ثناء اللّٰہ پر کیس بنایا تھا۔

اڈیالہ جیل، بانی پی ٹی آئی، بشری بی بی کیلئے نئے 3 افسران تعینات



راولپنڈی(خلیج نیوز)اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کیلئے نئے 3جیل افسران تعینات کر دئیے گئے۔خاتون آفیسر سمیت تینوں افسران بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو بیرکس سے عدالت میں پیش کرنے سمیت دیگر فرائض سر انجام دیں گے۔محکمہ جیل خانہ جات کے تقرر و تبادلے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا جس کے مطابق گریڈ 17کے علی امیر شاہ کو ایڈیشنل ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل تعینات کردیا گیا۔ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ امیر شاہ کی تعیناتی پنجاب سول سرونٹس ایکٹ 1974کی شق 9کے تحت کی گئی۔گریڈ 17کے سبطین شاہ کو ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ایگزیکٹو اڈیالہ جیل تعینات کر دیا گیا، اسی طرح بشریٰ بی بی کیلئے گریڈ 16کی خاتون آفیسر زیب النسا کو لیڈی ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل تعینات کر دیا گیا ہے۔محکمہ جیل خانہ جات نے افسران کی تقرر و تبادلوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ تینوں افسران نے فوری طور پر نئے تعیناتیوں کا چارج سنبھال لیا ہے۔علاوہ ازیں آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر نے رات گئے اڈیالا جیل کا دورہ کیا اور بانی پی ٹی آئی کی بیرک پر مامور جیل عملے سے بات چیت کی۔ آئی جی جیل خانہ جات نے جیل حکام سے قیدیوں، زیر سماعت مقدمات، جیل میں انٹرنیٹ، وائی فائی، موبائل فون سروس اور دیگر آلات سے متعلق بریفنگ لی۔

حکمراں ہوش کے ناخن لیں، بانی پی ٹی آئی کو عوام کے بیچ آنے دیا جائے، علی محمد خان



اسلام آباد (خلیج نیوز) پی ٹی آئی رہنماء علی محمد خان نے کہا ہے کہ کل تاجر برادری کا احتجاج ہوا لیکن ان کا پورا زور پی ٹی آئی کو مینج کرنے پر لگا ہے۔ راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی محمد خان نے کہا کہ خدارا ہوش کے ناخن لیں، بانی پی ٹی آئی کو عوام کے بیچ آنے دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی نے ریمنڈ ڈیوس کے معاملے پر کمپرومائز نہیں کیا تھا۔ امن و امان ہو یا خارجہ پالیسی، ملک کا کیا حال ہوگیا ہے۔ ملک اور اداروں کے بیچ میں ایک تعلق کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عہدے پیارے ہوتے تو اس اڈیالہ میں عہدوں کی آفر ہوئی تھی لیکن ٹھکرا دی۔ انہوں نے کہا کہ جب تک بانی پی ٹی آئی باہر نہیں آئیں گے مسائل حل نہیں ہوں گے۔

بانی پی ٹی آئی کا باب بند، جیل سے باہر آتا نہیں دیکھ رہا: امیر مقام



مردان(خلیج نیوز) وفاقی وزیر برائے سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا باب بند ہو چکا ہے انہیں جیل سے باہر آتا نہیں دیکھ رہا۔مردان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کا کوئی سیاسی مستقبل نظر نہیں آرہا اور بانی پی ٹی آئی کا باب بند ہوچکا ہے، اگر دھرنوں سے تبدیلی لائی جاسکتی تو سوال ہے بانی پی ٹی آئی کے 126دن کے دھرنوں سے کیا ہوا؟انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی ساری تگ و دو ایک شخص کو صرف جیل سے باہر لانے کیلئے ہے، مولانا فضل الرحمان منجھے ہوئے سیاستدان ہیں ان کو سیاست میں مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کی کرپشن کی گواہی ان کے اپنے وزرا دے رہے ہیں ، ملک میں معاشی استحکام لانے کیلئے سیاسی اور عسکری قیادت مشترکہ کوششیں کررہی ہے، حکومت کو کوئی خطرہ نہیں وہ اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔

بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے جس نے بھی سہولت فراہم کی وہ پاکستان کیلئے مثبت عمل تھا، اعظم سواتی



اسلام آباد (خلیج نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اعظم سواتی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے جس نے بھی سہولت فراہم کی وہ پاکستان کے لیے مثبت عمل تھا۔سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعظم سواتی نے کہا کہ یہ پاکستان کے نظام کو بچانے کے لیے مثبت عمل تھا۔اعظم سواتی نے کہا کہ ہم اس خوش فہمی میں مبتلا نہیں ہیں کہ جلسہ منسوخ کرنے سے ہمیں کوئی رعایت ملے گی۔انہوں نے کہا کہ ہم آئین اور قانون کی پاسداری چاہتے ہیں۔

بانی پی ٹی آئی کی بہن نے عملی سیاست میں قدم رکھ دیا



مردان (خلیج نیوز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بانی کی بہن علیمہ خان نے عملی سیاست میں قدم رکھ دیا۔علیمہ خان وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کو بتائے بغیر پشاور اور مردان پہنچ گئیں، جہاں پر انہوں نے جیل کاٹنے والے اور ناراض پارٹی کارکنوں سے ملاقاتیں کیں۔ناراض کارکنوں نے علی امین گنڈاپور اور دیگر رہنماؤں کے خلاف شکایتوں کے انبار لگا دیے۔علیمہ خان نے ملاقاتوں میں خود ورکرز کے ساتھ مل کر بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے مہم چلانے کا اعلان بھی کیا۔دوسری جانب تحریک انصاف کے اندرونی اختلافات ختم کرنے کے لیے سابق صدر عارف علوی کی سربراہی میں کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے۔عارف علوی فریقین کے تحفظات سنیں گے اور ایک ہفتے میں اپنی تجاویز بھی دیں گے۔

بانی پی ٹی آئی کا پیغام ہے جو بھی صورتحال ہو جلسہ 8 ستمبر کو ہی ہو گا،شیرافضل مروت



راولپنڈی(خلیج نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شیر افضل مروت نے کہاہے کہ بانی پی ٹی آئی کا پیغام ہے کہ جو بھی صورتحال ہو جلسہ 8 ستمبر کو ہی ہو گا،اگرجلسہ منسوخی کامیراپیغام آئے توبھی یقین نہ کرنا۔شیر افضل مروت نے اڈیالا جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے پیغام دیا ہے کہ پاکستان کی حقیقی آزادی کی جنگ متحد ہو کر لڑنی ہے۔اْنہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے 8 ستمبر کی ذمے داری علی امین گنڈا پور کو دی ہے کہ وہ ہر صورت یہ جلسہ کروائیں اور کہا ہے کہ اگر 8 ستمبر کو میرا بھی یہ پیغام آئے کہ جلسہ منسوخ ہو گیا ہے تو آپ نے یقین نہیں کرنا۔پی ٹی آئی کے سینئر رہنما نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے مجھے کیا ذمے داریاں دی ہیں اس کا اعلان 8 ستمبر کے جلسے میں کروں گا۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا پیغام ہے کہ قوم ستمبر کے جلسے کیلئے تیاری رکھے۔شیر افضل مروت نے کہاکہ محسن نقوی کا کرکٹ سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ اْنہوں نے کہاکہ بناوٹی اور نان پروفیشنل لوگوں کو ذمہ داریاں سونپنے سے پاکستان کو شکست پر شکست ہو رہی ہے، میرٹ کی مسلسل پامالی ہو رہی ہے۔

بانی پی ٹی آئی کیخلاف نئے توشہ خانہ ریفرنس میں 22 گواہ شامل



اسلام آباد (خلیج نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے خلاف نئے توشہ خانہ ریفرنس میں گواہوں کی لسٹ سامنے آ گئی، جس میں 22 گواہوں کے نام شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق گواہان میں بنیامین سیکشن آفیسر توشہ خانہ کیبنٹ ڈویڑن کا نام سرِ فہرست ہے جبکہ پروٹوکول افسر وزیرِ اعظم ہاؤس طلعت محمود، ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب قیصر محمود کا نام گواہان میں شامل ہیں۔وزارت خارجہ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد فہیم، سابق ملٹری سیکریٹری بریگیڈیئر محمد احمد اور سابق وزیرِ اعظم کے پرسنل سیکریٹری انعام اللّٰہ شاہ کا نام بھی نئے توشہ خانہ ریفرنس کے گواہوں میں شامل ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ڈائریکٹر نیب شفقت محمود اور کیس کے تفتیشی افسر محمد محسن ہارون بھی گواہوں کی فہرست میں شامل ہیں۔واضح رہے کہ نیب نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف نیا توشہ خانہ ریفرنس احتساب عدالت اسلام آباد میں دائر کر دیا ہے۔

تفتیشی افسر محسن ہارون اور کیس افسر وقار الحسن نے ریفرنس دائر کیا ہے۔دوسری جانب بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف نئے توشہ خانہ ریفرنس کی تفصیلات سامنے آگئیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق توشہ خانہ ریفرنس نمبر 2 سعودی ولی عہد کی جانب سے دیے گئے بلغاری جیولری سیٹ پر دائر کیا گیا، ریفرنس میں بتایا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کو 7 سے 10 مئی 2021 کو دورہ سعودیہ کے موقع پر بلغاری جیولری سیٹ دیا گیا، جیولری سیٹ میں ایک عدد انگوٹھی، ایک عدد بریسلٹ، ایک نیکلس، ایک جوڑی بالیاں شامل تھیں، شواہد کے مطابق عمران خان اور بشریٰ بی بی نے غیر قانونی طور پر بلغاری جیولری سیٹ اپنے پاس رکھا۔ریفرنس کے مطابق ڈپٹی ملٹری سیکریٹری نے 18 مئی 2021 کو سیکشن افسر توشہ خانہ کو قیمت کا تخمینہ لگانے اور ڈکلیئر کرنے کے بارے آگاہ کیا لیکن جیولری سیٹ جمع نہیں کرایا، 25 مئی 2018 کو بلغاری کمپنی نے فرنچائز سالوجنٹ ٹریڈنگ سعودی عرب کو ہار 3 لاکھ یورو اور بالیاں 80 ہزار یورو میں فروخت کی تھیں۔

کمپنی سے بریسلٹ اور انگوٹھی کی قیمت کے بارے میں معلومات نہیں مل سکیں، 28 مئی 2021 کو بلغاری جیولری سیٹ کی ٹوٹل قمیت تقریباً 7 کروڑ 56 لاکھ 61 ہزار 600 پاکستانی روپے بنتی تھی۔ریفرنس میں کہا گیا کہ جیولری سیٹ میں شامل ہار کی قیمت 5 کروڑ 64 لاکھ 96 ہزار روپے بنتی ہے، جیولری سیٹ میں شامل بالیوں کی قیمت 1 کروڑ 50 لاکھ 65 ہزار 600 روپے بنتی ہے، توشہ خانہ رولز کے مطابق 50 فیصد رقم دے کر بلغاری جیولری سیٹ کی قیمت 3 کروڑ 57 لاکھ 65 ہزار 800 روپے بنتی ہے، بلغاری جیولری سیٹ کی کم قیمت لگوا کر قومی خزانے کو 3 کروڑ 28 لاکھ 51 ہزار 300 روپے کا نقصان پہنچایا گیا، عمران خان نے بشریٰ بی بی کے ساتھ مل کر نیب آرڈیننس 1999 کی سیکشن 9 اور سب سیکشن 3، 4، 6 اور 12 کی خلاف ورزی کی ہے۔نیب ریفرنس کے مطابق یکم اگست 2022 کو بورڈ میٹنگ کے بعد چیئرمین نیب کی ہدایت پر عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف انکوائری شروع ہوئی۔اس میں بتایا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا، عمران خان نے اپنی وزارتِ عظمیٰ کے دور میں 108 تحائف میں سے 58 اپنے پاس رکھے۔

فائر وال سسٹم لگانے کا فیصلہ بانی پی ٹی آئی کے دور میں ہوا،خط سامنے آگیا



اسلام آباد(خلیج نیوز)ملک میں انٹرنیٹ فائر وال سسٹم سب سے پہلے بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے دور حکومت میں لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔میڈیارپورٹ کے مطابق عمران خان کے دور حکومت میں 2020 کا وزیراعظم آفس میں نیشنل فائر وال پر اجلاس ہوا جس سے متعلقہ خط سامنے آگیا۔خط میں کہا گیا کہ 22اکتوبر2020 کو نیشنل فائر وال سسٹم سے متعلق اجلاس ہوا، وزیراعظم کے احکامات کے مطابق نیشنل فائر وال سسٹم تیار اور نصب کیا جائے۔خط میں کہا گیا کہ وزارت آئی ٹی کیس باضابطہ منظوری کیلئے مجاز اتھارٹی کو بھجوائے۔خط میں کہا گیا کہ وزیراعظم کے احکامات کے مطابق ٹائم لائنز اور پیشرفت رپورٹ جمع کروائی جائے۔