ریاض(خلیج نیوز)سعودی عرب کی طرف سے یوکرینی عوام کی خوراک میں معاونت کے لیے ایک کروڑ ڈالرکی امداد کا اعلان کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق شاہ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کے جنرل سپروائزر ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے ورلڈ فوڈ پروگرام کے ساتھ ایک مشترکہ تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے تاکہ یوکرین میں متاثرہ افراد کو خوراک کی امداد فراہم کی جا سکے۔ خوراک کی امداد یوکرین میں یتیم خانوں، ہسپتالوں اور نقل مکانی کے مراکز میں کھانے کی تقسیم کے ذریعے فراہم کی جائے گی۔
اس معاہدے میں سب سے زیادہ کمزور گروہوں اور یوکرین میں انسانی بحران سے متاثر ہونے والے ایک لاکھ 41 ہزار افراد کو فائدہ پہنچے گا۔معاہدے کی کل مالیت 10 ملین امریکی ڈالر ہے۔اس کے علاوہ، سعودی عرب نے یوکرین میں خوراک سے لدے تقریبا 17 امدادی طیارے بھیجے جو کنگ سلمان سینٹر فار ریلیف اینڈ ہیومینٹیرین ایڈ کے زیر انتظام پولینڈ کی سرحد سے یوکرین کو بھیجے گئے۔ امدادی سامان میں جنریٹرز، ۔ برقی آلات اور دیگر سامان شامل ہے۔ ایک طیارے میں تقریبا 60 ٹن سامان فراہم کیا گیا۔پچھلے سال، سعودی عرب نے یوکرین کو 400 ملین ڈالر کی اضافی انسانی امدادی پیکج فراہم کرنے کے لیے ایک معاہدے اور مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے تھے۔ اس کے علاوہ یوکرین سے پڑوسی ممالک بالخصوص پولینڈ جانے والے پناہ گزینوں کو 10 ملین ڈالر کی فوری طبی اور پناہ گاہ کی امداد فراہم کی گئی تھی۔