لاہور(خلیج نیوز)یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کو بند کئے جانے کے حکومتی فیصلے کے خلاف تمام یوٹیلیٹی سٹورز ورکرز نے پیر کے روز ملک بھر میں یوٹیلیٹی سٹورز غیر معینہ مدت کیلئے بند کرکے ہڑتال اور اسلام آباد میں ڈی چوک پر دھرنا دینے کا اعلان کر دیا ۔ یوٹیلٹی اسٹورز ورکرز کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز کو بند کئے جانے کے فیصلے کی منسوخی تک احتجاج جاری رکھیں گے ۔اس ضمن میں ملک بھر سے یوٹیلیٹی اسٹورز کے ملازمین نے اسلام آباد کی جانب مارچ شروع کر دیا ہے پہلے یوٹیلیٹی اسٹورز کے ملازمین اسلام آباد میں یوٹیلیٹی سٹورز کے ہیڈ کوارٹر کے سامنے اکٹھے ہوں گے اور اس کے بعد جلوس کی صورت میں ڈی چوک پر دھرنا دیں گے ۔یوٹیلیٹی اسٹورز کے ملازمین نے اعلان کیا ہے کہ جب تک حکومت یوٹیلیٹی اسٹورز کو بند کرنے کا فیصلہ واپس نہیں لیا جاتا تب تک دھرنا جاری رہے گا۔
Tag Archives: اعلان
انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ کا اعلان
اسلام آباد(خلیج نیوز)فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)نے ٹیکس دہندگان کیلئے 30جون 2024تک کے مالی سال کے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ کا اعلان کردیا۔ایف بی آر کے مطابق ٹیکس ائیر 2024کے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ 30ستمبر ہے، ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ایف بی آر کے مطابق گوشوارے داخل نہ کرانے کی صورت میں قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا، ڈیفالٹ کی صورت میں واجب الادا ٹیکس کے 0.1فیصد یومیہ جرمانہ ہوگا، فرد پر کم از کم جرمانہ ایک ہزار، دیگر کیٹگریز کیلئے 50ہزار روپے ہے۔بیرون ملک سفر، بینک بیلنس، پراپرٹی، گھر یا گاڑی رکھنے والوں کو گوشوارے جمع کرانے لازم ہے، تاجر دوست اسکیم میں رجسٹرڈ نہ ہونے والے تاجروں و دکانداروں کیخلاف کارروائی ہوگی۔غیر رجسٹرڈ دکان پہلے ڈیفالٹ پر سات دن اور پھر 20دن کیلئے سیل کی جائے گی، دکاندار کو پہلے ڈیفالٹ پر پانچ کروڑ پھر ہر ڈیفالٹ پر 20کروڑ روپے جرمانہ ہوگا۔
گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کا طلبا کیلئے 100 مفت لیپ ٹاپس کا اعلان
کراچی(خلیج نیوز)پیرس اولمپکس میں پاکستان کیلئے 40 سال بعد گولڈ میڈل جیتنے والے اولمپئین ارشد ندیم نے 100 لیپ ٹاپس طلباء کو دینے کا اعلان کردیا۔گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے کراچی میں گورنر سندھ کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے 100 طلبہ وطالبات کے لیے لیپ ٹاپ کے تحائف دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ مستقبل میں وہ کراچی میں اکیڈمی بنانے کا منصوبہ رکھتے ہیں جس پر وقت آنے پر کام کریں گے۔ ارشد ندیم نے کہا کہ وہ 2028 اور 2032 کے اولمپکس میں بھی پاکستان کی نمائندگی کرنا اور گولڈ میڈل جیتنے کے خواہشمند ہیں۔
انہوں نے کہاکہ انہیں صرف کراچی ہی نہیں بلکہ جب سے وہ گولڈ میڈل جیت کر وطن واپس پہنچے ہیں ملک کے چپے چپے سے عوام کا پیار مل رہا ہے جو میرے لیے قابل فخر ہے۔گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے کہا کہ محنت سے پوری قوم کی دعائوں کی وجہ سے کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب ہوا، ایڈیشنل آئی جی پولیس، وزیراعلی سندھ، میئر کراچی سمیت کراچی کے عوام کا شکر گزار ہوں جنہوں نے اتنی عزت دی اور حوصلہ افزائی کی۔ارشد ندیم نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے بھی میرے گائوں آکر مجھے عزت بخشی، اسی طرح کراچی اور سندھ کے عوام نے بھی بڑا پیار دیا جن کا بے حد مشکور ہوں۔اس موقع پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ قومی ہیرو کی ایک جھلک دیکھنے لوگ گورنر ہائوس میں جمع ہوئے پیار محبت عزت سے نوازا، 5 کروڑ سندھ حکومت بھی دے رہی ہے جبکہ گورنر ہائوس سے 10 کروڑ تک رقم جمع ہوئی۔ اولمپئین کی لائیو کوریج پر میڈیا کے کردار کو بھی سراہتے ہیں۔
پنجاب حکومت کا بڑا اقدام سرکاری خواتین ٹیچرز کیلئے ہفتے میں 2 چھٹیوں کا اعلان
لاہور(خلیج نیوز)پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے خواتین ٹیچرز کی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے ان کیلئے ہفتے میں 2 چھٹیاں اور چھٹی کے اوقات کار تبدیل کردیئے۔وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے ایک بیان میں کہا کہ موسم گرما کی تعطیلات کے بعد سرکاری سکولوں میں خواتین اساتذہ کو ہفتے میں 2 چھٹیاں ہوں گی اور ان کی چھٹی کے اوقات بھی بدل دیئے جائیں گے۔رانا سکندر حیات کے مطابق موسم گرما کی تعطیلات کے بعد سرکاری سکولز میں خواتین ٹیچرز کی 3 کے بجائے اڑھائی بجے چھٹی ہوگی جبکہ خواتین ٹیچرز کی ہفتے کے روز بھی چھٹی ہوا کرے گی، یہ فیصلہ خواتین ٹیچرز کی مشکلات کو دیکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین ٹیچرز کی چھٹی کا وقت اس لیے تبدیل کیا ہے کہ انہوں نے گھر داری کرنا ہوتی ہے لہٰذا اس سلسلے میں نوٹیفکیشن جلد جاری کردیا جائے گا۔
پی ٹی آئی کا27 اگست کو صوابی جلسے سے بڑا جلسہ لاہور میں کرنے کا اعلان
لاہور (خلیج نیوز) اپوزیشن اتحاد نے 27 اگست کو لاہور میں جلسہ کرنے کا اعلان کر دیا۔تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان اخونزادہ حسین یوسفزئی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 27 اگست کو صوابی جلسے سے بڑا جلسہ لاہور میں کرنے جا رہے ہیں۔ اس تاریخی جلسے سے اڈیالہ کے دروازے کھلنے کا قوی امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور میں جلسہ تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہو گا۔ 16 اگست کو انتظامیہ کے ساتھ مل کر جگہ فائنل کریں گے۔اخونزادہ حسین یوسفزئی نے کہا کہ تحریک انصاف سب سے بڑی جماعت ہے اس لیے مینار پاکستان جلسہ کرنے کی درخواست دی۔انہوں نے کہا کہ رکن اسمبلی چودھری امتیاز کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے جائیں۔ ایئرپورٹ پر چودھری امتیاز کو گرفتار کرنے کا بھونڈا مذاق کیا گیا۔ پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی کو پارلیمان میں لایا جائے۔
مفت بجلی دینا شروع کر رہے ہیں، وزیر توانائی سندھ کا اعلان
کراچی (خلیج نیوز)وزیر توانائی سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ ہم 100 یونٹ مفت بجلی دینا شروع کر رہے ہیں۔صوبائی وزیر توانائی ناصر شاہ کا کہنا تھا کہ بجلی کے بل زیادہ آرہے ہیں، شہری پریشان ہیں، ہمارا انتخابی منشور بنا تو اس میں 300 یونٹ بجلی فری دینے کا وعدہ کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں 300 یونٹ تک مفت بجلی کے لیے کافی حد تک کام کیا ہے، ہم 100 یونٹ مفت بجلی دینا شروع کررہے ہیں، دوسرے مرحلے میں 200 پھر 300 یونٹ تک مفت بجلی دیں گے۔وزیر توانائی نے کہا کہ سندھ حکومت کے سولرائزیشن کے دو پروگرام ہیں، 5 لاکھ تک سولر پینل دینے کا منصوبہ ہے، کوشش ہے کہ اگست میں ہی 50 ہزار سولر پینل کی تقسیم کریں، ہم سندھ میں دو لاکھ تک سولر پینل فراہم کریں گے۔ناصر شاہ نے کہا کہ سولر پارک بنانے جارہے ہیں جس سے بجلی این ٹی ڈی سی کو دیں گے، سندھ کے سروے میں 26 لاکھ کے قریب آف گریڈ گھرانے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت بجٹ میں صوبوں کے لیے پی ایس ڈی پی بناتی ہے، سندھ کی سڑکیں بھی این ایچ اے کی ذمہ داری ہے۔وزیر توانائی نے کہا کہ بلاول بھٹو آئندہ وزیراعظم ہوں گے پھر پورا ملک ترقی کرے گا، بہت سے لوگ سوشل میڈیا پر کہتے ہیں پی پی نے سندھ تباہ کردیا لیکن عوام سندھ حکومت اور پیپلزپارٹی پر اعتماد کرتی ہے۔
جشن آزادی،پی آئی اے کا اندرون ملک فضائی سفر پر 14 فیصد رعایت کا اعلان
اسلام آباد(خلیج نیوز) قومی پرچم بردار فضائی کمپنی (پی آئی اے) نے جشن آزادی کے موقع پر مسافروں کے لیے رعایت کا اعلان کر دیا۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق اندرون ملک فضائی سفر پر 14 فیصد رعایت کا اعلان کیا ہے، مسافر فوری طور پر رعایتی کرائے کے ٹکٹ خرید سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ رعایتی ٹکٹ 14 اگست کو سفر کے لیے مؤثر ہوں گے۔پی آئی اے نے ٹورنٹو سے پاکستان کے لیے بھی 14 فیصد رعایت کا اعلان کیا ہے، 14 اگست تک خریدے گئے ٹکٹس پر 14 نومبر تک سفر کیا جا سکے گا۔
کوہاٹ میں تیل وگیس کی نئی دریافت کا اعلان
اسلام آباد (خلیج نیوز)آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی (او جی ڈی سی ایل) نے ضلع کوہاٹ میں تیل وگیس کی نئی دریافت کا اعلان کردیا۔ترجمان او جی ڈی سی ایل کے مطابق راجگرایکسپلوریٹری کنواں 1 کی کھدائی 9 جنوری 2024 کو شروع کی گئی جہاں سے ایک کروڑ 64 لاکھ ایم ایم ایس سی ایف ڈی یومیہ گیس حاصل ہوئی ہے۔او جی ڈی سی ایل کے مطابق کنواں 1 سے 159 بیرل یومیہ خام تیل کی بھی پیداوار حاصل ہوئی ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کا پنجاب میں پہلی ایئر ایمبولینس سروس جون میں شروع کرنے کا اعلان
لاہور (خلیج نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں پہلی ایئر ایمبولینس سروس جون میں شروع کرنے کا اعلان کر دیا ۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام جاری کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان اور پنجاب کی پہلی ایئر ایمبولینس سروس کیلئے تربیتی سیشن کا آغاز کر دیا ہے، ایئر ایمبولینس سروس جون میں شروع ہو جائے گی۔وزیراعلی مریم نواز نے کہا کہ ٹریننگ سیشن میں پنجاب بھر کے مختلف بڑے ہسپتالوں کی رسائی کے لیے پروازیں کی گئیں۔ایمبولینس کی مشقی پرواز میں مریض کو ایمرجنسی صورت حال میں ہسپتال پہنچانے کی مشق کی گئی، وزیراعلی مریم نواز نے ریسکیو کے تربیتی سیشن کی وڈیو بھی شیئر کی۔مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ ایئر ایمبولینس سروس کا منصوبہ ریکارڈ وقت میں مکمل کیا گیا ہے، جو کہ جون میں شروع ہو جائے گی۔