اسلام آباد(خلیج نیوز)ملک بھر میں سیلاب اور بارشوں سے 2ماہ کے دوران 245افراد جاں بحق ہوگئے۔نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ملک میں دو ماہ کے دوران ہونے والی بارشوں کے نقصانات پر رپورٹ جاری کردی۔این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں یکم جولائی سے 27اگست تک سیلاب اور بارشوں سے 245افراد جاں بحق ہوئے، سب سے زیادہ 92لوگ پنجاب میں جاں بحق ہوئے۔رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا میں 74،سندھ میں 47، بلوچستان میں 22، کشمیر میں 6اور گلگت بلتستان میں 4لوگ جاںبحق ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق جاںبحق ہونے والوں میں 121بچے اور 48خواتین بھی شامل ہیں جبکہ 446شہری سیلاب اور بارشوں کے دوران حادثات میں زخمی ہوئے، جن میں سے 158 مرد، 107 خواتین اور 181 بچے شامل ہیں۔این ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں اور سیلاب کے باعث 1002 مکانات مکمل اور 3475 مکانات جزوی طور پر تباہ ہوئے، 8 اسکولوں،35 پلوں اور ریلوے ٹریکس کو بھی نقصان پہنچا جبکہ سیلاب اور بارشوں سے 609 مویشی بھی ہلاک ہوئے۔رپورٹ کے مطابق سبی سے ہرنائی سیکشن کے ٹریک کو نقصان پہنچا جس کی بحالی پر کام جاری ہے اور یہ دس ستمبر تک مکمل ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ کول پر اور ڈوزان کے درمیان ریلوے پل کو بھی شدید بارشوں نے نقصان پہنچایا۔
Tag Archives: جاں بحق
خیرپور میں زہریلا دودھ پینے سے چار بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق
خیرپور(خلیج نیوز)خیرپور میں زہریلا دودھ پینے سے چار بچوں سمیت خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق خیرپور کے علاقے پیر جوگوٹھ کے گاں ہیبت خان بروہی میں زہریلا دودھ پینے سے ایک ہی خاندان کے چار بچوں سمیت 6 افراد کے جاں بحق ہونے کا انتہائی افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے۔واقعے کے بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی اور دودھ کے نمونے سمیت دیگر شواہد جمع کرلیے۔ پولیس نے زہریلے دودھ کی فراہمی سے متعلق تفتیش شروع کردی۔وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے واقعے سے متعلق ایس ایس پی خیرپور سے جامع تفصیلات طلب کرلیں۔ وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ اس افسوس ناک واقعہ کا فی الفور مداوا کرتے ہوئے تفتیش کے جملہ اقدامات کو مثر بنایا جائے، واقعہ کے پس پردہ عوامل اور محرکات کا پتا لگانے کے لییجدید تکنیک سے استفادہ کیا جائے۔
ملک بھر میں حالیہ بارشوں سے 93 بچوں سمیت 182 افراد جاں بحق
اسلام آباد (خلیج نیوز)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے حالیہ بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصان سے متعلق رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق 93 بچوں سمیت 182 افراد جاں بحق ہوئے ۔این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں یکم جولائی سے 14 اگست تک 182 افراد جان کی بازی ہار گئے، جاں بحق ہونے والوں میں 93 بچے، 59 مرد، 30 خواتین شامل ہیں، پنجاب میں سب سے زیادہ 65 اموات رپورٹ ہوئیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا میں 62، سندھ میں 31 اموات ہوئیں، بلوچستان میں 15، کشمیر میں 5، گلگت بلتستان میں 4 افراد جاں بحق ہوئے، بارشوں کے دوران 321 افراد زخمی بھی ہوئے، بارشوں کے باعث 628 گھروں کو مکمل، 1335 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ آٹھ سکول، 30 پل بھی بارشوں کی نظر ہوئے، 321 مویشی بھی سیلاب میں بہہ گئے، گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 5 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی،61 افراد جاں بحق
پشاور(خلیج نیوز)خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، حادثات میں 61 افراد جاں بحق، 102 زخمی ہوگئے۔خیبر پختون خوا میں حالیہ بارشوں پر پی ڈی ایم اے نے اپنی رپورٹ جاری کر دی جس کے مطابق یکم جولائی سے لے کر اب تک صوبے کے مختلف اضلاع میں حالیہ بارشوں میں حادثات کے نتیجے میں 61 افراد جاں بحق، 102 افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ بارشوں سے 704 گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔جاں بحق افراد میں 22 مرد 12 خواتین اور 27 بچے جبکہ زخمیوں میں 36 مرد 26 خواتین اور 40 بچے شامل ہیں۔ بارش کے باعث مجموعی طور پر 704 گھروں کو نقصان پہنچا جس میں 501 گھروں کو جزوی جبکہ 203 گھروں کو مکمل نقصان پہنچا۔تیز بارشوں کے باعث جانی و مالی حادثات صوبہ کے مختلف اضلاع چترال اپر و لوئر، مانسہرہ، اپر کوہستان ملاکنڈ، دیر لوئر، شمالی و جنوبی وزیرستان، ٹانک، کرک اور چارسدہ، مردان ، صوابی، باجوڑ، ہنگو، مہمند، بونیر، شانگلہ میں رونما ہوئے۔تیز بارشوں، سیلابی صورتحال اور نقصانات کے پیش نظر محکمہ ریلیف کی جانب سے چترال اپر میں 30 اگست تک ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے۔
ڈاکووں کی کار پر فائرنگ، 2 افراد جاں بحق، سوا کروڑ روپے لوٹ لیے
کراچی (خلیج نیوز)کراچی کے علاقے اورنگی ٹاون، میٹرویل نمبر 4 میں کار پر فائرنگ ہوئی ہے جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہو گئے۔ایس ایس پی کیماڑی کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ڈکیتی مزاحمت کا ہے، ملزمان نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ دوسرا زخمی شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے کچھ دیر بعد ہی دم توڑ گیا۔انہوں نے بتایا کہ دونوں افراد گاڑی میں موجود تھے جس پر فائرنگ کی گئی۔
ایس ایس پی کیماڑی نے بتایا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دونوں افراد کے پاس رقم موجود تھی۔انہوں نے بتایا ہے کہ دونوں افراد پولٹری کا کام کرتے تھے، جائے وقوع کے قریب واقع ایک کمپنی سے گاڑی میں رقم لے کر نکلے تھے کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان نے تعاقب کے بعد ان کی گاڑی پر فائرنگ کی اور گاڑی کی پچھلی سیٹ پر موجود رقم لے کر فرار ہو گئے۔ایس ایس پی ویسٹ نے بتایا ہے کہ ملزمان کار سے 1 کروڑ 26 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوئے ہیں۔پولیس موقع پر پہنچ گئی ہے جو واقعے کے حوالے سے تفتیش کر رہی ہے جبکہ لاشوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
زیر زمین آلودہ پانی کے استعمال سے 5 بچے جاں بحق
سانگھڑ (خلیج نیوز)ضلع سانگھڑ کی تحصیل سنجھورو میں زیر زمین آلودہ پانی کے استعمال سے 5 بچے جاں بحق ہوگئے۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر (ڈی ایچ او) سانگھڑ نے بتایا کہ 2 روز کے دوران ایک ہی خاندان کے 5 بچے جاں بحق ہوئے، واقعے کے بعد ڈی ایچ او سانگھڑ نے متاثرہ علاقے کا دورہ کیا اور واٹر پمپ کو سیل کردیا۔ڈی ایچ او نے بتایا کہ متاثرہ علاقے میں زیر زمین پانی کا استعمال کرنے سے منع کر دیا گیا، زیر زمین پانی کے نمونے لیبارٹری میں چیک کیے گئے، جس میں سینکھیا کی مقدار زیادہ پائی گئی۔
نائیجیریا میں مسجد پر حملہ ، ایک شخص جاں بحق ، متعدد اغوا
ابوجہ (خلیج نیوز)نائیجیریا میں مسجد پر مسلح افراد کے حملے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ متعدد شہریوں کو اغوا کر لیا گیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مسلح حملہ آوروں نے رات کے وقت صوبہ زمفارا کے دارالحکومت گاساو کی مسجد میں جماعت پر حملہ کر دیا۔صوبہ زمفارا کے پولیس ترجمان محمد شیخو نے حملے میں ایک شخص کی ہلاکت اور متعدد کے اغوا ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔واضح رہے کہ اس افریقی ملک میں درجنوں مسلح گروپ بھاری تاوان وصول کرنے کے لیے گائووں والوں اور مسافروں کو اکثر اپنا نشانہ بناتے رہتے ہیں۔ چند ہفتے قبل بھی نائجیریا کے شمال مغربی علاقے میں بندوق برداروں نے ایک اسکول پر حملہ کرکے کم از کم 287 طلبہ کو اغوا کر لیا تھا۔
گھر میں آگ لگنے سے ذہنی معذور بہن بھائی جاں بحق
لاہور ( خلیج نیوز) لاہور میں برکی کے علاقے میں نجی ہائوسنگ سوسائٹی میں گھر میں آگ لگنے سے بہن بھائی جھلس کر جاں بحق ہوگئے،پولیس نے لاشیں تحویل میں لے کر مردہ خانے منتقل کر دیں ۔پولیس ذرائع کے مطابق گھر میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اٹھی۔ آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے کمرے کو اپنی لیٹ میں لیا۔آگ لگنے سے گھر کے کمرے میں موجود ایک لڑکی وجیہ اور اسکا بھائی طاہر بری طرح جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔
واقع کی اطلاع ملنے پر امدادی ٹیمیں اور پولیس موقع پر پہنچی۔ پولیس نے لاشوں کو تحویل میں لے کر مردہ خانے منتقل کیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں بہن بھائی اوپر کمرے میں سو رہے تھے اور دونوں کا ذہنی توازن بھی ٹھیک نہیں تھا ۔ پولیس نے مختلف پہلوں پر واقعہ کی تفتیش شروع کر دی ہے۔ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے امدادی سرگرمی تیز کرنے کا حکم دیا ۔ ڈی سی نے ہدایت کی ہے کہ متعلقہ ادارے آتشزدگی واقعہ کی ہر پہلو سے چھان بین کریں۔