پشاور(خلیج نیوز)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹرسیف نے کہاہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے ترقیاتی سکیموں کا جال بچھا دیا ہے، عوامی وزیر اعلیٰ نے صوبے میں تعلیم کارڈ کا اجراء کردیا ہے، ایک لاکھ مستحق خاندانوں کو مفت سولر سسٹم فراہم کررہے ہیں۔ پیر کو جاری بیان میں مشیر اطلاعات کا کہناتھا کہ خیبر پختونخوا میں صحت کارڈ پر مفت علاج اور ادویات دی جارہی ہیں جبکہ دوسری جانب پنجاب اور وفاق میں مینڈیٹ چوروں کا ٹولہ صرف ٹک ٹاک اور گانا بنانے میں مصروف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مینڈیٹ چور سرکار، پٹوارویوں،جیلوں کے سپریٹنڈنٹ اور تھانہ داروں کے تبادلے کرر رہی ہے جبکہ لاہور کے ہسپتالوں میں مریض رل رہے ہیں، لوگ مہنگائی کی وجہ سے خودکشیاں کر رہے ہیں۔ مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا تھا کہ مینڈیٹ چور ٹولہ عوام کو بھول کر جیولن تھرو کے کوچ بننے کی تیاریاں کر رہے ہیں۔