پشاور(خلیج نیوز)خیبر پختون خوا حکومت نے وزراء کے انٹرویوز لینے کا فیصلہ کر لیا۔صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ محکمہ اطلاعات کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر وزراء کے انٹرویو لیے جائیں گے جن میں وزراء سے ان کی کارکردگی کے بارے پوچھا جائے گا۔صوبائی حکومت کے مطابق انٹرویوز سے متعلق مہم کو ‘آسک منسٹر’ کا نام دیا گیا ہے۔خیبر پختون خوا حکومت کا کہنا ہے کہ اس موقع پر شہری براہِ راست اپنی شکایت وزرائ تک پہنچا سکیں گے اور وزراء شہریوں کی شکایات کا ازالہ کریں گے۔یاد رہے کہ رواں ماہ خیبر پختون خوا حکومت میں مبینہ کرپشن، بد عنوانی اور گورننس سے متعلق شکایات کی چھان بین کے لیے بانی تحریکِ انصاف نے 3 رکنی کمیٹی قائم کی تھی جو صوبائی وزرائ اور محکموں کے انتظامی سیکریٹریوں کے حوالے سے انکوائری کرے گی۔