لاہور(خلیج نیوز)پاکستانی معروف اداکارہ و ماڈل مریم نفیس نے انکشاف کیا ہے کہ ان نے شوہر ہدایتکار، امان احمد ان سے 13سال بڑے ہیں۔ایک انٹرویو میں مریم نفیس نے بتایا کہ آج تک خاندان میں مجھے کسی نے نہیں کہا تھا کہ جلدی جلدی شادی کرو، اسی لیے میں نے 30سال کی عمر میں شادی کی تھی۔اداکارہ نے کہاکہ میری عمر اور میرے شوہر، امان کی عمر میں 13سال کا فرق ہے، جو کہ ایک بہت بڑا فرق ہے، میں اپنے شوہر سے زیادہ سنجیدہ اور میچیور ہوں۔اداکارہ نے انکشاف کیاکہ میرے شوہر خود بھی یہ بات بولتے ہیں کہ مجھ سے زیادہ میری اہلیہ میچیور ہیں اور میں اس بات کو مانتی ہوں، میرا کہنا ہے کہ میں اپنے شوہر کو بچوں کی طرح پال رہی ہوں اور ان کی دیکھ بھال کرتی ہوں۔انہوں نے کہاکہ میں نے عمر کے اتنے بڑے فرق کو کبھی محسوس نہیں کیا ہے، ہماری نوک جھونک بھی چلتی رہتی ہے اور دوستوں کی طرح زندگی گزر رہی ہے۔
Tag Archives: شادی
عراق میں لڑکیوں کی شادی کی عمر 9 سال کرنے کی تجویز
بغداد (خلیج نیوز )عراق کی پارلیمنٹ میں لڑکیوں کی شادی کی عمر 9 سال مقرر کرنے کا بل متعارف کرانے پر بڑے پیمانے پر غم و غصے اور تشویش کا اظہار کیا گیا۔غیرملکی میڈیا کے مطابق اس وقت عراق میں قانونی طور پر لڑکیوں کی شادی کی عمر 18 سال مقرر ہے۔ پارلیمنٹ میں شادی کی عمر کم کر کے 9 سال کرنے کا بل متعارف کرانے پر انسانی حقوق کی تنظیموں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔یہ بل شہریوں کو خاندانی معاملات پر فیصلہ کرنے کے لیے مذہبی حکام یا سول عدلیہ میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے کی اجازت دے گا۔اس بل پر نتقید کرنے والوں نے خدشے کا اظہار کیا ہے کہ یہ بل وراثت، طلاق اور بچوں کی تحویل کے معاملات میں حقوق میں کمی کا باعث بنے گا۔
اگر یہ بل منظور ہو جاتا ہے تو یہ 9 سال کی لڑکیوں اور 15 سال سے کم عمر لڑکوں کو شادی کرنے کی اجازت دے گا۔انسانی حقوق کی تنظیموں، خواتین کے گروپوں اور سول سوسائٹی کے ارکان نے اس بل کی شدید مخالفت کی ہے اور اس بل کے ذریعے نوجوان لڑکیوں کی تعلیم، صحت اور بہبود پر پڑنے والے سنگین نتائج کے خطرے سے آگاہ کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کم عمر کی شادیوں سے طلاق کی شرح میں اضافہ، کم عمری میں حمل اور گھریلو تشدد کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔اقوام متحدہ کے بچوں کے ادارے یونیسیف کے مطابق عراق میں 28 فیصد لڑکیوں کی شادی 18 سال کی عمر سے پہلے ہی کر دی جاتی ہے۔
پنجاب بھر میں نابالغ بچوں کی شادی اور نکاح فارم کالم پُر نہ کرنے کا انکشاف
لاہور( خلیج نیوز)صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب بھر میں نابالغ بچوں کی شادی اور نکاح فارم کالم پُر نہ کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔سیکرٹری بلدیات پنجاب کو 100 سے زائد کم عمر شادی اور نکاح فارم کے کیسز پر درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ذرائع کے مطابق نکاح رجسٹرار اور سیکرٹری یونین کونسلز کو نکاح فارم کے کالم پُر نہ کرنے کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے، چائلڈ میرج ایکٹ 1929 اور مسلم فیملی لا ء آرڈیننس 1961 پرعملدرآمد میں کوتاہی کے مرتکب افراد کو جیل بھیجنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ذرائع نے بتایا ہے کہ چائلڈ میرج روکنے اور 1929 کے ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد کے لیے ایڈوائزری جاری کردی گئی ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق مسلم فیملی لا آرڈیننس کے تحت نکاح نامے کے تمام کالم پُر کرنا لازم ہے، مسلم فیملی لا ء آرڈیننس پر عملدرآمد نہ کرنے والے نکاح رجسٹرار کا لائسنس کینسل کیا جائے گا، نکاح رجسٹرار پر آرڈیننس کی خلاف ورزی پر فوری پیڈا ایکٹ لاگو کیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نکاح کے وقت کوائف کا اندراج یقینی بنانا رجسٹرار کی ذمہ داری ہے، رجسٹرار خصوصاً عمر کا خانہ لازمی پر کرنے کا پابند ہو گا، زبانی کلامی عمر سن کر نکاح پڑھانے والے نکاح رجسٹرار کو جیل بھیجا جائے گا۔سیکریٹری بلدیات پنجاب شکیل احمد میاں کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ دوران نکاح دلہا اور دلہن کے شناختی کارڈ، بے فارم یا سکول سرٹیفکیٹ کی چیکنگ کو یقینی بنایا جائے، میونسپل کمیٹیاں اور یونین کونسلز احکامات پر عملدرآمد یقینی بنائیں، کم عمری کی شادیوں کو روکنے میں رجسٹرار اور سیکرٹریز کردار ادا کریں۔