گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کا طلبا کیلئے 100 مفت لیپ ٹاپس کا اعلان



کراچی(خلیج نیوز)پیرس اولمپکس میں پاکستان کیلئے 40 سال بعد گولڈ میڈل جیتنے والے اولمپئین ارشد ندیم نے 100 لیپ ٹاپس طلباء کو دینے کا اعلان کردیا۔گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے کراچی میں گورنر سندھ کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے 100 طلبہ وطالبات کے لیے لیپ ٹاپ کے تحائف دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ مستقبل میں وہ کراچی میں اکیڈمی بنانے کا منصوبہ رکھتے ہیں جس پر وقت آنے پر کام کریں گے۔ ارشد ندیم نے کہا کہ وہ 2028 اور 2032 کے اولمپکس میں بھی پاکستان کی نمائندگی کرنا اور گولڈ میڈل جیتنے کے خواہشمند ہیں۔

انہوں نے کہاکہ انہیں صرف کراچی ہی نہیں بلکہ جب سے وہ گولڈ میڈل جیت کر وطن واپس پہنچے ہیں ملک کے چپے چپے سے عوام کا پیار مل رہا ہے جو میرے لیے قابل فخر ہے۔گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے کہا کہ محنت سے پوری قوم کی دعائوں کی وجہ سے کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب ہوا، ایڈیشنل آئی جی پولیس، وزیراعلی سندھ، میئر کراچی سمیت کراچی کے عوام کا شکر گزار ہوں جنہوں نے اتنی عزت دی اور حوصلہ افزائی کی۔ارشد ندیم نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے بھی میرے گائوں آکر مجھے عزت بخشی، اسی طرح کراچی اور سندھ کے عوام نے بھی بڑا پیار دیا جن کا بے حد مشکور ہوں۔اس موقع پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ قومی ہیرو کی ایک جھلک دیکھنے لوگ گورنر ہائوس میں جمع ہوئے پیار محبت عزت سے نوازا، 5 کروڑ سندھ حکومت بھی دے رہی ہے جبکہ گورنر ہائوس سے 10 کروڑ تک رقم جمع ہوئی۔ اولمپئین کی لائیو کوریج پر میڈیا کے کردار کو بھی سراہتے ہیں۔


مزید خبریں

تمام اشاعت کے جملہ حقوق بحق ادارہ محفوظ ہیں۔
Copyright © 2024 Khaleej Islamabad. All Rights Reserved | Privacy Policy | DMCA