نیویارک (خلیج نیوز) بلومبرگ نے انکشاف کیا ہے بجلی بلوں نے پاکستان میں گھروں کے کرایوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق عالمی مالیاتی امور پر نظر رکھنے والے ادارے بلومبرگ نے انکشاف کیا ہے کہ بجلی بلوں نے پاکستان میں گھروں کے کرایوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں 2021ء سے بجلی قیمتوں میں 155فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں جہاں تقریبا نصف آبادی کی یومیہ آمدنی 4 ڈالر سے بھی کم ہے اور افراط زر تقریبا 12فیصد کو چھو رہی ہے وہیں بجلی، پٹرول اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے نے شہریوں کی قوت خرید مزید کم کردی ہے ۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے گزشتہ ماہ جولائی میں رہائشی صارفین کیلئے بجلی کی اوسط فی یونٹ قیمت میں 18فیصد اضافہ کردیا،حکومت نے آئی ایم ایف سے قرضے حاصل کرنے کیلئے ٹیکسوں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کرنا شروع کردیا ہے ۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف نے بیل آئوٹ پروگرام کے تحت توانائی کے شعبے میں لاگت میں کمی ،سرکاری بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری پر اتفاق کیا ہے، پاور ریگولیٹر کے مطابق پاکستان اپنی پیدا کردہ بجلی کا تقریبا 16فیصد چوری سمیت ترسیل اور تقسیم کی خرابی میں ضائع ہوجاتا ہے جس سے گردشی قرضہ بڑھ جاتا ہے۔
Tag Archives: پاکستان
پاکستان میں ذرمبادلہ کی کوئی قلت نہیں، اعتماد کی ضرورت ہے، سوشل میڈیا کے ذریعے بدگمانیاں پھیلائی جارہی ہیں،ملک بوستان
کراچی(خلیج نیوز)ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین ملک بوستان نے کہا ہے کہ پاکستان میں ذرمبادلہ کی کوئی قلت نہیں، اعتماد کی ضرورت ہے، سوشل میڈیا کے ذریعے بدگمانیاں پھیلائی جارہی ہیں، یہ بات انہوں نے بدھ ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کی 77ویں یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ فوج نہ ہونے کے مسائل عراق لیبیا ودیگر متاثرہ ممالک کی حکومتوں سے پوچھا جائے۔ پاک فوج ہے تو ملک اور ہم سب محفوظ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایکسچینج کمپنیاں پاکستان اور مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہیں۔ ملک میں اعتماد کی فضا بحال ہو تو بیرون ملک میں موجود پاکستانیوں کے 200ارب ڈالر ملک میں آسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایکسچینج کمپنیاں ماہوار 400ملین ڈالر حکومت کو فراہم کررہی ہیں۔ایکس چینج کمپنیوں کی جانب سے حکومت کو ماہانہ 1ارب ڈالر فراہم کرنے کی پیشکش کر رکھی ہے لیکن تاحال اس ضمن میں اجازت نہیں دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سال 1993 سے اب تک ایکس چینج کمپنیوں نے حکومت کو 60ارب ڈالر فراہم کیے ہیں۔ حکومتی اقدامات کے نتیجے میں ڈالر کی اسمگلنگ رک گئی ہے جس سے ڈالر کی قدر قابو میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پناہ معدنی وسائل کی وجہ سے پاکستان کبھی نادہندہ نہیں ہوسکتا ہے۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے ہنرمندوں نے بیرون ملک رخ کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں پر مشتمل آبادی کے 45فیصد حصے کے لیے درست سمت متعین کرنے کی ضرورت ہے۔ عالمی اداروں سے قرضے صنعت تجارت کی ترقی کے لیے حاصل کیے جاتے ہیں جبکہ پاکستان عالمی قرضے حاصل کرکے سود کی ادائیگیوں پر استعمال کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز مسائل مہنگی بجلی سے صنعتی شعبہ متاثر ہے۔
گورننس میں بہتری لانے اور حکومتی اخراجات میں کمی کی ضرورت ہے۔ ٹکرکٹ اسٹار شاہد آفریدی شہر میں ٹریفک کی رش کے باعث ایکس چینج کمپنیز ایسوسی کی یوم آذادی کی تقریب میں شرکت نہ کرسکے۔ شاہد آفریدی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ اس اہم قومی تقریب میں آنا تھا لیکن رش میں پھنسنے سے شریک نہ ہوسکا۔
شہد آفریدی نے کہا کہ پوری قوم کو جشن آزادی بہت بہت مبارک ہو۔ انہوں نے کہا کہ ایکسچینج کمپنیز کی اگلے سال یوم آزادی کا جشن ہم سب ساتھ منائیں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایشین باکسنگ چیمپئین شہیر آفریدی نے کہا کہ آذادی اللہ کی نعمت ہے، پاکستان کا پرچم سینے پر لگاکر حریف کے خلاف لڑتا ہوں، پچھلے ماہ ہی بینکاک میں بھارتی حریف کو شکست دیکر ایشین ٹائیٹل پاکستان کے نام کیا۔ میرا عہد ہے کہ عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت امیج کے ساتھ عالمی ٹائیٹل حاصل کرنے کی جدوجہد کروں گا۔ اس موقع پر ماہر امراض قلب ڈاکٹر ملک حمیداللہ نے کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے منفی پروپیگنڈا بیرونی آقاوں کے اشارے پر کیا جارہا ہے۔ شرپسند عناصر بیرونی ایجنڈے کے تحت منظم منفی پروپیگنڈوں کے ذریعے امن اعتماد اور ترقی کو متاثر کررہے ہیں۔
پاکستان کا یومِ آزادی: گوگل نے اپنا ڈوڈل تبدیل کردیا
کراچی(خلیج نیوز)پاکستان کے یومِ آزادی کی مناسبت سے گوگل نے اپنا ڈوڈل تبدیل کردیا۔دنیا کے معروف ترین سرچ انجن گوگل نے وطن عزیز پاکستان کے یوم آزادی 14 اگست کے موقع پر اپنا ڈوڈل تبدیل تبدیل کردیا۔ٹیکنالوجی کمپنی گوگل کے عالمی سطح پر سب سے زیادہ استعمال ہونے والے سرچ انجن گوگل پر دنیا بھر کے اہم مواقع، تہواروں، ایونٹس اور بین الاقوامی سطح پر ریکارڈز بنانے والی شخصیات کی مناسبت سے اکثر ڈوڈل تبدیل کیا جاتا ہے۔اہم مواقع پرڈوڈل تبدیل کرنے کی روایت برقرار رکھتے ہوئے اس سال بھی گوگل نے 14 اگست کے موقع پر اپنا ڈوڈل یوم آزادی پاکستان کی مناسبت سے ڈیزائن کیا ہے۔
پاکستان کا قومی ترانہ پہلی بار 13 اگست 1954 کو ریڈیو پاکستان سے نشر ہوا
کراچی(خلیج نیوز)پاکستان کا قومی ترانہ پہلی بار 13 اگست 1954 کو ریڈیو پاکستان سے نشر ہوا یہ ترانہ 11 رکنی گلوکاروں پر مشتمل گروپ نے گایا تھا۔پاکستان 14 اگست 1947 کو معرض وجود میں آیا اور پوری قوم اس ارض پاک کا 77 واں یوم آزادی منا رہی ہے۔ پاکستان کا قومی ترانہ حفیظ جالندھری نے تحریر کیا اور اس کی دھن موسیقار احمد غلام علی چھاگلہ نے ترتیب دی جنہوں نے 1949 میں قومی ترانہ کمپوز کیا۔ اس ترانے کا ایک ایک لفظ انسان کو جذبہ حب الوطنی سے سرشار کر دیتا ہے۔
اس مسحور کن قومی ترانے کو پہلی بار 13 اگست 1954 کو ریڈیو پاکستان پر نشر کیا گیا۔ گانے والے 11 رکنی گروپ میں ایک نام معروف گلوکارہ نجم آرا کا بھی ہے جو عمر کی 86 بہاریں دیکھ چکی ہیں اور کراچی میں مقیم ہیں۔نجم آرا جنہوں نے آزادی کے وہ لمحات بھی دیکھے جب ہندوستان کی گلیوں میں مسلمانوں کا خون بہہ رہا تھا اور املاک کو آگ لگ رہی تھی۔
انہوں نے ہندوستان سے پاک سر زمین تک ہجرت کی صعوبتیں بھی جھیلیں۔جب قومی ترانہ ریکارڈ کرانے کا موقع آیا تو نجم آرا نے پورے جوش وجذبے کے ساتھ سرکاری سطح پر پہلی بار قومی ترانہ ریکارڈ کروایا۔نجم آرانے کہا کہ ریڈیو کی صوتی لہروں سے نشر ہو کر قومی ترانہ جب سماعتوں سے ٹکرایا تو وہ وقت ہی ناقابل بیان تھا۔نجم آرا کو کوئی سرکاری ایوارڈ تو نہ ملا لیکن ان کے قومی نغمات مثل نجم بن کر ہمیشہ جگمگاتے رہیں گے جب کہ انہوں نے کہا کہ 1947 سے آج تک پاکستان، عشق بن کران کی رگوں میں دوڑ رہا ہے۔
پاکستان کے پہلے ٹائٹ گیس منصوبے سے پیداوار کا آغاز
اسلام آباد (خلیج نیوز)اوجی ڈی سی ایل کی پاکستان میں پہلی ٹائٹ گیس کی پیداوار کا آغاز ہوگیا ۔ترجمان او جی ڈی سی ایل نے بتایاکہ نورویل ویسٹ1سجاول سے 1.5ملین مکعب فٹ یومیہ گیس حاصل کی جارہی ہے، ٹائٹ گیس پاکستان کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔انہوںنے کہا کہ ڈرلنگ کے دوران ابتدائی جانچ کے نتائج مثبت نہیں تھے، تاہم پیداوار کو ممکن بنانے کیلئے ہائیڈرولک فریکچرنگ تکنیک استعمال کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ گیس کو سوئی سدرن نیٹ ورک میں شامل کر دیا گیا ہے، او جی ڈی سی ایل ملک میں توانائی کے وسائل کو بڑھانے کیلئے پرعزم ہے۔
پاکستان میں پہلی بار خواتین انجینئرز نے 24 کلو واٹ کا سولر سسٹم نصب کر دیا
کراچی(خلیج نیوز)پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار خواتین انجینئرز نے حسینی یتیم خانہ(نشترروڈ)کی چھت پر 24 کلو واٹ کا سولر سسٹم نصب کر دیا۔لیڈیز فنڈ انرجی کی خواتین انجینئرز کو پاکستان میں بااختیار بنانے کے تسلسل میں حسینی یتیم خانہ سولر سسٹم منصوبے کے تحت این ای ڈی یونیورسٹی کی تربیت یافتہ سرٹیفائیڈ خواتین انجینیئرز کے ذریعے 6 لیتھیم بیٹریز کے ساتھ 24 کلو واٹ کا سولر سسٹم حسینی یتیم خانہ کی چھت پر نصب کر دیا گیا۔یہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار کسی خاتون کے ذریعے سولر روف کی تنصیب ہے۔ اس سنگ میل کے حوالے سے حسینی یتیم خانہ کی چھت پر سولر پینلز اور سسٹم کے مکمل پس منظر کے ساتھ تقریب ہوئی۔این ای ڈی یونیورسٹی سے 28 خواتین انجینئرز کی تربیت ایک منصوبہ تھا جو داد گلوبل فائونڈیشن(ڈی جی ایف) کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنانے اور انڈسٹری میں شامل کرنے کے لیے کیا گیا تھا۔
لیڈیز فنڈ انرجی پرائیویٹ لمیٹڈ نے اس منصوبے کے نفاذ میں شریک کے طور پر کام کیا، جس نے کے ایف ڈبلیو اور ڈیولپپ کے تعاون سے اس تربیت کو ڈیزائن کیا، ماڈیولز تیار کیے اور ان خواتین کو انٹرنز اور انسٹالرز کے طور پر شامل کیا اور خواتین ٹیم نے سولر انسٹالیشن مکمل کی۔این ای ڈی یونیورسٹی میں سولر روف انسٹالیشن کی تربیت ڈاکٹر محسن امان نے دی، جو عالمی معیار کی تھی اور لیڈیز فنڈ انرجی نے یتیم خانہ کے لیے ایک اعلی معیار کا سولر روف ڈیزائن کیا۔ اس کورس کے لیے 86 خواتین انجینئرز ویٹ لسٹڈ تھیں، اور ڈی جی ایف اگلے گروپ کے لیے اندرونی سندھ کی لڑکیوں کے ساتھ اس تربیت کو جاری رکھنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔کے ایف ڈبلیو ڈی ای جی امپلس اور ڈیولپپ کے تعاون سے پانچ غیر معمولی لیدیز فنڈ انجینیئرز، عریبہ رشید، ایمان بطول، فرحان انجم، مسکان اقبال اور رحیمین حیدر علی نے یتیم خانے میں سولر سسٹم کی انسٹالیشن کے لیے خواتین انجینئرز کے لیے عملی تربیت دی اور وہ پاکستان کی تاریخ میں سولر روف انسٹالیشن کے لیے معاوضہ لینے والی پہلی خواتین بن گئیں اور وہ لیڈیز فنڈ انرجی کی انسٹالرز ہیں۔
تارا عذرا داد، سی ای او لیدیز فنڈ انرجی نے اس اقدام کے مقصد پر زور دیا کہ نہ صرف ان خواتین انجینئرز کو تربیت دینا اور ان کو لیڈیز فنڈ کے لیے بھرتی کرنا بلکہ ان کو وسیع انرجی سیکٹر میں ایک فیڈر کے طور پر استعمال کرنا بھی ہے۔ انہوں نے اس شعبے میں خواتین کی نمائندگی کو فروغ دینے اور پاکستان میں بہتر ماحولیاتی منظر نامہ میں حصہ لینے کے لیے وسیع تر شرکت کے لیے گرم جوشی سے دعوت دی۔ ہم خاص طور پر حسینی یتیم خانہ کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں کہ انہوں نے خواتین انجینیئرز پر اعتماد کیا کہ وہ سسٹم کو انسٹال کریں۔میئر کراچی مرتضی وہاب نے اس تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی اور کہا کہ کراچی میں بہادر، متحرک خواتین انجینئرز، لیڈیز فنڈ انرجی کی پہلی خواتین انسٹالرز پر بہت فخر محسوس کرتا ہوں۔میئرکراچی مرتضیٰ وہاب نے حکومت کے ساتھ ساتھ کے ایم سی کے لیے خواتین انجینیئرز کی سولرائزیشن کی تربیت کے لیے داد گلوبل فانڈیشن کو این ای ڈی یونیورسٹی میں 100 خواتین انجینئرز کی تربیت کے لیے زمین اور فنڈز فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔انہوں نے لیڈیز فنڈ انرجی کو کے ایم سی بلڈنگ کو سولرائز کرنے کے لیے اپنے موجودہ ٹینڈر کو پچ کرنے کی اجازت دی۔
عمران خان نے سمجھا کہ میری ضرورت نہیں تو پاکستان سے چلا جائوں گا، شیر افضل مروت
اسلام آباد (خلیج نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ اگر بانی پی ٹی آئی عمران خان نے سمجھا کہ پارٹی میں میری ضرورت نہیں تو وہ پاکستان سے چلے جائیں گے۔ایک انٹرویو میں شیر افضل مروت نے کہا کہ وہ بہت جلد بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کریں گے اور انہیں حتمی فیصلے کا بھی انتظار ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان نے ایسا فیصلہ کیا جس کے بعد میں پارٹی میں نہ رہا تو اسمبلی کی نشست چھوڑ کر گوشہ نشینی اختیار کر لوں گا اور پاکستان سے چلا جائوں گا۔شیر افضل مروت نے کہا کہ میں اب بھی پی ٹی آئی میں ہوں، عمران خان کے ساتھ تھا، ہوں اور رہوں گا، میں دھوکا اور دغا نہیں دے سکتا۔انہوںنے کہاکہ میں آج کسی پارٹی ممبر کے خلاف کوئی بات نہیں کرنا چاہتا، میں نے کبھی پارٹی میں فارورڈ بلاک کی بات نہیں کی تھی، ہاں مگر بسا اوقات ذاتی رائے کا اظہار ضرور کرتا تھا، جسے پارٹی پالیسی بنا کر پیش کیا جاتا رہا۔
سعودی عرب کے رجیم چینج میں کردار سے متعلق اپنے بیان پر شیر افضل مروت نے کہا کہ یہ بھی ان کی ذاتی رائے تھی، بعد میں چند پارٹی رہنمائوں نے یہ بات بھی کہی کہ اگر میں سعودی عرب کے رجیم چینج میں کردار سے متعلق بیان نہ دیتا تو عمران خان جیل سے رہا ہو جاتے۔اس سوال پر کہ کیا پی ٹی آئی کی سینئر قیادت اس کوشش میں ہے کہ آپ پارٹی میں رہیں؟ اس کے جواب میں شیر افضل مروت نے کہا کہ میں نے کبھی پارٹی میں کسی سے مدد نہیں مانگی، یہ تو ان کی صوابدید ہے جن رہنمائوں کے ساتھ میں نے مل کر کام کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کے لیے خدمات میری مجبوری نہیں تھی، میں نے ہمیشہ ملک میں آئین اور جمہوریت کی بالادستی کی جدوجہد کی کیونکہ ملک کے تمام مسائل کا حل آئین کی حکمرانی میں ہے۔بانی پی ٹی آئی کے مشروط معافی سے متعلق حالیہ بیان سے متعلق رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ جس خان کو میں جانتا ہوں وہ کبھی معافی نہیں مانگے گا، بانی پی ٹی آئی نے تو بلکہ چارج شیٹ پیش کی ہے کہ اگر 9 مئی کے واقعات میں پی ٹی آئی کا کوئی شخص ملوث نکلا تو نہ صرف اس کو پارٹی سے نکالا جائے گا بلکہ اس کے خلاف کارروائی بھی کی جائے گی۔
پاکستان میں سولر پینلز کی قیمتیں مزید کم ہوگئیں
کراچی (خلیج نیوز)ملک میں سولر پینلز کی قیمتیں مزید کم ہوگئیں۔کراچی کے ڈیلرز کے مطابق فی واٹ سولر پینلز ریٹ 30 سے 32 روپے کی سطح تک گر گئے ہیں۔ڈیلرز کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ عالمی منڈی میں لیتھیم بیٹری کے ریٹ ایک سال میں 50 فیصد گرے ہیں، پاکستانی امپورٹرز ریٹ میں کمی کا فائدہ منتقل نہیں کر رہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ملک میں سولر پینلز کی قیمتیں گری تھیں۔
پی این ایس حنین رومانیہ سے پاکستان کیلئے روانہ
راولپنڈی (خلیج نیوز)پاک بحریہ کا نیا جنگی بحری جہاز پی این ایس حنین رومانیہ کی بندرگاہ کانسٹنٹا سے پاکستان کے لیے روانہ ہو گیا۔انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق رومانیہ بحریہ کے فلیٹ کمانڈر نے پی این ایس حنین کا دورہ کیا اور کمانڈنگ افسر سے ملاقات کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق پی این ایس حنین نے رومانیہ بحریہ کے جہاز لاسٹنل کے ساتھ سمندر میں دوطرفہ مشق کی، پی این ایس حنین دامن شپ یارڈ، رومانیہ میں بننے والے 4 آف شور پیٹرول ویسلز میں سے تیسرا جہاز ہے اور کثیرالمقاصد، انتہائی سبک رفتار جنگی بحری جہاز ہے۔انٹر سروسز پبلک ریلیشنز نے بتایا کہ پی این ایس حنین ٹرمینل ڈیفنس سسٹم کے ساتھ جدید ترین الیکٹرانک وارفیئر کی صلاحیت کا حامل ہے، اینٹی شپ اور اینٹی ایئر وارفیئر کی صلاحیتوں کا بھی حامل ہے۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ پی این ایس حنین ملٹی رول ہیلی کاپٹر کے ساتھ لمبے عرصے تک متعدد آپریشنز سرانجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے، اس کی شمولیت سے بحرہند میں علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی پیٹرول میں تعیناتی مزید مستحکم ہو گی۔