Tag Archives: الیکشن کمیشن

الیکشن کمیشن احترام کا حقدار ہے، کچھ ججز تضحیک آمیز ریمارکس دیتے ہیں،سپریم کورٹ



اسلام آباد(خلیج نیوز)سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے چیئرمین اور ممبران احترام کے حقدار ہیں مگر بدقسمتی سے کچھ ججز اس پہلو کو نظرانداز کرتے ہوئے تضحیک آمیز ریمارکس دیتے ہیں۔سپریم کورٹ نے پنجاب کے قومی اسمبلی کے3 حلقوں میں دوبارہ گنتی کے کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا جو چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے تحریر کیا۔سپریم کورٹ کے اکثریتی فیصلے میں کہا گیا الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے اور الیکشن کمیشن کے چیئرمین اور ممبران احترام کے حقدار ہیں مگر بدقسمتی سے کچھ ججز اس پہلو کو نظرانداز کرتے ہوئے تضحیک آمیز ریمارکس دیتے ہیں۔ اکثریتی فیصلے میں کہا گیا کہ ہر آئینی ادارہ اور آئینی عہدے دار احترام کا مستحق ہے، ادارے کی ساکھ میں اس وقت اضافہ ہوتاہے جب وہ احترام کے دائرہ میں فرائض سرانجام دے۔ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ یہ تسلیم شدہ حقیقت ہے کہ 3حلقوں میں دوبارہ گنتی کی درخواستیں 9 اور 10فروری کوآگئی تھیں، 5 اگست2023کو الیکشن ایکٹ2017 میں ترمیم کیذریعے ریٹرننگ افسرکو ووٹوں کی دوبارہ گنتی کااختیار دیا گیا۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ جب ہائیکورٹ میں کیس گیا اس وقت یہ ترمیم موجود تھی مگر ہائیکورٹ نے سیکشن 95 کی ذیلی شق 5 کو مدنظر ہی نہیں رکھا، سپریم کورٹ ایک فیصلے میں طے کرچکی کہ الیکشن تنازعات کا فورم الیکشن ٹربیونل ہے، سپریم کورٹ طے کرچکی کہ ہائیکورٹ وہ معاملہ دیکھ سکتی ہے جہاں الیکشن کمیشن کا دائرہ اختیار نہ ہو، ورکرزپارٹی کیس میں سپریم کورٹ نے کہاکہ انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کا اختیار ہے۔

اسلام آباد ، بلدیاتی الیکشن کیلئے پولنگ 29، این اے 171میں 12ستمبرکوہوگی،الیکشن کمیشن



اسلام آباد(خلیج نیوز)الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن اور قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 171کا شیڈول جاری کر دیا۔الیکشن کمیشن کے مطابق اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن کیلئے پولنگ 29ستمبر کو ہوگی۔دوسری جانب الیکشن کمیشن نے حلقہ این اے 171کا انتخابی شیڈول بھی جاری کر دیا۔قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 171میں 12ستمبر کو پولنگ ہوگی،کاغذات نامزدگیاں 15سے 17اگست تک جمع کرائی جا سکیں گی،امیدواروں کی لسٹ 17اگست کو آویزاں کی جائے گی۔کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 21اگست تک مکمل ہوگی،امیدواروں کی حتمی لسٹ 28اگست کو شائع کی جائے گی۔30اگست تک انتخابی نشان الاٹ کیے جائیں گے،رحیم یار خان کی نشست پی ٹی آئی ایم این اے ممتاز مصطفی کی وفات کے بعد خالی ہوئی تھی۔

شاہد خاقان عباسی کا نئی سیاسی جماعت کی رجسٹریشن کیلئے الیکشن کمیشن سے رجوع



اسلام آباد (خلیج نیوز)سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نئی سیاسی جماعت کی رجسٹریشن کے لیے الیکشن کمیشن سے رجوع کرلیا۔مسلم لیگ (ن) سے راہیں جدا کرنے والے شاہد خاقان عباسی الیکشن کمیشن پہنچے اورسیاسی جماعت کی رجسٹریشن کے لیے کوائف الیکشن کمیشن میں جمع کرادئیے۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سیاسی جماعت کی رجسٹریشن کے لیے الیکشن کمیشن کو تمام مطلوبہ دستاویز فراہم کردی ہیں، الیکشن ایکٹ 2017 کے مطابق سیاسی جماعت رجسٹرڈ کروا رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ آئندہ انتخابات میں نئی سیاسی جماعت کے تحت الیکشن میں بھرپور حصہ لیں گے۔

واضح رہے کہ یکم فروری 2023 کو شاہد خاقان عباسی نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر کے عہدے سے مستعفی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ مریم نواز کو ‘اوپن فیلڈ’ ملنی چاہیے۔شاہد خاقان عباسی نے کہا تھا کہ میں نے سینئر نائب صدر کے عہدے سے استعفیٰ جب مریم نواز چیف آرگنائزر بنی تو پارٹی کے صدر شہباز شریف کو دے دیا تھا۔سابق وزیراعظم نے کہا تھا کہ میں پارٹی کا عہدہ دوبارہ قبول نہیں کروں گا، پارٹی نے بے پناہ عزت دی ہے، لاہور سے انتخاب کے لیے میاں صاحب نے خاص طور پر اس کا بندوبست کیا۔انہوں نے کہا تھا کہ مسلم لیگ (ن) میرا گھر ہے، 35 سال سے اس جماعت میں ہوں، اس جماعت نے مجھے ملک کی اولین پوزیشن پر پہنچایا اور اگلا الیکشن مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر لڑوں گا۔