عمران خان کے سیکیورٹی انچارج کی بازیابی کیس میں ایس پی اور ایس ایچ او عدالت طلب



اسلام آباد (خلیج نیوز)اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے سابق سیکیورٹی انچارج عمر سلطان کی بازیابی کیس میں اسلام آباد پولیس کے متعلقہ ایس پی اور ایس ایچ او تھانہ شالیمار کو (آج) جمعہ کو طلب کر لیا۔چیف جسٹس عامر فاروق نے لاپتا عمر سلطان کے والد سلطان جاوید کی درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزار کے وکیل راجا قدیر جنجوعہ عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اپنایا کہ عمر سلطان کو اسلام آباد پولیس نے 26 اگست کو بغیر وارنٹ سیکٹر ایف 10 سے گرفتار کیا گیا۔انہوںنے کہاکہ تھانے میں عمر سلطان کی بازیابی کے لیے درخواست دی مگر کوئی ایکشن نہ لیا گیا۔درخواست گزار نے استدعا کی کہ عمر سلطان کو عدالت کے روبرو پیش کرنے کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے خلاف درج مقدمات اور نظر بندی احکامات کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم بھی دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ عمر سلطان کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیا جائے اور حبس بے جا میں رکھنے کے خلاف غیرجانبدار انکوائری کا حکم دے کر ملوث افسران کے خلاف کارروائی کا حکم دیا جائے۔عدالت نے ایس پی اور ایس ایچ او کو طلب کرتے ہوئے سماعت (آج) جمعہ تک ملتوی کردی۔


مزید خبریں

تمام اشاعت کے جملہ حقوق بحق ادارہ محفوظ ہیں۔
Copyright © 2024 Khaleej Islamabad. All Rights Reserved | Privacy Policy | DMCA