اسلام آباد (خلیج نیوز)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)نے کہا ہے کہ پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کی انعامی رقم پر20 فیصد ٹیکس لگے گا۔حکام ایف بی آر کے مطابق ارشد ندیم واپڈا میں گریڈ 18 کے ملازم ہیں اور انکم ٹیکس فائلرز ہیں، انکم ٹیکس ایکٹ سیکشن 156 کے تحت 20 فیصد ٹیکس لگتا ہے۔حکام نے بتایاکہ کرکٹرز سمیت تمام کھلاڑیوں کی انعامی رقم پر 20 فیصد کٹوتی ہوتی ہے۔حکام کے مطابق ایف بی آر ارشد ندیم کی انعامی رقم پر ٹیکس معاف کرنے کا اختیار نہیں رکھتا، انعامی رقم پر معافی یا رعایت کا اختیار وفاقی کابینہ کو ہے۔حکام ایف بی آر نے بتایا کہ ارشد ندیم کیلئے اب تک اعلان کردہ رقم کا حجم 30 کروڑ روپے ہے اور اس پر 6 کروڑ روپے ٹیکس بنتا ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں مینز جیولین تھرو ایونٹ کے فائنل میں ارشد ندیم نے پاکستان کو 40 سال بعد گولڈ میڈل جتوایا۔ وہ پاکستان کی جانب سے اولمپکس کے انفرادی مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتنے والے پہلے ایتھلیٹ ہیں۔
Tag Archives: ارشد ندیم
حکومت سہولیات دے رہی ہے مگر میں چاہتاہوں کہ ایک مناسب اتھلیٹکس اسٹیڈیم بنایا جائے’ ارشد ندیم
پیرس (خلیج نیوز)پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے کہا ہے کہ حکومت سہولیات دے رہی ہے مگر میں چاہتاہوں کہ ایک مناسب اتھلیٹکس اسٹیڈیم بنایا جائے جہاں کھیلوں کے فروغ کیلئے مسلسل کام ہوتا رہے۔ ایک انٹرویو میں ارشد ندیم نے کہا کہ اگر نیراج چوپڑا جیت جاتا تو بھی مجھے خوشی ہوتی کیونکہ جنوبی ایشیا میں ہم دو کھلاڑی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ حکومت سہولیات دے رہی ہے لیکن میں چاہتا ہوں کہ پاکستان میں ایک مناسب ایتھلیٹکس اسٹیڈیم بنایا جائے۔انھوں نے آج نیوز کے پروگرام ‘دس ‘ میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میں بہت خوشی ہوں کہ میں نے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا ، میں امید کرتا ہوں کہ ہمارے نوجوان مجھے دیکھ کر اس کھیل میں آئیں گے اور آگے بڑھیں گے۔
انھوں نے کہا کہ حکومت سہولیات دے رہی ہے لیکن میں چاہتا ہوں کہ پاکستان میں ایک مناسب ایتھلیٹکس اسٹیڈیم بنایا جائے تاکہ ہمارے تمام ایتھلیٹکس ایونٹس ان اسٹیڈیمز میں صحیح طریقے سے منعقد ہوں اور حکومت کھیلوں پر توجہ مرکوز کرے تاکہ اگر تمام کھلاڑیوں کو اچھی سہولیات دی جائیں۔نیراج چوپڑا کے حوالے سے ارشد ندیم نے کہا کہ نیراج کی والدہ مجھے اپنا بیٹا مانتی ہیں اگر نیراج چوپڑا بھی گولڈ میڈل جیت جاتا تو مجھے خوشی ہوتی جیسا کہ ایتھلیٹک چیمپئن شپ میں اس نے جیتا تھا اور میں نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔ کیونکہ ہم و ہی افراد ہیں جو جنوبی ایشیا کی نمائندگی کر رہے ہیں۔پاکستانی ایتھلیٹ نے کہا کہ میری واپڈا، لیسکو میں نوکری ہے اور میں واپڈا، واپڈا سپورٹس بورڈ کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے مجھ جیسے پاکستانی ہیروز کو نوکریاں دیں۔ لیکن میں محکمے سے اپیل کروں گا کہ کھلاڑیوں کو نوکریاں دیں اور انھیں سپورٹ کریں۔
یووراج سنگھ اور روی شاستری کی بھی ارشد ندیم کی تاریخی کامیابی پر مبارک باد
نئی دہلی(خلیج نیوز)سابق بھارتی کرکٹرز یووراج سنگھ اور روی شاستری نے پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کی تاریخی کامیابی پر مبارک باد پیش کی ہے۔سابق بھارتی کرکٹر یووراج سنگھ نے کہا ہے کہ ارشد ندیم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں جبکہ روی شاستری کا کہنا ہے کہ ارشد ندیم کی اولمپکس فائنل میں دو بار 90 میٹر کی تھرو غیرمعمولی اور شاندار تھی۔واضح رہے کہ گزشتہ شب پیرس اولمپکس میں ریکارڈ ساز پرفارمنس دیتے ہوئے ارشد ندیم نے پاکستان کو 40 سال بعد گولڈ میڈل جتوایا ہے۔یہ انفرادی مقابلوں میں پاکستان کا پہلا گولڈ میڈل ہے۔
اولمپکس میں تاریخ رقم کرنے والے ارشد ندیم نے میڈل کو قوم کیلئے آزادی کا تحفہ قرار دیدیا
پیرس (خلیج نیوز)پیرس اولمپکس میں پاکستان کے لیے تاریخ رقم کرنے والے ایتھلیٹ ارشد ندیم نے میڈل کو قوم کیلئے آزادی کا تحفہ قرار دیدیا۔تفصیلات کے مطابق پیرس اولمپکس کے جیولین تھرو کے مقابلے میں ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیت کر پاکستان کا نام پوری دنیا میں بلند کر دیا۔ارشد ندیم پاکستان کی جانب سے اولمپکس کے انفرادی مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتنے والے پہلے ایتھلیٹ ہیں، ارشد ندیم سے قبل آخری بار پاکستان نے 1992 کے اولمپکس میں ہاکی میں سونے کا تمغہ جیتا تھا۔ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیتنے کے بعد سوشل میڈیا پر جاری بیان میں لکھا کہ سب سے پہلے تو میں اس بڑی کامیابی پر اللہ کا شکر گزار ہوں، اس کے بعد میرے والدین اور پوری قوم کی دعائیں میرے ساتھ رہیں، بالخصوص میرے کوچ سلمان اقبال بٹ کی انتھک محنت اور ڈاکٹر علی شیر باجوہ کی حمایت سے میں یہ سنگ میل عبور کرنے میں کامیاب رہا، سب کا بہت شکریہ۔ارشد ندیم نے کہا کہ یہ گولڈ میڈل میری طرف سے پوری قوم کو یوم آزادی کا تحفہ ہے۔
عمران خان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے ارشد ندیم کو جیت کی مبارکباد
اسلام آباد (خلیج نیوز)پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی و سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے بھی ارشد ندیم کو پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد کا پیغام جاری کیا گیاہے۔عمران خان کے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام اکائونٹ پر ارشد ندیم کی ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے۔اس ویڈیو میں ارشد ندیم کو 92.97 میٹر دور جیولین پھینک کر نیا ریکارڈ بنانے اور گولڈ میڈل اپنے نام کرنے کے بعد گرائونڈ میں سجدہ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا گیا ہے کہ اولمپکس میں پاکستان کا پرچم بلند کرنے والے ارشد ندیم کو جیولین تھرو میں شاندار کارکردگی دکھانے اور پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنے پر مبارک ہو۔کیپشن میں لکھا ہے کہ ارشد ندیم کی استقامت نے ان کا اور قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے، یہ پہلا موقع ہے جب کسی پاکستانی ایتھلیٹ نیاولمپکس میں انفرادی طور پر گولڈ میڈل جیتا ہے۔کیپشن میں لکھا ہے کہ ارشد ندیم ہماری نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ تحریک ہیں۔
تاریخی کامیابی پر مسلح افواج کے سربراہان کی ارشد ندیم کو مبارکباد
راولپنڈی (خلیج نیوز)اولمپکس میں تاریخ ساز کامیابی پر مسلح افواج کے سربراہان نے 40 سال بعد پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کو مبارکباد دی ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیت کر تاریخ رقم کر دی ہے، شاندار کامیابی ارشد ندیم کی غیر متزلزل لگن کا نتیجہ ہے۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ ایونٹ کے فائنل میں پوری قوم کی نظریں ارشد ندیم پر تھیں، ارشد ندیم نے قومی ہیرو کے طور پر اپنی حیثیت کو مزید مستحکم کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ارشد ندیم کی فتح ملک کی بہترین صلاحیتوں کو ظاہر کرتی ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کا ارشد ندیم کے لئے 10کروڑ روپے انعام کا اعلان
لاہور ( خلیج نیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پاکستان کے جیولین تھرو کے لیجنڈ ارشد ندیم کے لئے 10کروڑ روپے انعام کا اعلان کر دیا ۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے اپنے پیغام میں کہا کہ جشن آزادی پر ارشد ندیم نے گولڈ میڈیل جیت کر قوم کو تحفہ دیا، قوم کی طرف سے ارشد ندیم کو انعام دے کر ان کا شکریہ ادا کررہے ہیں۔وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف نے ارشد ندیم کے نام سے منسوب سپورٹس سٹی بنانے کا بھی اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میاں چنوں میں ارشد ندیم سپورٹس سٹی بنے گا ۔ارشد ندیم نے تمام مشکلات کے باوجود 40سال بعد پاکستان کے لئے گولڈ میڈل جیتا، اولمپکس میں نیا ریکارڈ بنانا ارشد ندیم کی محنت، لگن اور قومی جذبے کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی پرچم دنیا میں بلند کرنے والے ہر بیٹے اور بیٹی کو اللہ تعالی ہمیشہ سربلند رکھے۔
قومی اسمبلی میں ارشد ندیم کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے قراداد منظور
اسلام آباد (خلیج نیوز)قومی اسمبلی میں ارشد ندیم کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے قراداد منظور کرلی گئی۔جمعہ کو وفاقی وزیر قانون اعظم نزیر تارڑ نے قرارداد پیش کی۔قراداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان ارشد ندیم کو مبارک باد پیش کرتا ہے، ارشد ندیم نے ثابت کیا کہ وسائل کی کمی اور راہ کی دشواریاں راستہ نہیں روک سکتی۔اس میں بتایا گیا ہے کہ یہ ایوان ارشد ندیم کی سابقہ کامیابی کو بھی احترام سے دیکھتی ہے، یہ ایوان سفارش کرتی ہے کہ صدر مملکت آصف زرداری ارشد ندیم کو سول ایوارڈ سے نوازیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پیرس اولمپکس میں جیولین تھرو کے مقابلوں میں پاکستان کے ارشد ندیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے اولمپک کی تاریخ کی سب سے بڑی 92.97 میٹر کی تھرو کرتے ہوئے پاکستان کو 40سال بعد اولمپک میں گولڈ میڈل جتوایا۔پاکستان کے ارشد ندیم پہلی تھرو صحیح نہ کر سکے اور ان کی پہلی تھرو کو فاؤل قرار دے دیا گیا تھا، تیسرے راؤنڈ میں پاکستان کے ارشد ندیم نے 88.72 میٹرز کی تھرو کی جبکہ جمہوریہ چیک کے جیکب ویڈلیج نے 88.50 میٹر دور نیزہ پھینکا۔ارشد ندیم نے چوتھی تھرو میں نیزہ 79.40 میٹرز دور پھینکا، انہوں نے پانچویں تھرو کیا تو نیزہ 84.87 میٹر دور جا گرا۔چھٹے اور آخری راؤنڈ میں پاکستان کے ارشد ندیم نے مقابلے میں دوسری بہترین تھرو کرتے ہوئے نیزہ 91.79 میٹرز دور پھینک کر اولمپک کی دوسری بہترین تھرو کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔
اپنے بیٹے کی کامیابی کے لیے بہت دعائیں کی، والدہ ارشد ندیم
میاں چنوں(خلیج نیوز)پیرس اولمپکس کے جیولین تھرو ایونٹ میں پاکستان کو گولڈ میڈل جتوانے والے ارشد ندیم کی والدہ کا کہنا ہے کہ میں نے اپنے بیٹے کی کامیابی کے لیے بہت دعائیں کی، خوشی ہے کہ بیٹے نے ملک کا نام روشن کیا۔ارشد ندیم کی کامیابی پر ان کے گھر کے باہر جشن منایا گیا، ارشد ندیم کی والدہ کا کہنا تھا کہ پوری قوم نے بھی میرے بیٹے کی کامیابی کے لیے دعا کی۔ان کا کہنا تھا کہ بیٹے کے استقبال کے لیے پھول لے کر جاؤں گی۔اس موقع پر ارشد ندیم کی بہن کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے میرے بھائی کی میڈل جیتنے کی دلی خواہش پوری کردی۔ارشد ندیم کے بھائی نے کہا کہ کم وسائل کے باوجود ارشد ندیم نے ریکارڈ تھرو کی، حکومت سے بھی اپیل ہے کہ ارشد ندیم سے کیا وعدہ پورا کرے۔ارشد ندیم کے بھائی نے کہا کہ حکومت گاؤں میں گراؤنڈ بنانے کا اپنا وعدہ پورا کرے، انہوں نے بھارتی جیولن تھرور نیرج چوپڑا کو بھی مبارکباد پیش کی۔اس موقع پر اہل محلہ کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم نے میاں چنوں کا نام پوری دنیا میں روشن کردیا ہے۔