Tag Archives: علاقوں

اگلے 3 روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی



اسلام آباد’لاہور(خلیج نیوز)محکمہ موسمیات نے اگلے 3 روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کر دی، این ڈی ایم اے نے سیلابی صورتحال کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کردیا۔محکمہ موسمیات کی جانب سے 21 تا 24 اگست کے دوران خیبرپختونخوا اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے، اس حوالے سے این ڈی ایم اے نے موسلا دھاربارشوں کے باعث مقامی ندی نالوں میں پانی کا بہاؤ بڑھنے کے ساتھ دریائے کابل کے بہاؤ میں بھی اضافے کا امکان ظاہر کیا ہے۔این ڈی ایم اے کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع ایبٹ آباد، پاراچنار، چارباغ، چارسدہ، چترال، دیر، ہری پور، ہزارہ، میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے،اس کے علاوہ مالاکنڈ، مانسہرہ، مردان، پشاور اور صوابی میں سیلابی صورتحال متوقع ہے۔این ڈی ایم اے کی جانب سے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات کی گئی ہیں اور کہا کہ ممکنہ ہنگامی صورتحال پر فوری رسپانس کو یقینی بنایا جائے۔

مسافراور سیاحوں کو لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر پہاڑی علاقوں کے سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔دوسری جانب پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سندھ میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے، دریائے چناب راوی جہلم اور ستلج میں پانی کا بہاؤ نارمل لیول پر ہے، رود کوہیوں میں سیلابی صورتحال کے پیش نظرنتظامیہ الرٹ ہیں۔پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ روز پتوک اور سوری شمالی سے درمیانے درجے کا سیلابی ریلہ گزرا، گزشتہ روز زنگی کے مقام سے اونچے درجے کا سیلابی ریلہ گزرا، راجن پور اور ڈیرہ غازی خان رودکوہیوں میں نارمل صورتحال ہے۔عرفان کاٹھیا کا کہنا ہے کہ منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 71 فیصد، تربیلا ڈیم میں 100 فیصد ہے، بھارتی ڈیمز میں پانی کی سطح بھی کم لیول پر ہے، بھاکڑا ڈیم 54 فیصد، پونگ 53 اور تھین ڈیم میں پانی کی سطح 26 فیصد ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نارووال نالہ بسنتر میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے، شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

اسلام آبادسمیت ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواوں /جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان



اسلام آباد (خلیج نیوز)آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسلام آبادسمیت کشمیر، خیبرپختونخوا، پنجاب، خطہ پوٹھوہار، شمال مشرقی /جنوبی بلوچستان، جنوب مشرقی /بالائی سندھ اور گلگت بلتستان میں تیز ہوائوں /جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ رپورٹ کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، بالائی/وسطی پنجاب، مشرقی سندھ، بالائی خیبرپختونخوا، مشرقی بلوچستان اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواوں اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔اس دوران سب سے زیادہ بارش اسلام آباد میں (بوکرہ 113، سید پور، گولڑہ 65، زیروپوائنٹ 38، ایئر پورٹ ایک)، راولپنڈی (کچہری 102، چکلالہ 90، شمس آباد 34)، نارووال 36، لاہور(سٹی27، ائیرپورٹ 23)، سیالکوٹ (سٹی7)، چکوال، مری 4، جہلم، منگلا، جھنگ ایک، تھرپارکر (ڈپلو 24، اسلام کوٹ 5)، بالاکوٹ 10،بارکھان 5، لسبیلہ 2، اور گڑھی دوپٹہ میں 4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

ہفتہ کو ریکارڈکیے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کی رپورٹ کے مطابق نوکنڈی میں درجہ حرارت 46، دالبندین 45، چلاس اور سبی میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری انتباہ کے مطابق ہفتہ کی رات اور11اگست کے دوران شدید بارشوں کے باعث سیالکوٹ، نارووال، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، منڈی بہائوالدین، لاہور، حافظ آباد، مری، گلیات، اسلام آباد/ راولپنڈی، اٹک، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، کوہستان، دیر، سوات، شانگلہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، چارسدہ، کوہاٹ، کرک اور کشمیر کے مقامی / برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ شدید بارشوں کے باعث گوجرانوالہ، منڈی بہاالدین، لاہور، شیخو پورہ، قصور، سیالکوٹ، نارووال، اسلام آباد/راولپنڈی، سرگودھا، فیصل آباد، لیہ، بھکر، ڈیرہ غازی خان، مردان، صوابی، چارسدہ ، نوشہرہ، پشاور، بالاکوٹ، بنوں اور کرک کے نشیبی علا قے زیر آب آنے کا اندیشہ ہے۔ شدید بارشوں کے باعث خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہونے کا خطرہ بھی ہے۔