پردسیوں سے اوورچارجنگ کرنے پر 219گاڑیوں کو بھاری جرمانے عائد



لاہور ( خلیج نیوز) پردسیوں سے اوورچارجنگ کرنے پر 219گاڑیوں کو بھاری جرمانے عائد کر دیئے گئے جبکہ بسوں میں مقررہ تعداد سے زائد سواریاں بٹھانے پر 146گاڑیوں کے خلاف بھی کارروائی کی گئی ۔ چیف ٹریفک آفیسر لاہور عمارہ اطہر نے خود بھی بند روڈ بس اڈے کا دورہ کیا ۔ انہوں نے سرکل افسران کو ٹرانسپورٹرز سے میٹنگ اور انہیں تنبیہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کو مقررہ کرایہ لینے کا پابند کیا جائے، ڈرائیورز اور مالکان گاڑی پر مجوزہ کرایہ نامہ بھی نصب کریں۔

انہوں نے کہا کہ اوورچارجنگ اور اوورلوڈنگ کرنے والی گاڑیوں کو تھانوں میں بند کردیا جائے گا، ٹرانسپورٹرز کو لالچ کی خاطر اوورلوڈنگ کرتے ہوئے انسانی جانوں سے ہرگز کھیلنے نہیں دیا جائے گا، لاری اڈا، بابوصابو، نیازی چوک، ٹھوکر نیاز بیگ پر ٹیمیں تعینات کردی گئیں، شاہدرہ چوک، بیگم کوٹ چوک سمیت 10 مقامات پر اوورچارجنگ اور اوور لوڈنگ کیخلاف ٹیمیں تعینات ہیں ۔ سی ٹی او نے کہا کہ شہری شکایت کیلئے پولیس ہیلپ لائن 15 پر فوری رابطہ کر سکتے ہیں، پردیسیوں کی محنت کی کمائی پر کسی صورت شب خون مارنے کی اجازت نہیں ہوگی۔


مزید خبریں

تمام اشاعت کے جملہ حقوق بحق ادارہ محفوظ ہیں۔
Copyright © 2024 Khaleej Islamabad. All Rights Reserved | Privacy Policy | DMCA