Tag Archives: حافظ نعیم الرحمان

تاجروں سے مشاورت کے بعد تاریخی ہڑتال کا اعلان کریں گے، حافظ نعیم الرحمان



راولپنڈی(خلیج نیوز)جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے اعلان کیا ہے کہ جمعرات سے ہم آگے بڑھیں گے اور مری روڈ پر مارچ کریں گے،تاجروں سے مشاورت کے بعد تاریخی ہڑتال کا اعلان کریں گے۔لیاقت باغ راولپنڈی میں جاری جماعت اسلامی کے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہاکہ دھرنے میں موجود افراد کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ، ملک کا نظام چلانے والے عوام کا استحصال کرتے ہیں ، حکومتی کمیٹی نے ہمارے ساتھ مذاکرات کئے، مذاکراتی اور ٹیکنیکل کمیٹی دونوں لا جواب ہو گئے۔امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ حکومتی اور جماعت اسلامی کی کمیٹیوں کی ملاقات ہوگی، اگر کمیٹی کمیٹی کھیلنا ہے تو ہم تیار ہیں۔حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ ہمارے دھرنے سے ملک پھر جڑ گیا ہے، 11اگست کو لاہور میں وزیراعلیٰ ہائوس کے باہر اور 12اگست کو پشاور میں دھرنا ہوگا ، 13اور 14اگست کو اس دھرنے میں شکر ادا کیا جائے گا ۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگوں نے پاکستان کیلئے جانیں دیں لیکن انگریز کے شاگرد ملک پر قابض ہوگئے، ہمارا دھرنا سب کے لئے حقیقی آزادی کا پیغام ہوگا۔انہوں نے کہاکہ تاجروں سے مشاورت کے بعد تاریخی ہڑتال کا اعلان کریں گے، تاجر دوست اسکیم کو واپس لینا پڑے گا۔حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ ہم پورے پاکستان میں سڑکوں پر بیٹھیں گے اور ہوسکتا ہے 14 اگست کے فوراً بعد بل جمع نہ کرانے کا اعلان کریں، کوئی رکاوٹ آئے گی تو اس کو کیسے ہٹانا ہے فیصلہ دھرنے والے کریں گے، حکمران تاخیر کر کے ہمیں تھکانا چاہتے ہیں ہم تھکنے والے نہیں، حکومت حالات کی سنگینی سمجھے۔ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں بنگلادیش کی صورتحال سے سبق سیکھو، پارلیمنٹ اور ڈی چوک ہم سے دور نہیں، 26جولائی کو ہمارے بہت سے نوجوان ڈی چوک پہنچ چکے تھے،ہم نے امن کا راستہ اختیار کیا، شہبازشریف کہتے ہیں دھرنے کی سیاست نہ کریں، پھر کیا کرپشن کی سیاست کریں ؟ ۔