Tag Archives: سندھ

سندھ میں تیل وگیس کا بڑا ذخیرہ دریافت



سانگھڑ(خلیج نیوز)آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی (او جی ڈی سی ایل) نے صوبہ سندھ کے ضلع سانگھڑ میں تیل وگیس کا بڑا ذخیرہ دریافت کرلیا۔ترجمان او جی ڈی سی ایل کے مطابق بلوچ کنواںـ 2 سے 388 بیرل یومیہ خام تیل اور 68 لاکھ کیوبک فٹ یومیہ گیس کی دریافت ہوئی ہے۔ترجمان کے مطابق بلوچ کنواں ـ2 کی کھدائی فروری 2024 میں شروع کی گئی، مزید بتایا کہ 3920 میٹر تک کھدائی کرنے کے بعد تیل وگیس کے ذخائر دریافت ہوئے۔واضح رہے کہ 29 جولائی کو ہنگری کی آئل اینڈ گیس پبلک لمیٹڈ کمپنی (ایم او ایل) نے خیبرپختونخوا میں تیل اور گیس کے ذخائر دریافت کیے تھے۔ہنگری کی آئل اینڈ گیس پبلک لمیٹڈ کمپنی ایم او ایل گروپ نے خیبر پختونخوا میں ٹی اے ایل بلاک میں راز گیر ون کنویں کی کھدائی کے دوران تیل اور گیس کے ذخائر دریافت کیے۔پاکستان آئل فیلڈز لمیٹڈ نے رپورٹ کیا تھا کہ کنویں سے یومیہ 20 ملین اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ (ایم ایم ایس سی ایف) گیس ملے گی اور یومیہ 250 بیرل خام تیل ملے گا، کنویں میں پاکستان آئل فیلڈز لمیٹڈ کا پری کمرشلٹی ورکنگ انٹرسٹ 25 فیصد ہے۔

پنجاب،بلوچستان، سندھ اور خیبرپختونخوا سمیت ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں اور سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی



قلعہ عبداللہ، سیہون،نوشہروفیروز،راجن پور،ڈیرہ غازیخان(خلیج نیوز)پنجاب،بلوچستان، سندھ اور خیبرپختونخوا سمیت ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں اور سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی، کئی دیہات زیر آب آگئے، کچے مکانات بہہ گئے، فصلیں ڈوب گئیں اور مختلف واقعات میں درجنوں افراد جان کی بازی ہار گئے۔بلوچستان کے علاقے قلعہ عبداللہ، پشین، زیارت اور مسلم باغ سمیت متعدد مقامات پر سیلابی صورتحال برقرار ہے۔

بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث پیش آنے والے مختلف واقعات میں مزید 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔ قلعہ عبداللہ میں سیلابی ریلے میں ڈوب کر بچہ جاں بحق ہوگیا دوسری جانب کولک ندی کے ریلے میں پھنسی کار سے تمام 7 افراد کو نکال لیا گیا۔یکم جولائی سے اب تک بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارشوں کے دوران پیش آئے حادثات اور سیلابی ریلوں سے جاں بحق افراد کی تعداد 19 ہوگئی، جاں بحق افراد میں 9 بچے بھی شامل ہیں۔بیلہ میں موسلادھار بارشوں سے کپاس کی تیار فصلوں کو نقصان پہنچا جبکہ نوشکی کے گڑانگ نالہ میں سیلابی ریلے سے پاک افغان سرحد پر درجنوں دیہاتوں کا رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔جھل مگسی میں تیز بارش اور ہوائیں چلنے سے بجلی کے کھمبے گر گئے، ربی کینال میں شگاف پڑنے سے درجنوں دیہات زیر آب آگئے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارشوں سے 126 مکانات تباہ ہوگئے جبکہ 307 کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔سیلابی ریلوں سے 6 پل متاثر ہوئے جبکہ 31 کلومیٹر سڑکیں ٹوٹ گئیں اور کئی ایکڑ پر کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا۔سندھ کے علاقے دادو میں گاؤں بھائی خان لاشاری کے قریب 30 فٹ چوڑا شگاف پڑنے سے پانی کھڑی فصلوں میں داخل ہوگیا، تحصیل سیہون میں کچے کے متعدد دیہات پانی میں گھرے ہوئے ہیں۔نواب شاہ میں طوفانی بارشوں سے کپاس اور چاول کی فصل کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ نوشہروفیروز کے بچاؤ بند میں شگاف سے 10 گاؤں اور فصلیں زیرآب آگئی ہیں۔

پنجاب کے علاقے راجن پور اور ڈیرہ غازی خان کے ندی نالوں میں سیلابی صورتحال سے دیہی اور کچے کے علاقے شدید متاثر ہوگئے ہیں، وڈور ندی کے سیلابی ریلے میں ایک شخص جبکہ راجن پور میں سیم نالے میں ڈوب کر بچی جاں بحق ہوگئی۔خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع چترال، سوات اور اپردیر سیلاب سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں، سیلابی ریلوں نے کئی دیہات کو ملیامیٹ کردیا جبکہ متعدد علاقوں میں انفرااسٹرکچر اور فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے کے تعاون سے خیبرپختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں دریاؤں کے کنارے حفاظتی پشتے تعمیر کیے گئے ہیں جبکہ مختلف مقامات پر واٹر اور ایری گیشن چینلز بھی بنائے جا رہے ہیں جس سے ہزاروں ایکڑ زمین سیراب ہوگی۔

سندھ میں کچے کے ڈاکووں پر قابو پانا چیلنج بن گیا



کراچی(خلیج نیوز)سندھ میں کچے کے ڈاکووں کو قابو پانا چیلنج بن گیا، درجنوں خطرناک گینگ تاوان کیلیے سوشل میڈیا کا بھرپور استعمال کررہے ہیں۔کندھ کوٹ میں پولیس اور رینجرز کا کچے کے علاقے میں آپریشن جاری ہے۔کچے کے داخلی راستے بند ہیں، فورسز کی فائرنگ سے کچے کے ڈاکووں کے 7 سہولت کار زخمی ہوگئے۔سکھر ڈویژن میں 6 ماہ کے دوران 31 افراد اغوا ہوئے جبکہ 3 ماہ میں ضلع کشمور سے 90 اور شکار پور سے 60 افراد کو اغوا کیا گیا۔ڈاکوئوں سے 126 مغوی آزاد کرالیے گئے ہیں جبکہ 24 مغوی تاحال رہائی کے منتظر ہیں۔