واشنگٹن(خلیج نیوز)صحافیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ امریکی صدر جو بائیڈن کے سرکاری طیارے سے یادگاری سامان چوری کرنا بند کردیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فروری میں بائیڈن کے دورہ امریکہ کے بعد ایئر فورس ون کی انوینٹری چیکنگ کے دوران پتہ چلا کہ اس کے پریس سیکشن سے کئی چیزیں غائب ہیں۔مبینہ طور پر جیٹ طیارے سے غائب ہونے والی اشیا میں برانڈڈ تکیے، شیشے اور سونے سے بنی پلیٹیں شامل ہیں۔
وائٹ ہائوس کے نامہ نگاروں کی ایسوسی ایشن نے صحافیوں کو متنبہ کیا کہ طیارے سے سامان لے جانے کی ممانعت ہے۔گزشتہ ماہ ایسوسی ایشن نے نامہ نگاروں کو ایک ای میل بھیجی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ صدر کے ساتھ سفر کرنے والے صحافیوں کے گروپ پریس پول پر اس طرح کے رویے کی خراب عکاسی ہوتی ہے اور اسے روکنا چاہیے۔بعض اوقات صحافیوں کو ایم اینڈ ایم چاکلیٹ کے چھوٹے چھوٹے پیکج دیے جاتے ہیں جنہیں صدارتی مہر سے سجایا جاتا ہے۔لیکن رپورٹس میں دعوی کیا گیا ہے کہ ایئر فورس ون کے لوگو والی اشیا بشمول کٹلری اور تولیہ لینا برسوں سے عام بات ہے۔