Tag Archives: علیمہ خان

بشریٰ بی بی اور علیمہ خان لڑ رہی ہیں، طلال چوہدری



اسلام آباد (خلیج نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر طلال چوہدری نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ لوگ جلسے جلوس، دھرنے اور لانگ مارچ بلیک میلنگ کے لیے کرتے ہیں، یہ انقلاب نہیں اقتدار چاہتے ہیں، جہاں لوٹ مار ہو، بشریٰ بی بی اور علیمہ خان لڑ رہی ہیں۔اپنے بیان میں طلال چوہدری نے کہا کہ روز نئی تاریخ دیتے ہیں، جلسہ منسوخ کرتے ہیں، پھر نئی تاریخ دیتے ہیں، جب سے نیٹ ورک پکڑا گیا، تب سے فیصلہ سازی ختم ہو چکی، فیصلے کرنے والا اور مشورے دینے والا کوئی اور تھا۔طلال چوہدری نے کہا کہ ان سے کوئی فیصلہ نہیں ہو رہا، ان کو کچھ سمجھ نہیں آرہی، سازش کر سکتے ہیں، یہ انقلاب نہیں لا سکتے، کے پی میں ترقیاتی کاموں کے نہیں، لوٹ مار کے ریکارڈ قائم کیے۔رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ جس نے لوٹ مار کی اس کو بانی پی ٹی آئی نے اپنا دوست بنایا، یہ اختلافات اس لیے ہیں کیونکہ نظریہ نہیں، صرف اقتدار چاہتے ہیں، بانی پی ٹی آئی کو بچانے پر توجہ ہے، لوگوں کی زندگی بہتر کرنے پر توجہ نہیں دیں گے تو انقلاب کیا کچھ نہیں لا سکتے۔

عمران خان سے فیملی والوں کو ملنے نہیں دیا جاتا، علیمہ خان



راولپنڈی (خلیج نیوز)پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ فیملی والوں کو ملنے نہیں دیا جاتا، گزشتہ روز بھی صرف عمر ایوب اور شبلی فراز کو ملنے دیا۔علیمہ خان نے اڈیالا جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ توشہ خانہ کی ضمانت کے لیے درخواست دی تو پراسیکیوشن نے کہا تیاری نہیں ہے۔اْنہوں نے کہا کہ اب یہ چاہتے ہیں 190 ملین میں جلد سزا دے دی جائے، القادر ٹرسٹ کو بند کریں گے تو سوال ہوگا جو بچے پڑھ رہے ہیں ان کا نقصان ہوگا۔علیمہ خان نے بتایا کہ ہم خواتین پر یہاں دہشت گردی کے پرچے کاٹے گئے ہیں۔

میں سیاست میں نہیں آ رہی آپ نے گھبرانا نہیں ہے، علیمہ خان



راولپنڈی(خلیج نیوزخلیج نیوز)بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ میں سیاست میں نہیں آ رہی آپ نے گھبرانا نہیں ہے، عوام 8 ستمبر کو اپنے حق کیلئے نکلیں،آئین کے مطابق احتجاج حق ہے، اگر ناانصافی ہو رہی ہے تو آپ اپنا حق مانگ سکتے ہیں۔اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے علیمہ خان نے کہاکہ میڈیا کیلئے عمران خان کو کہنا پڑتا ہے، 5,6 لوگ بلائے جاتے ہیں لیکن 2,3ایسے ہوتے ہیں جو رپورٹ ہی ایجنسیز کو کرتے ہیں، ان کا کام ہی یہ ہوتا ہے کہ وہ بیان اور گفتگو کو ایڈیٹ کر چلائیں، عمران خان ایسا انسان ہے جو عاجزی سے پیش آتے ہیں، سوال کرنے پر عمران خان کو جواب دینے سے روک دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ میں بتاتی ہوں عمران خان کیا مانگتے ہیں وہ اپنے بچوں کیساتھ بات کرنے کا کہتے ہیں، ان کی بچوں سے بات نہیں کروائی جاتی، قانون کے مطابق ان کو اجازت ہے،انہیں اس حق سے محروم کیا جا رہا ہے، عمران خان کو کتابیں مہیا نہیں کی جارہیں، انہیں ورزش کیلئے ڈمبلز چاہیے وہ انہیں نہیں دئیے جا رہے۔علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان نے جو لسٹ دی ان لوگوں کو ملاقات کیلئے نہیں بھیجا جاتا، تنظیمی معاملات میں اپنے علاقے کے عہدیداروں سے رابطہ کریں، عمران خان نے کہا ہے علی امین 8ستمبر کو لیڈ کر کے کے پی کے سے پہنچیں گے۔بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ نے کہا کہ 8ستمبر کو آخری مرحلہ شروع ہو گا، عوام اپنے حق کیلئے نکلیں، آئین کے مطابق آپ کا حق بنتا ہے کہ احتجاج کریں، اگر ناانصافی ہو رہی ہے تو آپ اپنا حق مانگ سکتے ہیں۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ میں سیاست میں نہیں آ رہی آپ نے گھبرانا نہیں ہے۔

علیمہ خان کے رئوف حسن کیساتھ واٹس ایپ پیغامات نے نیا پینڈورا باکس کھول دیا



اسلام آباد(خلیج نیوز)بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کے رئوف حسن کے ساتھ واٹس ایپ پیغامات نے نیا پینڈورا باکس کھول دیا ۔نجی ٹی وی کے مطابق علیمہ خان نے واٹس ایپ سے رئوف حسن کو بشریٰ بی بی سے منسوب ایک پیغام بھیجاجس میں ان کے بانی پی ٹی آئی سے جیل میں ملاقات اور رونے کے واقعہ کی روداد بیان کی گئی ہے۔

علیمہ خان نے رئوف حسن کو پیغام میں کہاکہ بشریٰ بی بی کا یہ پیغام احمقانہ ہے،بشریٰ بی بی کا یہ ڈس انفارمیشن سیل لوگوں کو اکسا رہا ہے،اس پیغام کی تشہیر نہ کی جائے اور انہوں نے رئوف حسن کو ہدایت کی کہ بانی پی ٹی آئی کی ایسی کوئی بات بشریٰ بی بی سے نہیں ہوئی۔علیمہ خان نے بشریٰ بی بی سے منسوب جو پیغام رئوف حسن کو بھیجااس میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے احوال کا حوالہ دیا ، بشریٰ بی بی کے پیغام میں کہا گیا کہ جیل میں عمران خان کے ساتھ انہیں اکیلا ملنے نہیں دیا گیا۔

پیغام میں بانی پی ٹی آئی اور جیلر کے درمیان فرضی گفتگو کو بنیاد بنا کر عمران خان کی موت کا پروپیگنڈا کرنے کی کوشش کی گئی اور کہا گیا کہ مجھے (بانی پی ٹی آئی)کو پتہ ہے کہ تم (جیلر)پر مجھے مارنے کیلئے دبائو ڈالا جارہا ہے، اگرمجھے (بانی پی ٹی آئی)مارا گیا تو عوام تمہیں (جیلر)کو نہیں چھوڑیں گے۔بشریٰ بی بی سے منسوب پیغام میں آرمی چیف کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی اور کہا گیا کہ میں (بانی پی ٹی آئی)جانتا ہوں کہ میری یہ ساری باتیں سیدعاصم منیر اس وقت سن رہا ہے۔

عمران خان کا پیغام ہے 8 ستمبر کا جلسہ ہر صورت ہوگا،علیمہ خان



راولپنڈی(خلیج نیوز)سابق وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا لیڈر شپ کو پیغام ہے 8 ستمبر کا جلسہ ہر صورت ہوگا۔اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے جلسہ انتشار کے خدشے کے باعث مؤخر کیا،بانی پی ٹی آئی نے کہا مجھے بتایا گیا مذہبی جماعتیں اسلام آباد میں اکٹھی ہو رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی نے اعظم سواتی اور بیرسٹر گوہر کو کہا ہے کہ 8 ستمبر والا جلسہ ملتوی نہیں ہوگا، 8 ستمبر کا جلسہ ہر صورت ہو گا، ورکرز کو ہدایات دی گئی ہیں کہ اگر اب جلسہ منسوخ کرنے کی اطلاع آئے تو آپ نے نہیں ماننا، عوام چوری شدہ مینڈیٹ کی واپسی کیلئے ضرور گھروں سے نکلیں۔علیمہ خان نے کہاکہ کسی کو سمجھ نہیں آ رہی 7 بجے ملاقات کیسے ہوئی ہوگی، جیل میں اسٹیبلشمنٹ کے بغیر کچھ ممکن نہیں، صبح 7 بجے جیل میں ملاقات ہونا ہمارے لئے بھی عجیب بات تھی، عمران خان کو اعظم سواتی نے مذہبی جماعتوں کے احتجاج کا بتایا یا ان کو پہلے پتہ تھا دونوں چیزیں ممکن ہیں، آڈیو میری تھی، ہم سب حیران تھے اچانک کیسے جلسہ ملتوی ہو گیا۔

پی ٹی آئی کی موجودہ لیڈرشپ عمران خان کو جیل سے نکالنا نہیں چاہتی،علیمہ خان



اسلام آباد(خلیج نیوز)بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ پارٹی کی موجودہ لیڈرشپ عمران خان کو جیل سے نکالنا نہیں چاہتی، فیصلے خود کرتے ہیں نام عمران خان کا لگا دیتے ہیں۔پی ٹی آئی کا ترنول جلسہ منسوخ ہونے کے معاملے پر علیمہ خان نے سخت ردعمل کااظہارکرتے ہوئے سوال کیا کہ اعظم سواتی کس کے کہنے پر صبح صبح بانی پی ٹی آئی سے ملنے چلا گیا ؟۔علیمہ خان نے کہا کہ اعظم سواتی نے کس کے کہنے پر بانی پی ٹی آئی کو جلسہ ملتوی کرنے کا پیغام پہنچایا ؟ صبح 7:30 بجے اڈیالہ میں عمران خان سے ملاقات کیسے ممکن ہو سکتی ہے ؟ انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کے کہنے پر ان لوگوں نے بانی پی ٹی آئی سے جلسہ ملتوی کروایا ہے۔عمران خان کی بہن نے کہاکہ کارکنوں کا سامنا کرنے کی ہمت نہیں تھی تو بانی پی ٹی آئی سے فیصلہ کروا دیا، موجودہ لیڈر شپ کا ارادہ ہی نہیں ہے بانی پی ٹی آئی کو باہر نکالنے کا۔انہوںنے کہاکہ پارٹی کا چیئرمین باہر بیٹھا ہے اس نے فیصلہ کیوں نہیں کیا ؟ یہ فیصلے خود کرتے ہیں اور نام عمران خان کا لگا دیتے ہیں۔

حکومت گرانے کے حوالے سے عوام کو آگاہ کرنا بانی پی ٹی آئی کا جرم بنا دیا گیا، علیمہ خان



اسلام آباد (خلیج نیوز)بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا جرم یہ ہے کہ انہوں نے اپنے عوام کو یہ کیسے بتا دیا کہ حکومت گرائی جا رہی ہے۔ ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے مزید کہا کہ غداری تو ان لوگوں کے ساتھ ہو رہی تھی جن کا ووٹ چوری ہونا تھا۔

ججز کو بھی سمجھ آرہی ہے سائفر کیس میں کچھ بھی نہیں ہے، علیمہ خان



اسلام آباد (خلیج نیوز)بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ ججز کو بھی سمجھ آرہی ہے کہ سائفر کیس میں کچھ بھی نہیں ہے۔ منگل کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ سائفر کو ختم کرنا چاہیے، رانا ثنا اللہ نے یہ کیس بنایا اور زیادتی کی۔ انہوں نے کہا کہ جب انصاف دیں گے تو سارا کچھ ٹھیک ہوجائے گا۔ جب انصاف دیں گے تو یہ بھی آرام سے سوئیں گے اور عوام بھی سکون سے سوئیں گے۔