Tag Archives: اعتراف

شبلی فراز کا پی ٹی آئی دور میں سینیٹ سے غلط قانون سازی کا اعتراف



اسلام آباد(خلیج نیوز)سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر شبلی فراز نے تحریک انصاف کے میں ہونے والی قانون سازی پر غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ہمارے دور حکومت میں ایسی قانون سازی ہوئی تو نہیں ہونی چاہیے تھی،امید ہے موجودہ چیئرمین ایسا نہیں کریں گے۔تفصیلات کے مطابق سینیٹ اجلاس میں اسلام آباد لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل 2024 ایوان میں پیش کیا گیا جس کی اپوزیشن نے کھل کر مخالفت کی اور بل منظور نہ کرنے کے حق میں ووٹ دیا۔اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے اجلاس سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں یہ نہ کہا جائے کہ قومی اسمبلی سے منظور ہوگیا ہے تو ہم بھی کردیں، یہاں بیٹھے قانون ساز لوگ کوئی بھیڑ بکریاں نہیں ہیں، اسلام آباد لوکل گورنمنٹ قانون میں ترمیم بدنیتی پر مبنی ہے، گزارش ہے کہ اقدامات سے اس مقدس ایوان کا مذاق نہ بنوایا جائے۔

انہوں نے کہاکہ سینیٹ کے ممبران کا حق ہے وہ بل کا جائزہ لیں اور اس بل کو قائمہ کمیٹی بھجوائے بغیر منظور نہ کیا جائے، ہمارے دور میں اگر ایسا ہوا ہے تو نہیں ہونا چاہیے تھا اس وقت کے چیئرمین آن بورڈ ہونگے، امید ہے آپ بطور چئیرمین ایسا نہیں کرینگے۔شبلی فراز نے کہاکہ ہمیں ربڑ اسٹیمپ مت بنائیں اور اس بل کو قائمہ کمیٹی کے سپرد کیا جائے، اگر بل اچھا ہوا تو سپورٹ کرینگے۔اپوزیشن کی مخالفت کے باوجود وفاقی دارالحکومت اسلام آباد لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل 2024 ایوان سے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔ بل ایوان میں وفاقی وزیر داخلہ کی جانب سے وزیر قانون نے پیش کیا۔سینیٹ میں اپوزیشن نے حکومتی بل کی ایوان میں مخالفت کی تھی۔ حکومت کی جانب سے پیش کیا گیا ترمیمی بل گزشتہ رز قومی اسمبلی سے منظور ہوا تھا۔

امریکی فوجی کا چین کو دفاعی معلومات فروخت کرنے کے جرم کا اعتراف



واشنگٹن(خلیج نیوز)امریکی فوج کے ایک انٹیلی جنس تجزیہ کار نے چین کو حساس دفاعی معلومات فراہم کرنے کے جرم کا اعتراف کیاہے، فرہم کردہ معلومات میں امریکی ہتھیاروں کے نظام اور فوجی حکمت عملی کے بارے میں دستاویزات بھی شامل ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اعلیٰ خفیہ سیکیورٹی کلیئرنس رکھنے والے سارجنٹ کوربین شولٹز کو مارچ میں کینٹکی-ٹینیسی سرحد پر واقع فوجی اڈے فورٹ کیمبل سے گرفتار کیا گیا تھا۔محکمہ انصاف نے ایک بیان میں کہا کہ کوربین شولٹز نے قومی دفاعی معلومات حاصل کرنے اور افشا کرنے کی سازش، بغیر لائسنس کے دفاعی آرٹیکلز سے متعلق تکنیکی ڈیٹا برآمد کرنے، بغیر لائسنس کے دفاعی اشیا برآمد کرنے کی سازش کرنے اور ایک سرکاری عہدیدار کے طور پر رشوت لینے کے الزامات کا اعتراف کیا۔چارج شیٹ کے مطابق کوربین شولٹز نے ہانگ کانگ میں رہنے والے ایک ایسے فرد کو درجنوں حساس امریکی فوجی دستاویزات فراہم کیں جس کے بارے میں ملزم کا خیال تھا کہ وہ چینی حکومت کے ساتھ منسلک ہے۔

محکمہ انصاف کے مطابق ملزم کو معلومات فراہم کرنے عوض 42ہزار ڈالرز ادا کیے گئے۔کوربین شولٹز کی طرف سے حوالے کی گئی دستاویزات میں روس، یوکرین جنگ سے امریکی فوج کے سیکھے گئے اسباق پر بحث کی گئی تھی کہ وہ تائیوان کے دفاع میں لاگو ہوں گی۔دیگر دستاویزات میں چین کی فوجی حکمت عملیوں، تیاریوں، جنوبی کوریا اور فلپائن میں امریکی فوجی مشقوں اور تعینات افواج کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔دیگر دستاویزات میں ایچ ایچ 60ہیلی کاپٹر، ایف 22اے لڑاکا جیٹ، یو2 جاسوس طیارے اور میزائل سسٹم سے متعلق معلومات شامل تھیں۔

کوربین شولٹز کو ممکنہ طور پر کئی دہائیوں کی قید کا سامنا ہوگا، سزا کے حوالے سے سماعت 23جنوری 2025کو مقرر کی گئی ہے۔کوربین شولٹز کی گرفتاری کیلیفورنیا میں چین کیلئے جاسوسی کے الزام میں امریکی بحریہ کے اہلکاروں کی گرفتاری کے ایک سال سے بھی کم عرصے کے بعد عمل میں آئی ہے۔افسر وینہینگ ژا کو جنوری میں غیر ملکی انٹیلی جنس افسر کیساتھ سازش کرنے اور رشوت لینے کے الزامات کا اعتراف کرنے کے بعد 27ماہ قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ان کے علاوہ ایک اور امریکی ملاح جن چا وی کو اگست میں گرفتار کیا گیا تھا۔