واشنگٹن(خلیج نیوز)امریکی ریاست اوکلاہوما میں تقریباً 50برسوں تک بغیر کسی جرم کے قید کاٹنے والے سیاہ فام کو 7.15ملین ڈالرز کے تصفیے کی منظوری دیدی گئی۔غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بیگناہ سیاہ فام گلین سیمنز نے رہائی کے بعد اپنے خلاف غلط چارج شیٹ جمع کرانے اور جھوٹے قتل کیس میں سزا دلوانے پر پولیس اہلکاروں پر ہرجانے کیلئے وفاقی عدالت میں مقدمہ دائر کیا تھا۔وفاقی عدالت میں دائر اس کیس کا فیصلہ آئندہ برس مارچ میں سنائے جانے کا امکان ہے تاہم اس سے قبل ہی اوکلاہوما میں سٹی کونسل نے سیاہ فام گلین سیمنز کو 7.15ملین ڈالر بطور تصفیہ ادا کرنے کی منظوری دیدی۔بیگناہ قید کاٹنے والے گلین سیمنز کے فیڈرل کیس کے لیڈ اٹارنی الزبتھ وانگ نے میڈیا کو بتایاکہ اگرچہ میرے کلائنٹ کے 50سال واپس نہیں آسکتے لیکن اس تصفیے سے انھیں انصاف ملے گا اور بقیہ زندگی بہتر گزر سکتی ہے۔گلین سمننر کے وکیل نے کہا کہ ہم مقدمے کی اگلی سماعتوں میں بے گناہ شخص کو 50سال تک قید میں رکھنے والوں کے کڑے احتساب کے منتظر ہیں۔