Tag Archives: ارشد ندیم

صدر زرداری نے ارشد ندیم کو ہلالِ امتیاز سے نواز دیا



اسلام آبا د(خلیج نیوز)صدرِ مملکت آصف زرداری نے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو ہلالِ امتیاز عطاء کر دیا۔ایوانِ صدر میں خصوصی تقریب میں ارشد ندیم کو ہلالِ امتیاز عطا کیا گیا۔واضح رہے کہ ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس کے جیولن تھرو گیم میں نیزہ 92.97 میٹر تک پھینک کر عالمی ریکارڈ بنایا تھا اور پہلی مرتبہ پاکستان کے لیے گولڈ میڈل حاصل کیا تھا۔گولڈ میڈل جیتنے پر ارشد ندیم کو حکومت پاکستان کی جانب سے ہلالِ امتیاز دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔

گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کا گورنر ہائوس سندھ میں جیولن تھرو کا مظاہرہ



کراچی(خلیج نیوز)گورنر ہائوس سندھ میں اولمپکس 2024 میں گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کے اعزاز میں شاندار تقریب منعقد کی گئی جس میں ارشد ندیم نے گورنر ہائوس کے لان میں جیولن تھرو کا مظاہرہ کیا۔گورنر سندھ نے اعلان کیا کہ گورنر ہاس کی جانب سے پاکستان کی انڈر 15 فٹبال ٹیم کو دس لاکھ روپے اور ٹیم کے کوچ رشید احمد کو پانچ لاکھ روپے انعام کے طور پر دیے جائیں گے، ڈاکٹر ریحان چاولہ کی جانب سے ہر بچے کو ایک لاکھ روپے اور ایک موٹرسائیکل دی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق گورنر ہائوس سندھ میں اولمپکس 2024 میں گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کے اعزاز میں شاندار تقریب منعقد کی گئی،جس میں پاکستامن کی انڈر 15 فٹبال ٹیم اور دنیا بھر کے مختلف ممالک کے قونصل جنرلز نے شرکت کی۔تقریب کے دوران منتظمین نے بتایا کہ ناروے کپ کے مقابلے میں 136 ممالک کی ٹیمیں شامل تھیں اور پاکستان کی انڈر 15 ٹیم نے دس میچز کھیل کر فائنل میں جگہ بنائی۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ارشد ندیم کی کامیابیوں کو سراہا اور پاکستان کی انڈر 15 فٹبال ٹیم کو مبارکباد پیش کی، انہوں نے کہا کہ گورنر ہاس ہمیشہ ان کھلاڑیوں کے لیے کھلا رہے گا جنہوں نے پاکستان کا نام روشن کیا۔ڈاکٹر ریحان چائولہ نے ارشد ندیم کے لیے ایک پلاٹ کا بھی اعلان کیا، گورنر سندھ نے اسپورٹس کو بھی گورنر ہاس انیشیٹیو میں شامل کرنے کا عزم ظاہر کیا اور اعلان کیا کہ جنوری میں کراچی میراتھن کا انعقاد کیا جائے گا جس میں ہر شخص کو شرکت کا موقع ملے گا۔40 برس کے بعد پاکستان کواولمپک گولڈ میڈل دلوانے والے 27 سالہ ارشد ندیم کو پیرس گیمز کے بعد دوسری مرتبہ کراچی آمد پر دوسرے دن بھی انعامات سے نوازا گیا، گاڑیاں تیار کرنے والے ادارے کی جانب سے منعقدہ تقریب میں ارشد ندیم کو بیش قیمت کار بطور انعام دی گئی،ارشد ندیم نے سی ای او علی اصغر جمالی سے کار کی چابی وصول کی اس کے علاوہ ارشد ندیم کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔

میزان بینک نے ارشد ندیم کو 9,297,000 روپے کی انعامی رقم دی



کراچی (خلیج نیوز) پاکستان کے اسٹار ایتھلیٹ اور جیولن تھرو میں اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو ان کی تاریخی کامیابی پر معروف اسلامی بینک میزان بینک نے اعزاز سے نوازا ہے۔میزان بینک کے ہیڈ آفس میں منعقدہ تقریب میں اولمپک 2024میں شاندار کارکردگی پر ارشد ندیم نے بینک کے بانی صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر عرفان صدیقی سے چیک وصول کیا۔ بینک کا یہ اقدام ملک کیلئے اعزاز لانے والے پلیئرز کو سپورٹ کرنے کے بینک کے عزم کی عکاسی ہے۔ارشد ندیم نے 2024کے اولمپکس میں 92.97میٹر کی غیر معمولی تھرو کے ساتھ گولڈ میڈل حاصل کیا تھا جوکہ 40سالوں میں پاکستان کا پہلا اولمپک گولڈ میڈ ل ہے۔ میزان بینک نے ارشد ندیم کو 9,297,000 روپے کی انعامی رقم دی ہے۔ اس طرح میزان بینک نے ارشد ندیم کو گولڈ میڈل جیتنے والی 92.97 میٹر کی تھرو کے ہر میٹر کے بد لے میں ایک لاکھ روپے کا انعام دیا ہے۔

اس موقع پر بینک کے ڈپٹی چیف ایگزیکٹو آفیسر سید عامر علی نے ارشد ندیم کو یادگاری شیلڈ اور تمغہ دیا جو پاکستانی کھیلوں کی تاریخ میں ان کے شاندار سفر اور شراکت کی علامت ہے۔ اس موقع پر عرفان صدیقی نے کہاکہ یہ پاکستان کیلئے ایک یادگار کارنامہ ہے اور ارشد ندیم پر پوری قوم کو فخر ہے۔ ارشد ندیم کی لگن، استقامت اور مثالی کارکردگی لاکھوں پاکستانیوں کیلئے ایک تحریک ہے اور اس سے ثابت ہوتا ہے کہ عزم غیر معمولی کامیابی کا باعث بنتاہے۔ اس موقع پر ڈپٹی چیف ایگزیکٹو آفیسر سید عامر علی نے کہاکہ ارشد ندیم کی شاندار کامیابی سے نہ صرف بین الاقوامی سطح پر ملک کا وقار بلند ہوا ہے بلکہ یہ کامیابی ہمارے ملک کے نوجوانوں کیلئے ان کے خوابوں کی تعبیر کیلئے حوصلہ افزائی بھی ہے۔ انہوں نے کہاکہ قوم کو متحد کرنے میں ارشد ندیم کی شاندار کارکردگی کا اہم کردار ہے۔ ہم ارشد ندیم کی مسلسل محنت اور شاندا ر کارکردگی کے عزم کو سراہتے ہیں۔ میزان بینک اسپورٹس مین شپ کو قومی اور عالمی سطح پر کامیابی حاصل کرنے کی ترغیب دینے اور پاکستان بھر میں ٹیلنٹ کو پروان چڑھانے کیلئے پر عزم ہے۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ساحر شمشاد کی ارشد ندیم سے ملاقات



راولپنڈی(خلیج نیوز)اولمپک میں نیا ریکارڈ بنانے والے ارشد ندیم نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹرز، راولپنڈی میں ملاقات ہوئی۔آئی ایس پی آرکے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے ارشد ندیم کی پاکستان کیلئے پہلی بار انفرادی ایونٹ میں گولڈ میڈل جیتنے اور نیا اولمپک ریکارڈ قائم کرنے کی کوششوں کو سراہا۔جنرل ساحر شمشاد مرزا نے پاکستان کی کھیلوں کی تاریخ میں اس سنگ میل کو حاصل کرنے کیلئے ارشد ندیم کی محنت اور لگن کی تعریف کی اور ان کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

سندھ اولمپک کا گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو عمرے پر بھیجنے کا اعلان



کراچی (خلیج نیوز) پیرس اولمپکس 2024 کے ریکارڈ ساز گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کی جانب سے اعلان کردہ پیکیج کے تحت اہلیہ اور والدین کے ہمراہ عمرے کی سعادت حاصل کریں گے۔کراچی میٹرولیٹین کارپوریشن (کے ایم سیاسپورٹس کمپلیکس میں منعقدہ تقریب میں مہمان خصوصی ہمایوں منیف اور صوفیہ ہمایوں نے ارشد ندیم کے لیے عمرہ پیکج کا اعلان کیا، تقریب میں خطاب کرنے والوں میں 1984 اولمپکس کی برانز میڈلسٹ پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑی اور قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اولمپئین ناصر علی، سابق رکن قومی اسمبلی سید ریحان ہاشمی، سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری احمد علی راجپوت، گلفراز احمد خان، گوہر رضا، خالد رحمانی اور نایاب ملک شامل تھے۔مقررین کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم نے قوم کو ایک بڑی خوشی سے نواز اور دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا، 40 برس کے بعد پاکستان کے لیے اولمپک گولڈ میڈل جیتنے پر ان کی پزیرائی کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم نے پاکستان کو 32 سال بعد اولمپکس میں میڈل دلوایا، انفرادی اولمپک گولڈ میڈل جیتنے والے پہلے پاکستانی ہیں۔ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس 2024 کے جیولین تھرو مقابلے میں 92.97 میٹر کا نیا اولمپک ریکارڈ قائم کیا تھا۔

جیویلن کھلاڑی ارشد ندیم کی ملکیت میں بڑا اضافہ



میاں چنوں(خلیج نیوز)پاکستان کو بین الاقوامی کھیل کے مقابلوں، پیرن اولمپکس 2024 میں 40 برسوں بعد گولڈ میڈل جتوانے والے جیویلن کھلاڑی ارشد ندیم کی ملکیت میں بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ارشد ندیم سے متعلق جہاں پاکستانی پرجوش دکھائی دے رہے ہیں اپنے قومی ہیرو سے متعلق ہر چھوٹی بڑی معلومات جاننا چاہتے ہیں وہیں بھارت بھی ارشد ندیم اور اپنے جیویلن کھلاڑی، چاندی کا میڈل جیتنے والے نیرج چوپڑا کے درمیان موازنہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ناصرف پاکستانی میڈیا سائٹس بلکہ بھارت میں بھی ارشد ندیم اور نیرج چوپڑا کی کْل مالیت میں اضافے پر بات کی جا رہی ہے۔ان دونوں کھلاڑیوں کو ملنے والے تحائف اور 9 اگست کے بعد ان کی مالیت میں ہونے والے بڑے اضافے کا موازنہ کیا جا رہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دنیا کے سرفہرست دو جیولن پھینکنے والوں کا تعلق جنوبی ایشیا سے ہے۔’جی کیو انڈیا’ کی ایک رپورٹ کے مطابق نیرج چوپڑا کی کْل مالیت 4.5 ملین ڈالر (تقریباً 37 کروڑ روپے) ہے۔دوسری جانب پیرس اولمپکس 2024ء میں گولڈ میڈل جیتنے کے بعد ارشد ندیم کی دولت میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔گولڈ میڈل جیتنے سے قبل ارشد ندیم کے پاس گاؤں اور شہر میں ایک گھر تھا جس کی مالیت متعدد میڈیا رپورٹس کی جانب سے کروڑوں میں بتائی جاتی ہے۔

چند میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ارشد ندیم 9 گست سے قبل دو گھر اور ایک گاڑی کے مالک تھے۔حال ہی میں ارشد ندیم کو گولڈ میڈل جیتنے کے بعد بھاری بھرکم تحائف و رقوم سے نوازا گیا ہے جس کے بعد قومی کھلاڑی کی نیٹ ورتھ 47 کروڑ کیش، 7 اپارٹمنٹس اور 9 لگڑری گاڑیوں پر مبنی ہے۔ واضح رہے کہ گولڈ میڈل جیتنے کے بعد، ارشد کی مجموعی مالیت میں ہوشربا اضافہ ضرور ہوا ہے مگر تاحال اْن کی نیٹ ورتھ سے متعلق کوئی ٹھوس اعداد و شمار موجود نہیں ہیں۔پاکستان کے ایک نجی اخبار کے مطابق اولمپکس 2024ئ کے بعد ارشد ندیم کو 153 ملین پاکستانی روپے نقد انعامات میں ملے ہیں۔

آرمی چیف کا شکر گزار ہوں میری اتنی حوصلہ افزائی کی، ارشد ندیم



راولپنڈی (خلیج نیوز)قوم کے ہیرو، پیرس اولمپکس 2024ء کے گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے کہا ہے کہ آرمی چیف کا شکر گزار ہوں میری اتنی حوصلہ افزائی کی۔جی ایچ کیو میں گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کے لیے تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ارشد ندیم اور دیگر کھلاڑیوں نے اظہارِ خیال کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم نے کہا کہ دنیا میں ایسا کوئی کام نہیں جو نہ ہوسکے لگن ہو تو ہر کام ممکن ہے۔سابق اسکواش چیمپئن جہانگیر خان نے کہا کہ ارشد ندیم نے کھیلوں کی دنیا میں ملک کا نام روشن کیا۔ کرکٹر بابر اعظم نے کہا کہ ارشد ندیم نے جس طرح پاکستان کا نام روشن کیا وہ باعث فخر ہے۔کرکٹر شان مسعود نے کہا کہ ارشد ندیم کا اولمپکس میں نیا ریکارڈ ہمارے لیے قابل فخر ہے۔سابق کپتان قومی ہاکی ٹیم اصلاح الدین نے کہا کہ ارشد ندیم نے طلائی تمغہ جیتا اور نیا ریکارڈ بھی قائم کیا۔ تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے سابق کپتان قومی ہاکی ٹیم شہباز احمد سینئر نے کہا کہ ارشد ندیم کی تاریخی کامیابی پر خوشی ہے، ان کی جیت سے پتہ چلتا ہے کہ پاکستان میں بہت ٹیلنٹ موجود ہے۔ ٹینس پلیئر اعصام الحق نے کہا کہ ہم ارشد پر بہت فخر محسوس کرتے ہیں، اس نے پاکستان کا نام روشن کیا، ان کی جیت سے قوم یکجا نظر آئی اور یکجہتی کا احساس پیدا ہوا۔

ارشد ندیم کے اعزاز میں گورنر ہاؤس لاہور میں استقبالیہ، قیمتی تحائف پیش



لاہور (خلیج نیوز)اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کے اعزاز میں گورنر ہاوس لاہور میں پر وقار استقبالیہ کا اہتمام کیا گیا جس میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے قومی ہیرو کو قیمتی انعامات اور تحائف پیش کیے۔تفصیلات کے مطابق ارشد ندیم کا گورنر ہاؤس پہنچنے پر سرخ قالین بچھا کر شاندار استقبال کیا گیا، اس موقع پر گھڑ ڈانس اور ڈھول کی تھاپ پر رقص بھی کیا گیا۔تقریب کے دوران قومی ہیرو کو پلاٹ، گاڑی اور انعامی رقم سے نوازا گیا جبکہ ارشد ندیم نے عزم ظاہر کیا کہ وہ آئندہ بھی اپنی کارکردگی سے ملک کا نام روشن کرتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ آنے والے وقت میں بھرپور محنت کروں گا، گورنر پنجاب نے امید ظاہر کی کہ اولمپک ریکارڈ کے بعد ارشد ندیم اب ورلڈ ریکارڈ بھی بنائیں گے۔

اس موقع پر ملک کا نام روشن کرنے والے قومی ہیرو کے کوچ سلمان اقبال بٹ کے لیے بھی انعامی چیک دیا گیا۔بعد ازاں لاہور ایمرجنسی سروسز اکیڈمی ریسکیو 1122 میں بیسک کورس 44 کی پاسنگ آئوٹ پریڈ منعقد ہوئی جس میں مہمان خصوصی گولڈ میڈل لیسٹ ارشد ندیم اور اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد اور وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق تھے۔ملک احمد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ارشد ندیم ہمارے قومی ہیرو ہیں، انہوں نے پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن کیا، ارشد ندیم کی کامیابی پوری قوم کے لیے باعث فخر ہے۔ارشدندیم نے کہا کہ اسپیکرپنجاب اسمبلی کاشکریہ اداکرتاہوں، قوم کی دعائیں تھیں کہ قوم کا نام روشن کیا، پاکستان کے لیے میڈل جیتنے کی بڑی خواہش تھی، پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن ہوا۔

ارشد ندیم کے اعزاز میں جی ایچ کیو میں خصوصی تقریب کا اہتمام



راولپنڈی(خلیج نیوز)پیرس اولمپکس میں جیولین تھرو کے مقابلوں میں گولڈ میڈل جیت کر تاریخ کرنے والے پاکستانی ایتھلیٹ کے اعزاز میں آرمی جنرل عاصم منیر نے جی ایچ کیو میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا اور انہیں شاندار کارکردگی پر خراج تحسین پیش کیا۔اولمپیئن ارشد ندیم کی اولمپکس میں تاریخی پرفارمنس کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے آرمی آڈیٹوریم جی ایچ کیو میں تقریب کا اہتمام کیا۔تقریب میں پاکستان کے مختلف کھیلوں کی ٹیموں اور عظیم اولمپئینز نے شرکت کی جن میں 1984 میں اولمپک گولڈ میڈل جیتنے والی قومی ہاکی ٹیم، موجودہ قومی کرکٹ ٹیم، اسٹریٹ فٹ بال ٹیم، آرمی پولو ٹیم، بلائنڈ کرکٹ ٹیم اور خواتین کی گول بال ٹیمیں، کامن ویلتھ، سیف گیمز اور ایشین گیمز میں تمغے جیتنے والوں کے ساتھ ساتھ پیرس اولمپکس میں شرکت کرنے والے ایتھلیٹس شامل تھے۔

تقریب کے نمایاں شرکا میں جہانگیر خان، اصلاح الدین، شہباز سینئر، سہیل عباس، محمد آصف اور اعصام الحق سمیت چند عظیم کھلاڑی شامل تھے۔تقریب میں ارشد ندیم کے قریبی رشتہ داروں، ساتھیوں اور کوچز نے بھی شرکت کی۔آرمی چیف نے ارشد ندیم کو انفرادی مقابلوں میں پاکستان کے لیے سونے کا تمغہ جیتنے اور نیا اولمپک ریکارڈ قائم کرنے کے قابل ذکر کارنامے کو سراہتے ہوئے اس کی وجہ ان کے عزم، استقامت اور بہترین کارکردگی کو قرار دیا۔انہوں نے محنت اور عزم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ارشد ندیم کے کارنامے کو قوم کے لیے قابل فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے اس کارنامے کو پوری قوم نے سراہا۔جنرل عاصم منیر نے خوشحال پاکستان کے حصول کے لیے ناصرف کھلاڑیوں اور ایتھلیٹس بلکہ پاکستانی نوجوانوں کی بھرپور حمیات اور انہیں بااختیار بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ارشد ندیم نے تقریب کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا اور پاکستانی نوجوانوں کو انتہائی باصلاحیت قرار دیتے ہوئے انہیں چیلنجوں پر قابو پانے اور کامیابی کے حصول کے لیے محنت، مثبت سوچ اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا۔