شوہر کی کامیابی کے لیے قرآن پڑھتی رہی، گولڈ میڈل کا سن کر رو پڑی، اہلیہ ارشد ندیم



اسلام آباد (خلیج نیوز)اولمپیئن ارشد ندیم کی اہلیہ نے بتایا ہے کہ شوہر کے اولمپکس جانے کے بعد ہی انہون نے خدا سے دعائیں مانگنا شروع کردی تھیں اور فائنل کے دن بھی وہ قرآن پڑھ کر شوہر کی کامیابی کی دعائیں کرتی رہیں۔ارشد ندیم اور ان کی اہلیہ نے وسیم بادامی کو انٹرویو دیاجس میں دونوں نے اپنی ازدواجی زندگی سمیت ایک دوسرے سے تعلق اور ارشد ندیم کے کیریئر پر بھی بات کی۔دوران پروگرام ایک سوال کے جواب میں اہلیہ ارشد ندیم نے بتایا کہ دونوں نے پسند کی شادی کی اور اس دوران وہ شرما گئیں۔

ارشد ندیم نے بتایا کہ ان کی شادی 2016 میں ہوئی، انہوں نے اپنی بھابھی کی بہن سے شادی کی اور سسر نے گولڈ میڈل جیتنے کے بعد انہیں بھینس کا تحفہ دیا ہے جب کہ ان کی خواہش تھی کہ سسر انہیں پانچ مرلہ زمین دیتے۔انہوں نے بتایا کہ عام طور پر وہ غصہ نہیں کرتے لیکن جب بھی انہیں غصہ آجائے تو اہلیہ ہی انہیں مناتی ہیں۔ایک سوال کے جواب میں ارشد ندیم نے بتایا کہ جیسے ہی وہ اولمپکس کے لیے روانہ ہوئے تو والدہ نے ان کے لیے دعائیں کرنا شروع کردیں اور انہوں نے اہلیہ سے بھی دعائوں کا کہا۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے اولمپکس جانے کے بعد ان کی اہلیہ نے نیند کرنا چھوڑ دی، ہر وقت وہ ان کی کامیابی کی دعائیں مانگتی رہتی تھیں، یہاں تک کہ وہ نیند بھی نہیں کرتی تھیں۔اہلیہ ارشد ندیم نے بتایا کہ انہوں نے شوہر کے اولمپکس جانے سے قبل ہی انہیں بتایا تھا کہ اس بار وہ گولڈ میڈل جیتیں گے، وہ ان کی کامیابی کی دعائیں کریں گی اور انہوں نے راتوں کو جاگ جاگ کر ان کی کامیابی کی دعائیں کیں۔اہلیہ نے کہا کہ انہوں نے کھانا پینا اور اولمپکس کھیل دیکھنا بند کردیے تھے، وہ ہر وقت خدا سے ارشد کی کامیابی کی دعائیں مانگتی رہتی تھیں،یہاں تک کہ فائنل کے وقت بھی وہ قرآن پاک پڑھ کر شوہر کی کامیابی کی دعائیں مانگتی رہیں۔انہوں نے بتایا کہ فائنل ختم ہونے کے بعد ارشد ندیم کے چھوٹے بھائی فون کرتے رہے لیکن انہوں نے کافی دیر تک فون نہیں اٹھایا لیکن جب کال اٹینڈ کی تو مبارک باد کا لفظ سنتے ہی رو پڑیں۔


مزید خبریں

تمام اشاعت کے جملہ حقوق بحق ادارہ محفوظ ہیں۔
Copyright © 2024 Khaleej Islamabad. All Rights Reserved | Privacy Policy | DMCA