لاہور (خلیج نیوز) جماعت اسلامی نے بجلی بلوں میں اضافے کے خلاف آج ( اتوار ) 11اگست کو لاہور میں وزیراعلیٰ ہائوس کے سامنے دھرنے کا اعلان کر دیا۔جماعت اسلامی لاہور کے امیر ضیا الدین انصاری ایڈووکیٹ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی کال پر لاہور میں بجلی کے بلوں میں اضافہ کے خلاف آج بروز اتوار وزیر اعلیٰ ہائوس کے باہر احتجاج ہو گا، احتجاجی دھرنا ایک بڑے جلسہ عام میں تبدیل ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ پرامن احتجاجی جلسے میں رکاوٹ بننے کی بجائے معاونت فراہم کرے، پرامن احتجاج ہمارا آئینی حق ہے، پنجاب حکومت اور آئی جی پرامن مظاہرین کیلئے سکیورٹی اور شہریوں کیلئے ٹریفک پلان کو تربیت دیں۔
ضیا الدین انصاری نے کہا کہ احتجاج کے حوالے سے انتظامیہ کو تحریری طور پر بھجوا چکے ہیں، احتجاج ہر صورت میں ہوکر رہے گا، عوام کو ریلیف ملنے تک حکمرانوں کا محاسبہ جاری رکھیں گے، امیر جماعت نے دھرنا موخر کیا ہے ختم نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کو مطالبات پر عمل درآمد کے لئے مہلت دی ہے، کسی قسم کی کوئی ڈیل یا مک مکا نہیں ہوا، اچھی طرح جانتے ہیں کہ اقتدار سے قبل بھی انہی حکمرانوں نے عوام کو مفت 300بجلی یونٹ دینے کا وعدہ کیا تھا۔رہنما جماعت اسلامی کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ ادوار کی طرح عوام کیساتھ کسی قسم کا مذاق یا دھوکہ نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی نجات عوام کے ریلیف سے ہی مشروط ہے ، ہماری جدوجہد مزید تیز ہوگی ، موجود حالات میں بجلی کے بلوں نے ہر گھر میں معاشی تباہی مچارکھی ہے ۔
بجلی کے بھاری بلوں کی وجہ سے بھائی بھائی کا گلہ کاٹ رہا ہے ، لوگ خودکشاں کررہے ہیں ، عوام کے حقوق کی جنگ لڑرہے ہیں کسی ذاتی مفاد یا فرد کیلئے نہیں، حکمرانوں کا مطالبات تسلیم کرنا خوش آئند لیکن اصل چیز عملی اقدامات ہیں جس کا پوری قوم کو انتظار ہے ۔امیر جماعت اسلامی لاہور نے کہا کہ جماعت اسلامی نے عوامی دھرنا خالص 24کروڑ عوام کے حقوق کے حصول کے لئے دیا تھا ،سیاسی پارٹیاں اور دیگر جماعتیں مفادات کی سیاست میں مصروف ، عوام کی کسی کو کوئی پروا نہیں ۔صرف جماعت اسلامی نے ہی عوام کے دلوں کی ترجمانی کرتے ہوئے عوامی دھرنا دیا اور عوام کی آواز بنی۔ ضیا الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ لاہور میں 14اگست کے بعدہر سطح پر ممبر شپ مہم شروع کریں گے اور عوام رابطہ مہم کومزید موثر بنایا جائے گا۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور خالد احمد بٹ ، سیکرٹری سیاسی کمیٹی عامر نثار خان ، صدر جے آئی یوتھ لاہور جبران بٹ ،نائب امیر جماعت اسلامی جنوبی احمد سلمان بلوچ ،عامر نور خان سمیت دیگر بھی موجود تھے۔