اسٹیبلشمنٹ نے نہیں کہا، پی ٹی آئی نے ناکامی کے ڈر سے جلسہ منسوخ کیا، خواجہ آصف



سیالکوٹ(خلیج نیوز)وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ نے پی ٹی آئی کو جلسہ منسوخ کرنے کا نہیں کہا بلکہ انہوں نے ناکامی کے ڈر سے جلسہ منسوخ کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ جلسے کی منسوخی کے بعد عمران خان، بشریٰ بی بی، رؤف حسن، علیمہ بی بی کی گفتگو سب کے سامنے ہے، پی ٹی آئی میں اختلافات واضح ہو رہے ہیں، جلسہ کامیاب ہونا ہوتا تو کبھی منسوخ نہ کرتے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کہہ رہے ہیں کہ 9 مئی ہم نے نہیں کیا، مجھے بتائیں کیا چہرے کرائے کے تھے؟ ان کے تو ویڈیو میں چہرے تھے، 9 مئی واقعات ہزاروں نہیں کروڑوں لوگوں نے دیکھے، 9 مئی واقعات میں ملوث عناصر کی شکلیں ویڈیوز میں واضح دیکھی جاسکتی ہیں۔

عمران خان کی اڈیالہ جیل میں اعظم سواتی سے ملاقات کے حوالے سے خواجہ آصف نے کہاکہ جیلوں میں گفتگو راز میں نہیں رہتی، آپ کی ہر نقل و حرکت ریکارڈ ہوتی ہے، میں جیل کے جس سیل میں تھا وہاں 16 کیمرے لگے تھے۔ خواجہ آصف نے کہاکہ علی امین گنڈا پور بزدار 2 ہیں بلکہ علی امین ان سے بھی بڑھ کر ہیں، بزدار بولتا نہیں تھا یہ بڑھکیں مارتے ہیں، علی امین اپنی کابینہ کے لوگوں کے متعلق کیاکہہ رہے ہیں اورکابینہ والیان کو چور کہہ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی ایجنڈے پر کام ہو رہا ہے، اس کا بھرپور مقابلہ کریں گے، پاکستان کی وحدت کا بھرپور دفاع کیا جائے گا۔وزیر دفاع نے کہا کہ امریکا میں ڈیمورکریٹس آئیں یا ری پبلکنز کوئی فرق نہیں پڑتا، ہماری قسمت امریکا نے نہیں بلکہ ہم نے خود بدلنی ہے۔


مزید خبریں

تمام اشاعت کے جملہ حقوق بحق ادارہ محفوظ ہیں۔
Copyright © 2024 Khaleej Islamabad. All Rights Reserved | Privacy Policy | DMCA