اسلام آباد (خلیج نیوز)وفاقی حکومت نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کا شروع کرتے ہوئے پہلے مرحلے میں 3ڈسکوز کی نجکاری کیلئے مالیاتی مشیروں کی تقرری کیلئے تجاویز طلب کرلی ہیں۔تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کا باضابطہ عمل شروع کردیا ہے ، پہلے مرحلے میں 3ڈسکوز کی نجکاری کیلئے مالیاتی مشیروں کی تقرری کی تجاویز طلب کی گئی ہیں۔نجکاری کمیشن نے حکومت پاکستان کی طرف سے مالیاتی مشیروں کی تقرری کیلئے درخواستیں طلب کی ہیں، بین الاقوامی اخبار میں درخواستوں کی طلبی کیلئے اشتہار چھپوا یا گیا ہے۔پہلے مرحلے میں فیسکو، آئیسکو، گیپگو کی نجکاری کیلئے مالیاتی مشیروں کی تقرری کی درخواستیں مانگی گئی ہیں، درخواست کنندگان کو ایک ہزار ڈالرز کی پروسسینگ فیس بھی ادا کرنا ہوگی۔تین ڈسکوز کی نجکاری کیلئے تکنیکی اور مالیاتی تجاویز 16ستمبر 2024تک طلب کی گئی ہیں۔
Tag Archives: حکومت
حکومت نے 8ہزار ارب روپے کے قرضے حاصل کرنے کا منصوبہ تیارکرلیا
اسلام آباد(خلیج نیوز)وفاقی حکومت نے رواں مالی سال 2024-25کے دوران قرضوں اور قرضوں پر سود کی ادائیگیوں سمیت دیگر مالی ضروریات پوری کرنے کیلئے ملکی و غیر ملکی ذرائع سے ساڑھے آٹھ ہزار ارب روپے کے قرضے حاصل کرنے کا جامع منصوبہ تیار کرلیا۔میڈیارپورٹ کے مطابق وزارت خزانہ حکام نے بتایاکہ رواں مالی سال کے دوران 1039ارب بیرونی قرضوں پر سود کی ادائیگیوں اور 8736ارب مقامی قرضوں پر خرچ ہوں گے۔ وزارت خزانہ کے مطابق رواں مالی سال میں 92فیصد قرض مقامی ذرائع اور 8فیصد بیرونی ذرائع سے حاصل کیا جائے گا۔
وزارت خزانہ کے حکام کے مطابق مقامی ذرائع سے قرض حاصل کرنے کیلئے پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز، اجارہ سکوک جاری کیا جائے گا، مقامی فنانسنگ کیلئے تین ماہ، چھ ماہ اور بارہ ماہ کی مدت کے شارٹ ٹی بلز کا اجرا نہیں کیا جائے گا۔رواں مالی سال کے دوران حکومت مرکزی بینک سے کوئی قرض نہیں لے گی، کلائمٹ اینڈ ڈیزاسٹر ریزیلینس پروگرام کے تحت اے ڈی بی سے 40کروڑ ڈالراور وومن انکلوسیو فنانس پروگرام کے تحت 10کروڑ ڈالر قرض لیا جائے گا۔وزارت خزانہ کے مطابق ڈومیسٹک ریسورس موبلائزیشن پروگرام کے تحت 30کروڑ ڈالر قرض حاصل کیا جائے گا، رواں مالی سال ایک ارب 20کروڑ ڈالر کا کمرشل قرض حاصل کیا جائے گا جبکہ عالمی مارکیٹ میں گرین بانڈز اور چائنیز مارکیٹ میں پانڈا بانڈز جاری کرنے کا پلان بنایا گیا ہے، چائنیز مارکیٹ میں رواں مالی سال 30کروڑ ڈالر کے بانڈز ایشو کیے جائیں گے۔
حکومت نے میرے ٹی وی پر آنے پر پابندی عائد کردی ہے، شیر افضل مروت
اسلام آباد (خلیج نیوز)رہنماء پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ میرے ٹیلیویژن پر آنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔سوشل میڈیا پر جاری پوسٹ پر شیر افضل مروت نے کہا کہ حکومت نے میرے الیکٹرانک میڈیا پر نظر آنے پر پابندی لگادی ہے، ساتھ ہی ہدایت دی ہے کہ میرے کسی بیان کو بھی نشر نہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ میں اپنا پیغام سوشل میڈیا کے ذریعے پھیلائوں گا۔ان نے اس دعوے پر ان کے بہت سے فالوورز نے ان کی حمایت کا اظہار کیا اور کہا کہ آپ کو میڈیا کی ضرورت نہیں ہے۔
حکومت کو نئے آئی ایم ایف پروگرام کیلئے توانائی کی قیمتوں میں اضافہ کرنا پڑا ، بلوم برگ
کراچی(خلیج نیوز)بلوم برگ رپورٹ میں پاکستان میں مہنگائی کے متعلق انکشاف ہوا ہے کہ پاکستان میں مہنگائی اب بھی ایشیائی ملکوں کے مقابلے میں بلند ترین سطح پر ہے،حکومت کونئے آئی ایم ایف پروگرام کیلئے توانائی کی قیمتوں میں اضافہ کرنا پڑا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں مہنگائی کی شرح میں کمی آئی ہے، پاکستان میں بجلی کے بل لوگوں کے گھر وں کے کرایوں کی شرح کو پیچھے چھوڑ دیا ہے، کیونکہ ٹیرف میں اضافہ اور آئی ایم ایف کے قرض کی شرائط کی تعمیل کے لیے دیگر اصلاحات نے ملک گیر احتجاج کو جنم دیا ہے۔بلوم برگ کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ حکومت نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف)سے قرضہ حاصل کرنے کیلئے اپنے امکانات کو تقویت دینے کے لیے صنعتی اور خوردہ نرخوں میں اضافہ کرنا شروع کیا تھا تب(2021) سے بجلی کی قیمتوں میں 155 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔
پاکستان دائمی معاشی بحران سے دوچار ہونے کے باعث توانائی کاشعبہ سردرد بن گیاہے۔ تقریبا 12 فیصد مہنگائی جو ایشیا میں سب سے زیادہ ہے اور بجلی کی کھپت کو چار سالوں میں کم ترین سطح پر دھکیل دیا ہے کیونکہ لوگ اور کمپنیاں بنیادی طور پر گیس سے چلنے والے قومی گرڈ کو سولر پینلز لگانے کے حق میں جا رہے ہیں۔بلوم برگ کی جاری رپورٹ کے اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ جولائی میں رہائشی صارفین کے لیے بجلی کی اوسط فی یونٹ قیمت میں 18 فیصد اضافہ ہوا ہے پاکستان نے آئی ایم ایف سے 7 بلین ڈالر کا نیا قرض حاصل کیا۔ پاکستان کویت انویسٹمنٹ کمپنی کے سربراہ ریسرچ سمیع اللہ طارق نے کہا کہ اس کے بعد سے بہت سے رہائشیوں نے بجلی کے بل دیکھے ہیں جو کہ عام طور پر گھریلو اخراجات کا ایک حصہ ہے جو کہ ماہانہ $100 سے $700 تک کے کرایوں سے زیادہ ہیں۔شہریوں، کاروباری اور حزب اختلاف کی سیاسی جماعتوں کے احتجاج ملک بھر میں پھیل چکے ہیں جس سے وزیر اعظم شہباز شریف نے بجلی کے غریب ترین صارفین کو قیمتوں میں اضافے کے دھچکے سے بچانے کے لیے اگلے تین ماہ کے دوران 5000 کروڑ روپے ($180 ملین)سبسڈی دینے کا اعلان کیا ہے۔
حکومت کا پاسپورٹ رولز میں ترمیم کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد(خلیج نیوز)حکومت نے عوام کی سہولت کیلئے پاسپورٹ رولز میں ترمیم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔وفاقی حکومت کی جانب سے نئے پاسپورٹ اور تجدید کرانے کے حوالے سے اہم فیصلہ کر لیا گیا، ترمیم کے بعد پاسپورٹ کسی بھی شہر سے بنوایا جا سکے گا۔رولز میں ترمیم کے نتیجے میں کسی بھی نیشنل بنک میں پاسپورٹ کی تمام کیٹیگریز کی فیس جمع کرائی جا سکے گی، ترمیم کے بعد شناختی کارڈ کے طرز پر پاسپورٹ بنایا جا سکے گا۔رولز میں ترمیم کی سمری وزارت داخلہ نے کابینہ کو بھجوا دی ، کابینہ کی منظوری کے بعد رولز میں ترمیم کر دی جائے گی۔
حکومت سہولیات دے رہی ہے مگر میں چاہتاہوں کہ ایک مناسب اتھلیٹکس اسٹیڈیم بنایا جائے’ ارشد ندیم
پیرس (خلیج نیوز)پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے کہا ہے کہ حکومت سہولیات دے رہی ہے مگر میں چاہتاہوں کہ ایک مناسب اتھلیٹکس اسٹیڈیم بنایا جائے جہاں کھیلوں کے فروغ کیلئے مسلسل کام ہوتا رہے۔ ایک انٹرویو میں ارشد ندیم نے کہا کہ اگر نیراج چوپڑا جیت جاتا تو بھی مجھے خوشی ہوتی کیونکہ جنوبی ایشیا میں ہم دو کھلاڑی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ حکومت سہولیات دے رہی ہے لیکن میں چاہتا ہوں کہ پاکستان میں ایک مناسب ایتھلیٹکس اسٹیڈیم بنایا جائے۔انھوں نے آج نیوز کے پروگرام ‘دس ‘ میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میں بہت خوشی ہوں کہ میں نے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا ، میں امید کرتا ہوں کہ ہمارے نوجوان مجھے دیکھ کر اس کھیل میں آئیں گے اور آگے بڑھیں گے۔
انھوں نے کہا کہ حکومت سہولیات دے رہی ہے لیکن میں چاہتا ہوں کہ پاکستان میں ایک مناسب ایتھلیٹکس اسٹیڈیم بنایا جائے تاکہ ہمارے تمام ایتھلیٹکس ایونٹس ان اسٹیڈیمز میں صحیح طریقے سے منعقد ہوں اور حکومت کھیلوں پر توجہ مرکوز کرے تاکہ اگر تمام کھلاڑیوں کو اچھی سہولیات دی جائیں۔نیراج چوپڑا کے حوالے سے ارشد ندیم نے کہا کہ نیراج کی والدہ مجھے اپنا بیٹا مانتی ہیں اگر نیراج چوپڑا بھی گولڈ میڈل جیت جاتا تو مجھے خوشی ہوتی جیسا کہ ایتھلیٹک چیمپئن شپ میں اس نے جیتا تھا اور میں نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔ کیونکہ ہم و ہی افراد ہیں جو جنوبی ایشیا کی نمائندگی کر رہے ہیں۔پاکستانی ایتھلیٹ نے کہا کہ میری واپڈا، لیسکو میں نوکری ہے اور میں واپڈا، واپڈا سپورٹس بورڈ کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے مجھ جیسے پاکستانی ہیروز کو نوکریاں دیں۔ لیکن میں محکمے سے اپیل کروں گا کہ کھلاڑیوں کو نوکریاں دیں اور انھیں سپورٹ کریں۔
ریونیو بڑھا کر تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کو ہر ممکن کم کیا جائے گا،حکومت اور جماعتِ اسلامی کے درمیان ہونے والے معاہدے کی کاپی سامنے آگئی
اسلام آباد (خلیج نیوز)حکومت اور جماعتِ اسلامی کے درمیان ہونے والے معاہدے کی کاپی سامنے آگئی۔حکومت اور جماعتِ اسلامی کے درمیان ہوئے معاہدے میں کہا گیا ہے کہ ریونیو بڑھا کر تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کو ہر ممکن کم کیا جائے گا۔معاہدے میں کہا گیا ہے کہ بجلی کے بلوں اور ٹیکسز کو فوری طور پر کم کیا جائے گا، بڑے جاگیرداروں اور لینڈ ہولڈرز پر انکم ٹیکس کا موثر نظام وضع کیا جائے گا۔حکومت اور جماعتِ اسلامی کے معاہدے کے مطابق تاجروں اور ایکسپوٹرز کے مسائل کے حل کے لیے کمیٹی بنائی جائے گی، آئی پی پیز کے معاہدوں پر مکمل نظرِ ثانی کی جائے گی۔معاہدے کے مطابق آئی پی پیز کے معاملے پر ٹاسک فورس قائم ہوگی جو 1 ماہ میں کام مکمل کرے گی، اگست کے بجلی کے بلوں کی ادائیگی کو 15 دن کے لیے موخر کیا جائے گا، کیپسٹی پیمنٹس کی ادائیگی بجلی فی یونٹ کی کمی سے منسلک ہو گی۔حکومت اور جماعتِ اسلامی کے معاہدے میں کہا گیا ہے کہ ٹاسک فورس میں واپڈا کے چیئرمین، آڈیٹر جنرل پاکستان، ایف پی سی سی آئی کے نمائندے شامل ہوں گے۔معاہدے میں حکومت کی ٹاسک فورس کے نکات بھی شامل ہیں۔حکومت اور جماعتِ اسلامی کے معاہدے میں کہا گیا ہے کہ کے الیکٹرک کا فورنزک آڈٹ کروایا جائے گا، سرکاری سطح پر استعمال ہونے والی گاڑیوں کو 1300 سی سی تک محدود کیا جائے گا۔
حکومت سے کامیاب مذاکرات،جماعت اسلامی کراچی کا یوم تشکر منانے کا اعلان
کراچی (خلیج نیوز)امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی منعم ظفر خان کا کہنا ہے کہ حکومت سے کامیاب مذاکرات پر آج پورے کراچی میں یومِ تشکر منائیں گے۔میڈیا سے گفتگو میں امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا کہ شہر بے شمار مسائل سے دو چار ہے ، صوبائی حکومت نے کراچی کے عوام کو مسائل سے دو چار کیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ 66 ارب روپے کے پروجیکٹ بارش کے پانی میں بہہ جاتے ہیں، کراچی کی آبادی کم کر دی گئی اور شہر کو ایک بوند پینے کا صاف پانی نہیں دیا گیا۔امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی منعم ظفر خان کا کہنا ہے کہ آئے روز اسٹریٹ کرائمز اور ڈکیتی کی وارداتیں ہو رہی ہیں، ہم ان ظالم حکمرانوں کا تعاقب کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی سرپرستی میں زمینوں پر قبضے کیے جا رہے ہیں، ہم گلی محلوں کی سطح پر کمیٹیاں بنائیں گے، محلے کے مسائل حل کروائیں گے۔امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی منعم ظفر خان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہم شہر کا مقدمہ گلی گلی، چوکوں اور چوراہوں سمیت ہر سطح پر لڑیں گے۔
حکومت کا پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کیساتھ رویہ الگ الگ ہے’لاہور ہائی کورٹ
لاہور ( خلیج نیوز) لاہور ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ حکومت کا پی ٹی آئی کے ساتھ رویہ مختلف ہے اور جماعت اسلامی کے ساتھ مختلف ہے۔پی ٹی آئی کی لاہور میں جلسے کی اجازت نہ ملنے کے خلاف دائر درخواست پر لاہور ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔جسٹس علی باقر نجفی نے کہا کہ پہلے دن سے پوچھ رہا ہوں کہ یوم آزادی پر سیاسی سرگرمی کے حوالے سے حکومت کی پالیسی کیا ہے؟ آپ کا پی ٹی آئی کے حوالے سے مختلف رویہ ہے، جماعت اسلامی کے حوالے سے مختلف، جماعت اسلامی کا دھرنا چل رہا ہے۔وکیل پنجاب حکومت نے کہا کہ پی ٹی آئی کے علاوہ دو اور سیاسی جماعتوں کے جلسے کی درخواستیں خارج کی گئیں، جماعت اسلامی بغیر اجازت کے یہ سب کچھ کر رہی ہے، اگر ایسا ہے تو آپ نے ان کے خلاف کیا ایکشن لیا؟
وکیل پنجاب حکومت نے کہا کہ مجھے اس کی معلومات نہیں، ہوسکتا ہے کہ راولپنڈی ڈویژن نے کچھ کیا ہوں، جلسے کی درخواست پر سیاسی جماعت کا رویہ بھی دیکھنا ہوتا ہے۔جسٹس باقر نے کہا کہ اگر آپ کو ایسا خطرہ ہے تو سیاسی جماعت بیان حلفی دے سکتی ہے، اگر بیان حلفی کے بعد بھی آپ اجازت نہیں دیتے تو قانون اس صورتحال کو دیکھے گا۔سرکاری وکیل نے کہا کہ اگر یہ جگہ اور وقت کی تبدیلی کی بات کرتے ہیں تو میں کل اس حوالے سے آگاہ کردوں گا، جب سیاسی سرگرمی ہوتی ہیں، تو دہشت گری کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔جسٹس علی باقر نجفی نے کہا کہ آپ کو کس بات کا خطرہ ہے؟ حکومت آپ کی ہے، مضبوط حکومت ہے، مجھے سمجھ نہیں آتی کہ اگر آپ کہیں کہ لاہور شہر میں کوئی 2 یا 5 مرلے کی جگہ نہیں جہاں جلسے ہوسکے؟سرکاری وکیل نے کہا کہ دو مرلے کی جگہ پر تو نہیں ہوسکتا، یہ بات تو آپ بھی تسلیم کریں گے۔عدالت نے سرکاری وکیل کو ہدایت لے کر پیش ہونے کی مہلت دیتے ہوئے سماعت آج ( جمعہ )تک ملتوی کردی۔